مزید خبریں

مختلف حادثات میں 2افراد کی موت 4زخمی 

راجوری// راجوری ضلع میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پیش آئے مختلف حادثات کے دوران کم از کم 2افراد کی موت ہوگئی جبکہ دیگر 2زخمی ہوئے ہیں ۔اتوار اور پیر کی درمیانی شب راجوری کے جمولا میں پیش آئے سڑک حادثے میں ایک نوجوان لڑکا ہلاک ہو گیا جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب راجوری کے جمولا روڈ پر ایک موٹر سائیکل دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی۔اس حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار دو لڑکے زخمی ہو گئے جنہیں میڈیکل کالج راجوری منتقل کیا گیا جہاں عمران خان (15) ولد جاوید احمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔موٹر سائیکل سوار کی شناخت فقت علی (11) ولد محمد قاسم سکنہ جمولا کے طورپر ہوئی ہے جس کی حالت تشویشناک ہے۔پولیس نے بتایا کہ متوفی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد آخری رسومات کے لئے اس کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا جبکہ پولیس تھانہ راجوری میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔اسی طرح نو شہرہ سب ڈویژن میں موٹر سائیکل ایک فوجی گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ایک موٹر سائیکل سوار کی موقعہ پر ہی موت ہو گئی جبکہ دو افراد زخمی ہوئے ۔اسی دوران خطہ میں ہوئی شدید بارش کے بعد بجلی کی سپلائی لائن مرمت کرتے ہوئے ایک محکمہ کا ملازم بُری طرح سے جھلس گیا جس کو علاج معالجہ کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔مقامی ہسپتال میں ابتدائی مرحم پٹی کے بعد اس کو گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کر دیا گیا جبکہ اس کے اہل خانہ نے متعلقہ حکام کیخلا ف شدید احتجاج بھی کیا ۔

 

 

کمشنر سیکرٹری فلوری کلچر نے رائیڈ آن موورز کا افتتاح کیا

سرینگر//کمشنر سیکرٹری فلوری کلچر ، پارکس اینڈ گارڈنز شیخ فیاض احمد نے پیر کو ڈائریکٹر فلوری کلچر کشمیر فاروق احمد راتھر کی موجودگی میں گارڈن ایکو پمنٹس ماڈرنائزیشن کا اِفتتاح کیا۔اُنہوں نے رائیڈ آن موورز کا اِفتتاح کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی توجہ گارڈن ایکوپمنٹس کی مکمل جدید کاری پر ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ رائیڈ آن موورز کا تعارف کام کی کارکردگی اور باغیچے کے کاموںکی اِفادیت کو جدید بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس سے مزدوری کے خلأ کو کافی حد تک پُر کیا جائے گا ، وقت اور رقم میں کمی آئے گی اور باغبانی کے کاموں میں بھی اِضافہ ہوگا۔کمشنر سیکرٹری نے مزید کہا کہ محکمہ وادی میں آنے والے سیاحوں کے بہت زیادہ رَش سے نمٹنے کے لئے نئے پارکس تیار اور سیاحوں کے قیام کو یاد گار بنانے کے لئے نئی سہولیات کا اِضافہ کر رہا ہے۔ڈائریکٹر فلوری کلچر نے سیکرٹری کوجانکاری دیتے ہوئے کہا کہ گھاس کاٹنے والی مشینوں پر سواری ایک طویل عرصے سے محسوس کی گئی ضرورت تھی اور اِس کام کی کارکردگی میں نمایاں اِضافہ ہوگا ۔ اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ محکمہ مستقبل قریب میں گھاس کاٹنے والوں کا ایک اور فلیٹ متعارف کرے گا۔

 

 

