مزید خبریں

نیوز ڈیسک
مختلف حادثات میں 2افراد کی موت 4زخمی 

سمت بھارگو+رمیش کیسر 

راجوری// راجوری ضلع میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پیش آئے مختلف حادثات کے دوران کم از کم 2افراد کی موت ہوگئی جبکہ دیگر 2زخمی ہوئے ہیں ۔اتوار اور پیر کی درمیانی شب راجوری کے جمولا میں پیش آئے سڑک حادثے میں ایک نوجوان لڑکا ہلاک ہو گیا جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب راجوری کے جمولا روڈ پر ایک موٹر سائیکل دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی۔اس حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار دو لڑکے زخمی ہو گئے جنہیں میڈیکل کالج راجوری منتقل کیا گیا جہاں عمران خان (15) ولد جاوید احمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔موٹر سائیکل سوار کی شناخت فقت علی (11) ولد محمد قاسم سکنہ جمولا کے طورپر ہوئی ہے جس کی حالت تشویشناک ہے۔پولیس نے بتایا کہ متوفی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد آخری رسومات کے لئے اس کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا جبکہ پولیس تھانہ راجوری میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔اسی طرح نو شہرہ سب ڈویژن میں موٹر سائیکل ایک فوجی گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ایک موٹر سائیکل سوار کی موقعہ پر ہی موت ہو گئی جبکہ دو افراد زخمی ہوئے ۔اسی دوران خطہ میں ہوئی شدید بارش کے بعد بجلی کی سپلائی لائن مرمت کرتے ہوئے ایک محکمہ کا ملازم بُری طرح سے جھلس گیا جس کو علاج معالجہ کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔مقامی ہسپتال میں ابتدائی مرحم پٹی کے بعد اس کو گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کر دیا گیا جبکہ اس کے اہل خانہ نے متعلقہ حکام کیخلا ف شدید احتجاج بھی کیا ۔

 

 

 

ڈی ڈی سی ممبرکی قیادت میں اجلاس منعقد 

کوٹرنکہ //ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسلر شازیہ کوثر نے افسران اورمنتخب ممبران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی تاکہ موجودہ مالی سال کیلئے ڈسٹرکٹ کیپیکس بجٹ اور ایم جی نریگا کے تحت مجوزہ دیہی ترقی محکمہ کی طرف سے کئے جانے والے کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔میٹنگ میں اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ جنب وجے کمار، بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر بدھل محتشم حنیف، بی ڈی او ہیڈ کوارٹر، معززیں، سرپنچوں، پنچایت سکریٹریوں اور جونیئر انجینئرز اور تکنیکی عملہ نے شرکت کی۔ میٹنگ میںتمام طرح کی گرانٹس سمیت کاموں کے تخمینہ، ٹینڈرنگ اور الاٹمنٹ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں ڈسٹرکٹ کیپیکس پلان 2022-23 کے تحت تفصیلی تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں رواں مالی سال میں تکمیل کیلئے ہدف بنائے گئے منصوبوں کی فزیکل اسٹیٹس بھی شامل ہے۔ ترقی کا جائزہ لیتے ہوئے ڈی ڈی سی کونسلر نے بدعنوانی اور کمیشن کے نظام پر زیرو ٹالرنس پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ کاموں کی رفتار کو تیز کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں اور کاموں کی باقاعدہ نگرانی کی ہدایت کی۔

 

 

حکومت سے ’اگنی پتھ ‘سکیم پر نظر ثانی کا مطالبہ 

جاوید اقبال 

مینڈھر //مینڈھر اسمبلی حلقہ سے عام آدمی پارٹی کے انچارج سبکدوش پرنسپل اینڈ سیشن جج چوہدری سکندر عظم نے بھاجپا کی مرکزی حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ فوج میں نوجوانوں کی بھرتی کیلئے شروع کر دہ ’اگنی پتھ ‘سکیم کو جلدازجلد واپس لے یا اس میں ترمیم کے سلسلہ میں نظر ثانی کرئے ۔مینڈھر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران موصوف نے مرکزی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ نئی لائی گئی سکیم نوجوانوں کیلئے نقصاندہ ثابت ہو سکتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو ایک ایسی عمر میں سبکدوش کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے جس میں ان کی تعلیم بھی مکمل نہیں ہو سکتی ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ سکیم سے نوجوانوں کو فائدے کے بجائے نقصان میں ڈال دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا کی مرکزی حکومت کو چاہئے کہ وہ ایک ایسی سکیم لے کر آئے جس کے تحت نوجوان جہاں ملکی حفاظت میں اپنا رول ادا کر سکیں وہائیں اپنا روز گار بھی کما سکیں ۔

