کٹھوعہ میں فوج کے خواہشمندنوجوانوں کا احتجاج
جموں پٹھانکوٹ شاہراہ پر پولیس کے ساتھ جھڑپ
جموں//بھارتی فوج کے خواہشمند نوجوانوں نے ہفتہ کو کٹھوعہ ضلع کے چڈوال علاقے میں جموں-پٹھانکوٹ ہائی وے کو بند کردیا اور اس دوران پولیس اور نوجوان کے درمیان جھڑپیں بھی شروع ہوگئیں تاہم جھڑپوں میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ مظاہرین نے شاہراہ کو بلاک کر دیا جب پولیس ٹیم انہیں منتشر کرنے کے لیے پہنچی۔ تاہم جب پولیس ٹیم نے انہیں سمجھانے کی کوشش کی تو مظاہرین نے ہائی وے کو بلاک کر کے گاڑیوں کی آمدورفت میں خلل ڈالا،پولیس نے لاٹھیاں لے کر نوجوانوں کو منتشر کرنے کی کوشش کی لیکن مظاہرین نے پولیس ٹیموں پر پتھراؤ کیا۔عینی شاہدین بتایا ،”پولیس نے بروقت لاٹھی چارج کا استعمال کیا۔ اس طرح مظاہرین پر قابو پا لیا گیا”۔اُنہوں نے کہا کہ بعد مظاہرین چڈوال میں ایک اور جگہ پر دوبارہ جمع ہو گئے۔پولیس نے ان کا پیچھا کیا اور مظاہرین نے ان پر پتھراؤ کیا۔ تاہم، کوئی بھی زخمی نہیں ہوا اور پولیس انہیں راضی کرنے کی کوشش کر رہی تھی کہ وہ ٹریفک کی نقل و حرکت میں خلل ڈالے بغیر سڑک کے کنارے پرامن طریقے سے احتجاج کریں۔مظاہرین نعرے لگا رہے تھے اور اگنی پتھ سکیم کو واپس لینے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ دریں اثنا، اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری نے خواہشمندوں کی ناراضگی کے پیش نظر حکومت سے اگنی پتھ اسکیم پر دوبارہ غور کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت طلباء کے مستقبل کو مشکلات میں نہ ڈالے۔انہوں نے سی آئی ایس ایف، بی ایس ایف، بارڈر بٹالین کے امیدواروں اور این ایچ ایم ملازمین کا بھی حوالہ دیا جو اپنے مسائل کے مستقل حل کا مطالبہ کر رہے تھے۔
کشتواڑ میں حالات پرامن،شبانہ کرفیو جاری
عاصف بٹ
کشتواڑ//گزشتہ ہفتے ضلع انتظامیہ کی جانب سے عاید کی گئی بندشوں کے بعد جہاں ضلع بھر میں حالات پرامن ہیں وہیں ابھی بھی قصبہ و اسکے گردونواح کے علاقہ جات میں شبانہ کرفیو جاری ہے۔ اور شام سات بجتے ہی پولیس کی گاڑی کرفیو کے نفاد کا اعلان کرتی ہے جسکے بعد بازار بند کردیے جاتے ہیں تاہم سڑکوں پر گاڑیوںکی آواجاہی لگاتار جاری رہتی ہے۔ جمعہ کی شام کو ضلع بھر میں براڈبینڈ و 2جی موبائل انٹرنیٹ خدمات کو بحال کردیاگیا تھا جسے عوام نے راحت کی سانس لی۔
راجوری پونچھ میں سیاحتی مقامات کو فروغ دیا جائے :بخاری
نیشنل کانفرنس ضلع صدر راجوری رورل اپنی پارٹی میں شامل
جموں//ضلع راجوری سے اپنی پارٹی کو بڑی کامیابی ملی ہے۔ ہفتہ کے روز پارٹی صدر دفتر جموں میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران سید محمد الطاف بخاری کی موجودگی میں نیشنل کانفرنس ضلع صدر راجوری رورل بھوشن اپل نے اپنے سینکڑوں حمایتوں سمیت اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس پروگرام کا اہتمام پارٹی نائب صدر چودھری ذوالفقار علی نے کیاتھا۔ الطاف بخاری نے بھوشن اپل کا خیر مقدم کرتے ہوئے اُمیدظاہر کی کہ نیشنل کانفرنس کے سنیئرلیڈران کی شمولیت سے پہاڑی ضلع میں پہاڑی مضبوط ہوگی۔ انہوں نے اُمیدظاہر کی کہ نئے ساتھیوں سنیئرلیڈر چودھری ذوالفقار علی کی زیر قیادت ضلع راجوری میں کام کریں گے جہاں پارٹی کیڈر مضبوط ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ بات اطمینان کا باعث ہے کہ سبھی خطوں میں بلا امتیاز لوگوں نے پارٹی کی پالیسیوں کو بڑے پیمانے پر تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے کہا’’ہم نے بلا امتیاز سبھی خطوں کے لوگوں کے لئے کام کیا ہے جبکہ پچھلی سات دہائیوں کے دوران روایتی سیاسی جماعتوں نے سیاسی مفادات کی خاطر صرف تقسیم کی سیاست کی اور دور دراز علاقوں میں زمینی سطح پر کوئی ترقی نہ ہوئی‘‘۔ خطہ پیر پنجال میں سیاحتی شعبہ کو فروغ دینے کی ضرورت پرزور دیتے ہوئے الطاف بخاری نے کہا’’جموں وکشمیر میں سیاحت کے وسیع امکانات موجود ہیں ۔ راجوری اور پونچھ میں محکمہ سیاحت قدرتی حسن سے مالا مال کئی علاقہ جات کو ایکسپلور کرنے میں ابھی ناکام رہا ہے ۔ مغل شاہراہ نہ صرف جموں وکشمیر بلکہ بیرون ریاست کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے لیکن وہاں پر سیاحوں کے لئے کوئی سہولیات دستیاب نہیں۔انہوں نے کہاکہ مغل شاہراہ ایک اہم سیاحتی مرکز ہے لہٰذ ا حکومت کو چاہئے کہ اِس سیاحت کے عالمی نقشے پر لایاجائے ۔انہوں نے مشورہ دیاکہ محکمہ سیاحت کو چاہئے کہ وہ مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر جموں ۔راجوری۔پونچھ شاہراہ کے نزدیک موجود سبھی سیاحتی مقامات کو سیاحتی نقشہ پر لائے اور پنچایتی ممبران کی مدد سے اِن کو ترقی دی جائے۔ انہوں نے پارٹی لیڈران اور ورکروں سے کہاکہ وہ سرحدی اضلاع پونچھ اور راجوری میں رہنے والے لوگوں کے معیار ِ حیات کو بہتر بنانے کے لئے کام کریں۔ جن افراد نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی، اِن میں صاحب سنگھ، عبدالحمید، راج کمار، راجیو شرما، دیو راج، منوہر لال، سورم چند، رتن لال، پون کمار، مست رام، دوارکا ناتھ، یش پال، رمیش لال، بلدیو راج، سبھاش چندر، وکاس اپل، چمن لال، شام لال اور منیر حسین وغیرہ قابل ِ ذکر ہیں۔اس تقریب میں سنیئر نائب صدر غلام حسن میر، پارلیمانی بورڈ چیئرمین محمد دلاور میر، ریاستی جنرل سیکریٹری وجے بقایہ، صوبائی صدر جموں منجیت سنگھ، معاون ترجمان وسنیئرایڈووکیٹ نرمل کوتوال، صوبائی نائب صدر جموں وسابقہ ایم ایل اے فقیر ناتھ، ایڈیشنل جنرل سیکریٹری آرگنائزیشن ارون چبر، ضلع صدر کٹھوعہ وسابقہ ایم ایل اے پریم لال، ریاستی ایس سی کارڈی نیٹر بودھ راج بھگت وغیرہ بھی موجود تھے۔
کشتواڑ میں پٹرول کی قلت سے عوام پریشان
عاصف بٹ
کشتواڑ// جموں وکشمیر کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع کشتواڑ میں بھی پٹرول و ڈیزل کی قلت کے سبب عوام سخت مشکلات کا سامنا کررہی ہے۔ ضلع کے اندر موجود پٹرول پمپوں پر گزشتہ کئی روز سے ڈیزل و پٹرول موجودنہ ہونے کے سبب عوام سخت مشکلات میں ہے۔ اور لوگوں کی لمبی قطاریں پمپوں کے باہر ہرروز دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ وقت پر پٹرول و ڈیزل نہ ملنے کے سبب عوام کے ساتھ ساتھ سرکاری ملازمین کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔اگرچہ انتظامیہ کی نوٹس میں معاملے کو لانے کے باوجود ابھی تک کوئی اقدام نہیں ہوا جسے عوام سخت پریشان ہے۔ جہانزیب احمد نامی ایک شہری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انکی والدہ کو ڈاکٹر کے پاس لیجانے کیلئے قریب چھ گھنٹے کی مشقت کرنی پڑی جسکے بعد انکے دوست نے انھیں نے ڈاکٹر کے پاس پہنچایا۔کیونکہ علاقہ میں کسی بھی گاڑی میں تیل نہیں تھا۔جمعہ کو پٹرول پمپ پر آپسی جھگڑا بھی ہوا۔ جسکے بعد پولیس نے موقعہ پر پہنچ کر معاملے کو ختم کردیا۔اسی دوران مقامی لوگوںنے انتظامیہ سے ضلع کے اندر موجود سبھی پمپوں پر پٹرول و ڈیزل کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدام کرنے کی اپیل کی۔