آئندہ انتخابات میںبھاجپا راجوری پونچھ میں کلین سویپ کرے گی: رویندر رینہ
پونچھ //جموں وکشمیر بھاجپا اکائی کے صدر رویندر رینہ نے پونچھ میں ایک عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی راجوری پونچھ میں آنے والے اسمبلی انتخابات میں کلین سویپ کرے گی۔رویندر رینہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی 50 سے زیادہ سیٹیں جیتے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی راجوری پونچھ میں آنے والے اسمبلی انتخابات میں کلین سویپ کرے گی۔ جموں و کشمیر کے ہر دور دراز حصے اور خاص طور پر ان خطوں میں منعقد ہونے والی ریلیوں میں بڑے پیمانے پر اجتماع بی جے پی کی حمایت کر رہا ہے جن سے پچھلے 70 سالوں میں این سی اور پی ڈی پی و کانگریس جیسی جماعتوں نے رابطہ نہیں کیا تھا۔ ان جماعتوں نے گوجر، بکروال اور دیگر برادریوں کا غلط استعمال کیا۔انہوں نے کہاکہ ان برادریوں کو انصاف صرف بی جے پی نے دیاہے۔ رینہ نے کہا کہ بی جے پی ہر اس مسئلے پر کام کر رہی ہے جو پہلے پہاڑیوں جیسی ہر کمیونٹی کو انصاف دینے کیلئے حل نہیں کیا گیا تھا۔وبود گپتا نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوام نے اپنی محبت اور حمایت سے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت کی عملی پالیسیوں پر اپنا اعتماد ظاہر کیا ہے جن کی کوششوں کو جموں و کشمیر بی جے پی کے سرشار لیڈروں اور کارکنوں نے بڑھایا ہے۔اقبال ملک نے اس بات کی تصدیق کی کہ بی جے پی جموں و کشمیر کے تمام دور دراز علاقوں کی ترقی کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی کوششوں سے خطہ میں کافی ترقی ہوئی ہے اور ترقی کے عمل کو بے مثال رفتار دی جائے گی۔
بہرام گلہ آپریشن دوسرے دن میں داخل | باقی عسکریت پسندوں کی تلاش مسلسل جاری
سمت بھارگو
راجوری//پونچھ کے سرنکوٹ سب ڈویژن کے بہرام گالہ کے قریب رتن پیرڈھوک کے علاقوں میں جاری عسکریت پسندی کے خلاف آپریشن بدھ کو مسلسل دوسرے دنبھی جاری رہا جس کے ساتھ سیکورٹی فورسز نے اس علاقے میں چھپے ہوئے باقی ماندہ عسکریت پسندوں کی تلاش شروع کردی۔سیکورٹی فورسز کو اس علاقے میں مشتبہ عسکریت پسندوں کی نقل و حرکت کی اطلاع ملنے کے بعد منگل کی علی الصبح یہ آپریشن شروع کیا گیا۔محاصرے کے دوران ایک عسکریت پسند نے سیکورٹی فورسز پر گولی چلا کر محاصرے سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم فورسز کی جوابی فائرنگ میں وہ مارا گیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بقیہ عسکریت پسندوں کا سراغ لگانے کیلئے اس علاقے میں بدھ کو شروع کی گئی مہم تیز کی گئی لیکن عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان کوئی نیا رابطہ قائم نہیں ہوسکا۔انہوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں مزید کچھ ملی ٹینٹ جنگلات میں چھپے ہوئے ہو سکتے ہیں ۔پونچھ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ڈاکٹر ونود کمار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سیکورٹی فورسز اس علاقے میں کام پر ہیں اور یہ آپریشن دوسرے دن بھی جاری رہا ۔
معذور افراد کیلئے تشخیصی کیمپ کا اہتمام کیا گیا
کوٹرنکہ //محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے راجوری ضلع کے بدھل علاقہ میں معذور افراد کیلئے یک روزہ تشخیصی کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران علاقہ میں آنے والے معذور افراد کی تشخیص عمل میں لائی گئی تاکہ ان کو مصنوعی معاونت فراہم کی جاسکے ۔محکمہ کے مطابق اس کیمپ کے دوران اندراج شدہ معذور افراد کو مختلف نوعیت کے مصنوعی اعضا ء فراہم کئے جائیں گے ۔اس تشخیصی کیمپ کا انعقاد اسسٹنس ٹو ڈس ایبل پرسنز (ADIP) پروگرام کے تحت مصنوعی اعضاء کارپوریشن آف انڈیا (ALIMCO) کے تعاون سے کیا گیا تھا۔اس کیمپ کے دوران 75کے قریب افراد کا معائینہ کیا گیا ۔تحصیل سوشل ویلفیئر آفیسر کوٹرنکہ کی قیادت میں منعقدہ پروگرام کے دوران اندراج شدہ معذور افراد کو ایک خصوصی کیمپ کے دوران معاونت فراہم کی جائے گی ۔