 

 

 

او بی سی طبقہ کا مینڈھر میں اجلاس  

جاوید اقبال 

مینڈھر //او بی سی تنظیم کے صدر عبدالرزاق قریشی کی قیادت میں آل انڈیا بیکو رڈ کلاسز کا ایک اجلاس مینڈھر ڈاک بنگلہ میں منعقد ہوا جس میں مذکورہ طبقہ کے اراکین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس اجلاس میں جموں وکشمیر کے تنظیمی صدر عبدالمجید ملک بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے جبکہ ان کے ساتھ ساتھ پروفیسر کالی داس جنرل سیکریٹری جموں وکشمیر ودیگران بھی موجود تھے ۔مقررین نے کہاکہ ملک بھر میں او بی سی طبقہ کو 27فیصد ریزرویشن دی گئی ہے لیکن جموں وکشمیر میں طبقہ کو مذکورہ ریزرویشن سے یکسر نظرانداز کر دیاگیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں طبقہ کی وسیع آبادی ہونے کے باوجود بھی ان کو 4فیصد ریزرویشن دی گئی ہے ۔اجلاس کے دوران مقررین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر میںرہائش پذیر طبقہ کے اراکین کو 27فیصد ریزرویشن دے کر ان کیساتھ انصاف کیا جائے جبکہ انکم بار سے بھی محفو ظ رکھا جائے تاکہ طبقہ کی فلاح و بہبود ممکن ہو سکے ۔اجلاس میں سبکدوش تحصیلدار کبیر حسین ،ایڈوکیٹ محمد رشید مغل ،حاجی محمد شبیر عثمانی ،،محمد حسین بھٹی ،مولوی نصیر مغل ،حاجی محمد حنیف ،معروف احمد ،محمد نظیر خاکی ،نصیر بیگم ،میاں شہراز اظہری ،عبدالمجید ملک ودیگران بھی موجود تھے ۔

 

 

 

ڈی ڈی سی وائس چیئر مین نے حیات پورہ کا دورہ کیا 

پرویز خان 

منجا کوٹ //ضلع ترقیاتی کونسل راجوری کے وائس چیئر مین شبیر احمد خان نے پنچایت حیات پورہ کے چک گوجران محلہ ناڑ کا دورہ کر کے عوامی مسائل و مطالبات کا جائزہ لیا ۔اس دوران موصوف کے ہمراہ ایس سی محکمہ پی ڈبلیو ڈی ،اے ای ای اور جونیئر انجینئر کیساتھ ساتھ بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر منجا کوٹ ،سرپنچ حیات پورہ و دیگر علاقہ معززین بھی موجود تھے ۔اس دوران مکینوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ ناڑ علاقہ سے منجا کوٹ سڑک کو جوڑا جائے تاکہ مقامی آبادی کو فائدہ پہنچ سکے ۔ضلع ترقیاتی کونسل کے وائس چیئر مین کیساتھ آئے ہوئے متعلقہ شعبہ کے آفیسران نے یقین دلاتے ہوئے کہاکہ عوامی مانگ کے تحت مذکورہ رابطہ سڑک پر کام شروع کیا جائے گا ۔اس کیساتھ ساتھ علاقہ کے دیگر مسائل کے سلسلہ میں بھی جانکاری حاصل کی گئی ۔اس کے علاقہ موصوف نے نیلی تا چک گوجران رابطہ سڑک کی تعمیر کا جائزہ بھی لیا ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ رابطہ سڑک کی تعمیر کے بعد چھ سے سات ہزار کی آبادی کو فائدہ پہنچ سکتا ہے ۔

 

 

 

