مزید خبریں

لداخ میں کوروناکے مزید122معاملے ظاہر

غلام نبی رینہ
 
لیہہ//مرکزی زیرانتظام علاقہ لداخ میں مزید122افراد میں کووِڈ- 19کی تشخیص ہوئی ہے۔لداخ کے ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کے بیان کے مطابق چیف میڈیکل افسرلیہہ کی رپورٹ کے مطابق لداخ میں کورونا کے نئے111معاملات سامنے آئے ہیں جبکہ چیف میڈیکل افسرکرگل کے رپورٹ کے مطابق وہاں11افراد کی کووِڈ جانچ مثبت آئی ہے۔بیان کے مطابق لداخ میں 26مریضوں کو اسپتالوں کے رخصت کیاگیا ۔اس کے ساتھ لداخ میں اس وقت کورونا کے فعال معاملات کی تعداد502ہے،جن میں لیہہ میں468اور کرگل میں34معاملے شامل ہیں۔
 
 

گاندربل میں محکمہ مال کے دفتر پراینٹی کورپشن کاچھاپہ ،دستاویزات کی چھان بین

ارشاداحمد
گاندربل//اینٹی کرپشن بیورو کی ٹیم نے جمعرات کو تین اور چار بجے کے درمیان اچانک منی سیکٹریٹ گاندربل میں محکمہ ریونیو کے دفتر پر چھاپہ مارکر ریونیو دستاویزات کی رجسٹریشن کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی جبکہ اس موقع پر دفتر میں کام کررہے عملہ کے فون نمبرات،ادھار نمبرات اور بینک اکائونٹ کی پوری تفصیل اور جانکاری حاصل کی گئی۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر انہوں نے کچھ دستاویزات ضبط کرکے اپنی تحویل میں لے لئے تاہم اس موقع پر کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔منی سیکٹریٹ سے نکل کر بی ہامہ گاندربل چوک میں اسٹامپ فروش کی دکان پر چھاپہ مارکر اسٹامپ فروش کی دکان میں موجود آراضی رجسٹریشن دستاویزات کی جانچ پڑتال کی گئی اس موقع پر ٹیم نے اسٹامپ فروش کی فون نمبرات، بنک اکانٹ اور ادھار کارڑ کی تفصیل جمع کرکے اپنے ساتھ لے لی۔تاہم دونوں جگہوں پر کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ۔
 
 
 
 

  لوہڑی اور مکر سنکرانتی کے تہوار

ڈاکٹر فاروق ، میر اور حکیم کی لوگوں کو مبارکباد 

 سرینگر//مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے لوہڑی اور مکر سنگراتی کے تہواروں پر لوگوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔  جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے لوہڑی کے  تہوار پر ہندو برادری کو مبارک باد پیش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیرکے لوگ ہمیشہ سے ہی ہر فرقہ کے تہوار میں اپنے ہم وطن بھائیوں کے ساتھ شانبہ بشانہ شرکت کرتے آئے ہیں۔جموںوکشمیر صدیوں سے بھائی چارہ اور فرقہ ہم آہنگی کی گہوارہ رہا ہے اور ہمیشہ اس علم فیروزاں رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تہوار ہمیں انسانیت ، خدا پرستی ، بھائی چارہ ، پیار محبت کا درس دیتے آئے ہیں ۔پارٹی کے صوبائی صدر ایڈوکیٹ رتن لعل گپتا، سینئر لیڈران اجت سدھوترا،جگدیش سنگھ آزاد ، ایم کے یوگی اور بھوشن لعل بٹ نے بھی عوام کو اس پیو تر تہوار پر مبارک باد پیش کیا ہے اور کہا کہ نیشنل کانفرنس اور اس کے عظیم رہنما مرحوم شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ نے ہمیشہ ہندومسلم سکھ اتحاد کا نعرہ بلند رکھا اور بھائی چارہ کی ہمیشہ آبیاری کی۔ ادھرجموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے صدر غلام احمد میر اورپیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین حکیم یاسین نے لوگوں کو لوہڑی اور مکر سنکرانتی کی مبارکباد دی۔جے کے پی سی سی کے صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ لوہڑی (فصل کا تہوار) ایک منفرد موقع ہے، جو کثیرالجہتی اور اتحاد کی قدیم روایت کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا’’میں اس موقع پر لوگوں کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کرتا ہوں‘‘انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ موقع لوگوں کی اچھی صحت اور خوشحالی کا مرکز ہوگا۔]پارٹی کے جنرل سکریٹری سریندر سنگھ چنی نے بھی لوگوں کو لوہڑی اور مکر سنکرانتی کی مبارکباد دی ہے ۔پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین حکیم یاسین نے لوہڑی کے موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں حکیم یاسین نے کہا کہ لوہڑی جموں و کشمیر کی جامع اخلاقیات کی نمائندگی کرتی ہے۔ انہوں نے دعا کی ہے کہ یہ مبارک موقع جموں و کشمیر میں امن، خوشحالی اور ترقی کا محور ثابت ہو۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس دن یہ عہد کریں کہ وہ صدیوں پرانے بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے بندھنوں کو مضبوط کریں، جو ہماری جامع ثقافت کی پہچان ہیں۔
 
