مزید خبریں

پردیش کانگریس صدرکا وزیراعلیٰ پنجاب کو مکتوب

کشمیری طلاب کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے

سرینگر//جموں کشمیرپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمدمیر نے جمعہ کو پنجاب کے وزیراعلیٰ کوایک مکتوب روانہ کیا جس میں کشمیر ی طلاب جو پنجاب میں زیرتعلیم ہیں،کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے پرزوردیا گیا۔میر نے کشمیری طلاب پر ایک ہجوم کی طرف سے وحشیانہ حملہ کرنے کی تحقیقات کرنے کا بھی مطالبہ کیااوراس میں ملوث افراد کے خلاف کڑی سے کڑی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔مکتوب میں غلام احمد میر نے پنجاب کے وزیراعلیٰ پر زوردیا کہ وہ موہالی میں کشمیری طلبہ پر کئے گئے حملے کے معاملے کوذاتی طور دیکھیں اورملزموں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔میر نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس پر شدیدناراضگی کااظہار کیا۔
 
 

اسکندر پورہ میں چوروں نے 20بھیڑیں چُرالیں

 
ارشاد احمد
 
بڈگام//کھاگ کے مضافاتی علاقہ اسکندرپور میں چوروں نے دوران شب ایک ٹین شیڈ میں موجود 20بھیڑیں چرالیں۔آستان محلہ اسکندر پورہ میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب محمد یوسف ماگرے ولد محمد حسین کے رہائشی مکان کے قریب ٹین شیڈ میں موجود 20بھیڑیں چوروں نے چرالیں۔چوروں نے ٹین شیڈ کا کچھ حصہ کاٹ لیا تھا۔چوری کی واردات کی اطلاع تھانہ پولیس کھاگ کو دی گئی جنہوں نے معاملے کی نسبت مقدمہ زیر نمبر 4/2022درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔
 
 
 

 جہانگیر چوک میں2ا فرادہیروئن سمیت گرفتار

سرینگر// پولیس نے سرینگر میں 2 افراد کو گرفتار کر کے اُن کے قبضے سے ہیروئن برآمد کیا۔شہید گنج تھانہ کی پولیس پارٹی نے جہانگیر چوک میں 2 مشکوک افراد کو روکا جنہوں نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے حکمت عملی کے ساتھ انہیں پکڑلیاجن کی شناخت امجد ڈار ساکن ٹنگڈار کرناہ اور عارف مقصود خان ساکن کنڈی کرناہ کے طور پر ہوئی ہے۔تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے 17 گرام ہیروئن برآمد کر لیا گیا۔اسی مناسبت سے ایف آئی آر نمبر 06/2022 کے تحت قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت شہید گنج تھانے میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔
 
 

آغا سید مصطفی اور سید افضل جلالی کی برسیاں

ڈاکٹر فاروق عبداللہ سمیت پارٹی لیڈران کا خراج عقیدت

سرینگر//نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ممتاز عالم دین آغا سید مصطفی الموسوی کے یوم وصال پرانہیں خراج عقیدت ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک ایسے عالم دین تھے جن کا عمل ان کے علم اور تقویٰ پر قوی تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم زندگی کے سبھی شعبوں میں شریعت اسلامی کی بالادستی کے متمنی تھے اور یہی ان کے اسلاف کا مشن تھا۔ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ مرحوم نے ہمیشہ شیعہ سنی اتحاد کے مشن کی آبیاری کی اور مرحوم نے زندگی بھر لوگوں کی بے لوث خدمات انجام دیں۔انہوں نے سید افضل جلالی کو بھی 20ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مرحوم کی قربانیوں اور عوامی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا ۔ انہوں نے کہاکہ مرحوم نے سخت ترین مصائب اور مشکلات کابھی سامنا کیااور مرحوم تحریک کے ممتاز نمائندوں میں شمار ہوتے تھے اور شیرکشمیرمیڈیکل انسٹی چوٹ میں مرحوم کے نام سے ایک وارڈ بھی منسوب ہے۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ،جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈر عبدالرحیم راتھر، وسطی زون صدر علی محمد ڈار، پارٹی لیڈران تنویر صادق، وسطی زون کے سینئر نائب صدر منظور احمد وانی ، عمران نبی ڈار، حاجی عبدالاحد ڈار، ڈاکٹر محمد شفیع، پروفیسر عبدالمجید مجیدمتو، ایڈوکیٹ سیف الدین بٹ اور غلام نبی بٹ نے بھی مرحومین کوخراج عقیدت پیش کیا۔
 
 
 