مہلوک اہلکاروںکے لواحقین کا خیال رکھنا پولیس کی ذمہ داری 

 مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا:ایس ایس پی بارہمولہ

بارہمولہ//ایس ایس پی بارہمولہ رئیس محمدبٹ نے مہلوک پولیس اہلکاروںکے لواحقین کویقین دلایاکہ انہیںہرممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ایس ایس پی موصوف کی صدارت میں ضلع پولیس لائنز میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ضلع کے مہلوک پولیس اہلکاروں کے نزدیکی رشت داروں نے حصہ لیا جس کا مقصد ان کی فلاح و بہبود اورشکایات سننا تھا۔ ایس ایس پی بارہمولہ نے لواحقین کی طرف سے پیش کئے گئے مسائل اور شکایات کو بغور سنا اور انہیں یقین دلایا کہ ان کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے گا۔انہوں نے شرکاء کو یہ بھی بتایا کہ محکمہ پولیس کی جانب سے شہداء کے ورثاء کے فائدے کیلئے مختلف فلاحی اقدامات کئے گئے ہیں اور پولیس کے تمام یونٹ پولیس شہداء کے لواحقین کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے متاثرہ خانوادوںکو بھی مطلع کیا کہ وہ کسی بھی ممکنہ مدد کے لیے کسی بھی وقت اُن کے دفتر سے رجوع کریں۔جے کے این ایس

 

 

 

نیشنل کانفرنس کی شاہ فریدالدین بغدادیؒ اور سید صالح خانؒ کے عرس پرمبادکباد

 سید محمدامین اویسی منطقی ؒاور شاہ صادق قلندرؒ کے عرس پر انتظامات کی اپیل

سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حضرت شاہ فریدبغدادیؒ کے سالانہ عرس پر مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بزرگان دین نے اسلام کی جو آبیاری کی وہ تاقیامت ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔انہوں نے کہا ،کہ حضرت شاہ فریدبغدادیؒنے جو ملی خدمات انجام دیں و ناقابل فراموش اور ہمارے لئے ہمیشہ مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت شاہ فریدالدین بغدادیؒ اور حضرت سید صالح خانؒ خانصاحب کی درگاہیں فیض وبرکت کے منبع رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ بزرگانِ دین کے عظیم اور ملی تاریخی کارناموں کی بدولت ہم مشرف بہ اسلام ہوئے۔ اُنہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اِن کے طفیل ریاست میں امن وامان کی مکمل بحالی اور موجودہ چیلنجوں سے نجات دے۔ درایں اثنا سینئر لیڈران عبدالرحیم راتھر،آغا سید روح اللہ مہدی ،علی محمد ڈار، منظور احمد وانی، ایڈوکیٹ سیف الدین بٹ کے علاوہ خالد نجیب سہروردی اور سجاد احمد کچلو نے بھی لوگوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ادھرپارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے حضرت سید محمد امین اویسی منطقیؒ (عالی کدل) اور حضرت شاہ صادق قلندرؒ (لار گاندربل) کے پیش نظر ضلع انتظامیہ سرینگر اور گاندربل سے انتظامات کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ زائرین کی سہولیات کیلئے اقدامات خاصکر بغیر خلل بجلی ،پینے کا صاف پانی اور صحت و صفائی کے مؤثر اقدامات کریں تاکہ عقیدتمندوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔پارٹی لیڈر شیخ اشفاق جبار اور ضلع صدر غلام نبی راتھر نے بھی ضلع انتظامیہ سے انتظامات کی اپیل کی ہے۔ یاد رہے کہ حضرت سید محمد امین اویسی منطقیؒ کے آستانِ عالیہ میں 18جون سے ایام متبرکہ شروع ہوگئے ہیں۔

 

 

کوویڈ۔19: لداخ میں 3 نئے کیس درج 

لیہہ// لداخ میں کووڈ کے تین نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس سے انفیکشن میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 28,313 ہوگئی، عہدیداروں نے بتایا کہ تمام نئے کیس لیہہ ضلع میں پائے گئے ہیں ۔حکام کے مطابق لداخ میں اب تک 228 افراد کووڈ-19 سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ حکام کے مطابق ان میں سے 168 اموات لیہہ اور 60 کرگل میں ہوئی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ فعال کیسوں کی تعداد 27 ہے جس میں لیہہ میں 25 اور کرگل میں 2شامل ہیں ۔حکام نے بتایا کہ 2 افراد کو ہسپتالوں سے فارغ کر دیا گیاہے جس سے صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 28,058 ہو گئی۔