مزید خبریں

BGSBU میں قومی یوم رائے دہندگان منایا گیا 

راجوری//بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری میں منگل کو قومی ووٹر ڈے منایا گیا۔اس موقعہ پر یونیورسٹی کی جانب سے ایک آن لائن تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف قسم کے سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز حلف برداری کی تقریب سے ہوا جس میں موجود ہر شخص نے عہد لیا کہ ہم ہندوستانی عوام جمہوریت پر پختہ یقین رکھنے کا حلف لیتے ہیں اور آزاد، غیر جانبدارانہ اور پرامن انتخابات کیلئے جدوجہد کرتے رہے گے اور مذہب، برادری سے بالاتر ہوکر ووٹ ڈالا کریں گے۔اس موقع پر، پروفیسر اکبر مسعود، وائس چانسلر بی جی ایس بی یو نے کہا کہ مذکورہ دن الیکشن کمیشن آف انڈیا کے یوم تاسیس کے موقع پر منایا جاتا ہے۔یوم ووٹر کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے پروفیسر اکبر نے کہا کہ یہ دن پورے ملک میں منایا جاتا ہے تاکہ ایک متحرک جمہوریت میں ووٹ کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کی جا سکے اور ملک کے نوجوانوں اور خواتین کو انتخابی عمل میں حصہ لینے کی ترغیب دی جا سکے۔خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کا قیام 25 جنوری 1950 کو عمل میں آیا تھا۔ اس طرح اب ہر سال 25 جنوری کو قومی یوم رائے دہندگان کے طور پر منایا جاتا ہے۔
 
 
 
 
 

یشپال شرما کی وفات پر سب جج و وکلاء کا اظہار تعزیت 

بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سابق ایم ایل سی و سنیئر ایڈوکیٹ یشپال شرما کی اچانک موت پر سرنکوٹ کورٹ میں میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا جس کی صدارت سب جج منظور احمد خان کر رہے تھے۔ سب جج نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مرحوم ایک سنیئر وکیل ہونے کیساتھ ساتھ نہایت خوش اسلوب شخصیات کے مالک تھے اورمعاشرے میں دبے ہوئے لوگوں کی ہمیشہ بات کرتے تھے ۔انہوں نے کہاکہ مرحوم سماجی کے پسماندہ طبقہ کیساتھ ساتھ پونچھ کی عوام کے ایک بہترین نمائندہ بھی تھے ۔انھوں نے کہا کہ جس دن ان کی آخری رسومات ادا کی گی اس دن ہر مذہب و ملت کے لوگ پہنچے ہوئے تھے اور ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ انھوں نے مرحوم کی شانتی کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ وہ لواحقین کے اس دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ بار ایسوسی ایشن سرنکوٹ کے صدر ایڈوکیٹ ماجد خان جنرل سیکر یٹری ایڈوکیٹ ممتاز حسین شاہ وتمام دیگر وکلا نے بھی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 

تبسم نصرت علی کی حوصلہ افزائی کی گئی 

جاوید اقبال 
مینڈھر // بلاک ڈیو لپمنٹ کونسل چیئر میں منکوٹ امان اللہ چوہدری نے دیگر معززین کے ہمراہ چھجلہ گائوں کا دورہ کرتے ہوئے ا یشین سکھ تائیکوانڈو میں 55 کلوگرام کے زمرے میں حصہ لے کر چاندی کا تمغہ جیتنے والی تبسم نصرت علی کی حوصلہ افزائی کی۔اس موقعہ پر مقررین نے کہاکہ مذکورہ بچی نے جموں وکشمیر اور پونچھ ضلع کیساتھ ساتھ سرحدی تحصیل منکوٹ کا نام بھی روشن کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تبسم نصرت علی نے اپنی صلاحیتوں کا مطاہرہ کرتے ہوئے ا یشین سکھ تائیکوانڈو چمپئن شب میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ حاصل کیا ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ بھی تبسم اپنے بہترین کھیل کے ذریعے ملک کا نام روشن کرئے گی ۔
 
 
 

