الیکٹریشن ووکیشنل ٹریننگ کورس اختتام پذیر
راجوری //راجوری ضلع میں فوج کی جانب سے منعقدہ ’الیکٹریشن ووکیشنل ٹریننگ‘کورس اختتام پذیر ہو گیا ۔ایک ماہ تک چلنے والے مذکورہ کورس کو 22نومبر سے 21دسمبر 2021تک منعقد کیاگیا جس میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے تربیت حاصل کی ۔اس تربیتی کورس کے دوران ماہرین ٹرینروں کی جانب سے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کی گئی ۔اس سلسلہ میں منعقدہ اختتامی تقریب کے دوران جہاں نوجوانوں میں سرٹیفکیٹ دئیے گئے وہائیں فوجی آفیسران نے بتایا کہ مذکورہ کورس کو منعقد کرنے کا اصل مقصد نوجوانوں کو اپنا روز گار تیار کرنے کے اہل بنانا تھا ۔ضلع کے سموٹ علاقہ میں منعقدہ اس تربیتی کورس کے دوران ماہرین کی جانب سے لیکٹرنک شعبہ میں نوجوانوں کو تربیت فراہم کی گئی ۔
مینڈھر میں الوداعی تقریب کا انعقاد
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر میں ٹرانسپورٹ یونین کی جانب سے ٹریفک ایس او مینڈھر عبدالرشید کے تبادلے پر ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں یونین کے اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے معززین نے کہاکہ ٹریفک ایس او نے مینڈھر میں تعیناتی کے دوران نہایت ہی ایمانداری کیساتھ اپنی خدمات انجام دی ہیں ۔انہوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا مینڈھر میں دوبارہ سے ایک ایماندار آفیسر کی تعیناتی عمل میں لائی جائے تاکہ لوگوں بالخصوص ٹرانسپورٹروں کی مشکلات کم ہو سکیں ۔معززین نے تبدیل شدہ آفیسر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ۔
محکمہ مال کا سلواہ میں کیمپ منعقد
جاوید اقبال
مینڈھر //محکمہ مال کی جانب سے مینڈھر سب ڈویژن کے سلواہ علاقہ میں ایک بیداری کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران عوام کوجہاں محکمہ کی جانب سے مختلف سکیموں و سہولیات کے سلسلہ میں بیدار کیا گیا وہائیں عام لوگوں کی زمینوں کے انتقال بھی کئے گئے ۔تحصیلدار مینڈھر کی قیادت میں لگائے گئے کیمپ میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔تحصیلدار مینڈ ھر نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کی سہولیات کیلئے مذکورہ علاقوں میں ہی کیمپ منعقد کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جبکہ عام لوگوں کو چاہئے کہ وہ مذکورہ کیمپوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کریں ۔پنچایتی اراکین و مکینوں نے محکمہ مال اور ضلع انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی مذکورہ نوعیت کے پروگرام منعقد کر کے عوام کو سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔
کوٹرنکہ میں ’آنس ریور نیو ائیر فیسٹیوم‘ منایا گیا
محمد بشارت
کوٹرنکہ //گذ گورننس کے زیر تحت کوٹرنکہ سب ڈویژن میں ’آنس ریور نیو ائیر فیسٹیوم‘ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ اور تحصیلدار کوٹرنکہ کی سربرائی میں منعقد ہ ایک پروگرام میں کئی سیکٹرول آفیسران کیساتھ ساتھ سکولی بچوں اور معززین نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر ایک ریلی کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جو کہ کوٹرنکہ قصبہ کے مختلف علاقوں سے ہوتے ہوئے دریا ئے آنس پر جا کر اختتام پذیر ہوئی ۔اس دوران شرکا ء کی جانب سے دریا بچائو ،زندگی بچائو ،پانی بچائو زندگی بچائو جیسے نعرے بھی لگائے گئے ۔اس ریلی کا اصل مقصد پانی کے بچائو کے سلسلہ میں لوگوں کو بیدار کرنا تھا ۔مقررین نے کہاکہ پانی انسانی زندگی کیلئے انتہائی اہم ہے جبکہ ہر ایک شخص کو چاہئے کہ وہ پانی کے بچائو کے سلسلہ میں اپنا رول ادا کرئے ۔انہوں نے کہاکہ ندی نالوں کے تحفظ کیلئے ہر ایک شخص کو بیدار کرنا اس مہم کا اصل مقصد ہے ۔
