مزید خبریں

بٹوت میں وین حادثہ کا شکار

محمد تسکین   
بانہال //بٹوت کشتواڑ شاہراہ پر بگو نالہ بٹوت کے قریب ایک وین کے حادثے میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں اور انہیں علاج و معالجہ کیلئے بٹوت ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔ پولیس زرائع نے بتایا کہ بٹوت سے ڈوڈہ کی سمت جارہی یہ وین سڑک پر پیدا ہوئی سلپ کی وجہ سے سڑک سے لڑھک کر نیچے نالہ میں گر گئی اور اس میں سوار ڈرائیور سمیت دو افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ 
 
 
 

چیئرپرسن ضلع ترقیاتی کونسل کشتواڑ لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقی 

ضلع کے ترقیاتی و دیگر مسائل سے گوش گذار کیا

عاصف بٹ 
 کشتواڑ//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں صوبہ کے ضلع ترقیاتی کونسلوں کے چیئرپرسن و وائس چیئرپرسن کے لئے خصوصی بات چیت سیشن کا انعقاد کیا۔ اس دوران ڈی ڈی سی کونسلوں کے نمائندگان نے پنے اپنے اضلاع کے مسائل کو لیفٹیننٹ گورنر کے سامنے اٹھایا۔ ضلع ترقیاتی کونسل کشتواڑ کی چیئرپرسن پوجا ٹھاکر نے ضلع کشتواڑ کے مختلف ترقیاتی مسائل کو اٹھایا جن میں ضلع ہسپتال کشتواڑ میں ڈاکٹروں کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اُنہوں نے یونیورسٹی کیمپس کشتواڑ میں عملے کی کمی کو جلد پورا کرنے، مختلف محکموں خاص طور پر محکمہ محکمہ دیہی ترقی میں عملے کی کمی، ترقیاتی کاموں میں سب سے بڑی رکاوٹ بن رہی ہے اور اس پر فوری طور پر توجہ کا مطالبہ بھی کیا۔  اسی دوران پوجا ٹھاکر نے دچھن میں کالج کی عدم دستیابی کی وجہ سے دچھن کے طلباء کی پریشانیوں کو بھی اجاگر کیا ہے۔دچھن کے لیے ڈگری کالج فراہم کیا جائے تاکہ دچھن کے طلبا کو مستقبل میں مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ دچھن بلاک کے لیے علیحدہ تعلیمی زون بنانے کا مطالبہ کیا جبکہ لووپارہ تا ہنزل سڑک کے لیے ترجیحی بنیاد پر جنگلات کی منظوری۔ پوجا نے دچھن ،مڑواہ، واڑون کے علاقہ جات میں بجلی کی فراہمی کا مطالبہ بھی کیا۔ چیئرپرسن نے ضلع کے دیگر مسائل کو لیفٹیننٹ گورنر کے گوش گذار کیا۔
 
 
 

ڈوڈہ میں پنشنرز ایسوسی ایشن کا اجلاس 

مہنگائی بھتہ کی واگذاری و عارضی ملازمین کی مستقلی کا مطالبہ 

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //پنشنرز ایسوسی ایشن نے اولڈ ایج پنشن لاگو کرنے، بنک کاپیوں و قومی پنشن اسکیم کے تحت کام کر رہے ملازمین کے حق میں پنشن لاگو کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ڈوڈہ میں لوپیڈ ایمپلائز فیڈریشن کے بینر تلے منعقد اجلاس کے دوران انہوں نے پنشنرز کو درپیش مشکلات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے سرکار سے گیارہ فیصد مہنگائی بھتہ کا تین جولائی سے واجب الادا ایرئر واگذار کرنے، بنکوں میں پنشن نکالنے کے بعد کاپیوں پر اندراج کرنے و قومی پنشن اسکیم کے تحت کام کر رہے ملازمین کو پنشن فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے آنگن واڑی ورکروں، آشا ورکرز ،ڈیلی ویجروں و صفائی کرمچاریوں کے جائز مطالبات کو تسلیم کرنے و انہیں باقاعدہ طور پر مستقل بنانے کی بھی سرکار سے مانگ کی۔ اجلاس میں پنشنرز ایسوسی ضلع صدر نذیر احمد، غلام حسن پانپوری، شکیل احمد دیو، نظام الدین، گوپال سنگھ نے بھی شرکت کی۔
 
