مغل شاہراہ 5روز کے بعد دوبارہ کھل گئی
سمت بھارگو
راجوری // برف باری اور پھسلن کی وجہ سے پانچ دنوں تک بند رہنے کے بعد پونچھ کو شوپیاں سے جوڑنے والی مغل شاہراہ گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے دوبارہ سے بحال کر دی گئی ہے ۔شاہراہ کو بحال کرنے کے بعد ہر قسم کی گاڑیوں کی آمدورفت کی اجازت دی گئی ہے۔راجوری پونچھ رینج کے ڈپٹی ایس پی ٹریفک آفتاب شاہ نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ مغل روڈ کو گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے کھول دیا گیا ہے اور اب ہر قسم کی گاڑیوں کو جانے کی اجازت ہے۔آفیسر موصوف نے کہاکہ ’’شاہراہ اتوار کی صبح برف باری کی وجہ سے بند ہو گئی تھی جسے اگرچہ منگل کو صاف کر دیا گیا لیکن شدید پھسلن کی وجہ سے سڑک نہیں کھولی جا سکی۔انہوں نے مزید کہا کہ سڑک کا معائنہ کیا گیا اور پھسلن کسی حد تک کم ہونے کے بعد گاڑیوں کی آمدورفت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
منڈی میں شہید میجر روہت میموریل سوسائٹی کی ریلی
حادثے میں لقمہ اجل بنے فوجی آفیسران کو خراج عقیدت پیش کیا گیا
عشرت حسین بٹ
منڈی//تحصیل منڈی میں شہید میجر روہیت شرما سوسائٹی نامی ایک نجی تنظیم کی جانب سے سی ڈی ایس جنرل ویپن راوت کی یاد میں ریلی نکال کر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ ریلی تحصیل کمپلیکس منڈی سے روانہ ہو کر بوائز ہائر سکنڈری سکول میں اختتام پزیر ہوئی ۔اس موقعہ پر ایک تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا جس دوران سی ڈی ایس جنرل بپن راوت کی موت پر منڈی کے سیول سوسائٹی کے لوگوں سمیت عام لوگوں نے انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔اس موقعہ پر شہید میجر روہیت میموریل سوسائٹی کے چیئر مین علی محمد میر نے کہا کہ سی ڈی ایس بپن روات کی اچانک موت پورے ملک کیلئے ایک بہت بڑا صدمہ اور نقصان ہے جس کا پرْ ہونا بہت مشکل ہے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنرل راوت کا شمار ملک کے بہت بڑے آرمی کمانڈرس میں ہوتا ہے جنہوں نے پورے ملک کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کیلئے اپنا اہم کردار نبھایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کا بچہ بچہ ان کی اس شہادت کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔
راجوری میں انسداد بدعنوانی کا عالمی دن منایا گیا
راجوری //راجوری ضلع میں انسداد بدعنوانی کا عالمی دن منانے کیلئے ایک تقریب کا اہتمام کیاگیا جس میں مقامی لوگوں بالخصوص نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ضلع کے سمو ٹ علاقہ میں فوج کی جانب سے منائے گئے دن کا اصل مقصد عام لوگوں کو رشوت خوری اور اس غیر قانونی عمل کیساتھ نمٹنے کیلئے بنائے ئے قوانین کے سلسلہ میں بیدار کرنا تھا ۔اس دوران ماہرین نے عام شہریوں کو سرکاری ملازمین ،سیول سوسائٹی کے اراکین اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کی ذمہ داریوں کے سلسلہ میں تفصیلی جانکاری فراہم کی ۔انہوں نے کہاکہ ملک و قوم کی تعمیر وترقی کیلئے سماج کے ہر ایک طبقہ کو اپنا رول ادا کرنا چاہئے ۔فوجی آفیسران نے کہاکہ فوج سماجی برائیوں کو دور کرنے کیساتھ ساتھ معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے ایک اہم رول ادا کررہی ہے ۔
ایجوکیشن زون منڈی میں محکمہ تعلیم کی اندراج مہم جاری
حسین محتشم