نوشہرہ میں شجر کاری مہم چلائی گئی
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے جنگلات میں محکمہ جنگلات کی جانب سے ایک شجر کاری مہم چلائی گئی جس کے دوران جہاں پودے لگائے گئے وہائیں لوگوں کو شجری کاری اور اس کی اہمیت کے سلسلہ میں بھی بیدار کیا گیا ۔نوشہرہ فارسٹ ڈویژن کے لمبیڑی علاقہ میں منعقدہ اس شجر کاری مہم میں محکمہ جنگلات کے ملازمین وآفیسران کیساتھ ساتھ عام لوگوں نے بھی شرکت کی ۔اس مہم کے دوران محکمہ کی جانب سے گورنمنٹ پرائمری سکول میں بھی پودے لگائے گئے ۔محکمہ جنگلات کے آفیسران نے لوگوں کو تلقین کرتے ہوئے کہاکہ وہ جنگلات کو بچانے کیساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں تاکہ قدرتی ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھا جاسکے ۔
معذورو بزرگوںکی رجسٹریشن کیلئے کیمپ کا انعقاد
رمیش کیسر
نوشہرہ//گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول بوائز نوشہرہ میں معذور افراد و بزرگوں کی رجسٹریشن کے سلسلہ میں ایک کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔اس رجسٹریشن کیمپ کے دوران پانچ رکنی ڈاکٹروں کی ٹیم نے مستحقین کا معائینہ کر کے ان کے ناموں کا اندارج عمل میں لایا ۔محکمہ سماجی بہبود کے زیر تحت منعقدہ اس تشخیصی کیمپ کے دوران بڑی تعداد میں لوگوں کا معائینہ کیا گیا ۔مقررین نے بتایا کہ مذکورہ کیمپ کا اصل مقصد معذور اور بزرگ افراد کی رجسٹریشن کر نے کے بعد ان کو مصنوعی اعضاء و دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔اس پروگرام کے دوران مستحقین کی ایک بڑی تعداد نے قطاروں میں لگ کر اپنی کاغذات جمع کروائے ۔
سردیوں کیلئے تیل خاکی کی شدید قلت
کوٹرنکہ کے مکینوں کی مشکلا ت میں اضافہ ہو گیا
محمد بشارت
کوٹرنکہ //راجوری ضلع میں تیل خاکی بند ہونے کی وجہ سے کوٹرنکہ سب ڈویژن کے اکثر دیہات کی عوام پریشان ہو گئی ہے ۔صارفین نے بتایا کہ سردیوں کی آمد کیساتھ ہی کوٹرنکہ اور بدھل کے دیہات میں لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے تیل خاکی کی سپلائی کو بھی بند کیا گیا ہے جس کی وجہ سے مذکورہ مشکلات مزید پیچیدہ ہو گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دنوں بجلی شعبہ کے ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے لوگوں کئی دنوں تک گھپ اندھیرے میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ بدھل ،دھندوٹ ،کوٹرنکہ ،کنڈی ،دراج ،کنتھول ،ڈانہ ،مڑہوتہ ودیگر گائوں میں بجلی میں آرہے خلل کے دوران تیل خاکی بھی دستیا ب نہیں ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی دقتیں مزید بڑھ گئی ہے ۔تیل خاکی و بجلی کی قلت کی وجہ سے لوگ اس وقت لکڑیاں جلانے پر مجبور ہیں ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سردیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے دیہات میں لوگوں کو تیل خاکی سپلائی کیا جائے تاکہ ان کی پریشانیاں کم ہو سکیں ۔