چلڈرن پارک ٹھنڈی کسی میں رابطہ سڑک دستیاب نہیں
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کے ٹھنڈی کسی علاقہ میں محکمہ فلوریکلچر کی جانب سے بنائے گئے چلڈرن پارک میں جانے کیلئے رابطہ سڑک جیسی سہولیات میسر ہی نہیں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے پارک میں جانے والے والدین اور بچوں کو پیدل دریا عبور کرنا پڑتا ہے ۔والدین نے بتایا کہ متعلقہ شعبہ کی جانب سے بچوں کی سیر و تفری کیلئے ایک پارک بنایا گیا تھا لیکن اس میں جانے کیلئے بنیادی سہولیات ہی دستیاب نہیں رکھی گئی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ لاکھوں روپے خرچ کرنے کے بعد بھی بچوں کیلئے بنیادی سہولیات دستیاب نہیں رکھی جاسکی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ کئی عرصہ سے پارک میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اعلیٰ حکام سے رابطہ قائم کیا جارہا ہے لیکن اس کے باوجود بھی کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ چلڈرن پارک میں سڑک جیسی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ بچوں کیساتھ ساتھ والدین کو بھی بنیادی سہولیات فراہم کی جاسکیں ۔
سائین ولی داد کا سالانہ عرس عقیدت و احترام سے منایا گیا
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // تحصیل تھنہ منڈی کے بھٹیاں علاقے میںسائیں ولیداد رحمتہ اللہ علیہ کا سالانہ عرس پاک بڑی عقیدت و احترام سے منایا گیا جس میں بلا تفریق مذہب و ملت اطراف و اکناف سے آئے ہوئے عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اِس سلسلے میں بھٹیاں میں ولی کامل کے سالانہ عرس پاک کے سلسلے میں گزشتہ تین دنوں سے مزار شریف سے متصل جامع مسجد میں شب خوانی، درود و اذکار اور ختمات المعظمات کی روح پرور مجالس کا انعقاد کیا گیا۔ اس دوران محفلِ حمد و نعت اور مناجات و مناقب اور تقاریر کا سلسلہ بھی رات جاری رہا۔عرس میں مقامی علمائے کرام کے علاوہ حافظ محمد اسحاق رضا خطیب جامعہ مسجد دربارشریف بھٹیاں نے سائیں والی داد کے حالاتِ زندگی اور کرامات پر مفصل اور مدلل گفتگو کی۔ آخر میں حافظ محمد اسحاق رضا نے اس روح پرور مجلس کی پیشوائی کرتے ہوئے ملک کے ساتھ ساتھ یو ٹی جموں کشمیر اور پوری دنیا میں بحالی امن کیلئے خصوصی اور رقت آمیز دعا کی۔
بیٹی بچائو بیٹی پڑھائوپر آگاہی پروگرام کا اہتمام
رمیش کیسر
نوشہرہ //فوج کی جانب سے نوشہرہ سب ڈویژن میں ’بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو ‘کے عنوان سے ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول گرلز بریری میں منعقدہ اس پروگرام کا اصل مقصد علاقہ مکینوں کو بیٹیوں کی تعلیم کے سلسلہ میں بیدار کرنا تھا تاکہ معاشرے میں لڑکیوں کو مساوی حقوق مل سکیں ۔فوجی آفیسران نے کہاکہ معاشرے میں بیداری پیدا کرنے کیلئے لڑکیوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنا وقت کی ایک اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ لڑکیوں کی فلاح و بہبود کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے کئی ایک سکیمیں شروع کی گئی ہیں جبکہ والدین کو چائیے کہ وہ لڑکیوں کی تعلیم کیلئے مذکوری مرکزی سکیموں کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا کر ان کو معاشرے کی ترقی میں شامل ہونے کا موقعہ فراہم کریں ۔
بنی شریف میں سالانہ عرس منایا گیا
