مزید خبریں

بجلی ملازمین کا احتجاج ختم 

 مخلصانہ کوششوں سے کی گئی جدوجہد ثمر آور ثابت ہوئی:ایجیک

سرینگر//بجلی ملازمین کے احتجاج کے ختم ہونے پر ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کی جیت ہوئی ہے اور انہوں نے اپنے بیان میں احتجاج کو کامیاب بنانے پر تمام ملازمین کو بالعموم اور قیادت کو بالخصوص مبارکباد پیش کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم انتظامیہ کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے صورتحال کو سنبھالا اور معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کیا۔ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو اُمید ہے کہ حکومت ملازمین کو احتجاجی راستہ اختیار کرنے پر مجبور کیے بغیر JKPEECC کے رہنماں کے ساتھ کیے گئے اپنے وعدے کو جلد از جلد پورا کرے گی۔ سینئر ٹریڈ یونین لیڈر اور EJAC کے صدر فیاض احمد شبنم نے کہا کہ مخلصانہ بنیادوں پر مخلصانہ کوششوں سے کی گئی جدوجہد ثمر آور ہوتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت ملازمین کے وسیع تر مفادات اور عوامی بھلائی میں اپنے فیصلوں کا احترام کرے گی۔انہوں نے اپنی پوری قیادت اور EJAC سے وابستہ یونینوں/ایسوسی ایشنز کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے احتجاج کرنے والے الیکٹرک ملازمین کے کاز کی شاندار حمایت کی۔انہوں نے کہا کہ ایجیک ہمیشہ ملازمین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے کیونکہ ہم اتحاد اور مشترکہ بھائی چارہ پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے پرنٹ اور الیکٹرنگ میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا ،جنہوں نے مسائل کو اُجاگر کیا ۔
 

انڈیا گلوبل فورم دبئی پہلی بار جموں وکشمیر میں مقامی تعلیمی اداروں کے اشتراک سے اپنا دفتر کھولے گی

 سرینگر//ایم او یو پر جموں کشمیر حکومت کی جانب سے جموں کے انڈسٹریز اینڈ کامرس ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر انو ملہوترا اور دبئی کے یونیورسٹی کالج برمنگھم میں انٹرنیشنل ریکروٹمنٹ، داخلہ اور مارکیٹنگ کے ڈائریکٹر ایلین پیئر نے دستخط کئے۔کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق ریاست کے نوجوانوں کو تعلیم کے میدان میں بڑے پیمانے پر مواقع فراہم کرنے کیلئے جموں کشمیر حکومت نے پیر کو یونیورسٹی کالج برمنگھم، انڈیا گلوبل فورم، دبئی کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ انڈیا گلوبل فورم دبئی پہلی بار جموں و کشمیر میں مقامی تعلیمی اداروں کے اشتراک سے اپنا دفتر کھولے گا۔ایم او یو پر ریاستی حکومت کی جانب سے جموں کے انڈسٹریز اینڈ کامرس ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر انو ملہوترا اور دبئی کے یونیورسٹی کالج برمنگھم میں انٹرنیشنل ریکروٹمنٹ، داخلہ اور مارکیٹنگ کے ڈائریکٹر ایلین پیئر نے دستخط کیے۔اس موقع پر تاج دبئی، متحدہ عرب امارات میں منعقدہ اس پروگرام میں کونسل جنرل آف انڈیا ڈاکٹر امان پوری بھی موجود تھے۔ انو ملہوترا نے کہا کہ ہم نے تعلیم کے شعبے میں ایکسچینج پروگرام کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ ہم مل کر کام کریں گے اور یونیورسٹی کالج برمنگھم کو جموں و کشمیر میں دفتر کھولنے کے لیے جگہ فراہم کریں گے۔
 
 
 