اڑی میں اے ٹی ایم نصب کرنے کی مانگ 

جاوید اقبال 
مینڈھر //پی ڈی پی بلاک صدر اڑی و دیگر معززین نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر کے اڑی علاقہ میں ایک اے ٹی ایم مشین نصب کی جائے تاکہ صارفین کو دیگر علاقوں میں قائم کر دہ بینک شاخوں اور اے ٹی ایم مشینوں پر در بدر کی ٹھو کریاں نہ کھانا پڑیں ۔مینڈھر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران پی ڈی پی بلاک صدر اڑی محمد زبیر خان نے بتایا کہ مذکورہ علاقہ میں ابھی تک کوئی بھی اے ٹی ایم مشین نصب نہیں کی گئی ہے جس کی وجہ سے صارفین کو مینڈھر و دیگر علاقوں میں جانا پڑتا ہے جو کہ اس کووڈ دور میں انتہائی مشکل ہوتا جارہا ہے ۔مقررین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ اڑی علاقہ میں جموں وکشمیر بینک کا اے ٹی ایم قائم کیا جائے تاکہ لوگوں کی مشکل حل ہو سکے ۔
 
 
 

عامر رشید چوہدری کو پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض 

جموں //راجوری ضلع کے پانیحد گائوں کے رہائشی عامر رشید چوہدری ولد محمد رشید چوہدری کو ڈاکٹریٹ ریسرچ کیلئے فیکلٹی آف انجینئرنگ سائنسز کے تحت ڈاکٹر آف فلاسفی ان انجینئرنگ (پی ایچ ڈی) سے نوازا گیا ہے۔موصوف سی ایس آئی آر سینٹرل روڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، نئی دہلی، انڈیا میں اکیڈمی آف سائنٹفک اینڈ انوویٹیو ریسرچ میں ’’ میٹرو لائن سرنگ میں ساختی تھر تھراہٹ کا تخمینہ اور کنٹرول ‘‘کے عنوان سے ایک مقالے پر کام کررہے تھے ۔ڈاکٹر عامر نے اپنی تحقیق ڈاکٹر نسیم اختر، سینئر پرنسپل سائنسدان سی ایس آئی آر ا۔سی آر آی آئی دہلی اور اے سی ایس آئی آر کی قیادت میں انجام دی ۔غور طلب ہے کہ عامر نے مذکورہ ڈگری 40ماہ میں مکمل کی ۔اس تحقیق کے ذریعہ انہوں نے جاننے کی کوشش کی کہ میٹرو لائن کوریڈور کے ساتھ پیدا ہونے والی وائبریشن کا اثر خاص طور پر ڈھانچے پر پڑتا ہے ۔ڈاکٹر عامر نے 2016 میں اپنی ایم ٹیک ڈگری کے حصے کے طور پر فلائی اوور اور تاریخی مقامات پر وائبریشن تجزیہ بھی کیا۔اس دوران انہوں نے کئی مقالے قومی اور بین الاقوامی جرائد میں شائع کئے ہیں ۔اس وقت وہ جموں و کشمیرکے محکمہ جل شکتی میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
 
 
 

مینڈھر میں محکمہ جنگلات کی شجر کاری مہم 

جاوید اقبال 
مینڈھر //محکمہ جنگلات کی جانب سے مینڈھر کے چھوٹا شاہ و ملحقہ علاقہ میں ایک شجر کاری مہم چلائی گئی ۔اس مہم کے دوران ملازمین نے چھوٹا شاہ زیار ت اور ہنو مان مندر کے ارد گرد علاقوں میں پودے لگائے ۔بلاک فارسٹ آفیسر دھرمسالہ اور گھانی کی قیادت میں منعقدہ پروگرام کے سلسلہ میں آفیسران نے بتایا کہ عوام کو جنگلات کے فائدکے سلسلہ میں بیدار کرنے اور قدرتی ماحولیاتی توزان کو برقرار رکھنے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے ایک قدم اٹھایا گیا ہے جس کے تحت مذکورہ پروگرام منعقد کیا گیا تھا ۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس طرح کی شجر کاری پروگراموں میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں تاکہ لوگوں کو بیدار کرنے کیساتھ ساتھ آلودگی سے آب و ہوا کو بچانے میں مدد مل سکے۔
 
 
 