ڈی آئی جی رینج نے پونچھ کادورہ کیا

آفیسرا ن کے اجلاس میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا 

پونچھ//سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے اور پولیس کے ساتھ ساتھ دیگر فورسز کے افسران کے ساتھ سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے راجوری پونچھ رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر حسیب مغل نے ضلع پونچھ کا دورہ کیا۔اپنے دورے کے دوران ڈی آئی جی ڈاکٹر حسیب مغل نے ڈسٹرکٹ پولیس آفس پونچھ میں متعلقہ افسران اور اہلکاروں کے ساتھ میٹنگ کی جس میں ایس ایس پی پونچھ روہت باسکوترا نے انسداد دہشت گردی اورجرائم سمیت ضلع پونچھ کی پولیسنگ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔میٹنگ میں ایڈیشنل ایس پی مشیم احمد اور ضلع پونچھ کے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے بھی شرکت کی۔ڈی آئی جی نے افسران سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ انسداد دہشت گردی کے محاذ، امن و امان کی صورتحال سے متعلق تمام ایس او پیز کی باقاعدگی سے ریہرسل کی جائے اور ان پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔انہوں نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تمام بدنام زمانہ دراندازی کے راستوں، غیر محفوظ مقامات پر کڑی نظر رکھی جائے جبکہ تمام پولیس اداروں کی اندرون ملک سیکورٹی کو مناسب طریقے سے برقرار رکھا جائے۔انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز پونچھ کا بھی دورہ کیا اور افسران، اہلکاروں سے بات چیت کی اور ان کی شکایات سنیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان کی تمام حقیقی شکایات کو مقررہ وقت میں حل کیا جائے گا۔موصوف نے کہا کہ تمام پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے ضلع کے تھانہ سرنکوٹ سمیت سرنکوٹ سب ڈویژن کے علاقوں کا بھی دورہ کیا اور مجموعی صورتحال بالخصوص مغل روڈ اور آنے والے چیلنجوں کا جائزہ لیا۔دریں اثنا، پونچھ ضلع میں مینڈھر سب ڈویژن کی سول آبادی کے ساتھ براہ راست رابطہ قائم کرنے اورپولیس پبلک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے ضلع کے مینڈھر سب ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں ایک پولیس پبلک انٹریکشن میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔میٹنگ کی صدارت ڈی آئی جی راجوری پونچھ رینج ڈاکٹر حسیب مغل نے کی جس میں ایس ایس پی پونچھ روہت باسکوترا، ایس ڈی پی او میندھر شیزان بھٹ اور دیگر پولیس افسران موجود تھے۔اجلاس میں سب ڈویژن اور سرحدی دیہات کے معززین کیساتھ ساتھ تاجر، تجارتی تنظیم کے رہنما، پی آر آئیز، سرکردہ شہری اور عوام نے شرکت کی۔شرکاء نے سب ڈویژن میں موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور متعدد مطالبات اور مسائل بھی پیش کئے جنہیں پولیس افسران نے تحمل سے سنا۔عوام کو یقین دلایا گیا کہ ان کی شکایات کو متعلقہ محکموں کے ساتھ سنجیدگی سے لیا جائے گا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی ڈاکٹر حسیب مغل نے کہا کہ صحت مند پولیس پبلک رابطہ معاشرے میں تعمیری ماحول کیلئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور امن کی شرط ہے۔انہوں نے نظم و نسق برقرار رکھنے میں سب ڈویژن کی سول آبادی کے تعاون کو سراہتے ہوئے سول آبادی کے اسٹیک ہولڈرز سے اپیل کی کہ وہ اپنا ہر ممکن تعاون جاری رکھیں۔

 

 

 

