مزید خبریں

مٹی کی صحت پرموسم کی تبدیلی کااثر

زرعی یونیورسٹی کے اہتمام سے ورکشاپ منعقد

سرینگر//شیرکشمیرزرعی یونیورسٹی میں جنوبی کشمیرکے کسانوں کیلئے ’بدلتے موسم میں مٹی کی صحت‘ کے بارے میں ایک دوروزہ ورکشاپ کااہتمام کیاگیا۔ورکشاپ کوزرعی یونیورسٹی اورکرشی وگیان کیندرملنگ پورہ نے مشترکہ طور کیاتھا،اس کا مقصد کسانوں کو مٹی کی صحت کے مسائل سے باخبر کرناتھا۔ورکشاپ میں50کسانوں نے حصہ لیا ۔ورکشاپ کے دوران ڈاکٹر ریحانہ رسول نے موسم کی تبدیلی کاسیب کی پیداوار پر اثر کے بارے میں بات کی اورکسانوں کو مٹی کی صحت کے مسائل سے باخبر کیا۔کرشی وگیان کیندر ملنگ پورہ کے ڈاکٹر رئیس نے حیوانوں پر موسم کی تبدیلی کے اثرات کے بارے میں بات کی ۔ڈاکٹر اویس بشیر نے مٹی کی صحت پر موسم کی تبدیلی کے اثرات اور پیداوار میں مٹی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
 

ریلائنس جیو کی نئی پیشکش 259کانیاپری پیڈ پلان

نئی دہلی//بھارت کی سب سے بڑی مواصلاتی کمپنی ریلائنس جیو نے259روپے کا پلان شروع کیا ہے جس کی مدت ایک کلینڈرماہ کی ہوگی تاکہ ریچارج کرنے والوں کو صرف ہرماہ کی ایک تاریخ کویادرکھنا ہوگا۔جیو مواصلاتی صنعت میں پہلی کمپنی ہے جس نے کلینڈرماہ کیلئے پری پیڈ کی سہولیات شروع کی ہیں۔جیوویب سائٹ پر معلومات کے مطابق اس کے ساتھ روزانہ1.5جی پی کی ڈاٹابھی دستیاب ہوگااور دیگر فوائد کے علاوہ لامحدود کالنگ خدمات بھی میسرہیں۔اس طرح سال میں صرف12ریچارج ہوں گے اور مہینہ چاہے30کاہویا31کا فون سہولیات بہہم ہوں گی۔یہ پلان ہر ماہ کی اسی تاریخ سے شروع ہوگا۔اس طرح ایک صارف5مارچ کو ریچارج کرتا ہے تو اُسے اگلا ریچارج5اپریل کو کرنا ہوگا،اس کے بعد 5مئی،5جون اور آگے۔جیو کے دیگرپلانوں کی طرح 259روپے کاپلان بھی متعددبار ریچارج کیا جاسکتا ہے۔پہلے سے ہی کیاگیا ریچارج پلان قطار میں رہے گا اور ازخود پلان ختم ہونے کے بعد شروع ہوگا۔
 
 

پردھان منتری آروگیہ متروں کی صلاحیت سازی

جموں کشمیرمیںچارروزہ تربیتی پروگرام شروع 

جموں//جموں وکشمیرمیں پردھان منتری آروگیہ متروں( پی ایم اے ایم) کی صلاحیت سازی کے لئے چار روزہ ٹریننگ اور سرٹیفکیشن پروگرام  یہاں شرو ع ہوا۔یہ پروگرام سٹیٹ ہیلتھ ایجنسی ( ایس ایچ اے) کی طر ف سے پورے جموںو کشمیر میں آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا ( پی ایم اے بی ۔ جے اے وائی )/ پی ایم اے بی ۔ جے اے وائی صحت کے کامیاب نفاذ کے لئے پی ایم اے ایمز کی صلاحیت سازی کے لئے منعقد کیا جارہا ہے۔پہلے دِن جموںوکشمیر یوٹی کے مختلف اَضلاع میں منعقد ہ تربیتی سیشنوں میں200پی ایم اے ایمز نے چار گروپوں میں حصہ لیا جن میں سے ہر ایک میں 50 اَفراد شامل تھے۔کشمیر میں 2مختلف بیچوں میں100 پی ایم اے ایم نے ٹریننگ اور سرٹیفکیشن پروگرام میں حصہ لیا۔50 پی ایم اے ایم کی پہلی بیچ اننت ناگ ، کولگام ، شوپیان ، پلوامہ اَضلاع سے تھی جبکہ 50کی دوسری بیچ بڈگام ، بانڈی پورہ ، گاندربل اور کپواڑہ سے تھی۔اِسی طرح جموں خطہ کے کٹھوعہ ، سانبہ ، رِیاسی اور اودھمپور اضلاع سے پچاس پچاس پر مشتمل دو گروپوں میں 100 پی ایم اے ایمز نے پروگرام میں حصہ لیا۔چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایس ایچ اے یاسین ایم چودھری نے تمام ضلع ہسپتالوں کے چیف میڈیکل اَفسران ( سی ایم او)اور سپر اِنٹنڈنٹ سے کہا ہے کہ وہ شیڈول کے مطابق ٹریننگ میں شرکت کے لئے پی ایم اے ایمز کو تعینات کریں۔ اُنہوں نے مزید کہاکہ آروگیہ دوست پی ایم اے بی ۔ جے اے وائی صحت سکیم کی عمل آوری میں اہم کردار اَدا کرتے ہیں کیوں کہ انہیں سافٹ ویئر کے اِستعمال ، مریض کے اِندراج اور بات چیت کی جامع تربیت دی جارہی ہے۔
 