جشن صدیق اکبرؓ کا انعقاد 

راجوری //مرکزی دارالعلوم رضویہ اشرفیہ ایتی راجوری میں صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ کے یوم وصال کی مناسبت سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں علماء و طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔جشن صدیق اکبر کے دوران علماء نے مختلف موضوع پر تقریر کی جبکہ بچوں نے نعتیں بھی پیش کیں ۔تقریب کے دوران دارالعلوم کے پرنسپل مولانا فاروق نے شان صدیق اکبر کو بیان کیا ۔تقریب کے اختتام پر دعا کی گئی جبکہ اس پروگرام کی مناسبت سے لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا تھا ۔
 
 
 
 

پونچھ میں محافل میلاد کااہتمام کیا گیا 

حسین محتشم
پونچھ //جشن یوم ولادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہاپردنیا بھر کے مومنین و مومنات کی طرح سرحدی ضلع پونچھ کے مومنین کی جانب سے بھی جشن پر نور کے طور محافل کا انعقاد کیا گیا ۔اس سلسلہ کی ایک محفل امام بارگاہ عالیہ پونچھ میں اتوار کی شب منعقد کی گئی جس میں مومنین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر حسب دستور تلاوت کلام پاک کے بعد نعت ومنقبت اور قصائد کے نذرانے پیش کئے گئے۔دوران محفل مولانا کرار حسین جعفری امام جماعت مسجد اہلبیت علیہ السلام پونچھ نے خطاب کیا کرتے ہوئے بنت رسول اللہ سلام اللہ علیہا کی حیات طاہرہ پر روشنی ڈالی۔اس دوران محمد جعفر بٹ نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔مدرسہ علمیہ امام محمد باقر علیہا السلام گورسائی نالہ میں بھی اسی روز طرحی محفل مقاصدہ منعقد کی گئی جس میں ضلع پونچھ کے معروف شعر کرام نے ’ مصرعہ طرح ’ذکر فاطمہ سے ہے ذکر مصطفی باقی ‘‘ پر اپنے بہترین کلام پیش کئے۔ اس دوران شاعر اہلبیت ڈاکٹر ذاکر حسین شاہین، سید عظمت حسین جعفری، محتشم احتشام ، سید ارشدحسین نقوی  نے اپنے اشعار پیش کر کے خوب دادا و تحسین حاصل کی جبکہ مولانا سید مختار حسین جعفری اور سید سجاد حسین جعفری صاحب کے طرحی کلام بھی محفل میں پڑھے گئے۔دوران محفل مولا سید مظہر حسین جعفری نے خصوصی خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے والد گرامی خاتم المرسلین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور والدہ ماجدہ حضرت خدیجۃ الکبریٰ سلام اللہ علیہ، نبی اکرم کی پہلی اور واحد صاحب اولاد زوجہ ہیں۔انھوں نے کہا کہ ام المومنین خدیجہ سلام اللہ علیہ وہ عظیم خاتون ہیں جو پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر سب سے پہلے ایمان لائیں اور پوری زندگی آپ کا دفاع کرتی رہیں۔ انھوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہ کی پیدائش بعثت کے پانچویں سال 20  جمادی الثانی کو مکہ مکرمہ میں ہوئی۔انھوں نے کہا کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پارہ جگر کا نام فاطمہ اور مشہور لقب زہرا، سیدۃ النساء العالمین، راضیہ، مرضیہ، شافعہ، صدیقہ، طاھرہ، زکیہ، خیر النساء اور بتول ہیں۔اس دوران نظامت کے فرائض ہادی جعفری نے انجام دیئے۔پیر کے روز امام بارگاہ عالیہ منڈی میں بعد نماز ظہرین صفوی برادران کی جانب سے طرحی محفل مقاصدہ کا انعقاد کیاگیا جہا ںشعرائے کرام نے دیئے گئے مصرع طرح’’ احمد مرسل بِنا ہیں اور بقا ہیں فاطمہ‘‘ پر اپنا اشعار پیش کئے۔جن شعرائے کرام نے کلام پیش کیا ان میں سید عظمت حسین جعفری، محتشم احتشام،محمد سبطین انصاری، اکبر علی بانڈے، شبہ الحسن قیصر، عشرت حسین بٹ،محمد جعفر بٹ، شاہد رضا صفوی، اور وسیم جعفر بانڈے شامل ہیں۔دوران محفل مولانا کرار حسین جعفری نے دعائیہ کلمات پیش کئے اور پیر معشوں نے بھی نذرانہ عقیدت پیش کیا۔اس دوران نظامت کے فرائض تصدق حسین بانڈے نے انجام دیئے۔مسجد اہلبیت علیہ السلام میں پیر کو بعد نماز مغربین محفل کا انعقاد بٹ برادران کی جانب سے کیا گیا اس موقعہ پر بھی مومنین نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے اپنی عقیدتوں کا اظہار کیا۔دوران محفل مولانا کرار حسین جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاطمہ زلزہرا کی مشہور کنیت ام الآئمہ، ام الحسنین، ام السبطین اور امِ ابیہا ہے۔ ان تمام کنیتوں میں سب سے زیادہ حیرت انگیز ام ابیھا ہے، یعنی اپنے باپ کی ماں؛ پس یہ لقب اس بات کا ترجمان ہے کہ آپ اپنے والد بزرگوار کو بے حد چاہتی تھیں اور کمسنی کے باوجود اپنے بابا کی روحانوی اور معنوی پناہ گاہ تھیں۔انھوں نے کہا کہ جس معاشرے میں بیٹیوں کو پیدا ہوتے ہی دفن کر دینا ایک عام رواج تھا، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنی شہزادی کی تعظیم کے لئے خود کھڑے ہو جاتے تھے۔اس دوران ماسٹر انور حسین ونتوں نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ ان محافل کے دوران عالم انسانیت کے لئے دعائیں طلب کی گئی۔
 
