مزید خبریں

 

ڈی سی نے محکمہ پی ایم جی ایس وائی کی کارکردگی کا جائزہ لیا 

راجوری//ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری وکاس کنڈل نے اپنے دفتر کے چیمبر میں منعقدہ متعلقہ افسران کی میٹنگ میں پی ایم جی ایس وائی کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا کہ 319 سکیموں میں سے 251 مکمل ہو چکی ہیں جبکہ باقی پر کام مختلف مراحل میں ہے۔ڈی سی موصوف نے متعلقہ ایگز یکٹو انجینئر کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ کام کی رفتار کو تیز کریں اور 31 مارچ 2022 تک یا اس سے پہلے تمام زیر التواء سکیموں کو مکمل کریں۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ترقیاتی منصوبوں پر کام کرتے ہوئے معیار کو برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ترقیاتی کاموں سے متعلق اراضی کے حصول کے مسائل پر بھی گہرائی سے تبادلہ خیال کیا گیا جس میں ڈی ڈی سی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ زیر التوا مسائل کو حل کریں اور اگر کوئی رکاوٹیں ہیں تو ترجیحی بنیادوں پر دور کریں تاکہ سڑکوں اور دیگر منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر نہ ہو۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ آفیسر کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ ضلع میں جاری اسکیموں پر پیش رفت کا ہفتہ وار جائزہ لینے اور ذاتی طور پر پیشرفت کی نگرانی کیلئے ذاتی طورپر دورے کریں ۔انہوں نے افسران پر احتساب اور شفافیت کو یقینی بنانے پر زور دیا اور کہا کہ بہتر نتائج اور کاموں کی بروقت تکمیل کیلئے محکموں اور ایگزیکیوٹنگ ایجنسیوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا کی جائے۔
 
 
 
 
 

پنچایت گھبر میں محکمہ بھیڑ پالن نے کیمپ لگایا 

محمد بشارت
کوٹرنکہ //محکمہ بھیڑ پالن راجوری نے بدھل بلاک کی پنچایت اپر گھبر  میں ایک روزہ کے سی سی بیداری کیمپ کا انعقاد کیا۔بھیڑ پالن شعبہ راجوری نے کسان کریڈٹ کارڈ (کے سی سی) کے بارے میں ایک روزہ تربیتی اور بیداری پروگرام کا انعقادکر کے کسانوں کو اس سلسلہ میں تفصیلی جانکاری فراہم کی ۔ کیمپ کے دوران 40 سے زائد کے سی سی فارم موصول ہوئے اور پی آر آئی ممبران کی مناسب تصدیق اور سفارشات کے بعد موقع پر ہی منظور کر دئیے گئے۔مقامی پنچایت کے نائب سرپنچ نے متعلقہ شعبہ و آفیسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ سکیم کی مدد سے غریب لوگ اپنی معاشی حالت کو بہتر کر سکتے ہیں ۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ مذکورہ سکیم کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں ۔
 
 
 
 

گڈگورننس کی مناسبت سے راجوری اور پونچھ اضلاع میں انتظامیہ کے متعددپروگرام 

ڈی سی راجوری کا منجا کوٹ میں عوامی دربار

پرویز خان 
منجا کوٹ //’گڈ گورننس ہفتہ‘ کی تقریبات کے سلسلہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری وکاس کنڈل نے سرحدی تحصیل منجا کوٹ کا دورہ کرتے ہوئے دیگر آفیسران کے ہمراہ ایک عوامی کیمپ کا اہتمام کیا ۔ڈاک بنگلہ منجا کوٹ میں منعقدہ پروگرام کے دوران انتظامیہ کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کیلئے شروع کر دہ فلاحی سکیموں کے بارے میں عوام کو تفصیلی جانکاری فراہم کی گئی ۔ضلع انتظامیہ نے مختلف فلاحی سکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کرنے کیساتھ ساتھ موقعہ پر ہی لیبر کارڈ ،مختلف نوعیت کے سرٹیفکیٹ ودیگر لورزامات بھی لوگوں کو جاری کیں ۔اس موقعہ پر آفیسر موصوف کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری پون پریہار ،اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ ودیگر آفیسران بھی موجود تھے ۔اس محکمہ کو محکمہ صحت کی جانب سے بی ایم او منجا کوٹ کی قیادت میں ایک طبی کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران لوگوں کی طبی جانچ کیساتھ ساتھ ان کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئی ۔
 
