مزید خبریں

لیفٹیننٹ گورنرکی طرف سے دیاجائے والاعصرانہ منسوخ

جموں//کووِڈ- 19عالمگیر وباء کے پیش نظر26جنوری کویوم جمہوریہ کے سلسلے میں راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر کی طرف سے دیاجانے والاعصرانہ منسوخ کیا گیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کووِڈ مناسب رویہ پرسختی سے عمل کریں اورمحکمہ صحت کی طرف سے جاری کی گئی گائیڈلائنزپرمن وعن عمل کریں۔
 

لیبردفتربانڈی پورہ میں کووِڈ ایس او پیز بالائے طاق

بانڈی پورہ//عازم جان //ڈسٹرکٹ لیبرآفس بانڈی پورہ،کے ملازمین کی مبینہ ہٹ دھرمی کی وجہ سے اس دفتر میں کورونا مناسب رویہ کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔منی سیکریٹریٹ کے بلاک 3میں واقع ضلع لیبردفترکی اسٹاف کی لاپرواہی اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے یہاں غریب مزدوروں کی روزلمبی قطاریں لگی رہتی ہیں،جس کے نتیجے میں کووِڈ SOPsکی دھجیاں اُڑانے کاعمل جاری ہے۔ان مزدوروں نے الزام لگایا کہ دفترمیں تعینات اسٹاف کی خودغرضی کی وجہ سے انہیں ہفتوں قطار میں انتظار کرناپڑرہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنربانڈی پورہ کے ناک تلے ایس اوپیزاورسماجی فاصلے کوپائوں تلے رونداجارہا ہے۔انہوں نے ضلع کمشنر سے اپیل کی کہ لیبردفتر بانڈی پورہ میں کووِڈ ایس اوپیزپرعملدرآمد کو یقینی بنایاجائے اورغریب مزدوروں کے مسائل کوفوری طور حل کیاجائے۔
 
 
 

لداخ میں کووِڈ-  19کے159نئے کیس

لیہہ//لداخ میں کووِڈ- 19کے مزید159نئے معاملے سامنے آئے ہیں اوراس طرح خطے میںوباء پھوٹ پڑنے سے اب تک اس بیماری میں مبتلاء ہونے والوں کی تعداد24,655ہوگئی ہے جبکہ فی الوقت مرکزی زیرانتظام علاقہ میںکووڈکے1,255فعال معاملات ہیں۔لداخ میں ابھی تک اس بیماری نے222لوگوں کی جان لی ہیں جن میں164لیہہ میں اور58کرگل میں شامل ہیں۔تاہم جمعرات کو خطے میں کورونا سے کسی کے فوت ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔خطے میں ابھی تک اس وباء سے22765لوگ شفاپاچکے ہیں۔نئے159معاملوں میں148کاتعلق لیہہ سے ہے جبکہ11کاتعلق کرگل سے ہے۔
 

فاروق قاضی کھادی بورڈ کے چیف ایگزیکیٹوافسرمقرر

بلال فرقانی
 
سرینگر// انتظامیہ نے کشمیر انتظامی سروس افسر فاروق قاضی کو  جموں کشمیر کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر و سیکریٹری کے طور پر تعینات کیا ۔ جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کی جانب سے جاری حکم نامہ کے مطابق انتظامیہ کے مفاد میں سب راجسٹرار جموں(نارتھ) فاروق قاضی کو تبدیل کرکے جموں کشمیر کھاڈی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر و سیکریٹری کے طور پر تعینات کیا گیا۔ آرڈر کے مطابق سب ڈویژنل مجسٹریٹ جموں نارتھ پون کمار کو تا حکم ثانی اپنی ذمہ داریوں کے علاوہ سب راجسٹرار جموں نارتھ کا اضافی چارج تفویض کیا گیا۔ ایک اور علیحدہ حکم نامہ کے مطابق جموں کشمیر ایکسائز کمشنر  کے پرسنل اسسٹنٹ ٹیکنیکل اتل دت شرما جنہیں پروجیکٹ افسر ویج ایمپلائمنٹ(اے سی ڈی) کشتواڈ کے طور پر تبادلہ عمل میں لایا گیا،کو فوری طور پر فارغ کیا گیا اور انہیں فوری طور پر نئی جگہ پر جوائن کرنے کی دایت دی گئی۔
 