 
 
 

 ظہیر عباس وانی یوم جمہوریہ پر ایورڈ کیلئے نامزد | معززین نے بہترین کارکردگی پر مبارکبار پیش کی 

حسین محتشم
پونچھ // ظہیر عباس وانی کو یوم جمہوریہ 2022 کے موقع پر ڈی جی جیل خانہ جات کے تمغہ سے نوازے جانے پر سرحدی ضلع پونچھ میں ان کے جاننے والوں دوستوں اور رشتہ داروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور ہر طرف سے مبارک بادی کے پیغامات آنے لگے۔واضح رہے ک ڈریکٹر جرنل آف پولیس جموں پرسنس جے ایڈ کے کے دفتر سے جاری حکم نامہ Order 41 of 2022مورخہ 25جنوری  کے تحت 2022 کے یوم جمہوریہ کے موقع پر کئی افسروں اور پولیس اہلکاران کو محکمہ جیل خانہ جات، جموں و کشمیر کے اہلکار کے حق میں ان کی مسلسل اور شاندار کارکردگی کیلئے ڈائریکٹر جنرل جیل خانہ جات کے تمغے سے نوازے جانے کی منظوری دی گئی ہے۔اس دوران پونچھ کے ظہیرعباس وانی جو کہ عرصہ دراز سے نہایت ہی لگن اور ایمانداری سے محکمہ جیل پولیس میں اپنے فرائض منصبی انجام دے رہے ہیں کو بھی اس اعزاز سے نوازا گیا۔  تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پولیس، جیل خانہ جات، جے اینڈ کے ڈاکٹر بی سری نواس، آئی پی ایس نے محکمہ جیل خانہ جات، جموں و کشمیر کے 10 افسروں/ اہلکاروں کو ان کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں ڈائریکٹر جنرل کا جیل میڈل سے نوازا۔ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں دنیش شرما سینئر سپرنٹنڈنٹ جیل سنٹرل جیل جموں کوٹ بھلوال، ترسیم لال اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل ڈسٹرکٹ جیل جموں، ہیڈ وارڈرز تلک راج کوتوال ڈسٹرکٹ جیل بھدرواہ، غلام رسولسنٹرل جیل جموں کوٹ بھلوال، ایس جی وارڈر، وارڈرزظہیر عباس ڈسٹرکٹ جیل پونچھ، شریدھر جیل ہیڈ کوارٹرجموں و کشمیر، بشیر احمد خانسینٹرل جیل سری نگر ،کمل کشورڈسٹرکٹ جیل راجوری، پیر فاروق احمد سینٹرل جیل سری نگر، فاروق احمد نینگروخصوصی جیل (اصلاحی گھر) پلوامہ شامل ہیں۔ڈائریکٹر جنرل پولیس جیل خانہ جات نے ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی اسی جوش اور جذبے کے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔ اس دوران خصوصی طور پر پونچھ کے سیاسی وسماجی شخصیات کی جانب سے ظہیر عباس وانی کو مبارک باد دی جا رہی ہے۔ سید محمد صالح رضوی، نائب تحصیلدار اختر عباس میر، کفایت حسین صوفی، ماسٹر فیاض علی آرزو حیاتپوری، جاوید علی قلی، رضوان حسین بٹ، ماسٹر نصرت حسین شاہ، عنایت حسین جعفری سرنکوٹ اور دیگران نے ظہر عباس کو میڈل ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کو مبارک باد پیش کی۔
 