 
 

دبئی ایکسپو2020

بھارتی پویلین میں جموں کشمیرکااسٹال توجہ کامرکز

سرینگر//صنعت اور کامرس کے وزیر پیوش گوئل نے کہا ہے کہ دبئی ایکسپو 2020 میں بھارتی پویلین کو دیکھنے اب تک 16 لاکھ سے زیادہ لوگ آئے۔ اس پویلین میں خلیجی ممالک کے شہریوں نے جموں کشمیر پویلین میں رکھی اشیاء کی طرف خصوصی دلچسپی دکھائی ۔سی این آئی کے مطابق مرکزی وزیر برائے صنعت و کامرس پیوش گوئل نے سوموار کے روز کہا کہ د بئی ایکسپو 2020میں بھارتی پویلین میں جموں کشمیر سے جڑی اشیاء وہاں آنے والے لوگوں کیلئے خصوصی کی توجہ کا مرکز بنی ۔ انہوںنے بتایا کہ اس طرف خلیجی ممالک سے تعلق رکھنے والے مندوبین نے دلچسپی دکھاتے ہوئے جموں کشمیر کی کئی صنعتوں کو پسند کیا ۔ مرکزی وزیر گوئل نے کہا کہ اس ایکسپو میں بھارتی پویلین میں اب تک 16لاکھ سے زائد افراد آئے ۔ انہوںنے بتایا کہ پولین میں روزانہ بیس ہزار لوگ آتے ہیں جن میں سے اکثر کشمیر کی اشیاء کو پسند کرتے ہیں۔
 
 

مدھیہ پردیش حکومت کشمیر لوٹنے کے خواہاں پنڈتوں کی مددکوتیار

 سری نگر//مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے پیر کو کہاکہ ان کی  حکومت بے گھر کشمیری پنڈتوں کی مدد کرے گی ،اگر وہ اپنے آبائی مقام پر واپس جانا چاہتے ہیں، تو ہم انہیںآباد کرنے کیلئے مدد دینے کوتیار ہیں۔ یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے، وزیر نے تاہم، مدھیہ پردیش میں کتنے کشمیری پنڈت رہ رہے ہیں، اس کے کوئی اعدادوشمار نہیں بتائے۔ کے این ایس کے مطابق ایک سوال کے جواب میں، مشرا، جو ریاستی حکومت کے ترجمان بھی ہیں، نے کہا، ’’میں مدھیہ پردیش میں رہنے والے کشمیری پنڈت بھائیوں اور بہنوں سے درخواست کرتا ہوں کہ اگر وہ (اپنے وطن) واپس جانا چاہتے ہیں تو وہ محکمہ داخلہ کو مطلع کریں۔ہم ان کی واپسی کو یقینی بنائیں گے اور انتظامات کریں گے۔ کانگریس کے راجیہ سبھا ممبر وویک تنکھا کے تبصروں کہ وہ ہندی فلم "دی کشمیر فائلز" نہیں دیکھیں گے کیونکہ وہ بے گھر ہونے والوں کے درد کو جانتے ہیں، پوچھے جانے پر مشرا نے کہا، ’’میں ان سے کشمیری پنڈتوں کی فہرست فراہم کرنے کی درخواست کروں گا جو کشمیر واپس جانا چاہتے ہیں۔ پچھلے ہفتے، ایم پی کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے "کشمیر فائلز" کے ڈائریکٹر وویک اگنی ہوتری کو ریاست میں میوزیم' قائم کرنے کے لیے زمین دینے کا وعدہ کیا تھا، یہ کہتے ہوئے کہ یہ فلم بے گھر کشمیری پنڈت برادری کے درد اور تکالیف کو دکھاتی ہے۔تاہم، کانگریس کے رکن پارلیمنٹ دگ وجے سنگھ نے ایسے میوزیم کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بھوپال کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خراب نہیں ہونے دیں گے۔اگنی ہوتری کی فلم نے وادی کشمیر سے کشمیری پنڈتوں کے اخراج کے بارے میں ایک بار پھر بحث چھیڑ دی ہے۔ 
 