 
 
 

زنڈفرن بارہمولہ میں2 گھنٹوں میں ٹرانسفارمردوبارہ نصب

بارہمولہ//فیاض بخاری //زم زم پورہ زنڈفرن بارہمولہ میں پی ڈی ڈی محکمہ نے صرف دو گھنٹوں میں بجلی ٹرانسفارمر کو دوبارہ نصب کیا ہے جس کی لوگوں نے   سراہنا کی ۔ زم زم پورہ زنڈفرن بارہمولہ کا بجلی ٹرانسفارمر اتوار کی شام کو خراب ہوا تھاجس کے بعد پیر کو محکمہ نے ٹرانسفارمر کو ورکشاپ پہنچایا تاہم صرف دو گھنٹے بعد ہی علاقے میں دوسرا ٹرانسفارمر نصب کیا گیا۔ مقامی لوگوں نے محکمہ بجلی کے اس اقدام پر مسرت کا اظہار کیا ۔لوگوں کے مطابق اس سے قبل ٹرانسفارمر جل جاتا تھا تو دس سے بیس دن بعد ہی ٹرانسفارمر کو ٹھیک کرکے نصب کیاجاتا تھا تاہم اس مرتبہ کچھ الگ ہی دیکھنے کو ملا۔اس سلسلے میں محکمہ پی ڈی ڈی کے سیکشن افسر عبدالرشید نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ محکمہ ہر وقت صارفین کو فوری بجلی فراہم کرنے میں سنجیدہ اقدامات کررہا ہے اورسردی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس ٹرانسفارمر کو ترجیحی بنیادوں پر نصب کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ایسی کارروائی آگے بھی جاری رہے گی۔
 

غیراعلانیہ بجلی کٹوتی سے لوگوں کو مشکلات:انجینئر ایتو

سرینگر//اپنی پارٹی لیڈر اور سابق وائس چیئرمین جے کے سیمنٹ انجینئر نذیر احمد یتو نے کہا ہے کہ کشمیر صوبہ میں غیر اعلانیہ بجلی کٹوتی سے خاص کر موسم سرما کے دوران شدت کی سردی میں لوگوں کی مشکلات کئی گنااضافہ ہواہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ محکمہ بجلی نے گذشتہ چند برسوں سے بجلی فیس میں کئی بار اضافہ کیا، لیکن صارفین کو بلاخلل بجلی سپلائی کی فراہمی ابھی بھی دیرینہ خواب ہے۔ محکمہ بجلی نے کٹوتی شیڈول پہلے جاری کیاتھا لیکن اِس کے باوجود غیر اعلانیہ کٹوتی جاری ہے۔ایتونے کہا کہ برف باری کی وجہ سے وادی کشمیر کے متعدد دور دراز علاقہ جات گھپ اندھیرے میں ہیں۔ اِن علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو سرما کے وسط میں گوناگوں مسائل کا سامنا ہے۔ ایتو نے محکمہ بجلی پرزور دیا ہے کہ چوبیس گھنٹے بلاخلل بجلی سپلائی یقینی بنائی جائے اور ساتھ ہی ضروری مرمت کے لئے علاقوں میں ٹیمیں روانہ کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ پن بجلی پیدا کرنے والی کمپنیاں جوکہ جموں وکشمیر میں متعدد پروجیکٹ چلارہی ہیں، کو بھاری آمدنی ہوتی ہے لیکن کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے تحت اِن علاقوں میں انہوں نے نہیں کے برابر بھی پیسے خرچ کئے ہیں۔
 