 
 
 

پراسیکیوٹنگ آفیسر امتحان ملتوی کرنے کی اپیل 

حسین محتشم
پونچھ//ضلع بار ایسوسی ایشن پونچھ کی جانب سے ایک اجلاس بار صدر ایڈوکیٹ معروف خان کی قیادت میں منعقد کیاگیا جہاں تمام وکلاء نے متفقہ طور موجودہ کووڈ-19 (اومیکرون) کے کمیونٹی پھیلاؤ کے پیش نظر پراسیکیوٹنگ آفیسر کے اہم امتحان ملتوی کرنے کی اپیل کی۔انھوں نے کہا کہ حال ہی میں مرکزی حکومت کی ہیلتھ کمیٹی کی ایک رپورٹ میں یہ بتایا گیا ہے کہ پی ایس سی کی جانب سے31جنوری تا10فروی2022 تک امتحانات منعقد کئے جانے ہیں اور کئی رپورٹس یہ بتا رہی ہیں کہ یہی دورانیہ تیسری لہر کا عروج ہے اور اسی کے پیش نظر موجودہ حالات میں PO مین امتحان کے خواہشمندوں کیلئے شرکت کرنا ناممکن ہے۔انھوں نے متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ افسران سے ان امتحانات کو  فی الحال نہ کروانے کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر مجید خان (نائب صدر)، بھانو پرتاپ (جنرل سیکریٹری)، سمیر ملک (جوائنٹ سیکریٹری)، شیخ سلیم (کیشیئر) اور دیگر اراکین نے بھی شرکت کی۔ 
 
 
 

کووڈ کے مشکل دور میں خدمات 

میونسپل و دیگر عارضی ملازمین کی حوصلہ افزائی کا مطالبہ 

حسین محتشم
پونچھ// پونچھ کے سیاسی وسماجی کارکنان نے یوم جمہوریہ کی تقریبات کے موقعہ پر کرونا وباء کے نازک دور میں اپنی خدمات اور فرائض کو انجام دینے والے محکمہ میونسپل کے صفائی کرمچاریوں اور محکمہ بجلی کے عارضی ملازمین کی عزت افزائی کرنے کیا اپیل کی ہے۔سماجی کارکن سہیم جعفر حیات پوری، عبدالرشید شاہپوری ،ایڈوکیت سونل ساسن، نیشو گپتا نے کہا ہے کہ ان ملازمین نے جس طرح مشکل ترین دور میں اپنی خدمات انجام دی ہیں اس کے لئے جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان لوگوں کا حوصلہ مزید بلند ہو اس کے لئے یوم جمہوریہ یا یوم آزادی کی تقریبات پر ان لوگوں کو ایوارڈ دیئے جانے چاہئے ۔۔انھوں نے کہا کہ جس طرح پولیس اور دیگر حفاظتی عملوں کے ملازمین اور افسروں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اس طرح ان کی حوصلہ افزائی کی جائے ۔انھوں نے کہا کہ اس ملازمین کو ہر طرح سے نظر انداز کیا جاتا ہے لیکن اس بار ان کو ان کی خدمات پر حصلہ افزائی ہوگی اسکے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر کو سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہئے اور جو یہ ملازمین عزت افزائی کے مستحق ہیں انہیںعزت افزائی سے نوازا جائے۔
 
 
 
 