منڈی کے متعدد علاقہ جات بنیادی سہولیات سے محروم 

عشرت حسین بٹ

منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے متعدد علاقہ جات گزشتہ کئی دنوں سے بجلی پانی جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جس کی وجہ سے ان علاقوں میں بسے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔تحصیل صدر مقام سے پانچ کلو میٹر دوری پر واقعہ بیدار علاقہ کے محلہ مرگی وارڈ نمبر تین میں بسے 70 سے زائدگھر گزشتہ ایک ماہ سے اندھیرے میں اپنی زندگی گزار رہے ہیں ۔مکینوں کے مطابق اس علاقے کا ٹرانسفارمر گزشتہ ایک ماہ سے جل گیا ہے اور ابھی تک انتظامیہ کی جانب سے ٹرانسفارمر کی مرمت نہیں کی گئی ہے۔ بیدار گاوں کے سابقہ سرپنچ عبدل احد تانترے نے اس حوالے سے کشمیر عظمیٰ کوبتایا کہ ایک ماہ قبل ان کے علاقے کا ٹرانسفارمر جل گیا تھا اور اس کے بعد آج تک متعلقہ محکمہ کی جانب سے مرمت نہیںکی گئی جس کی وجہ سے ان کا پورا علاقہ اس ٹھٹھرتی ہوئیٹھنڈ میں اندھیرے کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے علاقہ کی عوام اور ذمہ داران نے متعلقہ محکمہ کو آگاہ بھی کیا مگر ابھی تک ٹرانسفارمر کو مرمت کر کے نہیں لایا گیا۔ ادھر تحصیل کے آڑائی علاقہ کی عوام پینے کے صاف پانی کیلئے ترس رہیں ہیں۔ آڑائی علاقہ کی ملکاں پنچایت میں انتظامیہ کی جانب سے پینے کے صاف پانی کا کوئی بھی انتظام نہیں ہے اور لوگوں کو میلوں پیدل سفر کر کے پانی لانا پڑتا ہے۔ آڑائی ملکاں کے سرپنچ اسلم ملک نے بتایا کہ محکمہ جل شکتی کی جانب سے اس علاقہ میں پرانے وقت میں پانی کی پائپ لائن بچھائی ہوئی ہے جو کہ بوسیدہ ہو چکی ہے جس کی وجہ سے ان پائپوں میں پانی نہیں آتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے متعدد بار منڈی میں انتظامیہ کی جانب سے لگائے جانے والے عوامی درباروں کے ذریعہ اور آفسران کے دفتروں میں جا کر بھی پانی کے معاملات کو ابھارا مگر آج تک انتظامیہ کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بھی ٹھوس اقدام نہیں اٹھائے گئے ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ دیہات میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی جائیں ۔

 

 

 

منڈی تحصیل میں تین دنوں سے بارش جاری 

عشرت حسین بٹ

منڈی//پیرکو ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں مسلسل تیسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔ شدید بارش کی وجہ سے جہاں لوگوں میں کافی خوف و ہراس پایا جا رہا ہے وہیں گزشتہ روز منڈی کے سیکلو مقام پر شدید بارش کی وجہ سے بھاری پسیاں گر آنے کی وجہ سے ملبے میں پھنسے ہوئے ٹرک کے بیچ ڈرائیورکی موت واقع ہوئی تھی جس کو اتوار کی دیر رات اسے کے آبائی قبرستان مرنوٹ میں پرْ نم آنکھوں سے سپردِ خاک کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ تین دن کی موسلا دار بارش کی وجہ سے منڈی تحصیل کے متعدد علاقوں کے ندی نالوں میں پانی کی شرح زیادہ ہونے کیساتھ ساتھ بہائو بھی تیز ہو گیا ہے جبکہ اس دوران متعدد رہائشی ڈھانچوں اور سرکاری عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔

 

 

 