گڈ گورننس انڈکس کی اجرائی

ڈائریکٹرامپارڈسمیت کئی افسروں کی عزت افزائی

 سرینگر //حکام نے ’ گوڈ گورننس انڈیکس‘ جاری کرنے کے دوران ڈائریکٹر جنرل امپارڈ سوربھ بھگت سمیت انتظامیہ کے کئی ایک اعلیٰ افسران کے کام کی سراہنا کرتے ہوئے انہیں توسیفی اسناد سے نوازا ہے ۔معلوم رہے کہ 22جنوری کو جموں کے کنونشن سنٹر میںگوڈ گورننس انڈیکس کا باقاعدہ آغاز وزیر داخلہ امت شاہ ، ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہانے انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کی موجودگی میں کیا ۔اس دوران ڈائریکٹر جنرل IMPARDسوربھ بھگت اورڈائریکٹر ٹریننگ IMPARDڈاکٹر ریوا شرما کو ریکارڈ ٹائم فریم میں کام مکمل کرنے پر ڈاکٹر جتیندر سنگھ، لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر اور چیف سکریٹری ڈاکٹر ارون کمارنے توصیفی اسناد سے نوازا اور اُن کی ٹیم کی سراہنا کی گئی ۔اس دوران جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے پرنسپل سکریٹری منوج کمار دویدی کو بھی تقریب میں انتظامی تعاون فراہم کرنے پر جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر نے مبارکباد دی۔ڈاکٹر شبیر شیخ ڈائریکٹر سنٹر فار گڈ گورننس حیدرآباد ،محترمہ ستویر کور ڈائرکٹر جنرل اکنامکس اینڈ سٹیٹسٹکس ڈپارٹمنٹ جموں و کشمیر کی کوششوں کو بھی سراہا گیا اور انہیں تعاون کے لیے تعریفی اسناد سے بھی نوازا گیا۔جموں، ڈوڈہ، سانبہ، پلوامہ اور سرینگر اضلاع کے پانچ ضلع ترقیاتی کمشنروں کو بھی جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر نے تعریفی اسناد سے نوازاہے ۔
 
 

سبھاش چندر بوس کی تعلیمات 

تعلیمی زون ماور میں آن لائن مضمون نویسی اور مصوری کا مقابلہ 

اشرف چراغ 
کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ کے تمام 13تعلیمی زونو ں میں سبھاس چندر بوس کی تعلیمات پرمبنی مضمون نویسی اور مصوری کے آن لائن مقابلے کا آغاز کیا گیا جس میں طلبہ نے پڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔اس  دوران ماور ہندوارہ تعلیمی زون میں بھی نیتا سبھاس چندر بوس کی تعلیمات پر مضمون نویسی اور مصوری کا مقابلہ عمل میں لایا گیا اور اس کی نگرانی زونل ایجو کیشن افسر ماور محمد مقبول لون کر رہے تھے ۔مصوری کے مقابلہ میں سید ارتضیٰ گیلانی ہائی سکول رنگپت نے پہلی ،نادم نذیر یوپی ایس شیخ پورہ ماور نے دوسری اور اخلاص قادر ہائر سیکنڈری سکول ہرل نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔مضمون نگاری کے مقابلہ میں نگہت آرا ہائر سیکنڈری سکول سنزی پورہ نے پہلی، ناظم رشید میر یو پی ایس ککوداری نے دوسری اور سید ہادقہ گیلانی ہائی سکول رنگپت نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ زونل ایجوکیشن افسر ماور محمد مقبول لون نے اس موقع پر ان تمام طلبہ کو مبارک باد پیش کی جنہو ں نے اس مقابلہ میں شرکت کر کے ان پروگرامو ں میں نئی روح پھونک دی ۔انہو ں نے کہا اس طرح کی سر گرمیو ں میں زیادہ سے زیادہ طلبہ اپنی شرکت یقینی بنائیں ۔
 