 

قاضی افضل کے اہل خانہ سے تعزیت پرسی 

پی ڈی پی وفد کی حاضری ،الطاف بخاری کا اظہار ہمدردی

سرینگر// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ایک وفد نے پی ڈی پی لیڈر اور سابق وزیر مرحوم قاضی محمد افضل کے گھر لار پہنچ کر اُن کی اہلیہ کے انتقال پرغمزدہ خاندان سے تعزیت کی ۔وفدکی قیادت پارٹی کے نائب صدر عبدالرحمان ویری اور جنرل سکریٹری غلام نبی لون ہانجورہ کررہے تھے۔دونوں رہنمائوںنے سوگوار خاندان کو تسلی دی اور مرحومہ کیلئے مغفرت کی دعا کی۔ نائب صدر کے ساتھ عبدالحمید کوہشین ،عارف لیگروغلام محی الدین وچی، بشیر بیگ، ڈاکٹر علی محمد، عبدالقیوم بٹ، محمد یوسف بٹ، ظہور احمد راتھر، عبدالغنی بٹ، محمد شفیع کندنگر، علی محمد بابا، میر محمد ، میر محمد صدیق حضرت بل، محمد مقبول بیگ، فیاض احمد ریشی، محمد عمر ڈار، محمد منیب بٹ، آصف وانگنو اور دیگر رہنما اورکارکنان بھی وفد میںموجود تھے۔اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے جمعرات کو سابق وزیرمرحوم قاضی افضل کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ۔ایک تعزیتی پیغام میں بخاری نے مرحومہ کو ایک نیک دل خاتون قرار دیتے ہوئے ان کے انتقال کو انتہائی افسوسناک قرار دیا۔انہوں نے مرحومہ  کی روح کیلئے ابدی سکون کی دعا کی ۔
 