جامع مسجد ٹنگمرگ کے صدر اور درالعلوم پیامیہ کے بانی فوت

کئی سیاسی ، سماجی ،تجارتی اور مذہبی لیڈران کا اظہار رنج

مشتاق الحسن 
 
ٹنگمرگ //مرکزی جامع مسجد ٹنگمرگ کے صدر اور درالعلوم پیامیہ قاضی پورہ کے بانی حاجی غلام محمد بٹ ساکن قاضی پورہ ٹنگمرگ کے انتقال پر سماج کے مختلف طبقہ ہائے فکر نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوارن سے تعزیت کی ہے۔موصوف کی نماز جنازہ امیر کاروان اسلامی انٹرنیشنل مولانا غلام رسول حامی کی پیشوائی میں ادا کی گئی۔مرحوم کافی وقت تک نیشنل کانفرنس کے بلاک صدر ٹنگمرگ بھی رہے ۔اُن کے انتقال پر امیر کاروان اسلامی انٹر انیشنل مولانا غلام رسول حامی ، نیشنل کانفرنس ،اپنی پارٹی کے نائب صدر غلام حسن میر ،پیپلز کانفرنس کے محمد عباس وانی اورسول سوسائٹی کے عبدالقیوم وانی ،ٹیچرس فورم کے نذیر احمد ماگرے، ایجیک کے منشی مختار احمد ،پنشنرس فورم کے غلام محمد ماگرے، بزم ادب گلمرگ کے میر افروز احمد ،ڈی ڈی سی ٹنگمرگ ایڈوکیٹ میر اشفاق تجمل ،بی ڈی سی ٹنگمرگ کنزر عبدلغنی میر اور شیخ نذیر احمد پنشنرس ویلفیئر فورم کے ڈی این سادھو ،ماہر تعلیم پروفیسر عبدالجبار گوکہامی اور سید مظفر شیرازی،پی ڈی پی کے میر شبیر احمد،رہبر تعلیم کے غلام حسن ،ٹنگمرگ ٹریڈرس اسیوسی ایشن کے صدر آصف رشید جان،منی بس یونین کے صدر محمد ایوب ،ٹا ٹا سومو یونین کے صدر نذیراحمد خان ،سماجی کارکن عادل نذیر خان،ٹنگمرگ ورکنگ جرنلسٹس اسیوسی ایشن ،لون نیوز ایجنسی ٹنگمرگ کے مالک عبدالعزیز اخباری کے علاوہ مرکزی جامع مسجد کے امام و خطیب مولانا شوکت احمد نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ادھر نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی کے دیرینہ رکن اور سابق صدرِ بلاک ٹنگمرگ خواجہ غلام محمد بٹ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگواران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ڈاکٹر فاروق نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ خواجہ غلام محمد بٹ نے زندگی بھر نیشنل کانفرنس کی آبیاری کی اور مشکل حالات میں بھی ثابت قدم رہے۔ مرحوم نے27سال تک بحیثیت بلاک صدرٹنگمرگ کام کیا۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ،جنرل سکریٹری لی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی اور رکن پارلیمان شمالی کشمیر محمد اکبر لون اورانچارج کانسچونسی گلمرگ فاروق احمد شاہسمیت دیگر لیڈران نے بھی اُن کی مغفرت کیلئے دعا کی۔
 

حاملہ خواتین کیلئے او پی ڈی سہولیات فراہم کی جائیں: کانگریس لیڈر

سرینگر// کانگریس لیڈر قدفین چودھری نے ہفتہ کے روز جموں و کشمیر انتظامیہ پر زور دیا کہ کووڈ معاملات میں اضافے کی وجہ سے نافذ لاک ڈاؤن کے پیش نظر حاملہ خواتین کو طبی امدادسے محروم نہ رکھا جائے۔قدفین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے ہسپتالوں میں او پی ڈی کو غیر کوویڈ مریضوں کیلئے بند کر دیا گیا ہے اور اس طرح کے فیصلے کا خمیازہ دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والی حاملہ خواتین اور معاشی طور پر پسماندہ پس منظر کو برداشت کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ٹھیک ہے لیکن یہ سمجھنے کے لیے ذہنی تندرستی کی ضرورت ہے کہ حاملہ خواتین کسی بھی صاف ستھرے معاشرے میں صحت کی بہترین سہولیات کی مستحق ہیں۔ ان پر ہسپتال کے دروازے بند کرنا بنیادی طور پر مہلک ثابت ہونے والا ہے۔ 
 
 

 ٹریڈرس فیڈریشن گاندربل کے صدر کے والد فوت

 
ارشاد احمد
 
گاندربل//ضلع ٹریڈرس فیڈریشن گاندربل کے صدر غلام حسن پرہ کے والد عبدالرحمان پرہ ساکن بی ہامہ جمعہ کی شام 5بجے انتقال کرگئے ۔اُن کی وفات پر متعدد سیاسی، سماجی، مذہبی اور ٹریڈرس انجمنوںسے وابستہ افرادنے ان کی رہائش گاہ پر پہنچ کر مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کی اورغمزدہ خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت پرسی کی۔ادھر ہفتہ کے روز ڈسٹرکٹ ٹریڈرس فیڈریشن گاندربل کا ایک تعزیتی اجلاس زیر صدارت نائب صدراشفاق احمد لنکر منعقد ہوا جس میں ٹریڈرس گاندربل سے وابستہ اراکین اور عہدیداروں نے شرکت کرتے ہوئے مرحوم کے بلند درجات اور ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کی ۔
 
 

چملواس بانہال میں حادثہ

ٹرک ڈرائیورزخمی

سری نگر// سری نگرجموں شاہراہ پر چملواس بانہال کے نزدیک ہفتے کی صبح ایک ٹرک لڑھک کر گہری کھائی میں گرجانے سے اس کا ڈرائیور زخمی ہوگیا۔ذرائع نے بتایا کہ جموں سے سری نگر آرہی ایک ٹرک ہفتے کی صبح قومی شاہراہ پر چملواس بانہال کے نزدیک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر ایک کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں ٹرک کا ڈرائیور زخمی ہوگیا۔زخمی ڈرائیور کی شناخت 36 سالہ رمیش کمار ولد سورم چند ساکن اودھم پور کے بطور ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس، مقامی لوگ اور ایک این جی او کی ٹیم جائے واردات پر پہنچی اور ڈرائیور کو نکال کر ہسپتال پہنچایا۔دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔قابل ذکر ہے کہ سری نگر جموں شاہراہ پر یک طرفہ ٹریفک کی نقل و حمل جاری ہے۔ ایک ٹریفک پولیس عہدیدار کے مطابق قومی شاہراہ پر ہفتے کے روز گاڑیوں کو سری نگر سے جموں روانہ ہونے کی اجازت ہے ۔(یواین آئی)