لڑکیوں کے حقوق ،ان کی تعلیم،صحت اور غذائیت

ضلع لیگل سروس اتھارٹی گاندربل کے زیر اہتمام ویبنار

ارشاد احمد
گاندربل//ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی گاندربل کے زیر اہتمام ’’لڑکیوں کے حقوق ،ان کی تعلیم،صحت اور غذائیت‘‘ کے بارے میں آگاہی کو فروغ دینے کے لیے ویبنار کا انعقاد کیا گیا۔ویبنار کا انعقادڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی گاندربل کی سیکریٹری تبسم کی ہدایت پر کیا گیااور انہوں نے صدارت کی۔ ایڈوکیٹ شیخ عمران نے سپیکر کے فرائض انجام دیئے.پروگرام کے دوران ایڈوکیٹ شیخ عمران نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک گیر سطح پر ہر سال 24جنوری کو لڑکیوں کا قومی دن منایا جاتا ہے اور اس کا آغاز پہلی بار 2008 میں وزارت برائے خواتین و اطفال کی طرف سے کیا گیا تھا جس کا مقصد لڑکیوں کی مدد فراہم کرنا تھا۔انہوں نے کہا کہ قومی یوم لڑکی منانے کا مقصد لڑکیوں کے حقوق کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا اور لڑکیوں کو ہرطرح کے مواقع فراہم کرنا، قوم کی بچیوں کی حمایت کرنا اور صنفی بنیادوں پر تعصبات کو دور کرنا ہے۔ ویبنار کا مقصد بچیوں کے حقوق کے بارے میں آگاہی کو فروغ دینا اور لڑکیوں کی تعلیم، ان کی صحت اور غذائیت کی اہمیت کے بارے میں بیداری کو بڑھانا اور معاشرے میں لڑکیوں کے مقام کو فروغ دینا ہے تاکہ معاشرے میں ان کی زندگی کو بہتر بنایا جا سکے۔ صنفی امتیاز ایک بڑا مسئلہ ہے جس کا سامنا لڑکیوں یا خواتین کو زندگی بھر سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد لڑکیوں کو درپیش عدم مساوات کے بارے میں بیداری کو فروغ دینا اور لڑکیوں کی تعلیم کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنا ہے۔ویبنار میں وکلا،پی ایل ویئز، اگن واڑی ورکرز اور سینٹرل یونیورسٹی کشمیر کے طلبا نے شرکت کی۔ پروگرام کی کارروائی ایڈوکیٹ سبرینہ فیاض نے انجام دی ۔
 

بارہمولہ میں 14 قمار باز گرفتار ،داؤ پر لگی رقم ضبط 

 منشیات فروش پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار

سرینگر//سماجی جرائم کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے بارہمولہ میں پولیس نے 14 قمار بازوں کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے داؤ پر لگی رقم ضبط کی۔ اس کے علاوہ ایک منشیات فروش کوپی ایس اے کے تحت حراست میں لیا گیا۔مخصوص اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے، تھانہ کنزر اور پولیس سٹیشن پٹن کی پولیس پارٹیوں نے جوئے کی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات کے بعد تکیہ بٹ پورہ، ہردو ابورہ، ہانجی ویرہ بالا اور کرپال پورہ پائین میں قماربازی کے مقامات پر چھاپہ مارا اور 14 قماربازوں کو گرفتار کیا۔اس موقع پر قماربازوں سے 36440 کی داؤ پر لگی رقم اور تاش بھی ضبط کر لیے ہیں۔ انہیں گرفتار کر کے متعلقہ تھانوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں وہ زیر حراست ہیں۔اسی مناسبت سے متعلقہ تھانوں میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔مزید برآں ایک منشیات فروش مزمل مجید بٹ عرف ہاشم ساکن محلہ میر صاحب بارہمولہ کو قصبے میں منشیات فروشی کی سرگرمیوں میں سرگرم ملوث ہونے پر سیٖٹی ایکٹ کے تحت حراست میں لیا گیا۔ اس کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کئی مقدمات پہلے ہی درج ہیں۔ اسے صوبائی کمشنر کشمیر کی طرف سے موصول ہونے والے نظر بندی کے احکامات کے تحت سنٹرل جیل کوٹ بلوال جموں میں رکھا گیا ۔
 