 
 

جمولہ پنچایت میں انتظامیہ نے پروگرام منعقدکیا 

محمد بشارت 
کوٹرنکہ //گاؤں اور پنچایت کی سطح تک بہتر عوامی خدمات کی فراہمی کیلئے ایک ہفتہ طویل پروگرام چل رہے ہیں ۔ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری کی ہدایت اور ڈاکٹر شمیم بھٹی سی ایم او راجوری، ہیلتھ بلاک کنڈی نے جمولہ میں عوام کیلئے ایک خصوصی ہیلتھ کیمپ کا انعقاد کیا۔کیمپ کا انعقاد بی ایم او کنڈی کی نگرانی میں کیا گیا۔ اس کیمپ میں عوام کو صحت کی متعدد خدمات فراہم کی گئیں۔افسران نے موقع پر کئی دستاویزات جاری کیں جن میں 96 بڑھاپے کے سرٹیفکیٹ، لیبر کارڈ کے 15 میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ اور پنشن کیلئے 9 بیوہ سرٹیفکیٹ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ڈاکٹروں نے دماغی امراض سمیت مختلف بیماریوں میں مبتلا 108 سے زائد مریضوں کا معائنہ اور علاج کیا اور لیبارٹری ٹیسٹ سمیت مفت ادویات فراہم کیں۔پروگرام کے دوران امیکرون کے بارے میں بھی لوگوں کو آگاہ کیا گیا ۔اس دوران محکمہ صحت کے ڈاکٹروں نے لوگوں کو مفت چیک آپ کرنے کیساتھ ساتھ ان کو ادویات بھی فراہم کیں ۔ٹیم نے تپ دق کے مکمل خاتمے کے مقصد کے ساتھ ہر گھر دستک کے تحت ٹی بی کے مریضوں کی اسکریننگ بھی کی۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کی جانب سے شروع کر دہ مہم کا شکریہ ادا بھی کیا ۔
 
 
 
 

گڈ گورننس ہفتہ مہم

منڈی ایجوکیشن زون میں سرگرمیاں شروع کی گئی 

عشرت حسین بٹ
 پونچھ //زونل ایجوکیشن آفیسر منڈی نے سرکاری سکولوں میں اندراج کو بہتر بنانے، اسکول چھوڑنے کی شرح کو کم کرنے اور اسکولوں میں عمرکیلئے موزوں کلاسوں میں داخل نہ ہونے والے طلباء کو لانے کیلئے سرگرمیوں کا ایک سلسلہ شروع کیاگیا۔اس سلسلے میں زونل ایجوکیشن آفیسر منڈی کے آفس چیمبر میں زون کے 11 گائیڈنس سینٹرز کے ماسٹرز اور اساتذہ کا اجلاس طلب کیا گیا جس کی صدارت انور خان پرنسپل ماڈل ہائر سیکنڈری سکول ساوجیاں نے کی۔زونل ایجوکیشن آفیسر منڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ متعلقہ کلسٹروں میں گھر گھر مہم چلائیں تاکہ عوام کو مفت یونیفارم، پردھان منتری پوشن اسکیم کے تحت مڈ ڈے میل، مفت نصابی کتابیں اور سرکاری اسکولوں میں دستیاب مختلف اسکالرشپ جیسی سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا جاسکے۔ سرکاری اسکیموں کے بارے میں بیداری اور لوگوں کو ان کے آن لائن اور آف لائن فوائد حاصل کرنے میں سہولت فراہم کرنے پر بھی زور دیا گیا۔اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں امتیاز احمد، سلیم بھٹ، محمد یونس، حسین، محمد حیات شیخ اور عمران خان شامل تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
 
 
 
 