 

 توانائی کے تحفظ کے قانون کانفاذ،25رکنی کمیٹی کی تشکیل کو منظوری

سرینگر// حکومت نے توانائی تحفظ کے نفاذ کیلئے محکمہ بجلی کے انتظامی سیکریٹری کی سربراہی میں25نفری کمیٹی کے قیام کو منظوری دی۔ سرکار کی جانب سے جاری آرڈر میں کہا گیا کہ توانائی تحفظ قانون مجریہ2001 اور انرجی کنزرویشن بلڈنگ کوڈ ضوابط2018 کے تحت ایکو نواس سمیتا کے نفاذ کو جموں کشمیر میں لاگو کرنے کو منظوری دی گئی۔ اس کمیٹی کی کمان انتظامی سیکریٹری محکمہ بجلی کو سونپی گئی جبکہ محکمہ مکانات و دیہی ترقی محکمہ کے انتظامی سیکریٹری کو کمیٹی کا شریک چیئرمین تعینات کیا گیا۔ کمیٹی میں محکمہ بجلی کے سیکرٹری ٹیکنکل کنونیئر ہونگے،جبکہ محکمہ بجلی کے چیف الیکٹریکل انسپکٹر ممبر  ہونگے۔آرڈر کے مطابق خصوصی ممبران مین بیورو آف انرجی ایفشنسی کے ڈائریکٹر، انڈئن انسٹی چیوٹ آف ٹیکنالوھی جموں، نیشنل انسٹی چیوٹ آف ٹیکنالوجی سرینگر کے ڈائریکٹر اور گورنمنٹ اسکول آف آرکیٹیکٹر جموں کے پرنسپل شامل ہیں۔25نفری کمیٹی میں جموں کشمیر پروجیکٹس کنسٹریکشن کارپوریشن لمیٹیڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ،ٹائون پلکاننگ آرگنائزیشن کشمیرکے چیف ٹائون پلانر، ان کے جموں کے ہم منصب، جنرل منیجر(انجینئرنگ) سمارٹ سٹی لمیٹیڈ کیت چیف انجینئر، جموں اسمارٹ سٹی کے ڈائریکٹر پروجیکٹس، محکمہ تعمیرات عامہ کے چیف انجینئر اور آرکیٹکٹکس آرگنائزیشن کے چیف آرکیٹیکٹ اس کے ممبران ہونگے۔ آرڈر کے مطابق جموں میونسپل کارپوریشن کے جوائنٹ کمشنر ورکس،سرینگر میونسپل کارپوریشن کے جوائنٹ کمشنر پلاننگ، ڈائریکٹر لوکل باڈئرز کشمیر ان کے جموں کے ہم منصب،جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سنیئر ٹائون پلانر،ان کے سرینگر کے ہم منصب، پولیس ہاوسنگ کارپوریشن کے سپر انٹنڈنٹ انجینئر ۔لیکس اینڈ واٹر کنزرویشن منیجمنٹ اتھارٹی کے ایگزیکٹو انجینئر اور کمیٹی کی جانب سے کوئی نامزد ممبر اس کمیٹی کے ممبران ہونگے۔
 
 

سرینگر میں گوشت کی چار اور بیکری کی ایک دکان سیل 

سرینگر //سرینگر میںمحکمہ امور صارفین کی انفورسمنٹ ونگ نے نا جائز منافع خوری کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے گوشت کی چاراور ایک بیکری کی دکان سر بمہر کر دی جبکہ دس ہزار روپے بطور جرنامہ دکانداروں سے وصول کیا گیا ۔ محکمہ کے اہلکاروں نے بمنہ بائی پاس، ٹینگ پورہ، پیر باغ، حیدر پورہ، حبک، زکورہ اور حضرت بل وغیرہ میں علاقوں کا دورہ کیا اور اس مہم کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر (انفورسمنٹ) مشتاق احمد وانی کی صدارت میں چلائی گئی جس دوران انہوں نے دکانوں پر موجود چیزوں کا معائنہ کیا اور اس دوران منا فع خوری اور دیگر چیزوں میںملوث پائے گئے دکانداروں کے خلاف کارورائی کی گئی ۔ چیکنگ کے دوران انفورسمنٹ ونگ نے سات دکانداروں سے 10400روپے بطور جرمانہ وصول کیاجبکہ اس کے علاوہ چار گوشت کی دکانیں اور ایک بیکری کی دکان بھی سیل کر دی گئی ۔ اس دوران محکمہ نے دکانداروں سے کہا کہ آئندہ کیلئے محتاط رہیں ۔ سی این آئی
 