پونچھ//ایجوکیشن زون منڈی میں بڑے پیمانے پراندراج مہم شروع کی گئی ہے ۔اس مہم میں طلباء ، اساتذہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد شرکت کر کے لوگوں کو اپنے بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کروانے کی ترغیب دے رہے ہیں۔ اس حوالے سے منڈی کے مختلف علاقوں میں ریلیاں نکال کر لوگوں کو بیدار کرنے کی کوشش کی گئی۔ جہاںزونل نوڈل آفیسر انور خان نے محکمہ تعلیم کے مختلف فلیگ شپ پروگراموں کے بارے میں لوگوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری سکولوں کی طرف سے بچوں کو مختلف سہولیات جیسے مفت کتابیں، مفت یونیفارم، مڈ ڈے میل اور اسکالرشپ فراہم کی جا رہی ہے جس سے وہ مستفید ہو سکتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ یہ اندراج آگاہی پروگرام نہ صرف اسکول چھوڑنے والے بچوں کو راغب کرنے کے لیے چلایا جاتا ہے بلکہ وہ طلباء جو سرکاری سکولوں پر پرائیویٹ سکولوں کو ترجیح دیتے ہیں انہیں بھی سرکاری اسکولوں کی طرف راغب کرنے کے لئے ہے۔ گورنمنٹ مڈل سکول دتی گالہ سے ایک ریلی نکالی گئی جو سرحدی گاؤں کھیت پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ اس دوران بھی نوڈل آفیسر انور خان، پرنسپل ہائر سیکنڈری اسکول، سکولی طلبہ وطالبات اور ساوجیاں کے معزز شہریوں نے عام لوگوں کو تعلیم کے فوائد اور سرکاری اسکولوں میں فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا۔اس انداج مہم میں علاقے کے 15 سے زائد سکولوں کے اساتذہ اور طلباء نے شرکت کی۔
ڈی سی پونچھ کی قیادت میں آفیسران کا اجلاس منعقد
حسین محتشم
پونچھ// وی وی آئی پیز کے پونچھ کے طے شدہ دوروں کے تناظر میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے اپنے آفس چیمبر میں این آر ایل ایم (نیشنل رورل لائیولی ہڈ مشن) کے محکمے کی ایک میٹنگ کی صدارت کی تاکہ اس دورے کے ہموار انعقاد کیلئے کی جا رہی تیاریوں اور انتظامات کو حتمی شکل دی جا سکے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اپنے ابتدائی کلمات میں اجلاس کو وی وی آئی پیز کے پروگرام کے بارے میں بتایا اور ضروری انتظامات سے آگاہ کیا۔انھوں نے اس بات کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری انتظامات جن میں محکمانہ سٹالز کی تنصیب، زیادہ سے زیادہ سیلف ہیلپ گروپ بنانے، رجسٹریشن کو حتمی شکل کی ہدایت کی تاکہ وی وی آئی پی کا دورہ آسانی سے ہوسکے اور ان کے دورے کا مقصد پورا ہو سکے۔میٹنگ میں ضلع پروگرام منیجر محمد اویس کرنی نے بتایا کہ سیلف ہیلپ گروپ رجسٹریشن اسکیم تین پنچایتوں منڈی، سرنکوٹ اور بفلیاز پر چل رہی ہے اور ضلع پونچھ، مینڈھر میں مزید تین پنچایتوں اور بالاکوٹ میں بھی میں کام شروع کیا جا رہاہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسر سے کہا کہ وہ گھر گھر جا کر لوگوں کو سیلف ہیلپ گروپ سکیموں کے بارے میں آگاہ کریں اور زیادہ سے زیادہ رجسٹریشن کروائیں،انہوں نے یہ بھی کہا کہ Digipays کی رجسٹریشن کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ AEPS ڈیوائس ہاتھ میں آ سکے۔
تھنہ منڈی کالج میں ’صفائی ‘پر آگاہی مہم
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی کے این ایس ایس یونٹ نے آزادی کا امرت مہااتسو کے زیر اہتمام ایک ہفتہ طویل صفائی بیداری مہم کا انعقاد کیا جس کا اصل مقصد کلین انڈیا پروگرام کو نافذ کرنا تھا ۔بیداری مہم 4 دسمبر 2021 سے 10 دسمبر 2021 تک گاؤں ہسپلوٹ تھنہ منڈی وارڈ نمبر 04 میں چلائی گئی۔صفائی اور اس سے جڑے دیگر مسائل سے متعلق اس بیداری مہم میں تقریباً 45 این ایس ایس رضاکاروں نے حصہ لیا۔ پروگرام کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد قاضی کی سرپرستی میں منعقد ہوا۔ این ایس ایس کے رضاکاروں نے مذکورہ وارڈ کے لوگوں کو کلین انڈیا پروگرام کے تحت چلائی جانے والی صفائی مہم میں حصہ لینے کی ترغیب دی۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد لوگوں میں صفائی کے حوالے سے بیداری پھیلانا تھا۔ بیداری مہم کا اہتمام این ایس ایس کے پروگرام آفیسر پروفیسر محمد شوکت نے کیا تھا۔