ایس ایچ او کے اعزاز میں الوداعی تقریب
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی میں اپنی سروس کی ایک مدت گزارنے کے بعد ایس ایچ او فرید احمد چوہدری کی تبدیلی کے سلسلہ میں ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ ڈاک بنگلہ تھنہ منڈی میں چیئرمین میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی شکیل احمد میر کی جانب سے ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیاجبکہ ٹریڈ یونین تھنہ منڈی اور نامور سیاسی لیڈر شمیم احمد مغل کی جانب سے بھی ایس ایچ او فرید احمد چوہدری کے اعزاز میں ایک شاندار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں علا قہ کے سرپنچوں ،پنچوں اور معززین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مختلف تقاریب میں تھنہ منڈی کے سرکردہ منتظمین نے ایس ایچ او کی کار کردگی پر خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے کام کرنے کے طریقے کار پر روشنی ڈالی اور اطمینان کا اظہار بھی کیا اور ان کے کام کرنے کے سلیقے کی بھی تعریف کی۔شرکاء اور منتظمین نے تبدیل شدہ پولیس افسر کی مزید کامیابی کی دعائیں کی۔ مقررین نے کہا کہ ایس ایچ او فرید احمد چوہدری نے تھنہ منڈی میں میں رہ کر لوگوں کی بے شمار خدمت کی۔انہوں نے کہاکہ آفیسر موصوف نے پولیس اور عوام کے مابین بہتر تعلقات قائم کر نے کیلئے بہترین کوششیں کی ہیں جبکہ انہوں نے سیول سوسائٹی کیساتھ مل کر عوام کی بڑی خدمت کی ہے۔انہوں نے ایس ایچ او کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ موصوف نے تھنہ منڈی میں اپنی تعیناتی کے دوران قانون کو لاگو کرنے کیلئے بہترین کام کئے ہیں۔انہوں نے آفیسر موصوف کی آئندہ تعیناتی کیلئے نیک خواہشات کا اظہارِ کیا۔
تریاٹھ میں چوری کی وارداتیں
تاجروں کا پولیس انتظامیہ کیخلاف احتجاج
سمت بھارگو
راجوری //راجوری ضلع کی تریاٹھ تحصیل ہیڈ کوارٹر پر تاجروں نے علاقہ میں چوری کی واردات کو لے کر پولیس انتظامیہ کیخلاف شدید احتجاج کیا ۔تاجر اور سیول سوسائٹی کے اراکین مین مارکیٹ میں جمع ہو ئے اور انہوں نے اپنے تجارتی مراکز بند کر کے انتظامیہ مخالف احتجاج کیا ۔مظاہرین نے کہاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کیلئے علاقہ میں پولیس کی نگرانی میں اضافہ کیا جائے ۔مظاہرین نے کہاکہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب تریاٹھ مارکیٹ میں نصف درجن سے زائد چوری کی وارداتیں انجام دی گئی ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ان وارداتوں میں ملوث افراد کی جلدازجلد شناخت کر کے متاثر ین کو انصاف فراہم کیا جائے ۔اس دوران ایس ای او دھرم شالہ نے موقعہ پر جا کر مظاہرین کو یقین دہانی کروائی جس کے بعد احتجاج ختم کر دیا گیا ۔
ڈگری کالج پونچھ میں ریاضی پر سیمینار کا انعقاد
حسین محتشم