 

قلم آباد ہندوارہ میں تیندوے کے حملے میں 13بھیڑ بکریاں ہلاک

سرینگر// ہندوارہ کے قلم آباد گائوں میں دوران شب ایک تیندوے نے ایک شیڈ پر حملہ کرکے کم سے کم 13بھیڑ بکریوں کو ہلاک کردیا۔ذرائع نے بتایا کہ ہندوارہ کے میر پور ہ قلم آباد گائوں میں اتوار اور پیر کی درمیانی رات کو ایک تیندوا ذیشان گنائی میر ولد عبدل گنائی میرنامی شخص کے ایک شیڈ میں داخل ہوا اور وہاں موجود مویشیوں پر حملہ کردیا۔انہوں نے کہاکہ تیندوے کے اس حملے میں کم سے کم 13بھیڑ بکریاں ہلاک ہو ئیں۔ دریں اثنا مقامی لوگوں نے بتایا کہ وائلڈ لائف محکمہ جنگلی جانوروں کو قابو کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہو چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ آئے روز جنگلی جانور رہائش بستیوں میں نمودار ہو کر انسانوں کے ساتھ ساتھ مویشیوں پر بھی حملہ آور ہو رہے ہیں۔مقامی لوگوں نے متاثرہ مالک کو فوری معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔(یو این آئی )
 
 
 

بھاجپا ذمہ دار ساتھیوں سمیت اپنی پارٹی میں شامل 

سرینگر// بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی ایگزیکٹیو ممبر اور سول سوسائٹی یوتھ ونگ ہندوارہ کے صدر ساہل پٹھان نے اپنے حمایتیوں سمیت اپنی پارٹی میںشمولیت اختیار کی۔موصولہ بیان کے مطابق انہوں نے پارٹی کے ضلع نائب صدر عبدالرشید بٹ کی موجودگی میں شمولیت اختیار کی۔ بٹ نے ان کا خیر مقدم کیا اور انہیں عوام کی فلاح وبہبود کے لئے کام کرنے کی تاکید کی۔ انہوں نے کہاکہ وادی بھر میں اپنی پارٹی کی کاؤشوں سے سیاسی منظر نامے میں واضح تبدیلی نظر آرہی ہے۔ انہوں نے ممبران سے گذارش کی کہ وہ زمینی سطح پر پارٹی کو مضبوط بنائیں۔غلام محمد تانترے، سمیع اللہ، جہانگیر احمد، شوکت احمد شیخ، حکمت ایوب، امتیاز اکبر، وسیم احمد اور رضوان احمد شیخ نے بھی اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
 
 

 ٹیگور ہال سرینگر میں شاندار تقریب

سرینگر//وادی کشمیر میں تھیٹر سرگرمیوں کو فروغ دینے کے مقصد کے تحت عالمی یومِ تھیٹر ڈے کے موقع پرگذشتہ روزسات روزہ ’’ سپرنگ تھیٹر فیسٹول‘‘ کا افتتاح ٹیگور ہال سرینگر میں سیکریٹری ٹوراِزم و کلچر سرمد حفیظ کے ہاتھوں ہوا ۔اس موقع پر ڈائریکٹر ٹُوراِزم جی این ایتو، سابق سربراہ آل انڈیا ریڈیو سید ہمایوں قیصر، مشتاق بالا اور ڈویژنل آفس کشمیر کلچرل اکیڈیمی کے انچارج فاروق انوار مرزا بھی موجود تھے۔ تھیٹر فیسٹول کا انعقاد جموں و کشمیر کلچرل اکیڈیمی نے Artist's Creative Theatre کے اشتراک سے کیا۔ تقریب کے موقعے پر کئی تھیٹر ڈرامے پیش کئے گئے۔ جن میں بیشتر طلباء فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ ’’اسپرنگ تھیٹر فیسٹول‘‘  کے دوسرے روز تین ڈرامے پیش کئے گئے۔ ان ڈراموں میں ایس پی کالج سرینگرکے طلباء نے افشانہ کشمیری کا لکھا ہوا ’’بادام س￿ن￿ز بادام گوٗج‘‘، ایم پی ایم ایل ہائر سیکنڈری سکول باغِ دلاور خان کے طلباء نے ڈاکٹر شکیل احمد خان کا تحریر کردہ کی ’’ بے بس بچپن‘‘ جبکہ ایس ایس ایم پالیٹکنک کالج پری ہاس پورہ پٹن کے طلباء نے ثناء ریحان کا لکھا ہوا ڈراما’’ ایسڈ اٹیک‘‘ پیش کرکے سامعین کواپنے فن سے محظوظ کیا۔ تقریب کے آخیر پر Artist's Creative Theatre کے ڈائریکٹر مشتاق علی احمد خان اور کلچرل اکیڈیمی کے زعمائوں نے بچوں میں ان کی حوصلہ افزائی کے لیے مومینٹوز پیش کئے۔
 