سٹوڈنٹ یونین کی باڈی تشکیل 

جاوید اقبال 
مینڈھر //گور نمنٹ ڈگری کالج مینڈھر میں طلباء کی جانب سے سٹوڈنٹ یونین کی نئی باڈی تشکیل دے دی گئی ہے ۔اس سلسلہ میں ہوئے انتخابات میں اُسمان احمد خان کو کالج سٹوڈنٹ یونین کا صدر منتخب کرلیا گیا ہے ۔اس سے قبل کالج میں مختلف کلاسوں کی بنیاد پر انتخابات کروائے گئے تھے جس کے دوران کلاسوں کے نمائندے منتخب کئے گئے تھے او ر اب مذکورہ نمائندوں کی مدد سے طلباء کی جانب سے یونین کی تشکیل عمل میں لائی گئی ۔نئے منتخب ہوئے صدر نے طلباء کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ طلباء کے مسائل اور جائز مطالبا ت کو حل کروانے کیلئے وہ کام کریں گے ۔
 
 
 
 

ٹاٹا سومو یونین پولیس انتظامیہ سے خفا 

جاوید اقبال 
مینڈھر //ٹاٹا سومو یونین مینڈھر کے اراکین نے جموں وکشمیر پولیس کیساتھ ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ڈرائیوروں کو غیر ضروری طورپر ریڈ کرائس کے نام پر ہراساں کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ڈرائیوروں اور گاڑی مالکان نے بینکوں سے قرض لے کر گاڑیاں خریدی ہوئی ہیں جبکہ اب مختلف رابطہ سڑکوں پر پولیس اہلکاروں کی جانب سے ان کر ہراساں کیاجارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے ریڈ کرائس کے نام پر فنڈز جمع کئے جارہے ہیں جبکہ ڈرائیوروں کے پاس پہلے سے ہی کام نہیں ہے اور اب پولیس کی جانب سے بھی ان کو ہراساں کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور ایس ایس پی پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ پولیس کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ ڈرائیوروں کی پریشانیاں کم ہو سکیں ۔
 
 
 

نئے تعینات کمانڈر سیول آفیسران و معززیں سے ملاقی 

جاوید اقبال 
مینڈھر //مینڈھر میں تعینات رومیو فورس کے نئے کمانڈر امن دیپ سنگھ کی جانب سے سیول انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران و معززین کیساتھ ایک اجلاس منعقد کیا گیا ۔اس اجلاس میں ایس ڈی ایم مینڈھر ،ایس ڈی پی او ،تحصیلدار ،بلاک میڈیکل آفیسر اور بلاک ڈیولپمنٹ آفیسرکیساتھ ساتھ بلاک ڈیولپمنٹ کونسل منکوٹ کے چیئر مین امان اللہ چوہدری و دیگر معززین نے شرکت کی ۔اس دوران بولتے ہوئے مقررین نے کہاکہ مینڈھر میں لوگ کے مابین صدیوں سے آپسی بھائی چارہ و یکجہتی پائی جارہی ہے جبکہ ہر ایک مشکل وقت میں لوگ آپسی اشتراک سے رہے ہیں جبکہ آئندہ بھی وہ اس روایت کو بر قرار رکھنے کیلئے محنت و لگن کیساتھ اپنی خدمات انجام دیںگے ۔فوجی کمانڈر نے کہاکہ فوج عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ایک اہم رول ادا کررہی ہے ۔انہوں نے والدین سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے بچوں کو منشیات کے بجائے کھیلوں اور پڑھائی کی جانب راغب کریں ۔انہوں نے عوام کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ فوج ہر وقت عوام کی مشکلات کم کرنے کیلئے تیار ہے ۔
 
 
 
 
 
 
 