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر کے ڈھرانہ علاقہ میں بنی شریف زیارت پر دو روزہ سالانہ عرس عقید ت و احترام کیساتھ منایا گیا جس میں علماء و مذہبی سکالروں کیساتھ ساتھ معززین کی ایک بڑی تعداد موجود تھے ۔اس عرس کے دوران علماء نے مذہبی تعلیمات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ بچوں کو دینی تعلیم کی جانب راغب کریں تاکہ سماجی برائیوں سے بچا جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت مختلف نوعیت کی سماجی برائیاں پھیلائی جارہی ہیں جن سے بچوں کو بچانا انتہائی مشکل ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ انٹر نیٹ کے دوران میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے برائیوں کو پھیلا یا جارہا ہے تاہم والدین کو چاہئے کہ وہ اپنے بچوں کو ان آن لائن برائیوں کیساتھ ساتھ دیگر سماجی برائیوں سے بھی بچائیں ۔سید جنید حسین شاہ کی قیادت میں منعقدہ تقریب میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد کیساتھ ساتھ سیاسی جماعتوں سے وابستہ لیڈران و کارکنوں نے بھی شرکت کی ۔
آفات کی روکتھام پر بیداری پروگرام
جاوید اقبال
مینڈھر //چھوٹے شاہ گور نمنٹ ڈگری کالج مینڈھر میں این ایس ایس یونٹ کی جانب سے ایک بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔سیول ڈیفنس اور ایس ڈی آر ایف پونچھ کے اشتراک سے منعقدہ اس بیداری پروگرام کا اصل مقصد طلباء کو قدرتی آفات کیساتھ نمٹنے کیلئے اختیار کی جانے والی ضروری ہدایت و احتیاطی تدابیر کے سلسلہ میں بنیادی جانکاری فراہم کرنا تھا ۔اس بیداری پروگرام کے دوران مقررین نے کہاکہ قدرتی آفات کیساتھ نمٹنے کیلئے ہر ایک فرد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنا چاہئے جبکہ انہوں نے طلباء کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ احتیاطی تدابیر کے سلسلہ میں سماجی میں بھی بیدار پیدا کی جائے ۔
شدید سردی سے عام زندگی مفلوج
بجلی سپلائی میں آرہا خلل صارفین کیلئے درد سر
عشرت حسین بٹ
منڈی// شدید سردی کی وجہ سے جہاں ضلع پونچھ میں عام لوگوں کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے وہیں پر بجلی کی آنکھ مچولی بھی عوام کیلئے مشکلات کا سبب بنی ہوئی ہے۔ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں گزشتہ دس دن سے سردی میں کافی زیادہ شددت آئی ہے درجہ حرارت میں آئی کمی کی وجہ سے لوگوں نے گرم ملبوسات استعمال کرنا شروع کر دئیے ہیں ۔ اگر چہ منڈی قصبہ میں اونچے پہاڑوں کی وجہ سے دھوپ کافی دیر سے لگتی ہے جس کی وجہ سے منڈی بازار میں لوگوں کی آمد میں کمی دیکھی جارہی ہے ۔سردی سے بچنے کیلئے جہاں لوگ کانگڑی اور گرم ملبوسات کااستعمال کر رہیں ہیں وہیں پر عوام کو بجلی کی آنکھ مچولی کی وجہ سے بھی کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔منڈی کی عوام کے مطابق محکمہ بجلی کی طرف سے بجلی کے آنے یا جانے کے کوئی بھی اوقات مقرر نہیںکیا گیا جس کی وجہ سے ان سرد ترین راتوں میں انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔صارفین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بجلی سپلائی میں آرہے خلل کو دور کرنے کیلئے محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ صارفین کی مشکلات کم ہو سکیں ۔
رہبر تعلیم ٹیچر فورم کا وفد رویندر رینہ سے ملا قی
حسین محتشم