پونچھ//کمپیوٹر ایسوسی ایشن ٹیکنالوجی پونچھ نے قومی یوم ریاضی کے موقع کرشن چندر میموریل گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ میں ریاضی پر سیمینار کا انعقاد کیا۔واضح رہے کہ یہ دن مشہور ریاضی دان سری نواسارامانوجن کی یوم پیدائش پر منایا جاتا ہے۔ 2012 میں اس وقت کے وزیر اعظم منموہن سنگھ نے اس عظیم انسان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اس تاریخ کو قومی یوم ریاضی قرار دیا۔ اپنی مختصر زندگی کی مدت میں انہوں نے ریاضیاتی تجزیہ، نمبر تھیوری، لامحدود سیریز اور مسلسل فریکشنز میں خاطر خواہ شراکت کی جس میں ریاضی کے مسائل کے حل بھی شامل ہیں جنہیں اس وقت ناقابل حل سمجھا جاتا تھا۔ رامانوجن نے شناخت اور مساوات کی شکل میں تقریباً 3,900 نتائج آزادانہ طور پر مرتب کئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر طارق حسین شیخ، مینیجنگ ڈائریکشن SCATپونچھ نے کمپیوٹر سائنس اور ایپلی کیشنز میں ریاضی کی اہمیت کو بیان کیا، انہوں نے کہا کہ ریاضی مستقبل کی ٹیکنالوجی کی ترقی کیلئے مختلف مسائل کو حل کرتی ہے۔ اس موقع پر جن طلباء نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ان میں احسن قاضی، آسیہ تنظیم، شعیب بشیر، شاہد رفیق، محمد عمران، ایشانت راج، عمران علی خان، ہرش دیپ سنگھ، امجد حسین، افنان نجم، کمال پریت کور، امتیاز حسین، رخسانہ اور آسیہ فردوس شامل ہیں ۔
پہاڑی ٹرائبل ویلفیئر فورم نے گپکار اتحاد کے بیان کی مذمت
حسین محتشم
پونچھ// پہاڑی ٹرائبل ویلفیئر فورم پونچھ نے جموں و کشمیر کے پہاڑی قبیلے اور گوجر بکروال قبیلے کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کا گپکار الائنس پر الزام لگایا ہے۔ فورم کے صدر لوکیش کمار نے گپکار الائنس کے بیان کو پہاڑی قبیلے کے لوگوں کو کمزور کرنے کی سازش قرار دیا جو اپنے ساتھی گوجر بکروال بھائیوں کے ساتھ بہت خوش اسلوبی سے رہ رہے ہیں۔ فورم نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ہر قدم پر حکومت کی حمایت کی اور گوجر بکروال برادران کو تعاون فراہم کرنے پر ان کی تعریف کی، چاہے انہیں اسکالرشپ دینا، ایس ٹی کا درجہ دینا، جنگل کے حق ایکٹ کو نافذ کرنا، بین الاضلاع بھرتیاں ہوں۔ انہوں نے گپکار الائنس کے ان تمام لیڈروں کی مذمت کی جنہوں نے اقتدار میں رہتے ہوئے ہمیشہ پہاڑیوں کی جائز مانگو کو نکارا اور پہاڑی قبیلے کے لوگوں کے ساتھ امتیازی سلوک اور سراسر ناانصافی کی۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس بار کوئی حکومت پہاڑی ٹرائب ایس ٹی کے کاز کے بارے میں مثبت رویہ دکھا رہی ہے تو انہیں کیا پریشانی ہو رہی ہے کہ وہ ان کے خلاف زہر اگل رہے ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ گوجر بکروال قبیلے کے بہت سے دانشوروں اور سرکردہ رہنماؤں نے پہاڑی قبیلے کو ان کے حقوق میں رکاوٹ ڈالے بغیر ایس ٹی اسٹیٹس کے حق میں کہا ہے اور اس بات کا اعادہ بھی کیا ہے کہ وہ ایس ٹی کا درجہ حاصل کرنے کیلئے ان کے کاز کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور اس سلسلے میں جو بھی ہوگا ان کی وجہ کی مخالفت کرنے کی کوشش کریں وہ پوری شدت کے ساتھ ان پر لعنت بھیجیں گے۔اس موقعہ پر شکیل آزاد، قلب عباس موسوی، ایم ڈی خان، یوگل کشور شرما، مولوی فرید ملک، محمد رفیق شیخ، گربچن سنگھ، سریندر سنگھ بھی موجود تھے۔
غیر سرکاری تنظیموں کا ایثار
یتیم اور بے سہارا بچوں میں کمبل ودیگر ضروری اشیاء تقسیم
حسین محتشم