آزادی کے امر ت مہا اتسو کے بینر تلے ریلی کا انعقاد 

عظمیٰ یاسمین

 تھنہ منڈی// محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس ڈسٹرکٹ راجوری بلاک پلانگرھ کے زیر اہتمام زون تھنہ منڈی میں آزادی کا امرت مہا اتسو کے بینر تلے ایک سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیاجس میں تقریباً 30 سائیکل سوار بچوں نے حصہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکمہ کے متعدد ملازمین موجود تھے جن میں فزیکل ایجوکیشن ماسٹر عبدالواحد، فزیکل ایجوکیشن ماسٹر محمد فاروق، فزیکل ایجوکیشن ٹیچر محترمہ شازیہ کوثر، رہبر کھیل محمد شفیق ،سجاد شریف، اعجاز احمد وغیرہ قابلِ ذکر ہیں۔ جنھوں نے اس ریلی کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور تعاون پیش کیا۔ اس موقع پر مقررین نے بولتے ہوئے کہا کہ اس ریلی مقصد نئی نسل کو نشہ جیسی خطرناک وباء سے چھٹکارا دلا کر ان کو جسمانی صحت سے وابستہ سرگرمیوں کے طور پر اپنی روزمرہ کی زندگی میں سائیکل چلانے کی طرف راغب کرنا ہے تاکہ انھیں موٹاپے، سستی، ذہنی تنا اور دیگر بیماریوں سے چھٹکارہ حاصل کرنے میں مدد ملے۔ وہیں بی ڈی سی پلانگرھ پروین اختر نے بلاک پلانگرھ کے سرکردہ شہریوں اور پنچائتی اور شعبہ تعلیم سے وابستہ متعدد ارکان کی موجودگی میں اس ریلی کا شاندار افتتاح کیا۔ یہ پروگرام ضلع یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس آفیسر راجوری مسٹر سنیل سنگھ سمیال اور انچارج زونل فزیکل ایجوکیشن آفیسر تھنہ منڈی مسٹر سلیم نوشاد رینہ کی موجودگی اور نگرانی میں منعقد کیا گیا۔

 

 

 

اگنی پتھ سکیم کیخلاف احتجاج پر نظر بندی کی مذمت 

عظمیٰ یاسمین

 تھنہ منڈی// عام آدمی پارٹی راجوری نے مرکزی حکومت کی اگنی پتھ اسکیم کے خلاف احتجاج کرنے پر شری اوم کھجوریا اور عام آدمی پارٹی جموں صوبہ کے دیگر رضاکاروں کی نظربندی کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ سب ڈویژن تھنہ منڈی میں ضلع آئی ٹی انچارج ایڈووکیٹ شاہین بھٹی نے ڈاکٹر شاہد مغل اور اشفاق مغل کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ جان بوجھ کر عام آدمی پارٹی کے متعدد اراکین کے خلاف اس طرح کی کارروائی کر رہی ہے جو کہ انتہائی افسوس ناک بات ہے۔ انہوں نے جموں اور کشمیر میں ایل جی حکومت کی اس کارروائی کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ مقررین نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے  اگنی پتھ اسکیم نوجوانوں کے ساتھ ایک کھلواڑ ہے لہٰذا اسے فوری طور پر کالعدم قرار دیا جائے۔ انھوں نے مزید کہا کہ عام آدمی پارٹی اس مشکل گھڑی میں ملک بھر کے نوجوانوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر ایک کو اپنے حق کے لئے آواز بلند کرنے کا حق ہے لیکن یہاں کھلے عام قاعدہ کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے متعدد اراکین کو جموں اور راجوری میں نظر بند کر دیا گیا ہے جس کی وہ کڑے الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایل جی انتظامیہ سے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

 

 

 

تھنہ منڈی کالج میں یوگا کا عالمی دن منایا گیا 

عظمیٰ یاسمین

 تھنہ منڈی // محکمہ فزیکل ایجوکیشن اینڈ سپورٹس گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی اور کالج کے این ایس ایس یونٹ کے اشتراک سے ’’صحت مند زندگی گزارنے کے طریقے اور اصول‘ کے عنوان پر ایک ویبینار کا اہتمام کرتے ہوئے 8واں بین الاقوامی یوگا ڈے منایا۔ ویبنار کا انعقاد کالج کی پرنسپل ڈاکٹر نعیم النساء کی سرپرستی میں کیا گیا جو اس تقریب کی مہمان خصوصی بھی تھیں، اپنے افتتاحی خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ یوگا ہمیشہ سے ہندوستانی ثقافت کا ایک لازمی حصہ رہا ہے۔ یہ جسمانی، ذہنی اور روحانی طریقوں کی بہترین شکلوں میں سے ایک ہے۔ پروگرام کا آغاز کالج کے فزیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد ابراہیم کے خطبہ استقبالیہ سے ہوا۔ انہوں نے کہا کہ یوگا دماغ کو صحت مند اور تناؤ سے پاک رکھنے میں ہماری مدد کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوگا ہم میں نئی توانائی ڈال کر ہمارے دماغ اور جسم کو جوان کرتا ہے۔ پروفیسر اعجاز نذیر (کنوینر سپورٹس) اور پروفیسر محمد شوکت این ایس ایس پروگرام آفیسر نے پروگرام کو ترتیب دیا۔اس موقع پر دہلی میں یوگا گرو اور تھراپسٹ للت مدن کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا تھا۔ ویبنار سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مدن نے یوگا پریکٹس کے پانچ عمومی اصولوں مناسب ورزش، مناسب سانس، مناسب آرام، مناسب خوراک، مناسب سوچ اور مراقبہ کی اہمیت پر زور دیا۔ مدن نے مزید کہا کہ اس بیہودہ، اور کسمپرسی کی طرز زندگی میں ہر کسی کو خوشی کیلئے یوگا کرنے اور صحت مند طرز زندگی کو اپنانے کے لئے کچھ وقت ضرور نکالنا چاہیے۔ اس پروگرام میں پروفیسر مدثر مجید باحسن نظامت کے فرائض انجام دیے جبکہ ڈاکٹر تجندر سنگھ نے تمام معززین کا شکریہ ادا کیا۔ اس پروگرام میں گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی کے تمام فیکلٹی ممبران دیگر اسٹاف اور مختلف کالجوں کے تقریباً 150 طلباء نے شرکت کی۔