پونچھ//جموں کشمیر رہبر تعلیم ٹیچرس فورم کے ایک وفد نے بی جے پی کے یو ٹی صدر رویندر رینا کے ساتھ ڈاک بنگلہ پونچھ میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت فورم کے ضلع صدر حمید نباز نے کی اور ایک تحریری یاداشت پیش کی۔ وفود نے مطالبہ کیا کی رہبر تعلیم ٹیچرس کو نئی پنشن سکیم ختم کر کے پرانی پنشن سکیم بحالی کی جائے ۔انھوں نے کہا کہ 2010 کے بعد تعینات کئے گئے ملازمین ائو پی ایس کے حقدار نہیں ہیں اور وہ نئی پنشن سکیم کے ذریعے بڑھے ہیں جس سے ملازمین میں خوف اور عدم تحفظ کا احساس پیدا ہوتا ہے۔ ایک شخص جو اپنی عمر کے ابتدائی دور میں سرکاری محکمے میں کام کرتا ہے اسے ریٹائرمنٹ کے بعد باعزت زندگی گزارنے کا حق ہے لیکن این پی ایس کے تحت یہ ممکن نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ مودی کی متحرک قیادت میں بی جے پی حکومت نے کئی جرات مندانہ قدم اٹھائے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ پرانی پنشن اسکیم کی بحالی کیلئے این پی ایس ملازمین کے اس مطالبے کو بھی پورا کیا جائے گا۔ انھوں نے این پی ایس کے تحت گریڈ دو اور تین کے اساتذہ کی تنخواہوں بروقت واگزار کروانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ چند مہینوں سے ضلع پونچھ کے این پی ایس کے تحت گریڈ دو اور تین کے اساتذہ کو ماہانہ بنیادوں پر تنخواہ نہیں مل رہی ہے۔ باقی تمام ملازمین کو وقت پر تنخواہ مل جاتی ہے لیکن فنڈز کی کمی کی وجہ سے Tr G2 اور G3 کی تنخواہ میں تاخیر ہوتی ہے انھوں نے اُمید ظاہر کی کہ آپ اس مسئلے کو تشویش کے ساتھ اٹھائیں گے۔ وفد نے جموں اور کشمیر یونین ٹیریٹری میں تخواہوں کا نفاذ اسی طرح کرنے کا مطالبہ کیا جس طرح دیگر مرکزی زیر انتظام ریاستوں میں دہلی اور چندی گڑھ میںہے۔رویندر رینہ نے وفد کو بغور سننے کے تمام مسائل کو جلد از جلد حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ وہ متعلقہ مرکزی وزراء سے ان مطالبات کے حل کیلئے درخواست کریں گے۔اساتذہ کے اس وفد میں نائب ضلع صدر مقداد علی میر، تحصیل صدر منڈی ریاض ہمدانی، زونل صدر منڈی نشاط تانترے، ضلع عہدیداران افضل شیخ، شہنواز کشمیری، محمد عارف، سینئر نائب صدر ریاض بانڈے، نائب زونل صدر منڈی طارق نائیک، جنرل سیکرٹری منڈی شبیر آرزو اور بشارت حسین شامل تھے۔
عوام نے’ اپنی پارٹی‘ کو اپنا نمائندہ تسلیم کر لیا ہے
مایوسی کی فضا میں اپنی پارٹی امید بن کر ابھری ہے: الطاف بخاری
حسین محتشم
پونچھ//اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے پونچھ میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اپنی پارٹی جموں و کشمیر کے لوگوں میں مایوسی کے احساس میں اضافے کے درمیان ایک امید بن کر ابھری ہے۔انہوں نے کہا کہ پیر پنجال ریجن کے لوگوں نے 8 مارچ 2020 کو پارٹی کی تشکیل کے فیصلے کی حمایت کی اوراپنی پارٹی کا خیرمقدم کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پارٹی کی تشکیل کے بعد جب اپنی پارٹی کی قیادت نے پہلی بار دورہ کر رہی ہے تو کوٹرنکہ، راجوری اور پونچھ کے عوامی جلسوں اور میٹنگوں میں لوگوں نے جو جوش و خروش دکھایا ہے اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پارٹی کی تشکیل اور اس کا ایجنڈا عوام کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد لوگوں میں ناامیدی تھی اور اس کے بعد ہم عوام کے درمیان ایک امید بن کر ابھرے ہیں جسے جموں و کشمیر کے لوگوں نے قبول کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کی پالیسیوں اور ترقیاتی ایجنڈے کی قبولیت نے لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے کیونکہ پارٹی انہیں ایسے ماحول میں زمین اور نوکریوں کا تحفظ دینے میں کامیاب رہی جہاں روایتی سیاسی جماعتیں دوبارہ علاقائی سیاسی تقسیم کی بیان بازی پر بحال ہوئیں جبکہ ہم نے اتحاد، مساوات، ترقی اور روزگارکیلئے کام کیا ہے۔ اسی لئے اپنی پارٹی کی پالیسی نے لوگوں کو پارٹی کے قریب لایا اور انہوں نے اپنی پارٹی کو اپنا نمائندہ تسلیم کر لیا ہے۔ جب دیگر سیاسی جماعتیں عوام کیلئے بولنے کیلئے تیار نہیں تھیں، تو یہ اپنی پارٹی تھی جس نے جموں و کشمیر کے مسائل کے حوالے سے وزیر اعظم اور مرکزی وزیر داخلہ سے ملاقات کرتے ہوئے کھڑے ہو کر اپنی آواز بلند کی۔انہوں نے کہا کہ علاقائی سیاسی جماعتوں نے اپنی پارٹی کے ایجنڈے پر عمل کیا اور وزیراعظم سے ملاقات بھی کی حالانکہ وہ شروع میں ہمارے مخالف تھے۔ "یہ علاقائی سیاسی جماعتیں جانتی ہیں کہ وہ اپنی بنیاد کھو چکی ہیں اور لوگ اب ان پر اعتماد نہیں کرتے۔ انہوں نے ووٹ بینک کے لیے اپنے جذباتی نعروں سے عوام کے مسائل میں اضافہ کیا۔ انھوں نے کہا ہم آرٹیکل 370 اور آرٹیکل 35 اے کو نہیں بھولے ہیں۔ ہم نے اس کی بحالی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے۔ چونکہ یہ معاملہ ملک کی عدالت عظمیٰ کے سامنے ہے، ہم وہاں اس کا مقابلہ کریں گے اور متعلقہ حلقوں کے سامنے بھی آواز اٹھائیں گے تاکہ ہمارا مطالبہ تسلیم کیا جائے۔انھوں نے مزید کہا کہ پونچھ میں پسماندگی، بے روزگاری، صحت کے خراب انفراسٹرکچر کی وجہ سے لوگوں کی حالت زار پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات ضروری ہیں۔ان انتخابات میں مزید تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ عوام کو سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا ہے اور بیوروکریسی عوام کے مسائل سے بے نیاز ہے۔ ایک احتساب ہونا چاہیے جو جموں و کشمیر میں منتخب حکومت ہونے پر طے کیا جا سکتا ہے۔ اس لیے حکومت کو اسمبلی انتخابات کا اعلان کرنا چاہیے لیکن پہلے ریاست کی حیثیت کو بحال کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اگر ان کی پارٹی برسراقتدار آتی ہے تو وہ جموں و کشمیر حکومت میں تمام خالی آسامیوں کو پر کرنے کے لیے بھرتی کا عمل تیز رفتاری سے چلائیں گے، اور جموں و کشمیر میں معاشی طور پر کمزور طبقات کو 5000 روپے تک سماجی بہبود کے تحت پنشن سکیموں کے فوائد فراہم کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا، ’’ہم پردھان منتری اجول یوجنا کے تحت مستفید ہونے والوں کو کھانا پکانے کے 4 سلنڈروں کی اضافی ریفل فراہم کریں گے۔‘‘انہوں نے یہ بھی کہا کہ جموں کو گرمیوں میں پہلے 500 یونٹ مفت بجلی ملے گی اور کشمیر کو 300 یونٹ مفت بجلی ملے گی۔اسی طرح سردیوں کے موسم میں کشمیر کو سردیوں میں 500 یونٹ مفت بجلی ملے گی اور اگر ہم اقتدار میں آئے تو جموں کو 300 یونٹ بجلی ملے گی، انہوں نے پارٹی کی حمایت میں سامنے آنے پر لوگوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا۔انہوں نے کہا کہ وہ SRO 202 سے چھٹکارا پانے میں کامیاب ہو گئے ہیں جس نے مذکورہ SRO کے تحت بھرتی ہونے والے ملازمین میں عدم تحفظ کے احساس کو جنم دیا تھا۔"تاہم، ہم نے اسے نوجوانوں کے مفاد میں منسوخ کر دیا اور اس کے مطابق، ہم جموں و کشمیر کے سرحدی اضلاع میں نوجوانوں کے لیے جموں و کشمیر پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز میں موقع پر بھرتی مہم کا انعقاد کریں گے۔انہوں نے یقین دلایا کہ اگر ان کی پارٹی کی حکومت آتی ہے تو وہ جموں و کشمیر میں بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کا پیکج فراہم کریں گے اور جموں و کشمیر میں ان کی خدمات کے اعتراف میں تمام یومیہ اجرت والوں کو ریگولرائز کیا جائے گا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ جموں و کشمیر کے یو پی ایس سی کے امیدواروں کے لیے عمر میں چھوٹ کو زمینی حقیقت پر غور کیے بغیر ختم کیا جائے۔ اس لیے، جموں و کشمیر کے خواہشمندوں کے لیے عمر میں رعایت بحال کی جانی چاہیے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینئر نائب صدر غلام حسن میر نے بھی ڈسٹرکٹ ہسپتال پونچھ میں صحت کے ناقص انفراسٹرکچر پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ہیلتھ انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پونچھ ایک پہاڑی ضلع ہونے کی وجہ سے اور راجدھانی (جموں) سے بہت دور ہے، اس ضلع کے لوگوں میں نچلی سطح پر نظر انداز ہونے کا احساس ہے اور انتظامیہ میں لوگوں کی بات نہیں سنی جا رہی ہے۔ اور کہا کہ ان کے مطالبات تسلیم کیے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر سے منسلک اہم سڑک یعنی مغل روڈ کو 12 ماہ تک کھلا رکھا جائے اور زیر التواء ٹنل کو جلد از جلد تعمیر کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم اقتدار میں آئے تو مغل روڈ پر ٹنل کی تعمیر کا کام پہلے تین ماہ کے اندر شروع کر دیں گے، اور مطالبہ کیا کہ اسے تمام موسمی حالات کے لیے کھول دیا جائے۔زاس دوران ضلع صدر پونچھ اور سابق ایم ایل اے شاہ محمد تانترے جنہوں نے اس اجلاس کا انعقاد کیا تھا نے بھی مختلف مسائل پر بات کی۔اس موقع پر ریاستی جنرل سیکریٹری سید اصغر علی، صوبائی صدر جموں منجیت سنگھ، یوتھ ونگ کے ریاستی نائب صدر رقیق احمد خان، بشیر احمد کاکی، چودھری تنویر احمد، چودھری محمد محفوظ، سردار سرجن سنگھ، بلال مخدومی، سیف الدین زرگر، قمر دین نجار، چودھری بشیر احمد کامران، سرپنچ عبدالجبار، سرپنچ محمد اکرم، ممتاز احمد، یاسر گنائی، طاہر محمود، زاہد فضل، ہرشدیپ سنگھ، حاجی محمد اکبر، اور دیگر موجود تھے۔
گلی پنڈی کے لوگوں نیا ٹرانسفارمر ملنے پر خوش
حسین محتشم
پونچھ//عرصہ دراز تک جدو جہد کرنے کے بعد آخر گلی پنڈی کے لوگوں کو نیا ٹرانسفارمر مل گیا۔ تفصیلات کے مطابق محلہ کا ٹرانسفارمر کافی عرصے سے ناکارہ ہو گیا تھا، جس متعلق عوام نے کئی بار احتجاجی مظاہرے کئے اور مقامی سیاسی و سماجی رہنماؤں سے بھی مرمت کی مانگ کی لیکن کسی نے ان کی بات نہیں سنی جس کے بعد اہلیان علاقہ نے سماجی کارکن و جموں و کشمیر انصاف موؤمنٹ کے چیئر مین جاوید ریشی سے اپیل کی کہ وہ ان کی مدد کریں جس کے بعد مقامی شہریوں کا ایک وفد لیکر جاوید ریشی نے یہ معاملہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ، ایگزیکٹیو انجینئر اور جونیئر انجینئر محکمہ بجلی کے سامنے رکھا، جنہوں نے نوٹس لیتے ہوئے ٹرانسفارمر کو اتارا اور ایک ہفتہ کے اندر ہی عوام کو 25KV کا نیا ٹرانسفارمر فراہم کیا گیا۔ گلی پنڈی کے لوگوں نے جاوید ریشی کی سماجی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے انکا شکریہ ادا کیا۔ جاوید ریشی نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور محکمہ بجلی کے ملازمین بالخصوص ایگزیکٹو انجینئر پونچھ، جونیئر انجینئر ایم اقبال اور دیگر متعلقہ افسران کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر اندرجیت سنگھ کی سرپرستی میں پونچھ انتظامیہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ جاوید ریشی نے متعلقہ حکام سے مزید گزارش کی کہ وہ ان غریب لوگوں کا کم از کم ایک مہینے کا بجلی بل معاف کریں جو پچھلے مہینے بجلی کی سہولیات محروم رہے۔
جموں وکشمیر کو یو ٹی بنانے کے بعد کوئی ترقی نہیں ہوئی :بخاری
سمت بھارگو
راجوری //جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے کہا کہ راجوری اور پونچھ کے دورے کا مقصد آرٹیکل 370 کو واپس لینے اور ریاست کی درجہ کی واپسی کی کوششوں کیلئے لوگوں کے سامنے روڈ میپ کی یقین دہانی کرانا ہے۔پونچھ میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کہا کہ پارٹی کی تشکیل کے بعد ان کے دورے تعارفی ہیں اور لوگوں سے پہلے ہاتھ سے بات چیت کرناانتہائی اہم ہے ۔انہوں نے کہاکہ دوروں کا مقصد لوگوں کو یہ یقین دلانا ہے کہ آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے اور ریاست کی تنزلی کے بعد بحالی کیلئے ہمارے پاس کیا روڈ میپ ہے۔