 حضرت فاطمۃ الزہراؑکا یوم ولادت

 آغاسیدحسن کا ہدیہ تبریک وتہنیت

سرینگر// خاتون جنت حضرت فاطمۃ الزہراؑ کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پرمسلمانان عالم کی خدمت میں ہدیہ تبریک وتہنیت پیش کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے صدرآغاسید حسن الموسوی نے عالم اسلام کے امن وسلامتی کی دعا کی۔آغاحسن نے کہا کہ خداوند عالم نے سیدہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کو بے پناہ عظمت عطا کی اور خواتین عالم کے لئے نمونہ عمل قراردیا۔انہوں نے مزید کہا کہ سیدہ زہراؑنے کارِرسالت میں اپنے والد محترم حضرت محمد عربیؐ کی اس حد تک خدمت ومعاونت کی کہ آپ کو ام ابیہا کا لقب عطا فرمایا ۔آغاحسن نے کہا کہ موجودہ تباہ حال معاشرہ کی اصلاح کے لئے خواتین کی تربیت اولین ترجیح کی حامل ہے اور حضرت فاطمہؑ کی سیرت طیبہ خواتین کی تربیت کا واحد سرچشمہ ہے۔
 

ڈاکٹر فاروق کا یشپال شرماکے لواحقین سے اظہارِیکجہتی

شانگس کے پارٹی لیڈر کے انتقال پراظہار تعزیت

سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے صوبہ جموں کی سیاسی و سماجی شخصیت اور سابق ایم ایل سی یشپال شرما کے سرگباش ہونے پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے آنجہانی کے جملہ سوگواران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے آنجہانی کی آتما کی شانتی کیلئے دعا کی۔ ڈاکٹر عبداللہ نے شرما کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یشپال شرما ایک منجھے ہوئے سیاست دان تھے اور ہمیشہ لوگوں کیلئے فلاحی کاموں میں پیش پیش رہتے تھے۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ،صوبائی صدر جموں ایڈوکیٹ رتن لعل گپتا، اجھے سدھوترا ، پنڈت ایم کے یوگی اور جاوید رانا نے بھی تعزیت کا اظہار کیاہے۔ پارٹی کے صوبائی صدر یوتھ جموں و سابق ایم ایل اے پونچھ حویلی اعجاز جان نے آنجہانی کے گھر واقع پونچھ جاکر تعزیت پرسی کی ۔ادھر پارٹی لیڈران نے بلاک صدر رُخ بیروہ شانگس عبدالرشید بجران کے انتقال پر گہر ے صدمے کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحومہ کے جملہ سوگوران کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ پارٹی صدر ڈاکٹر فارو ق،نائب صدر عمر عبداللہ، سینئر لیڈران میں الطاف احمد، جنوبی زون صدر ڈاکٹر بشیر احمد ویری، ضلع صدر اننت ناگ اور پیر محمد حسین نے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔اس دوران ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی ہدایت پرپارٹی کے ایک وفد نے ٹنگمرگ جاکر پارٹی کے مرحوم سابق لیڈر خواجہ غلام محمد بٹ کے پسماندگان کیساتھ تعزیت کی ۔ وفد کی قیادت پارٹی کے صوبائی سکریٹری ایڈوکیٹ شوکت احمد میر کررہے تھے ۔اُن کے ہمراہ پارٹی کے سینئر لیڈران خواجہ محمد یعقوب وانی اور غلام نبی بٹ اور مقامی عہدیداران بھی تھے۔ اس موقعے پر مرحوم کو خراج عقیدت پیش شوکت احمد میر نے کہاکہ خواجہ غلام محمد بٹ نے زندگی بھر نیشنل کانفرنس کی آبیاری کی اور مشکل حالات میں بھی ثابت قدم رہے۔ 
 

کوثر بل ترال میں عرس تقریب منسوخ

ترال /سید اعجاز /آثار شریف کوثر بل ترال (حضرت میر محمد ہمدانی ؒ)کے خانقاہ میں ہر سال 22جمادی الثانی یوم وصال حضرت ابو بکرعقیدت و اخترام کے ساتھ منایا جاتا ہے اور موئے مقدس کی نشاندہی بھی کی جاتی ہے۔سیکریٹری اوقاف آثار شریف کوثر بل ترال نے بتایا کہ عالمی وباء کووڈ 19کے پیش نظراور رہنما خطوط کے پیش نظراس سال اس عرس کو منوخ کیا جاتا ہے ۔انہوں نے اس بارے میں تمام لوگوں سے مطلع رہنے کی اپیل کی ہے ۔ 
 