 

بھاری برفباری سے مڑواہ واڑون میں نجی املاک کو نقصان 

طبی سہولیات ندارد ، مریض پریشان حال،ہیلی کاپٹر سروس کا مطالبہ

عاصف بٹ 
کشتواڑ// پہلی برفباری سے ہی ضلع کشتواڑ کے دورفتادہ علاقہ جات میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع کشتواڑ کے دورافتادہ علاقہ جات مڑواہ و واڑون کی 30ہزار  سے زائد آبادی برفباری کے سبب دیگر مقامات سے کٹ کررہ گی ہے جس سے ان علاقہ جات کی عوام کو سخت مشکلات کا سامناکرنا پڑرہا ہے۔مڑواہ میںقریب 2 فٹ سے زائد برف جمع ہے جبکہ علاقہ واڑون میں اس وقت 3 فٹ کے قریب برف ہے۔ ان علاقوں کی عوام گھروں کے اندر محصور ہوکر رہ گئی ہے اور لوگ سخت مشکلات میں ہے۔ مڑواہ واڑون میں بھاری پیمانے پر ہوئی برفباری نے میوہ باغات ، سڑکوں و مکان کو نقصان پہنچایا ہے۔گزشتہ کی روز تک ان علاقہ جات میں ہوئی مسلسل برفباری سے عوام گھروں کے اندر ہی محصور ہوکر رہ گئی تھی اور موسم میں بہتری کے ساتھ ہی لوگ باہر نکلنا شروع ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سب ڈویژن مڑواہ کے تیلرگاؤں میں ہوئی برفباری سے ایک مکان ڈھ گیا۔مکان کی چھت پوری طری سے تباہ چکی ہے۔ مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے گزارش کی ہے کہ فوری امداد فراہم کی جائے۔ تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نا کرنا پڑے۔
 
 
 
 

رام بن میں ٹیکہ کاری اور جانچ کا عمل تیزی سے جاری

کویڈ ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانہ

رام بن// ضلع امیونائزیشن آفیسررام بن ڈاکٹرسریش کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق محکمہ صحت نے منگل کو 1ہزار 75 لوگوں کی ٹیکہ کاری کی جن میں 15سے17 سال کی عمر کے 532 بچے شامل ہیں جن میں میڈیکل بلاک بانہال میں 100، بٹوت میں 262  ، اکھرال میں 120 اور گول میں 50 شامل ہیں۔ ضلع رام بن میں کووڈ پروٹوکول کو نافذ کرنے کے لیے مہم کو جاری رکھتے ہوئے، انفورسمنٹ ٹیموں نے خلاف ورزی کرنے والوں سے اپنے اپنے دائرہ کار میں معائنہ کے دوران 15ہزار 300ہزار روپے جرمانہ وصول کیا۔ تفصیلات کے مطابق یکم اپریل 2021 سے لے کر اب تک جرمانے کی کل رقم 79لاکھ 78ہزار 400 روپے وصول کی گئی۔ اسی دوران انفورسمنٹ افسران نے لوگوں سے چہرے کے ماسک پہننے اور جسمانی فاصلہ برقرار رکھنے کے علاوہ اپنے قریبی کویڈ ٹیکہ کاری مراکز پر کوویڈ ویکسینیشن کی خوراک لینے کی تاکید کی۔ چیف میڈیکل آفیسر رام بن ڈاکٹر محمد فرید بھٹ کی طرف سے جاری کردہ روزانہ بلیٹن کے مطابق محکمہ صحت نے 2ہزار 692 نمونے اکٹھے کیے ہیں جن میں 555آر ٹی-پی سی آر اور 2137آر اے ٹی نمونے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ضلع میں 34 مخصوص ویکسی نیشن مراکز میں 1075 افراد کو کووِڈ ویکسین دی گئی ہے۔