حج 2022 :تربیت دینے والے درخواست دہندگان کا انٹرویو 23، 24 دسمبر کو

سرینگر//حج2022کیلئے تربیت فراہم کرنے والے افراد کا انتخاب کرنے کیلئے درخواست دہندگان کو 11بجے صبح انٹرویو کیلئے مطلع کیا گیا ہے۔ شیڈول کے مطابق سرینگر، بارہمولہ، بانڈی پورہ ،گاندربل اور بڈگام کے حج ٹرینروں کا انٹرویو 23 دسمبر کو ہوگا۔اسی طرح اننت ناگ، کولگام، شوپیاں، کپواڑہ اور پلوامہ کے ٹرینروں کا انٹرویو 24 دسمبر کومنعقد کیا جائے گا،تاہم، جموں صوبہ اور لداخ UTکے درخواست دہندگان کا انٹرویو ورچوئل موڈ کے ذریعے کیا جائے گا۔اس دوران اہل درخواست دہندگانوں کی فہرست جموں و کشمیر حج کمیٹی کی سرکاری ویب سائٹ  www.jkshc.org پر دستیاب ہوگی۔ 
 

گڈ گورننس ہفتہ

 تحصیل سمبل میں 8 ریونیو سروسز آن لائن کی فراہمی،ڈپٹی کمشنر کی سراہنا

بانڈی پورہ// آزادی کا امرت مہااتسو کے تحت 20 دسمبر سے 26 دسمبر 2021 تک منعقد ہونے والے ’’گڈ گورننس ہفتہ‘‘کی تقریبات کے سلسلے میں منگل کو تحصیل سنبل میں آٹھ ریونیو خدمات کی آن لائن فراہمی کا آغاز ہوا۔ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے گڈ گورننس کے بنیادوں کو نافذ کرنے کیلئے تحصیلدار سمبل ذیشان طاہر کی کوششوں کی تعریف کی۔ تحصیل سمبل میں آٹھ ریونیو سروسز کی آن لائن فراہمی کا اقدام آزمائشی بنیادوں پر شروع کیا گیا ۔ڈاکٹر اویس نے کہا کہ دیگر تحصیلیں روڈ میپ پر عمل کریں گی اور باقی تمام تحصیلوں کو ایک ہفتے کے اندر اندر اس کو مکمل کر لیا جائے گا۔اس اقدام کے تحت آمدنی کا سرٹیفکیٹ، EWS سرٹیفکیٹ، میریج سرٹیفکیٹ، OBC/RBA/ALC سرٹیفکیٹ، SC/ST سرٹیفکیٹ، انحصار کا سرٹیفکیٹ، قانونی وارث سرٹیفکیٹ اور کریکٹر سرٹیفکیٹ سمیت آٹھ ریونیو خدمات اب سے آن لائن فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے ان لوگوں کے مشکلات میں کمی آئے گی جنہیں یہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے باقاعدگی سے دفاتر جانا پڑتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ درخواست دہندگان اب دفتر میں آئے بغیر آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ڈی سی نے کہا کہ یہ اقدام’’گڈ گورننس ویک‘‘ کے حصے کے طور پر شروع کیا گیا تھا کیونکہ یہ ہمیں ایک شفاف اور موثر پبلک ڈیلیوری سسٹم بنانے اور گورننس کو مزید بہتر بنانے کے لیے تیزی سے مارچ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے تمام ضلعی افسران پر زور دیا کہ وہ اس بات پر توجہ دے کر دوسرے لوگوں کے لیے مثالیں قائم کریں کہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے گڈ گورننس کی پہل کے تحت وضع کردہ وسیع تر رہنما خطوط پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
 
 