پونچھ //غیر سرکاری تنظیم ہیومینٹی بلڈ ڈونرز اور خدمت خلق سوسائٹی باہمی اشتراک سے بال آشرم پونچھ میں رہ رہے یتیم اور بے سہارا بچوں میں کمبل، تکیے، واشنگ مشین اور دیگر ضروری اشیاء تقسیم کرنے کیلئے ایک پروگرام کا انعقاد کیا۔ اد موقع پر ڈی وائی ایس پی منیش شرما، ڈی وائی ایس پی نواز چوہدری، ڈاکٹر ذاکر حسین شاہ، ویمن سیل انچارج فرحہ جبین، ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر شکیل ملک، تحصیل سوشل ویلفیئر آفیسر اعظم راتھر، سپروائزر بال آشرم پونچھ نصرت جبین اور دیگر معززین موجود تھے۔ پروگرام کا مقصد ان لوگوں کی توجہ بال آشرم میں رہ رہے یتیم اور بے سہارا بچوں کی طرف دلوانا تھا تاکہ ان کو بنیادی سہولیات فراہم کروائی جا سکے۔غیر سرکاری تنظیموں کے صدور شکیل احمد اور سلیمان احمد اور دیگر رضاکاروں نے کچھ تو تم سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ مستقبل میں بھی اسی طرح ضلع میں سماجی بہبود کیلئے کام کرنا چاہتے ہیں جس کیلئے انہیں مخیر حضرات کے تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور دیگر افراد کے مشکور ہے جنہوں نے ان کی کوششوں کو کامیاب بنانے میں ان کے ساتھ تعاون کیا۔
ہائی اسکول کلائی میں والی بال میچ
انٹرنیشنل والی بال کھلاڑی ثقلین طارق نے کی شرکت
حسین محتشم
پونچھ/ /ہائی اسکول کلائی میں سماجی شخصیت مرحوم جاوید اقبال کی یاد میں شہید منجیت سنگھ کلب پونچھ اور کلائی والی بال کلب کے درمیان والی بال میچ کھیلا گیا۔جس میں ڈی ڈی سی ممبر لسانہ رخسانہ کوہلی، ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول کلائی، چیئر مین شہید ڈی ایس پی منجیت سنگھ میموریل والی بال کلب پونچھ طارق خان اور بین الاقوامی شہرت یافتہ والی بال کھلاڑی ثقلین طارق نے مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ کلائی والی بال کلب اور شہید منجیت سنگھ والی بال کلب کے درمیان ہوئے زبردست مقابلہ میں شہید منجیت سنگھ والی بال کلب نے میچ 2:1 سے جیتا۔ ڈی ڈی سی ممبر لسانہ رخسانہ کوہلی نے کھلاڑیوں میں انعمات تقسیم کئے۔اس موقع پر نسیم اختر، مقصود احمد، ایم یعقوب، نذر حسین، حبیب الرحمان، عبدالمجید، اعجاز کوہلی، طاہرہ پروین، عادل فاروق، محمد ظفر اور دیگر عملہ موجود رہا۔
جوگندر سنگھ میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر
حسین محتشم
پونچھ//دیگوار میں کھیلا جانے والا جوگندر سنگھ میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر انعاماتی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں گرودیپ سنگھ خالصہ اسٹیٹ کوآرڈی نیٹر بھارتیہ جنتا پارٹی اقلیتی مورچہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے ان کے ہمراہ میونسپل کونسلر امرت پال سنگھ، انسپکٹر دھرمیندر سنگھ، پرمجیت ورما پنچ، سرفراز ظفر چلی اور دیگران موجود تھے۔ گرودیپ سنگھ خالصہ نے نوجوانوں کو گراؤنڈ میں مصروف رکھنے اور نوجوانوں کو منشیات کی عادت سے دور رکھنے میں ٹورنامنٹ کی آرگنائزنگ کمیٹی کی کوششوں کو سراہا اور انکو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اس دوران کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ وہ منشیات سے دور رہیں اور پڑھائی کی طرف زیادہ توجہ دیں۔انہوں اس موقع پر موجود تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ وہ خوش ہیں کہ دور دراز علاقوں میں نوجوان اچھا کھیل کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ ایسے مواقع مستقبل میں بھی نوجوانوں کو ملتے رہیں تاکہ وہ اپنے کھیل کو بہتر بنا سکیں۔