مزید خبریں

حدمتارکہ کے قریب منشیات ضبط کرنے کا معاملہ 

۔2مزید افراد کی گرفتاری،1لاکھ روپے کی نقدی بھی قبضہ میں لی گئی 

جاوید اقبال 
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی سرحدی تحصیل بالا کوٹ سے گزشتہ دنوں بر آمد ہوئی منشیات کے سلسلہ میں مزید 2افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس کے بعد اس سلسلہ میں گرفتار ہوئے افراد کی کل تعدا د4تک پہنچ گئی ہے ۔جمعرات کو فوج اور پولیس کی ایک ٹیم نے بھمبر گلی سیکٹر سے ایک ٹاٹا موبائل گاڑی کی چکنگ کے دوران مبینہ طورپر 4کلو منشیات ضبط کرلی تھی جس کے دوران گاڑی کو ضبط کرنے کیساتھ ساتھ 2افراد کو گرفتار کیا گیا تھا ۔اس کے بعد پولیس نے مینڈھر پولیس سٹیشن میں ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقاتی عمل شروع کیا جس کے دوران ملزمان کی نشاندہی کے بعد مزید 2افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن میں سے ایک کا تعلق سرحدی پنچایت دھراٹی سے ہے جبکہ دوسرے کا تعلق کلر موڑہ سے بتایا جارہا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ اس دوران 1لاکھ روپے کی نقدی بھی ضبط کرلی گئی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ ایس ڈی پی او مینڈھر شیزان بٹ کی قیادت میں ایس ایچ او مینڈھر و دیگر آفیسران و اہلکاروں کی محنت کے بعد ایک بڑے گروپ کو گرفتار کرنے میںکامیابی حاصل کر لی گئی ہے ۔پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ابھی تک گرفتار ہوئے افراد کی شناخت محمود خان ولد محمد اسلم سکنہ گلہوتی منجا کوٹ ،شیر باز احمد ولد محمد سرور سکنہ گلہوتی منجا کوٹ ،محمدانظار خان ولد محمد خان سکنہ دھراٹی اور رفیق اعظم خان ولد بدل حسین خان سکنہ کلر موڑھ مینڈھر کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں مزید کارروائی کو جاری رکھا ہو ا ہے تاکہ مزید ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی جاسکے ۔
 
 

 میں سمپوزیم کا اہتمام کیا گیا ۔BGSBU

راجوری//با با غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری کے شعبہ بائیوٹیکنالوجی نے دو روزہ سمپوزیم کا انعقاد کیا جس میں ’اعصابی ترقی کے عوارض کو سمجھنے میں ہوئی پیشرفت خصوصی طورپر روشنی ڈالی گئی ۔پروفیسر اکبر مسعود وائس چانسلر بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی نے سمپوزیم کے انعقاد پر شعبہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ نیوروجینیٹکس نیورولوجی اور انسانی جینیات میں کچھ انتہائی دلچسپ ترجمہی طبی اور بنیادی تحقیق کے مرکز میں کھڑا ہے۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ مالیکیولر بائیولوجی، جینیات اور جینز، رویے، دماغ، اور اعصابی عوارض اور بیماریوں کے درمیان تعلق کو سمجھنے کی خواہش کو تلاش کریں جو کہ انسانیت کی طویل مدت میں مدد کرے گی۔ڈین اکیڈمک افیئرز پروفیسر اقبال پرویز نے آرگنائزنگ ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ پروفیسر اقبال نے بائیو ٹیکنالوجی میں جدید تحقیق میں حصہ ڈالنے پر شعبہ کے فیکلٹی ممبران کے تعاون کو سراہا۔سمپوزیم کے عنوان کو کو 6 ذیلی عنوانوں میں تقسیم کیا گیا تھا جس میں ڈاکٹر اورنب گھوس، سینئر سائنٹسٹ و دیگران نے کلیدن لیکچر کا اہتمام کیا ۔اس موقعہ پر مختلف شعبوں کے منتظمین و طلباء بھی موجود تھے ۔
 

راجوری میں نامعلوم لاش برآمد 

راجوری//راجوری ضلع میں ایک ادھیڑ عمر نامعلوم شخص جمعرات کی سہ پہر کو فوجی کیمپ کے قریب ناریاں کے مقام پر ایک مسافرشیڈ کے پاس مردہ حالت میں پایا گیا۔حکام نے بتایا کہ یہ عمر رسیدہ شخص جس کی ابھی شناخت نہیں ہوسکی ہے، گزشتہ چند دنوں سے علاقے میں گھوم رہا تھا اور جمعرات کی دوپہر کو آرمی کیمپ کے قریب ایک مسافرشیڈ میں مردہ حالت میں پایا گیا۔متوفی کی نعش کو پولیس ٹیم نے جی ایم سی راجوری منتقل کیا جہاں طبی اور قانونی کارروائیاں کی گئیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔
 
  
 
 

ٹریکٹر کی زد میں آکر خاتون لقمہ اجل 

بختیار کاظمی 
سرنکوٹ// سرحدی ضلع پونچھ کے سرنکوٹ علاقہ میں جمعہ کی دوپہرہائی وے پر ایک خاتون کو ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر لگنے کی وجہ سے موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گئی ۔پولیس نے بتایا کہ حادثہ جمعہ کی دوپہر کو اس وقت پیش آیا جب ایک خاتون ہائی وے پر چل رہی تھی اور اسے دھندک گاؤں میں ایک ٹریکٹر ٹرالی گاڑی نے ٹکرمار دی ۔ایس ایچ او سرنکوٹ محمد نیاز نے بتایا کہ خاتون کی لاش قبضے میں لے لی گئی اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ معاملے کا نوٹس لیا گیا ہے۔مرنے والی خاتون کی شناخت زانو بیگم (60) زوجہ کمال دین سکنہ لٹھونگ گاؤں کے طور پر کی گئی ہے۔
 
 
 

آفیسر ان و ملازمین کی غیر حاضری 

کوٹرنکہ کی عوام کو شدید مشکلات درپیش 

محمد بشارت 
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر پر قائم کردہ سرکاری دفاتر میں ملازمین وآفیسران کی مبینہ غیر حاضری کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ محکمہ مال سمیت دیگر محکموں کے ملازمین و آفیسران کے مبینہ طورپر غیر حاضر رہنے کی وجہ سے لوگوں کو ضروری کاموں کیلئے بھی کئی چکر کاٹنا پڑتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ملازمین ڈیوٹی کیلئے سنجیدہ ہی نہیں ہیں جبکہ اس سلسلہ میں دفاتر سے رجوع کرنے کے بعد وہ خالی ہاتھ گھر لوٹنے پر مجبور رہتے ہیں ۔مقامی معززین نے ضلع انتظامیہ راجوری پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین وآفیسران کو عوامی و فلاحی کاموں کیلئے دستیاب رکھنے میں انتظامیہ پوری طرح سے ناکام رہی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ کوٹرنکہ سب ڈویژن میں قائم کردہ سرکاری ملازمین و آفیسران کو ہدایت جاری کی جائیں کہ وہ ڈیوٹی پر حاضر رہ کر عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں ۔