’اپنی زمین اپنی نگرانی ‘

محکمہ مال نے لوگوں کو بیدار کیا 

جاوید اقبال 
مینڈھر //مینڈھر میں نائب تحصیلدار کی قیادت میں محکمہ مال کی جانب سے ’اپنی زمین اپنی نگرانی ‘کے عنوان سے ایک بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران لوگوں کو اراضی کی ڈیجیٹل لورزامات کے سلسلہ میں تفصیلی جانکاری فراہم کی گئی ۔اس بیداری پروگرام کے دوران محکمہ کے آفیسران و ملازمین نے لوگوں کو جانکار فراہم کرتے ہوئے کہاکہ وہ اب اپنی اپنی زمینوں کی آن لائن نگرانی کرسکتے ہیں جبکہ اس سلسلہ میں اراضی کا ریکارڈ پہلے سے ہی آن لائن کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے عوام کی سہولیت کیلئے مذکورہ عمل شروع کیا گیا تھا جس کے تحت جہاں عام لوگوں کو دفاتر کے چکر نہیں کاٹنے پڑے گئے وہائیں وہ اپنی اراضی کے ریکارڈ کو دیکھ بھی سکیں گے ۔
 
 
 
 

بجلی ملازمین کی مانگیں پوری کرنے کا مطالبہ 

عظمیٰ یاسمین 
تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کی عوام نے بجلی کی بحالی پر راحت کی سانس لی اور حکومت وقت سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بجلی ملازمین اپنی جان جوکھم میں ڈال کر لوگوں کی سہولیات کیلئے دن رات محنت کرتے ہیں لہذا اولین ترجیحات کی بنیاد پر ان کے جائز مطالبات پورے کئے جائیں۔ گزشتہ دنوں سے بجلی کی چل رہی ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے عوام تھنہ منڈی نے کہا ہے کہ متعلقہ محکمہ کے بالخصوص عارضی ملازمین کی ہڑتال جائز اور حق بجانب ہے۔ انھوں نے کہا کہ جموں کشمیر لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کو چاہیے کہ بجلی کی بحالی کے ساتھ ساتھ ان ملازمین کی جائز مانگیں پوری کرے تاکہ کمر توڑ مہنگائی میں باآسانی ان کے بھی چولھے جل سکیں۔ اس سلسلے میں تھنہ منڈی کے متعدد علاقوں کے مکینوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ اور مرکزی سرکار محکمہ بجلی کے عارضی ملازمین کے مسائل کو جلد سے جلد حل کرنا چاہیے تاکہ وقتا فوقتاً بجلی کی غیر ضروری کٹوتی سے صارفین پریشان نہ ہوں۔ تھنہ منڈی کے متعدد عارضی ملازمین نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل قریب میں اگر ان کے معاملات حل نہیں کیے گئے تو صارفین کو آئندہ بھی اسی قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔لہذا گورنر انتظامیہ اور مرکزی حکومت کو چاہیے کہ وہ ملازمین کے ساتھ انصاف کرے تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 

 پونچھ میں بجلی کو بحال کئے جانے کا سلسلہ شروع

حسین محتشم
پونچھ//محکمہ بجلی کے ملازموں کی جانب سے کام چھوڑ ہڑتال ختم کئے جانے کے بعد منگل کے روز بجلی محکمہ کے ملازم ایک بار پھر اپنے کام پر لوٹے اور مختلف علاقوں میں بجلی بحال کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیاجس سے لوگوں نے چار روز تک پریشان رہنے کے بعد کچھ حد تک راحت محسوس کی۔اس دوران محکمہ بجلی کے ایگزیکٹو انجینئر ارشاد حسین خود مختلف مقامات پر ملازمین کے ہمراہ گئے جہاں انہوں نے بجلی کی ترسیل لائنوں اور ٹرانسفارمرز کی مرمت کروا کر بجلی کو بحال کروایا۔ایگزیکیٹیو انجینئر ارشاد حسین نے اس دوران کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوشش ہے جہاں جہاں بجلی بند ہے وہاں پر جلد سے جلد بحال کر دی جائے۔انہوں نے عوام سے تعاون کی اپیل کی۔ اس دوران محکمہ بجلی کے ملازموں کی مختلف تنظیموں کے عہدیداران نے خوشی کا اظہار کیا کہ ان کی کچھ مانگوں کو انتظامیہ نے مان لیا ہے۔انہوں نے عوام کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے ہڑتال کے دوران ملازمین کا بھرپور ساتھ دیا اور انتظامیہ کو اس بات کا احساس کروایا کہ ان کے مطالبات ہیں جائز ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ انتظامیہ کے اعلیٰ افسران اپنے وعدوں کے پابند رہ کر ملازموں کو راحت پہنچا ئیں گے۔
 