 ندی نالوں میں غیر قانونی کان کنی کے خلاف مہم جاری

حسین محتشم
پونچھ// ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت اور تحصیلدار پونچھ بشیر انجم کھٹک کے احکامات کی روشنی میں دریائے سرن پونچھ سے غیر قانونی کان کنی کے خلاف مہم جاری ہے اور اس سلسلے میں نائب تحصیلدار چنڈک جو کہ مجسٹریٹ درجہ اول ہیں نے کارروائی کرتے ہوئے دریائے سرن سے سیڑھی خواجہ کے پل کے عین نیچے سے بجری اور ریت نکال رہے2 جے سی بی4 ٹیپر ضبط کر کے پولیس چوکی چنڈک میں پہنچائے۔اس دوران انھوں نے ایک ہدایت نامہ ایس ایچ او پولیس تھانہ سرنکوٹ کے نام جاری کیا جس میں انھوں نے جے سی پی اور ٹیپرمالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے سخت کارروائی کا کرنے کو کہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ غیر قانونی ریت بجری اور دیگر معدینات لے جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے اس کے با وجود غیر قانونی کان کنی کی جا رہی ہے جس کی وہ اجازت نہیں دے سکتے۔ انھوں نے کہا کہ پونچھ کے ندی نالوں میں غیر قانونی کان کنی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔
 
 
 
 

 پونچھ میں 12 ویں قومی یوم رائے دہندگان پر تقریبات کا انعقاد

حسین محتشم
پونچھ// سرحدی ضلع پونچھ میں سخت سردی اور برف باری کے باوجود مختلف مقامات پر 12 ویں قومی یوم رائے دہندگان پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی قیادت میں ڈی سی آفس کے کانفرنس ہال میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں تمام ضلعی افسران اور دیگر ملازم شامل ہوئے ۔اس دوران شرکاء کو قومی یوم رائے دہندگان کے حوالے سے حلف دلوایا گیا۔ حلف اسی فارمیٹ میں دیا گیا جو الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جاری کیا تھا جبکہ اس موقعہ پر مقررین نے اس دن کو منانے کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔۔اس دوران ماڈل ہائراسیکنڈری سکول ساوجیاں پونچھ میں ووٹرز ڈے منایا گیا جس میں کلسٹر ساوجیاں کے سٹاف اور طلباء نے شرکت کی۔اس دوران لیکچررز، اساتذہ اور طلباء جو سخت موسمی حالات اور سکول میں چھٹیوں کی وجہ سے موجود نہیں تھے ورچوئل موڈ میں شامل ہو ئے۔ پروگرام کی صدارت پرنسپل ہائیر سیکنڈری سکول ساوجیاں انور خان نے کی۔ حاضرین اور آن لائن شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انور خان نے ووٹرز ڈے کی تھیم کو واضح کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ہمیں ملک کے جمہوری نظام کو بااختیار بنانے کیلئے اپنا ووٹ کاسٹ کرنا چاہیے۔ پروگرام کا آغاز قومی ترانے سے ہوا۔۔ جن لوگوں نے شرکاء سے بات چیت کی ان میں سلیم رشی، جگن دیپ سنگھ، مختار بانڈے اور مشتاق بھٹ شامل تھے۔ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی پونچھ نے کرشن چندر میموریل گورنمنٹ ڈگری کالج، پونچھ کے تعاون سے صبح 11 بجے "نیشنل ووٹرز ڈے" پر ایک آن لائن پروگرام کا انعقاد کیا ہے۔ یہ پروگرام ورچوئل موڈ کے ذریعے منعقد 
کیا گیا تھا جس میں طلباء، اساتذہ اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت 100 سے زائد طلباء نے آن لائن شرکت کی۔ اس پروگرام میں پروفیسر ایم ایچ شاہ، پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ مہمان خصوصی تھے۔ پروگرام کی نظامت پروفیسر نصرت کوثر کررہے تھے۔ اس موقع پر 4 سے زائد طلبائنے بھی خطاب کیا اور نیشنل ووٹرز ڈے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ پروفیسر ایم ایچ شاہ پرنسپل کرشن چند میمورل گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ نے بھی جمہوریت میں ووٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر سیکرٹری ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی پونچھ نے بھی خطاب کیا اور اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