صحافی شیخ تجمل کو صدمہ 

برادرِ نسبتی انتقال کر گئے ،انجمن اردو صحافت کا اظہار تعزیت

سرینگر//سینئر صحافی شیخ تجمل کے برادر ِ نسبتی محمد مقبول لون ولد عبد الاحد لون ساکن بوگام کولگام 20 دسمبر کو  طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے ۔مرحوم فلا ح ِ عام ٹرسٹ میں بحیثیت استا د کئی دہا ئیوں تک خدما ت انجام دینے کے بعد سبکدوش ہو ئے تھے ۔ان کی نما ز جنا زہ میں علا قے کے لوگوں کی ایک بڑ ی تعداد نے شر کت کی اور انہیں بعد ازاں پر نم آنکھوں سے ان کے آبا ئی مقبرہ واقع بوگام میں سپر دِ خاک کیا گیا ۔اس دوران انجمن اردو صحافت اورسماج کے مختلف طبقوں سے وابستہ لوگوں نے صحافی شیخ تجمل کے ساتھ تعزیت کا اظہا ر کر تے ہوئے مر حوم کے حق میں مغفرت اور ان کے پسماندگا ن کے لئے صبر کی دعا کی ۔انجمن اردو صحافت کے صدر ریاض ملک نے غمزدہ خاندان بالخصوص انجمن کے دیرینہ ممبر شیخ تجمل کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی ہے۔ ایمپلا ئیز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے سابق صدر شبنم فیاض نے اپنے تعزیتی پیغام میں شیخ تجمل اور دیگر پسماندگان کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہا ر کر تے ہوئے مرحوم کے حق میں مغفرت کی دعا کی ہے ۔
 

 گوگجی پتھری میں تربیتی کیمپ کا افتتاح

زراعت کو منافع بخش اور پائیدار بنانا وقت کی ضرورت: ڈائریکٹر 

بڈگام// ڈائریکٹر محکمہ زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال نے بڈگام کے گوگجی پتھری اور نیل ناگ میں سوائل ہیلتھ کارڈ سکیم (نیشنل مشن فار سسٹین ایبل ایگریکلچر) کے تحت کسانوں کی تربیت/بیداری کیمپ کا افتتاح کیا۔ کیمپ میں کسانوں، زرعی صنعت کاروں اور پنچایت راج اداروں کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر نے کہا کہ زراعت کو منافع بخش، معاشی طور پر قابل عمل اور ماحولیاتی لحاظ سے پائیدار بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ کسان برادری کی معاشی تبدیلی کے لیے ایک کثیر جہتی روڈ میپ پر کام کر رہا ہے، بہت کچھ حاصل کیا گیا ہے لیکن ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔انہوں نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ تفصیلی پروجیکٹ رپورٹس (DPRs) تیار کریں تاکہ ضلع میں نشاندہی کئے گئے علاقوں کو زرعی موسمی حالات اور فصل کے مخصوص معیار کے مطابق ترقی دی جا سکے۔ انہوں نے ایف پی او کی تشکیل اور نامیاتی کاشت کے پروگرام کے تحت ہر پنچایت میں ایک گاؤں کو مخصوص کرنے کیلئے کہا۔ڈائریکٹر نے PRIs کے نمائندوں بشمول پنچوں اور سرپنچوں کے ساتھ بھی بات چیت کی جنہوں نے مختلف متعلقہ مسائل کو اٹھایا۔ انہوں نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے حقیقی مطالبات کو مقررہ مدت میں حل کیا جائے گا اور بعض مسائل کے ازالے کے لیے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ہدایات بھی دیں۔ڈائریکٹر کے ہمراہ چیف ایگریکلچر افسر بڈگام سید تفضل حسین مدنی، ڈسٹرکٹ ایگریکلچر افسر سید اعجاز گل، سب ڈویڑنل ایگریکلچر افسر بڈگام عبدالحمید شاہ کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔
 
 

 کولگام میں شہری نشیلی اشیاء سمیت گرفتار

سرینگر// کولگام میں پولیس نے ایک شہری کو گرفتارکرکے اس کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی اشیاء برآمدکرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ کولگام تھانہ سے وابستہ ایک پارٹی نے اوکے روڈ پر ناکہ چیکنگ کے دوران ایک مشکوک شخص کوپکڑ لیا جس کی شناخت منظور احمد پڈرساکن اوکے کولگام کے بطورہوئی ہے۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 75 گرام چرس، 400 گرام بھنگ پاؤڈر اور 200 گرام بھنگ کے خشک پتے برآمد کرنے میں کامیاب ہوئے۔پولیس نے اس سلسلے میںایف آئی آر نمبر 254/2021 کے تحت کولگام تھانے میں ایک مقدمہ درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کی گئی۔
 

