سماج سے وابستہ کئی شخصیات کی وفات | میرواعظ کی سوگوار کنبوں سے اظہار ہمدردی
سرینگر//جموں وکشمیر عوامی مجلس عمل نے تنظیم اور کشمیری سماج سے وابستہ کئی شخصیات جن میں عوامی مجلس عمل کے حلقہ خانیار کے سیکریٹری محمد یعقوب میر ،تنظیم سے وابستہ اویس احمد بٹ کی دادی صاحبہ اہلیہ مرحوم علی محمد بٹ سکونت نرورہ کی وفات پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے مرحوم محمد یعقوب میر کے فرزندان ریاض احمد میر، فیاض احمد میر، وجاہت احمد میراور اعجاز احمد میر کے ساتھ ساتھ بٹ خاندان کے جملہ سوگواروں کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور اللہ تبارک و تعالی سے مرحومین کی مغفرت و جنت نشینی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ تنظیم نے مرحوم محمد یعقوب میر کی علاقہ بھر میں تنظیمی اور تحریکی خدمات کو زبردست خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے انہیں ایک بے باک سیاسی کارکن قرار دیا جنہوں نے بانی تنظیم شہید ملت کے دور سے تاوفات موجودہ قائد کے ساتھ ساتھ تنظیمی پروگراموںکو آگے بڑھانے میں انتھک کوششیں کیں۔
لالبازارکی مقتول خاتون | تنویر صادق نے پسماندگان کی ڈھارس بندھائی
سرینگر//نیشنل کانفرنس لیڈر تنویر صادق نے کل لال بازار باغبان پورہ جاکر گذشتہ دنوں قتل کی گئی بزرگ خاتون کے گھر جاکر مرحومہ کے سوگواران کیساتھ تعزیت پرسی کی اور ڈھارس بندھائی۔ تنویر صادق نے کہا کہ یہ ایک بدقسمتی پر مبنی واقعہ ہے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے۔ تنویر صادق نے مرحومہ کے پسماندگان کیساتھ پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ کی طرف سے بھی تعزیت کااظہار کیا۔
درگاہ حضرت بل کے سابق امام حی پیرزادہ بشیر احمد فاروقی کی اہلیہ کا انتقال
نیشنل کانفرنس ،عوامی مجلس عمل اور جمعیت ہمدانیہ کا اظہارِ تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے آثار شریف درگاہ حضرتبل کے سابق امام حی مرحوم الحاج پیرزادہ بشیر احمد فاروقی کی نیک سیرت اور پارسا اہلیہ محترمہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔پارٹی جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی اور سینئر لیڈر محمد سعید آخون اور پیر آفاق احمد نے بھی تعزیت کا اظہار کیاہے۔ ڈاکٹر فاروق نے دہلی سے موجودہ امام حی درگاہ حضربل ڈاکٹر کمال الدین فاروقی کیساتھ ٹیلی فون پر رابطہ کرکے تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی۔ پارٹی کے صوبائی یوتھ صدر سلمان علی ساگر نے مرحومہ کے گھر واقع حضرت بل جاکر تعزیت پرسی کی اور ڈھارس بندھائی۔ادھر جموں وکشمیر عوامی مجلس عمل نے فاروقی خاندان کے جملہ سوگواروں کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔جمعیت ہمدانیہ اور خدامانِ زیارت شاہ ہمدان نے اس سا نحہ ارتحال پر مرحومہ کے جملہ سوگوران کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومہ کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ جمعیت کے ایک تعزیتی اجلاس میں مرحومہ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا اور اس موقعے پر فاروقی خاندان کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