عسکریت پسندی میں اضافے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ عسکریت پسندی میں اضافے کا براہ راست تعلق لوگوں کے جمہوری حقوق کی عدم موجودگی سے ہے اور ایسی نوکر شاہی کی ریاست میں عوام کی شکایات کے ازالے کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور بیوروکریٹک راج اپنے عروج پر ہے۔اپنی پارٹی صدر نے کہاکہ جموں و کشمیر ریاست کا خصوصی درجہ ختم کرنے کے بعد تعمیر وترقی نام کی کوئی چیز سامنے نہیں آئی ہے جبکہ لوگو ں کی حالت مزید ابتر ہوتی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اگر ہم اقتدار میں آتے ہیں تو ایک خاص حد تک بجلی اور پانی کی فراہمی مفت فراہم کرنا ہمارے عزم اور ایجنڈے کا حصہ ہے۔کووڈ پابندیوں کے درمیان تعلیمی اداروں کی بندش پر سوال اٹھاتے ہوئے، بخاری نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں سیاسی ریلیوں کی اجازت دی جا رہی ہے جب کووڈ عروج پر ہے تاہم حکومت کی سکولوں کو کھولنے کیلئے خود کا جائزہ لینا چاہیے۔پہاڑی قبیلے کے درج فہرست قبائل کا درجہ دینے کے بڑھتے ہوئے مطالبے پر، انہوں نے کہا کہ اگر حکومت لوگوں کو کچھ دے رہی ہے تو انہیں وصول کرنا چاہیے۔
کرشی وگیان کیندر راجوری نے بیداری پروگرام کا اہتمام کیا
راجوری//ڈائریکٹوریٹ آف ایکسٹینشن سکاسٹ جموں کے زیراہتمام کرشی وگیان کیندر راجوری نے کسانوں اور کھاد ڈیلروںکیلئے ایک روزہ بیداری پروگرام کا انعقاد کیا۔پروگرام بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈز (BIS) کے اشتراک سے منعقد کیا گیا تھا اور اس میں پچاس سے زیادہ کسانوں، کھاد کے ڈیلرز و متعلقہ ملازمین نے شرکت کی ۔کے وی کے راجوری کے سائنسدان ڈاکٹر سورج پرکاش نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے پروگرام اور تکنیکی سیشن کا جائزہ لیا جبکہ کے وی کے کے انچارج ڈاکٹر اروند کمار ایشر نے حاضرین سے بات چیت کرتے ہوئے روزمرہ کی زندگی میں ہندوستانی معیارات کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے بتایا کہ صارفین کی جانب سے استعمال کی جانے والی ہر شیبیورو آف انڈین اسٹینڈرڈز بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈز کے معیار کے مطابق ہونی چاہیے اور بازار سے ان اشیاء کو خریدتے وقت مناسب خیال رکھنا چاہیے۔بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈزکے برانچ آفس کے سربراہ ستیہ دیو لال نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے اپنے بیورو کے کام کاج کے سلسلہ میں جانکاری فراہم کی ۔
گھمبیر مغلاں میں جلسہ دستار بندی وکانفرنس کا انعقاد
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کے گھمبیر مغلاں علاقہ میںدار العلوم حنفیہ اشرفیہ تعلیمی سوسائٹی و رحمت اللعالمین اسکول آف ایجوکیشن متصل قدیم مرکزی جامع مسجد گھمبیر مغلاں میں ایک بے مثال رحمت اللعالمین کانفرنس و جلسہ دستار بندی کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں کثیر تعداد میں علماء وعوام الناس نے شرکت کی۔ کانفرنس کی ابتداء تلاوت کلام پاک سے ہواجس کے دوران سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ عالیہ میں نعت پاک کے گلدستے پیش کئے گئے۔اس دوران مولانا محمد نعمان خان مصباحی اور مولانا محمد افضال مصباحی نے اپنے خیالات کا اظہارکیا ۔مہمان ذی وقار مولانا محمد ظفر قادری پرنسپل جامعہ حنفیہ نظامیہ حنفی نگر ایتی نے عظمت قرآن پر خطاب کیا اور آخر میںمولانا عبد الرشید داؤدی بانی تحریک صوت الاولیاء نے مدلل خطاب بحیثیت مہمان خصوصی کیا ۔اور ہر شریک کانفرنس نے ادارے کے چیئرمین الحاج گلزار حسین اشرفی اور ان کے نور نظر حافظ و قاری سجاد احمد کی محنتوں، کاوشوں اور درد دل کی تعریف کی۔ کانفرنس میںقاری ظفر اقبال ،مفتی محمد اعظم ثقافی، مولانا فاروق ،مولانا وجاھت ، حافظ محمد نثار ،مولانا غلام رسول،امام مولانا محمد فاضل ،حافط محمد یاسین صاحب بھی شامل رہے۔مہمانان خصوصی اور بالخصوص مولانا فاروق نقشبندیکی جانب سے دو حافط قرآن کو دستار بندی کی گئی