مکھیہ ڈاک گھر کپوارہ میں گرینڈ میلہ منعقد 

محکمے کی کا میابیو ں اور مختلف اقدامات کی پیش رفت پر روشنی ڈالی گئی

اشرف چراغ 
 
کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ کے مکھیہ ڈاک گھر میں ایک گرینڈ میلے کا انعقاد کیا گیا جس میں کپوارہ سب ڈویژن کے ہندوارہ ،سوگام ،کپوارہ اور ترہگام دفتروں کے ملازمین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس موقع پر سپر انٹنڈنٹ محکمہ ڈاک شمالی کشمیر ایس کے چوگ مہمان خصوصی تھے ۔سب ڈویژنل انسپکٹر امیتاز احمد نے ڈاک خانو ں کی مختلف سکیمو ں پر مکمل روشنی ڈالی ۔سپر انٹنڈنٹ بارہ مولہ ڈویژن ایس کے چوگ نے کہا کہ محکمہ ڈاک کو مواصلات میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے اور اس محکمہ نے ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میںاہم رول ادا کیا اور یہ کئی طریقوں سے بھارتی شہریو ں کی زندگیو ں سے مربوط ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ڈاک پہنچانا ،چھوٹی بچت اسکیمو ں کے تحت ڈپازٹوں کی وصول یابی ،پوسٹل لائف انشور نس (پی ایل آئی)اور دیہی پوسٹل لائف انشورنس کے تحت لائف انشورنس کو فراہم کرنا اور دیگر خدمات فراہم کرنا محکمہ پوری کوشش کرتا ہے ۔ایس پی نے مزید کہا کہ بینکاری خدمات اور مالی شمولیت سے عوام کو کافی سہولیات دستیاب ہے اورعوام کو بڑے پیمانے پر ڈیجٹل طور پر مالیاتی اختیار سے لیس کرنا بھی نشانہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ڈاک کو اب اے ٹی ایم ،انٹرنیٹ اور موبائل بینکینگ کے ذریعے 24گھنٹے خدمات فراہم کرنے کے قابل بنا دیا جبکہ دیہی آ بادی کو مالیاتی طور پر بااختیار بنانا محکمہ کا خواب ہے اور اس پر کوشش جاری ہے ۔انہو ں نے کہا کہ محکمہ ڈاک اب تقری کی دو ڈ میں شامل ہے اور دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگو ں کو کئی بھی پوسٹ آفس سیونگ بینک ٹرانزیکشن کرنے کے لئے قصبے اور شہریو ں میں آنے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ یہ سہولیات ڈاکخانو ں کی مقامی برانچ کے ذریعے ان کی دہلیز پر دستیاب ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ لڑکیو ں کو معاشی طور پر با ختیار بنانا بھی ڈاکخانو ں کی سکیمو ں میں شامل ہے اور اب سوکنیا سمردھی اکا وئنٹ (ایس ایس اے)سکیم کو لڑکیو ں کی خوشحالی کی سکیم کے نام سے بھی جانا جاتا ہے تاکہ یہ سکیم لڑکیو ں کے روشن مستقبل کو یقینی بناتی ہے اور اس سکیم نے لڑکیو ں کو مناسب تعلیم ،شادی کے اخراجات اور اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے میں سہولیات فراہم کی ہے اور یہ اکاوئنٹ کسی بھی نزدیکی پوسٹ آفس میں کھولا جا سکتا ہے ۔سپر انٹنڈنٹ نے مزید کہا کہ آدھار اندارج اور اپ ڈیٹ کے مراکز کے زریعے شہریو ں کو نیا آدھار بنانے اور کسی بھی تبدیلی غلط اندارج کی صورت میں آدھار کارڈ کو اپ ڈیٹ کرنے لئے بھی محکمہ ڈاک میں آ سانی ہے اور اس کے لئے محکمہ ڈاک کے جی ڈی ایس ملازمین کو تربیت بھی دی گئی ہے ۔محکمہ ڈاک نے لائف انشونس ،جنرل انشورنس جیسے مو ٹر ویکل وغیرہکی تجدید کے لئے پریمیم کی وصولیابی سکیم بھی ڈاک خانو ں میں دستیاب ہے ۔۔انہو ں نے کہا کہ سفری خدمات جیسے ٹکٹ بکنگ سروس ہوائی جہاز کی ٹکٹوں کے ذریعے سفر کرنے کی سہولیات بھی ڈاک خانو ں میں میسر ہے ۔انہو ں نے کہا کہ محکمہ ڈاک نے شمالی ضلع کپوارہ کے تمام ڈاک گھرو ں بشمول برانچ آفسوں کو آن لائن کیا ہے اور اب ہر دیہی علاقہ میں لوگو ں کو ہر سہولیات میسر ہوگئی ۔انہو ں نے ملازمین سے کہا کہ وہ لوگو ں کی خدمات بھر پور کوشش کریں اور انہیں ڈاک خانو ں کی سکیمو ں کے بارے میں جانکاری فراہم کریں ۔
 