تعلیم معاشرے کو بدلنے کا واحد ذریعہ:وار

 سازگار تدریسی ماحول اور تعلیم فراہم کرنے کااسکول مالکان پر زور 

 سرینگر//پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کے صدر جی این وار نے کہا کہ پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کویڈ اور اس کے نتیجے میں پچھلے ڈھائی سالوں سے اسکولوں کی بندش سے پیدا ہونے والے خلا کو پورا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ نجی اسکولوں کو معیاری تعلیم پر توجہ دینی چاہئے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ کوئی بھی طالب علم کسی بھی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہے۔وار ستی سر ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ تلباغ پانپور میں زون (پانپور)کے سکول مالکان کی میٹنگ کی صدارت کرررہے تھے۔ یہ میٹنگ اسکول مالکان کو مختلف سطحوں پر حالیہ کامیابیوں سے آگاہ کرنے اور نجی اسکولوں کو یہ پیغام دینے کیلئے بلایا گیا تھا کہ اسکولوں کی مسلسل بندش کی وجہ سے تعلیمی نقصانات کی تلافی کے لیے کام کرتے ہوئے معیاری تعلیم کو اولین ترجیح دینی چاہئے۔ اس موقع پر جی این وار نے کہا کہ تعلیم ہی وہ واحد ذریعہ ہے جو کسی معاشرے کو بدل سکتا ہے اور کسی قوم کے مستقبل کے رہنما تیار کرسکتا ہے۔ انہوں نے اسکول کے مالکان پر زور دیا کہ وہ اپنے طلباء کو سازگار تدریسی ماحول اور تعلیم فراہم کریں تاکہ والدین مطمئن ہوسکیں۔ انہوں نے کہا ’’ ہمیں 21ویں صدی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے طلبہ کو تیار کرنا ہے‘‘۔ اس موقع پر پرائیویٹ سکول مالکان جنہوں نے کووِڈ وبا کے دوران قابل ستائش کام کیا ہے اور تعلیم کے شعلے کو روشن رکھنے کے لیے سخت جدوجہد کی ہے، کو صدر PSAJK نے مبارکباد پیش کی۔
 

قیوم وانی کا اظہار تعزیت

سرینگر//چیئرمین جے کے سول سوسائٹی فورم عبدالقیوم وانی نے چاڈورہ بڈگام کے سابق ٹریڈ یونین رہنما علی محمد نجارکے بیٹے کی رحلت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔وانی نے کہا’’ میں یہ خبر سن کر صدمے میں ہوں اورماسٹر نصیر احمد نجارکی موت میرے لئے ذاتی نقصان ہے‘‘۔انہوں نے مرحوم کی روح کیلئے ابدی سکون اور سوگوار خاندان کیلئے خاص طور پر علی محمد کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
 

ڈگری کالج کولگام میں

سائنس کے موضوع پر توسیعی لیکچر کا اہتمام 

کولگام//گورنمنٹ ڈگری کالج کولگام کی ڈیبیٹس اور سمینار کمیٹی کے اشتراک سے شعبہ فزیکس نے ’’سائنس کی خوشی‘‘ کے موضوع پر ایک توسیعی لیکچر کا اہتمام کیا۔یہ تقریب کالج کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں کالج کی فیکلٹی، سٹاف اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔کشمیر یونیورسٹی میں فزیکس شعبہ کے ایسوسیٹ پروفیسر ڈاکٹر وسیم باری ریسورس پرسن تھے۔ انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ وہ اپنے پس منظر سے قطع نظر سائنسی مزاج پیدا کریں۔ سائنس اور ٹیکنالوجی سے متعلق بنیادی تصورات حاظرین کے ساتھ شیئر کیے گئے۔شرکاء نے ریسورس پرسن کے ساتھ بات چیت کی اور بہت سے سوالات اٹھائے جن کے جواب ریسورس پرسن نے موقع پر ہی دئے۔