 
 

پونچھ ہسپتال میں تعزیتی اجلاس

حسین محتشم
پونچھ//راجہ سکھدیو سنگھ ضلع ہسپتال پونچھ میں ایک تعزیتی اجلاس ڈاکٹر راکیش کمار کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں میڈیکل افسران اور پیرا میڈیکل اسٹاف ممبران نے شرکت کی۔ یہ اجلاس ڈاکٹر ومل شرما کی والدہ کی بے وقت وفات پر منعقد کیا گیا جہاں شرکاء نے اظہار افسوس کرتے مرحومہ کی روح کی تسکین کے لئے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ اس میٹنگ کے دوران ڈاکٹر خلیق انجم کی طرف سے ایک تعزیتی نوٹ بھی پڑھا گیا۔ ڈاکٹر خلیق انجم نے اس دوران بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ومل شرم ایک بہت ہی اچھے ڈاکٹر ہیں ان کے ساتھی ہیں ان کی والدہ کے انتقال کا انہیں بہت زیادہ صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مرحومہ کے تمام لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
 
 

منڈی میں پاگل کْتے کاحملہ ،9افراد زخمی 

عشرت حسین بٹ
پونچھ// پونچھ کی تحصیل منڈی میں ایک پاگل کْتے نے اپنا قہر برپا کر کے نو افراد کو اپنا نشانہ بنا کر شدید طور پر زخمی کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق منگل کو بعد دوپہر ایک پاگل کْتے نے تحصیل منڈی کے علاقہ جالیاں، آعظم آباد اور راجپورہ کے علاقوں میں چھ خواتین سمت نو افراد کو اپنا شکار بنا کر شدید طور پرزخمی کر دیا بعد ازاں زخمی لوگوں کو یکے بعد دیگرے سب ضلع ہسپتال منڈی لایا گیا ڈاکٹروں کے مطابق ایک شدید زخمی کو ضلع ہسپتال پونچھ مزید علاج کیلئے لے جایا گیا جبکہ باقی زخمیوں کا علاج منڈی ہسپتال میں جاری ہے جن کی شناخت جلال دین ولد محمد دین سکنہ ڈانگری، کنیزہ بی بیوہ تنویر احمدسکنہ جالیاں، منیرہ بی زوجہ محمد رشیدسکنہ آعظم آباد، سکینہ بی زوجہ محمد لطیف سکنہ آعظم آباد، الینہ شریف دختر محمد شریف سکنہ جالیاں فاطمہ بی زوجہ محمد شریف سکنہ جالیاں، ناحدہ اختر دختر غلام محمد تسلیم اختر دختر غلام محمد، محمد ہارون ولد نظیر احمد سکنہ ڈنوگام کے طور پر ہوئی ہے۔ اس دوران پولیس اور عوام نے پاگل کتے کو منڈی دریا کے نزدیک ہلاک کر دیا اس دوران عوام میں کافی زیادہ خوف و ہراس بھی دیکھنے کو ملا۔
 
 
 
 

