مزید خبریں

پھسلن سے مورتی کار حادثے کا شکار 

عشرت حسین بٹ
منڈی //پونچھ کی تحصیل منڈی کے فتح پور علاقہ میں ایک ماروتی کار حادثے کا شکار ہوئی جس میں سوار ایک شخص شدید طور پر زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق بدھ کو منڈی سے فتح پور کی جانب جا رہی ایک ماروتی کار فتح پور میں برف باری کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوگئی جس میں سوار ماروتی کا ڈرائیورشدید طور پر زخمی ہو گیا جسے بعد ازاں علاج و معالجے کیلئے سب ضلع ہسپتال منڈی لایا گیا جہاں سے ابتدائی علاج کے بعد ضلع ہسپتال پونچھ لے جایا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق زخمی شخص کے سر میں گہری چوٹ آئی تھی ۔زخمی شخص کی شناخت محمد سلیم ولد فیض محمد سکنہ شندرہ سرنکوٹ کے طور پر ہوئی ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ زخمی شخص محکمہ بھیڑ پالن میں ملازمت کررہا ہے اور ڈیوٹی کے سلسلہ میں فتح پور جارہا تھا جس کے دوران اس کی گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی ۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
 
 
 

مینڈھر کی سڑکیں تالاب میں تبدیل ہو گئی 

جاوید اقبال 
مینڈھر //خطہ میں جاری شدید بارش کی وجہ سے مینڈھر قصبہ کی گلیاں و سڑکیں تالاب میں تبدیل ہو گئی ہیں جبکہ قصبہ کا نکاسی نظام بھی مفلوج ہوتا جارہا ہے ۔تاجروں نے بتایا کہ خستہ حال سڑکوں پر جمع ہوا پانی گاڑیوں کی آمد ورفت کی وجہ سے ان کی دکانوں میں داخل ہو رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ قصبہ میں قائم کردہ تحصیل کمپلیکس کے درد گرد کی نالیاں بند ہونے کی وجہ سے نکاسی کا پانی سڑکوں سے بہنا شرو ع ہو گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے تعمیر اتی ایجنسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مینڈھر قصبہ کی سڑکیں بھی ٹھیک نہیں کی جارہی ہیں جس کی وجہ سے اب لوگوں کو نقصان اٹھانا پڑرہا ہے ۔غور طلب ہے کہ مینڈھر قصبہ کیساتھ ساتھ ملحقہ دیہات میں بھی رابطہ سڑکوں کی حالت انتہائی غیر معیاری ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر کے نکاسی نظام کیساتھ ساتھ سڑکوں کی حالت کو بہتر بنایا جائے تاکہ ان کی پریشانی کم ہو سکے ۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

پنچایتی اراکین کو اختیارات دینے کی مانگ 

حسین محتشم
پونچھ//مرکزی زیر انتظام جموں کشمیر میں پنچائتی انتخابات ہونے کے بعد سے لگاتار سرپنچ اور پنچ پنچایتوں کو اختیارات دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔اس ضمن میں اگرچہ حکومت کی جانب سے کئی اعلانات بھی کئے گئے تاہم پنچ اور سرپنچ بالکل مطمئن نہیں ہیں۔پنچایتی اراکین نے بتایا کہ ضلع کے اندرونی علاقوں کیساتھ ساتھ سرحدی علاقوں میں آباد پنچایتوں میں اس وقت بنیادی سہولیات دستیاب ہی نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا جب الیکشن کروانے تھے تو وزیراعظم ہند نے کئی سبز باغ دکھا کر ان کو الیکشن لڑنے پر آمادہ کیا لیکن اس کے بعد اختیارات دینے کے بجائے ان کو ذلیل خوار کیا جا رہاہے ۔انھوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے پنچ سرپنچ شرمندگی محسوس کرہے ہیں کیونکہ دوران الیکشن انھوں نے بڑے بڑے دعوے کئے ہیں۔ عبدلرشید شاہپوروی نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتخاب میں لوگوں کو بڑی بڑی امیدیں دلا کر ووٹ حاصل کر کے منتخب ہوئے ہیں لیکن اب ان کو اختیارا ت نہیں دئیے گئے ہیں جس کی وجہ سے عام لوگوں کی تعمیر وترقی کا عمل ٹھپ پڑا ہوا ہے ۔پنچایتی اراکین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پنچایتی اداروں کو مستحکم کرنے کیلئے ان کو اختیارات دئیے جائیں ۔
 
 
 