 

ایس پی سوپور نے کووڈویکسین کی بوسٹر خوراک حاصل کی

غلام محمد
 
سوپور//ضلع پولیس لائنز (ڈی پی ایل) سوپور میں جمعرات کو ایس پی سوپور کے ساتھ دیگر پولیس اہلکاروں نے کووڈ ویکسین کی بوسٹر خوراک حاصل کی۔یہ مہم ڈی پی ایل سوپور میں چلائی گئی جہاں سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سوپور سدھانشو ورما نے پہلا بوسٹر ڈوز حاصل کیا ۔ انہوں نے تمام عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ فرنٹ لائن ورکروں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کیلئے کسی بھی قسم کی روکتھام اور ویکسین لگانے کے اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ ویکسی نیشن مہم وبائی بیماری کے خلاف ہمارے دفاع کو مضبوط بنانے میں ایک اہم عنصر ہے اور ہمارے روزمرہ کی زندگی کے نظام الاوقات کو دوبارہ شروع کرنے میں سہولت فراہم کرے گی۔انہوں نے تمام پولیس افسروں اوراہلکاروں کی تعریف کی جواس وبائی مرض کے خلاف منظم کوششوں میں شامل ہیں۔انہوں نے مقامی آبادی سے اپیل کی کہ وہ اپنی بوسٹر خوراک حاصل کرنے میں پہل کریں۔
 

محکمہ اطلاعات :کووڈرہنما خطوط پر عمل کریں

شوپیان// ڈسٹرکٹ اِنفارمیشن سینٹر ( ڈی آئی سی ) شوپیان نے آئی اِی سی مہم کے تحت اِپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے ضلع کے قصبہ پنجورہ ، ٹرنز اور پہنو علاقوں میں کووِڈ۔19 ایس او پیز کی عمل آوری کے لئے مختلف سرگرمیاں اَنجام دیں۔اِس سلسلے میں پی اے ایس نصب گاڑی سے کووِڈ مناسب طرزِ عمل ( سی اے بی ) ، ماسک کے اِستعمال اور ہاتھوں کی صفائی کے علاوہ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے بارے میں بار بار اپیلیں کی گئیں۔دریں اَثنا جامع مسجد اور اے ٹی ایم کے قریب پمفلٹ بھی تقسیم کئے گئے اور لوگوں کو کووِڈ ۔19 ایس او پیز کے بارے میں ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت تاکید کی گئی۔ڈی آئی سی شوپیان نے اِس ماہ کی 10تاریخ سے ضلع میں بڑے پیمانے پر آئی اِی سی مہم شروع کی ہے۔
 

 پلوامہ پولیس پبلک میٹنگ میں مسائل زیر بحث 

پلوامہ // پبلک آؤٹ ریچ پروگرام کے ایک حصے کے طور پر پلوامہ پولیس نے ایک پولیس پبلک گروپ میٹنگ کا انعقاد کیا۔ یہ ملاقات سماجی دوری کے اصولوں اور دیگر پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے کی گئی۔میٹنگ کی صدارت ایس ایچ او پلوامہ انسپکٹر بشارت علی نے کی۔ اجلاس میں قصبہ پلوامہ کے معزز شہریوں اور نمبرداروں، چوکیداروں،تاجرانجمنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران شرکاء نے انہیں درپیش مختلف مسائل پر روشنی ڈالی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایچ اونے انہیں پولیس سے متعلق حقیقی مسائل کو کم سے کم وقت میں حل کرنے میں مکمل تعاون کا یقین دلایا جبکہ سول انتظامیہ سے متعلق مسائل کو جلد از جلد متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔ شرکاء کو کووڈکے پھیلاؤ کے خدشات کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی اور ان سے درخواست کی گئی کہ وہ کووڈ مناسب رویہ کی پیروی کرنے کے لیے عوام میں بیداری پھیلائیں۔ 
 