 

 

 

عام آدمی پارٹی پونچھ کا اگنی پتھ کے خلاف احتجاج

حسین محتشم

پونچھ//فوج میں بھرتی کو لیکراگنی پتھ اسکیم پر ملک بھر کی طرح سرحدی ضلع پونچھ میں بھی احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔ اس دوران عام آدمی پارٹی پونچھ نیاگنی پتھ اسکیم کو لے کر ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس موقع پرعام آدمی پارٹی کے کنوینرسینئر رہنما اشفاق رانا،تنویر شاہ یوتھ صدر،عرفان خان نائب صدر یوتھ ریاض مدنی جنرل سیکر یٹری ٹریڈ یونین کیڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹر اقبال مغل اور دیگر لیڈر موجود تھے۔ اس دوران فوج میں بھرتی کے لئے اگنی پتھ اسکیم پر سخت تنقید کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اگنی پتھ اسکیم نوٹ بندی جیسا فیصلہ ہے۔انہوں نے کہا وزیراعظم بغیر سوچے سمجھے پالیسیاں بنا کر عوام سے کھیل رہے ہیں۔انہیں نے اگنی پتھ اسکیم کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ فوج میں لاکھوں خالی آسامیاں ہونے کے باوجود گزشتہ 3 سال سے بھرتی نہیں ہو رہی ہے۔انہوں نے تشویش کا اظہار کیا کہ حکومت کے اس فیصلے پر کئی سابق فوجیوں کے دفاعی ماہرین نے بھی سوالات اٹھائے ہیں۔مظاہرین نے اس منصوبے پر مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں میں ناراضگی ہے، وہ ملک کی خدمت میں جانا چاہتے ہیں، لیکن آپ اس پر بھی پابندی لگا رہے ہیں۔انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان تشدد میں ملوث نہ ہوں اور سرکاری املاک کو نقصان نہ پہنچائیں۔

 

 