بی ایس ایف کی گاڑی حادثے کا شکار 

1اہلکار کی موت ،2دیگر زخمی ،25محفوظ رہے 

سمت بھارگو+رمیش کیسر 
راجوری//جموں پونچھ شاہراہ پر راجوری ضلع میں بی ایس ایف کے قافلے کی بس کے حادثے میں باڈر سیکورٹی فورس کا ایک کانسٹیبل رینک کا اہلکار ہلاک ہو گیا جبکہ 2دیگر زخمی ہو گئے ۔اس حادثے کے دوران گاڑی میں سوار دیگر 25 اہلکارمحفوظ رہے ۔پولیس حکام نے بتایا کہ یہ حادثہ بدھ کی دوپہر کو اس وقت پیش آیا جب باڈر سیکورٹی فورس کا ایک قافلہ پونچھ سے جموں کی طرف جا رہا تھا اور نارائن کے نزدیک قافلے کی ایک بس جس میں اٹھائیس اہلکار سوار تھے، ہائی وے سے پھسل کر سڑک کے کنارے ڈھلوان میں پلٹ گئی۔انہوں نے بتایا کہ خوش قسمتی سے 25 اہلکار حادثے میں محفوظ رہے جبکہ تین زخمی ہوئے جنہیں قریبی آرمی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک زخمی دم توڑ گیا۔مرنے والے اہلکار کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل رام پال کے طور پر کی گئی ہے جبکہ دو زخمیوں کی شناخت کانسٹیبل انیل کمار اور اے ایس آئی اے کے مشرا کے طور پرہوئی ہے جن کو قریبی فوجی ہسپتال میں علاج معالجہ کیلئے بھرتی کیا گیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن راجوری میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور چٹیار چنگس پولیس چوکی سے پولیس کی ایک ٹیم معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔
 
 
 

ساج میں بینک لوٹنے کی ناکام کوشش 

سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تحقیقات شروع

عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی//چوروں نے سب ڈویژن تھنہ منڈی کے ساج باولی علاقے میں واقع جموں و کشمیربینک شاخ ساج کو لوٹنے کی ناکام کوشش کی تاہم پولیس نے معاملہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو نامعلوم افرادبینک کی عقبی دیوار میں نصب کھڑکی کو توڑ کر اندر داخل ہوئے اور بینک لوٹنے کی کوشش کی۔بینک منیجرساجد میرنے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تھنہ منڈی کے ساج علاقے میں قائم جموں و کشمیر بینک کو لوٹنے کی غرض سے چند نامعلوم افراد بینک کی ایک کھڑی کو توڑ کراندر داخل ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ چوروں نے بینک میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو توڑ ڈالا اور دیگر سامان کی بھی توڑ پھوڑ کی تاہم وہ بینک میں جمع رقومات لوٹنے میں پوری طرح ناکام رہے۔ منیجر نے بتایا کہ بینک عملے کی جانب سے اطلاع ملتے ہی پولیس اسٹیشن تھنہ منڈی کو فوراً مطلع کر دیا گیا جس کے بعد پولیس اور ایف ایس ایل کی ٹیم جائے واردات پر پہنچ گئی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ باریک بینی سے اس واقع کی چھان بین کی جا رہی ہے اوربینک میں بچے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے چوروں کی تلاش جاری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی اس سلسلے میں اہم پیش رفت ہوگی اور اس واقعہ میں ملوث افراد کو پکڑ لیا جائے گا۔
 
 
 

نوشہرہ میں معذور افراد کیلئے کیمپ کا اہتمام 

رمیش کیسر 
نوشہرہ //فوج کی جانب سے نوشہرہ سب ڈویژن میں معذور افراد کیلئے ایک کیمپ کا اہتمام کیا جس کے دوران مذکورہ افراد کی رجسٹریش کی گئی تاکہ ان کو مصنوعی عضاء فراہم کئے جائیں ۔کیوانی کلب نئی دہلی کے اشتراک سے منعقدہ کیمپ کے دوران 24افراد کی نشاندہی کی گئی جن کو زندگی بسر کرنے کیلئے مصنوعی اعضا ء فراہم کئے جائیں گے ۔اس دوران فوجی آفیسران نے بتایا کہ خطہ پیر پنچال میں فوج پسماندہ اور بے سہارہ لوگوں کی مدد کیلئے پیش پیش ہے ۔انہوں نے کہاکہ فوج گزشتہ کئی عرصہ سے خطہ میں کھیلوں کے مقابلے منعقد کرنے کیساتھ ساتھ فلاحی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہے تاکہ عام لوگوں کی مشکلات کو کم کیا جاسکے ۔فوج کی جانب سے اٹھائے جارہے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے عام لوگوں نے امید ظاہر کی کہ فوج اور عوام کے اشتراک سے خطہ میں بہتری آئے گی ۔