بیاڑی کرناہ میں فوج کا طبی کیمپ منعقد 

 کرناہ // لائن آف کنٹرول پر واقعہ ٹیٹوال بلاک کے بیاڑی گائوں میں فوج نے جمعرات کو ایک مفت میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا۔کیمپ میں گائوں کے بیسوں مریضوں نے اپنا اعلاج ومعالجہ کرایا اور انہیں مفت ادویات بھی فراہم کیں ۔ بیاڑی گائوں سرحد پر واقعہ ہے اور گائوں میں کوئی بھی طبی سہولت نہیں ہے۔ سرما کے موسم میں اکثر وبیشتر یہاں کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ فوج کی جانب سے جمعرات کوایک مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔کیمپ میں فوج کے ڈاکٹروں نے گائوں کے مریضوں کو مفت ادویات فراہم کرنے کے علاوہ انہیں مفت طبی صلاح ومشوارے دئے ۔مقامی لوگوں نے فوج کے اس اقدام کی سراہنا کرتے ہوئے مستقبل میں بھی اس طرح کے کیمپوں کے انعقاد کا مطالبہ کیا ۔ 
 

جمعیت اہلحدیث کی عبداللطیف الکندی کے ساتھ اظہار یکجہتی 

سرینگر//جمعیت اہلحدیث جموں و کشمیر کے نائب صدر ڈاکٹر عبداللطیف الکندی کی خالہ محترمہ انتقال کر گئی ہیں ۔انہیں سناسر ناشری رام بن میںسینکڑوں لوگوں کی موجودگی میں سپرد لحد کیا گیا۔ مرحومہ الشیخ عبدالحمید المدنی کی والدہ ماجدہ تھیں جو کوئی تین سال سعودی عرب میں رہ کر حالیہ دنوں واپس لوٹے تھے ،صدر جمعیت اہلحدیث جموں و کشمیر پروفیسر غلام محمد بٹ المدنی نے اپنے ایک بیان میں غمزدہ خاندان بالخصوص عبدالحمید مدنی سمیت ان کے سبھی اہل خانہ اور دکتور عبداللطیف الکندی اور ان کے سبھی برادران و ہمشیرہ گاں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اس کرب میں ان کے ساتھ کامل یک جہتی کا اظہار کیا ہے۔
 

کورونا وبا سے متعلق تازہ گائیڈ لائن 

صدر رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ کی مدارس کیلئے ضروری ہدایت

سرینگر //صدر رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ جموں و کشمیر محمد رحمت اللہ(میر قاسمی کشمیری)نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جموں و کشمیر انتظامیہ کی جانب سے عالمی وبا کورونا سے متعلق تازہ ترین جاری شدہ گائیڈ لائن کے مطابق تمام تعلیمی اداروں (سکولوں، کالجوں) حتی کہ کوچنگ سنٹروں کو بھی آف لائن تعلیم سے منع کر کے صرف آن لائن تعلیم کے لئے کہا گیا ہے، تاکہ اس سلسلے میں احتیاط عمل میں لائی جاسکے۔ اس لئے رابطہ سے متعلق جملہ مربوط مدارس کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ بھی اس ہدایت کی پابندی کریں اور مدارس کی حفاظت کے لئے سابق کی طرح ہر بلڈنگ میں چند محدود افراد عمارت کی حفاظت کیلئے اور مساجد شریف میں اذان، نماز اور امامت کے لئے متعین کر دیں۔ لیکن ایسے حضرات بشمول تدریسی و غیر تدریسی عملہ کے افراد بھی ماسک، سماجی فاصلہ، (Social Distance) وغیرہ جیسی احتیاطی تدابیر کو عمل میں لا نے کی پابندی کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ دعاؤں کا بھی اہتمام کریں کہ اللہ تعالیٰ اس عالمی وبا سے دنیا کو نجات عطا فرمائے۔