مینڈھر کالج میں یوگا تربیتی سیشن و بیداری ریلی کا انعقاد

حسین محتشم

پونچھ// این ایس ایس یونٹ اور شعبہ فزیکل ایجوکیشن نے این سی سی یونٹ، گورنمنٹ ڈگری کالج مینڈھر کے تعاون سے 20 جون 2022 کو یوگا تربیتی سیشن اور بیداری ریلی کا انعقاد کیا۔اس دوران ہندوستانی فوج کے یوگا ماہرین کی نگرانی میں آسنوں اور پرانائم کا ایک سلسلہ انجام دیا گیا۔ قومی تربیت یافتہ یوگا ماہر نے یوگا آسنوں کی کارکردگی میں مدد کی۔اس دوراب این ایس ایس یونٹ اور شعبہ فزیکل ایجوکیشن کے زیر اہتمام 15 روزہ یوگا ٹریننگ کیمپ کا اختتامی اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج مینڈھر ڈاکٹر محمد اعظم مہمان خصوصی تھے۔ شرکاء نے یوگا کی کچھ مشقیں دکھائیں جو انہوں نے تربیتی کیمپ کے دوران سیکھی تھیں۔اس تربیتی سیشن میں فیکلٹی ممبران اور طلباء نے شرکت کی،اس موقع پر ڈاکٹر محمد اعظم پرنسپل جی ڈی سی میڈھر نے لیکچر دیا جس میں تناؤ سے پاک طرز زندگی کی قیادت میں یوگا کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔یوگا ایکسرسائزز سیشن کی تکمیل کے بعد 2 کلومیٹر یوگا بیداری ریلی نکالی گئی جو کالج کے گیٹ سے شروع ہوئی اور کالج گراؤنڈ پر اختتام پذیر ہوئی جس کے بعد شرکاء اور پروگرام آفیسر این ایس ایس یونٹ (ڈاکٹر اسد عمران) اور این سی سی (پروفیسر محمد اکرم) کے درمیان بات چیت ہوئی جس میں انہوں نے رضاکاروں کے درمیان یوگا کی اہمیت پر زور دیا۔ یوگا کے مختلف صحت کے فوائد پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ان کے فوائد کے بارے میں بیداری پھیلائی گئی۔تقریباً 100 این ایس ایس رضاکاروں اور این سی سی کیڈٹس نے بڑے جوش و خروش کے ساتھ ریلی میں شرکت کی۔ پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج مینڈھر ڈاکٹر محمد اعظم کے علاوہ پروفیسر شوکت حسین (صدر شعبہ کیمسٹری)، پروفیسر محمد اکرم (صدر شعبہ ایجوکیشن)، پروفیسر زوالفقار علی شاہ (صدر شعبہ جغرافیہ)، ڈاکٹر اسد عمران (این ایس ایس پروگرام آفیسر)، پروفیسر محمد رزاق (صدر شعبہ نباتات) اور پروفیسر محمد رضوان (صدر شعبہ فزکس) اس موقع پر موجود تھے اور ریلی کے ہمراہ بھی تھے۔

 

 

 

 

سرنکوٹ انتظامیہ کا اجلاس منعقد 

امر ناتھ یاتریوں کے انتظامات کا جائز ہ لیا گیا

حسین محتشم

پونچھ//سب ڈویزنل مجسٹریٹ سرنکوٹ نعیم النساء نے  ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں بڈھا امرناتھ یاترا کے حوالے سے ایک میٹنگ منعقد کی جس میں سب ڈویزنل سرنکوٹ کے تمام افسران، مذہبی پیشواؤں، سول سوسائٹی اور سرکردہ شہریوں نے شرکت کی۔ میٹنگ میں ایس ڈی ایم اور تحصیلدار سرنکوٹ نے سرکردہ شہریوں، مذہبی لوگوں سے درخواست کی کہ وہ آپسی بھائی چارہ برقرار رکھیں اور بڈھا امرناتھ یاترا کو حسب روایت مل جل کر کامیاب بنائی۔اس دوران سیول سوسائٹی اورمعززشہریوں سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اہم فیصلے لئے گئے۔میٹنگ کے دوران طے پایا کہ یاتریوں کی سہولت کے لئے مرکزی کیمپ ہائی سکول سنائی میں لگایا جائے گا۔اس دوران ہیڈماسٹر ہائی سکول سنئی کو ہدایت کی گئی کہ وہ سکول میں یاتریوں کیلئے مناسب انتظامات کریں تاکہ ان کو تکلیف نہ ہو۔

 

 

 

 

کوٹرنکہ میں 1شخص کی پُر اسرار موت 

راجوری//راجوری کے علاقے کوٹرنکہ سب ڈویژن میں ایک شخص کی پراسرار حالت میں موت ہوگئی جس کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔متوفی کی شناخت منشی خان ولد شمس الدین سکنہ اپر کنڈی کے طور پر ہوئی ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کو اتوار اور پیر کی درمیانی شب مشتبہ حالت میں سی ایچ سی کنڈی میں مردہ حالت میں لایا گیا تھا جس کے بعد پولیس نے لاش کو اپنے قبضے میں لے لیا۔پولیس نے بتایا کہ اس سلسلہ میں لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا گیا ہے اور 

معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