تیل خاکی کی بندشیں 

منڈی میں ڈیلر ایسوسی ایشن کا احتجاج 

عشرت حسین بٹ
منڈی // تحصیل منڈی میں ڈیلر ایسوسی ایشن منڈی نے سرکار کی طرف سے تیلِ خاکی کی سپلائی کو واگزار نہ کرنے پر احتجاج کر کے مطالبہ کیا کہ سپلائی کو بحال کیا جائے تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ  سے تیل خاکی کی سپلائی کو ضلع پونچھ کے ساتھ ساتھ تحصیل منڈی میں بھی بند کردیاگیاہے جس کی وجہ سے دیہی اور سرحدی علاقوں میں مکینوں کو سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ تیل خاکی کی بندش کو لیکر ڈیلرایسوسی ایشن منڈی نے ڈاک بنگلہ منڈی میں ایک احتجاج کیا۔محمد افضل لون کی قیادت میں مظاہرین نے بالخصوص فاروق احمد خان خواجہ عرفان احمد نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال سے اسسٹنٹ ڈائر یکٹر فوڈ سپلائی نے پونچھ میں تیل خاکی کی سپلائی کو بند کر دیا ہے او ر مذکورہ عمل ڈیلروں کیساتھ ساتھ عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں عوام کو تیل خاکی کے بغیر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔و ہی پرلائسنس ہولڈر ڈیلر بھی سخت پریشانیوں سے دوچار ہیں اور کئی سالوں سے انہوں  نے عوام کی خدمت کرتے ہوے انتظامیہ کا ساتھ دیاہے لیکن وہ گزشتہ ایک سال سے بے روزگار ہوچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ان کے لائسنس بھی دوبارہ نئے بنانے کے لئے بھی ان کی فائلیںمذکورہ آفیسر کے دفتر میں پڑی ہوئی ہیں ۔ڈیلروں نے محکمہ امورصارفین کے اعلیٰ آفیسران کیساتھ ساتھ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پونچھ ضلع میں تیل خاکی کی سپلائی کو دوبارہ سے بحال کیا جائے ۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

بجلی میں آئے خلل سے پانی سپلائی بھی بند 

بختیار کاظمی
سرنکوٹ//محکمہ پاور سپلائی کی جانب سے کی گئی ہڑتال کے بعد سے ہی سرنکوٹ کے متعدد علاقوں میں پانی سپلائی بھی مسلسل بند ہے ۔گزشتہ روز جہاں بجلی کی سپلائی بحال ہوئی تاہم اس کے باوجود بھی بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کا عمل جاری ہے جس کی وجہ سے پانی سپلائی بحال ہی نہیں ہو سکی ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ بجلی میں آئے خلل کی وجہ سے سرنکوٹ قصبہ میں پانی سپلائی بند پڑی ہوئی ہے لیکن متعلقہ شعبہ کی جانب سے اس طرف کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سرنکوٹ قصبہ کیساتھ ساتھ ملحقہ دیہات میں بند پڑی پانی سپلائی کو جلدازجلد بحال کیا جائے تاکہ لوگوں کی مشکلات کم ہو سکیں ۔
 
 

۔4پولیس آفیسران کے تبادلے 

راجوری//راجوری ضلع میں پولیس حکام نے انسپکٹر رینک کے چار افسران کا تبادلہ کر دیا۔اس سلسلے میں ضلع پولیس دفتر راجوری کی جانب سے ایک حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔حکم میں حکام نے کہاکہ انسپکٹر فرید احمد کو اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) تھنہ منڈی کے مقام سے تبدیل کرکے ایس ایچ او راجوری تعینات کیا گیا ہے جبکہ انسپکٹر شوکت امین کو ایس ایچ او تھنہ منڈی تعینات کر دیا گیا ہے۔اسی طرح انسپکٹر دیپک پٹھانیہ کو ایس ایچ او کالا کوٹ اور راجیش جسروٹیہ کو ایس ایچ او نوشہرہ تعینات کیاگیا ہے ۔
 
 

راجوری میں الوداعی تقریب کا اہتمام 

راجوری//راجوری میں سیول سوسائٹی کے اراکین، کئی سیاسی اور سماجی تنظیموں کے ساتھ ساتھ محکمہ پولیس کے افسران نے ایس ایچ او راجوری انسپکٹر سمیر جیلانی کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا ۔آفیسر موصوف راجوری میں ڈھائی سال سے اسٹیشن ہاؤس آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہاتھے اور حال ہی میں اس کا تبادلہ جموں ضلع کیا گیا۔پیر کے روز ان کے حق میں متعدد الوداعی تقریبات کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف تنظیموں اور سول سوسائٹی کے اراکین نے آفیسر موصوف کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے ان کو الوداع کیا ۔شرکاء نے آفیسر موصوف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ۔