 

کولگام انتظامیہ نے ’نیشنل گرل چائلڈ ڈے‘ منایا

کولگام//ضلع انتظامیہ کولگام نے یہاں ’نیشنل گرل چائلڈ ڈے‘ منانے کیلئے ایک تقریب کا اہتمام کیا جس کا مقصد بچیوں کے حقوق کے بارے میں بیداری کو فروغ دینا ہے۔تقریب کا افتتاح ڈی پی او/اے ڈی ڈی سی کولگام ریاض احمد صوفی نے کیا۔پروگرام کے دوران شرکاء نے اس دن کو منانے کی اہمیت اور دنیا کو رہنے کے لیے ایک بہتر جگہ بنانے میں خواتین کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ڈپٹی کمشنر کپوارہ نے NTEP کے تحت پیش رفت کا جائزہ لیا۔
 

تپ دق کے خاتمے کاقومی پروگرام

کپوارہ میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا

کپوارہ// ڈپٹی کمشنر کپوارہ امام دین نے ضلع میں تپ دق کے خاتمے کے قومی پروگرام (این ٹی ای پی) کے تحت ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے ڈسٹرکٹ تپ دق فورم کمیٹی کی میٹنگ طلب کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ سال دسمبر سے اب تک ضلع کے تمام 10 میڈیکل بلاکس میں 523687 افراد کی سکریننگ کی گئی جن میں سے اب تک 12539 نمونے حاصل کئے جا چکے ہیں۔یہ بھی بتایا گیا کہ گزشتہ سال ایکٹو کیس فائنڈنگ کے تحت 45090 افراد کی اسکریننگ کی گئی جن میں سے 1972 کی جانچ کی گئی۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ ضلع میں اس وقت 377 مریض زیر علاج ہیں جن کے مناسب علاج کے لیے باقاعدگی سے ہیلتھ چیک اپ کیا جا رہا ہے۔اس موقع پر ڈی سی نے تمام ممبران پر زور دیا کہ وہ ضلع سے تپ دق کے مرض کے سو فیصد خاتمہ کو یقینی بنانے کے لیے بہتر تال میل کے ساتھ کام کریں۔میٹنگ میں سی ایم او کپوارہ، ڈی ٹی او، ڈی ایچ او، اے سی پی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
 

 کولگام میں 2 افرادنشیلی اشیاء سمیت گرفتار

سرینگر// پولیس نے کولگام میں دو افراد کو گرفتار کر کے اُن کے قبضے سے ممنوعہ اشیاء اور غیر قانونی شراب برآمد کی ہے۔ایک مخصوص اطلاع پر  قاضی گنڈ تھانہ کی ایک پولیس پارٹی نے مخصوص مقام پر چھاپہ مارا۔ قاضی گنڈ چیکنگ کے دوران افسران نے رہائشی مکان سے 2 کلو گرام پوست کا بھوسا اور 45 بوتلیں ناجائز شراب برآمد کر کے دو افراد کو گرفتار کر لیا جن کی شناخت نثار احمد میر ساکن تلوانی اننت ناگ حال بدوانی قاضی گنڈ اور محمد یٰسین ملک کے طور پر ہوئی ہے۔اسی مناسبت سے ایف آئی آر نمبر 12/2022 قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ میں ایک کیس درج کیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہے۔
 

ڈائریکٹر جنرل ہاٹی کلچر کا اظہار تعزیت

سرینگر//ڈائریکٹر جنرل ہارٹی کلچر کی سربراہی میں ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران ہاٹی کلچر ڈیولپمنٹ افسر کولگام کی اہلیہ کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کیا گیا۔راجباغ میں ڈائریکٹر جنرل ہاٹی کلچر اعجاز احمد بٹ کی سربراہی میں ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ہاٹی کلچر ڈیولپمنٹ افسر ارشد جمیل کی اہلیہ ڈاکٹر یاسمینہ اختر کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا گیااور ان کی جنت نشیبی کیلئے دعا کی گئی۔