 

دارالعلوم جگرپورہ کی سالانہ تقریب ،2حفاظ کی دستاربندی 

اشرف چراغ 
کپوارہ//ہندوارہ کے مضافاتی گائوں جگر پورہ میں قائم دارلعلوم امام اعظم میں سالانہ تقریب منعقد کی گئی جس کے دوران 2حفاظ کی دستاربندی بھی کی گئی۔ تقریب میں وادی کشمیر کے معروف علماء کے علاوہ لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ تقریب میں مقررین نے قران کی عظمت بیان کی اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ قران کو پڑھنے اور سمجھنے کی کوشش کریں اور اپنے بچوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کریں ۔  مقررن نے رمضان کی افادیت اور اہمیت کو بھی بیان کیا اور کہا کہ لوگ برے کام کرنے سے اجتناب کریں اور اسی میں بھلائی ہے ۔اس دوران دارالعلوم کے دو طلبا کی دستاربندی بھی کی گئی ۔علاقے کے لوگوں نے دارالعلوم کے منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور ان کی کوششوں کو سراہا۔آخر پر مولانا یعقوب احمد نے مہمانوں اور لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔
 
 

دارالعلوم نورالقرآن سنگم میں جلسہ دستار بندی

سرینگر//انجمن علما وائمہ مساجدکے اہتمام سے دارالعلوم نورالقران سنگم میں جلسہ دستاربندی کا پروگرام منعقد ہوا جس میں 6 حفاظ کی دستار بندی اور ادارے سے ماضی میں فراغت حاصل کرنے والے سات حفاظ کو علما کرام وائمہ مساجد کے ہاتھوں سے اسناد تکمیل حفظ سے نوازا گیا۔ پروگرام میں نشست اول کی صدارت مفتی نظام الدین اور نشست دوم کی صدرات مولانا محمد یعقوب نے کی۔اجلاس کے مہمان خصوصی کے طور پر مفسرقران مفتی شفیق الرحمن قاسمی ، امیرانجمن حافظ عبد الرحمن اشرفی اورجامع مسجدکولگام کے امام وخطیب مفتی محمد قاسم قاسمی سرپرست اعلی انجمن علما وائمہ مساجدنے انجام دئے ۔اس موقع پر متعدد علما نے مختلف موضوعات خاص طور پر فضیلت قرآن کریم،اصلاح معاشرہ پرروشنی ڈالی ۔علما نے والدین اور سماج کے ذی شعورپر افراد پر زوردیا کہ وہ نوجوان نسل کو منشیات سے بچانے میں اپنا رول ادا کریں۔ اس موقع پر انجمن علما وائمہ مساجد کے نائب امیر مفتی توصیف الرحمن ،مفتی بلال احمد،قاری عبدالولی ،مولانا بلال احمد قاسمی ،قاری سجاد احمد ، مولانا عبد الجبار،مولانا سلیم الدین قاسمی، مفتی مبارک احمد،ڈاکٹر منصور احمد ، مولانا ظہور احمد ، مفتی غلام محی الدین ، مولانا طارق احمد ،حافظ عبدالرشید ،حافظ رفیق احمد،حافظ مختار احمد،حافظ ریاض الاسلام،حافظ اعجاز احمد بلالی،حافظ منظور احمد تاس،حافظ محمد یونس،حافظ محمد شفیع ، حافظ ریاض احمد پڑے،قاری یاسین ،حافظ رئس احمد،قاری محمد شفیع، وغیرہ نے شرکت کی۔ادارے کے مہتمم مولانا محمد شفیع ترالی نے اس موقع پرعلما کرام وائمہ مساجد، رضاکاروں ،سنگم کے مقامی باشندگان اور مقامی انتظامیہ کا اجلاس کو کامیاب بنانے پر شکریہ ادا کیا۔