مزید خبریں

۔43پولیس اہلکاروں کے ہونہاربچے

ڈی جی پولیس نے  وظیفہ منظور کیا

جموں //پولیس اہلکاروں کاحوصلہ بڑھانے اور ان کے بچوں میں ہمسری پیداکرنے کیلئے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے 43پولیس اہلکاروں کے ہونہار بچوں میں3.60لاکھ روپے کی رقم  وظیفے کے طور منظور کی۔ایک حکم کے مطابق پولیس سربراہ نے17پولیس اہلکاروں کے بچوں میں  7200 روپے فی کس کاوظیفہ منظور کیاجنہوں نے 12ویں سالانہ امتحان میں 90 فیصد سے زیادہ نمبرات حاصل کئے تھے۔اسی طرح  فی کس 6000 روپے کاوظیفہ 26بچوں کے حق میں منظور کیاگیا جنہوں نے12ویں کے سالانہ امتحان2021-22 میں80سے90فیصد انمبرات حاصل کئے تھے۔ ایک اورحکم کے تحت مسابقتی امتحان میں کامیاب ہونے والے پولیس اہلکاروں کے9بچوں کے حق میںفی کس 10ہزارروپے کی رقم منظور کی گئی۔
 
 

۔CRPFاہلکاروں اور غیرمقامی مزدوروں پرحملہ شرمناک:کانگریس

سرینگر//جموں کشمیرپردیش کانگریس کمیٹی نے پیر کو مائسمہ سرینگرمیں سی آر پی اہلکاروں پر حملے کو شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اِسے شرمناک قراردیا۔پارٹی نے پلوامہ میں غیرمقامی مزدوروں پر حملے کی بھی مذمت کی۔ایک بیان میں پارٹی نے خراب ہوتی ہوئی حفاظتی صورتحال پر تشویش کاظہار کرتے ہوئے سرینگر میں سی آر پی ایف پر حملہ جس میں ایک اہلکار ماراگیا جب کہ ایک اورزخمی ہوگیا،کوشرمناک قرار دیا۔جموں کشمیرپردیش کانگریس نے پلوامہ میں دوغیرمقامی مزدوروں کو کئے گئے حملے پر بھی فکرمندی کااظہار کیااور کہاکہ حکومت وادی میں امن کاماحول قائم کرنے میں ناکام ہوئی ہے اورغیرمقامی مزدوروں اور سی آرپی ایف پر حملے سے ماحول مزیدبگڑجائے گا۔
 
 
 

انجمن اوقاف جامع مسجد کامیرواعظ کی رہائی کا مطالبہ

سرینگر//انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے میرواعظ مولوی محمد عمر فاروق جو گزشتہ تین برسوں سے مسلسل نظربند ہیں،کوفوری طور بلا شرط رہاکرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ایک بیان میں اوقاف جامع مسجد سرینگر نے کہا  کہ میرواعظ کی نظر بندی سے نہ صرف دعوت و تبلیغ کا شعبہ شدید متاثر ہے بلکہ عوام اپنے درمیان میرواعظ کشمیر کی کمی کو شدت سے محسوس کررہے ہیں۔انجمن نے پر زور مطالبہ کرتے ہوئے یہ بات زور دے کر کہی کہ میرواعظ مہینوں کے سردار ماہ رمضان میں ماضی کی طرح اپنے اکابر و اسلاف کی طرح مرکزی جامع مسجد سے قال اللہ وقال الرسول ؐاور وعظ و تبلیغ کا اپنا منصبی فریضہ انجام دے سکیں ۔