پی سی سی صدر کیساتھ اظہار تعزیت
منجا کوٹ //کانگریس سنیئر لیڈر اور ضلع ترقیاتی کونسل راجوری کے وائس چیئر مین شبیر احمد خان نے پردیش کانگریس کمیٹی کے ریاستی صدر غلام احمد میر کے بھائی کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔یہاں جاری ایک تعزیتی بیان میں کانگریس سنیئر لیڈر نے پی سی سی صدر کے بھائی محمد اکبر میر کی ہوئی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ اہل خانہ کیساتھ برابر کے شریک ہیں ۔انہوں نے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے غلام احمد میر کیساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ۔
الطاف بخاری نے شاہدرہ شریف میںحاضری دی
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // گزشتہ روز اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے شاہدرہ شریف کے مزار پر حاضری دی اور ملکی سلامتی ،خوشحالی اور بحالی امن کیلئے خصوصی دعا کی۔ قبل ازیں مزار کے امام و خطیب نے اپنی پارٹی کے سربراہ کی دستار بندی کی۔ الطاف بخاری ان دنوں پارٹی کارکنوں اور لیڈروں سے ملاقات کیلئے راجوری اور پونچھ کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے مقامی لوگوں سے بھی بات چیت کی اور انہیں بتایا کہ ان کی پارٹی اقتدار میں آنے کے بعد 370 کیلئے لڑے گی۔ انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ مغل روڈ کو متبادل سڑک کے طور پر تیار کیا جائے گاتاکہ بارہ مہینے گاڑیوں کی آمدورفت متاثر نہ ہو۔ انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ پارٹی راجوری پونچھ کے لوگوں کے تمام دیرینہ مطالبات پورے کرنے کیلئے لڑے گی ۔ان کے ہمراہ سابق ایم ایل اے راجوری ایڈوکیٹ قمر چوہدری ،سرپنچ علی چوہدری اور دیگر پارٹی کارکنان بھی تھے۔
مینڈھر میں عوام محکمہ جنگلات سے پریشان
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے متعدد علاقوں سے مکینوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ضلع میں محکمہ جنگلات کی جانب سے ان کو غیر ضروری طورپر ہراساں کیا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ1947 سے قبل ضلع پونچھ کی تحصیل میندھر کے کچھ لوگوں کو راجہ اور مہاراجہ پونچھ کی جانب سے زمینوں کے اجازت نامہ یعنی نوتوڑ کی اجازت ملی ہوئی تھی جبکہ جموں وکشمیر کی حکو مت کی جانب سے بھی اسمبلی میں مذکورہ اراضی کے سلسلہ میں قانون سازی کی گئی تھی ۔انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر اسمبلی کی جانب سے مذکورہ حکم ناموں کی روشنی میں ایل بی 6اور ایس 432اور بالخصوص 394cآف 1962کوشامل کر کے نو توڑ کی اجازت رکھنے والے لوگوں کو حقوق ملکیت دئیے گئے لیکن آئے دن لوگوں کے مالکان حقوق چھینے جارہے ہیں اور متعلقہ حکام کی جانب سے عدلیہ کے اس سلسلہ میں آنے والے حکم ناموں کوبھی یکسر نظرانداز کیا جارہا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کابینہ کے حکم ناموں کو یکسر نظر انداز کر کے محکمہ جنگلات لوگوں سے ملکیتی اراضی چھین رہا ہے ۔عوام نے بتایا کہ ضلع پونچھ کے لوگوں کے لگ بھگ 40فیصد مالکان حقوق ختم ک دئیے گئے ہیں جوکہ کے آئندہ نسلوں کیلئے لمحہ فکریہ ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کی سینہ زوری اور ہڑ دھرمی سے لوگوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے تاکہ لوگ چین کی سانس لے سکیں اور لوگوں کو ہراساں کرنے کے بجائے ان کو سہولیات فراہم کرنے کیساتھ ساتھ عدالیہ کے حکم ناموں کی بھی پاسداری کی جائے ۔