فرسٹ ایڈ سنٹر مکڑی کی تعمیر مکمل کرنے کی مانگ
رمیش کیسر
نوشہرہ // نوشہرہ کے سرحدی گاؤں مکڑی کے مقامی لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کو صحت سے متعلق سہولیات فراہم کرنے کے لئے بنائے جانے والے فرسٹ ایڈ سنٹر مکڑی کی تعمیر کا کام جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے گاؤں کیلئے حکومت کی طرف سے 5 سال قبل ایک فرسٹ ایڈ سنٹر کی منظوری دی گئی تھی، جس کے تحت اس وقت کی ریاستی حکومت نے عمارت کی تعمیر کا کام شروع کروایا تھا۔انہوں نے بتایا کہ اس عمارت کا سنگ بنیاد رکھا گیا تھا لیکن اس کے بعد تعمیراتی کام شروع کر کے اچانک بند کردیا گیا ۔مقامی معززین نے بتایا کہ 6برسوں بعد بھی دوبارہ سے تعمیر اتی عمل کو شروع ہی نہیں کیا جاسکا ہے ۔انہوں نے شکایت کرتے ہوئے کہاکہ حد متارکہ کے نزدیکی علاقوں میں مریضوں اور کسی بھی حادثے میں زخمی ہونے والوں کو ابتدائی مرحم پٹی کیلئے کوئی بھی فرسٹ ایڈ سنٹر قائم نہیں ہے جس کی وجہ سے ان کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مکڑ ی کی عوا م نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مریضوں اور زخمیوں کو بنیادی طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے مذکورہ فرسٹ ایڈ سنٹر کی تعمیر کے عمل کو جلدازجلد مکمل کروایا جائے ۔
منڈی میں میجر روہت شرما کی 24ویں برسی منائی گئی
عشرت حسین بٹ
منڈی//جمعہ کو تحصیل صدر مقام منڈی پر میجر روہیت میموریل سوسائٹی کی جانب سے میجر روہیت شرما کو ان کی 24ویں برسی پر خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ۔اس موقہ پر 93ویں برگیڈ کے برگیڈ کمانڈر مہمانِ خصوصی کے طور پر شامل ہوئے جبکہ ان کے علاوہ آرمی آفسران ،ضلع ترقیاتی کونسل رکن لورن ریاض بشیر ناز ،بی ڈی سی شمیم احمد گنائی و تحصیل آفیسران نے بھی شرکت کی ۔اس موقعہ پر ملک کی متعدد ریاستوں سے بھی نجی تنظیموں کے ممبران نے پروگرام میں شرکت کر کے میجر روہیت شرما کو خراج عقیدت پیش کی۔ تقریب میں منڈی تحصیل کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات نے دیش پیار کے نغمے پیش کئے ۔اس موقہ پر مقررین نے کہا کہ ملک کی خاطر آج تک جن جن لوگوں نے بھی اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ہے انہیں یاد کرنا ملک کے ہر باشندے پر فرض ہے ۔مقررین کا کہنا تھا کہ آج سے چوبیس برس قبل میجر روہیت شرما نے منڈی کے ہی مقام پر دشمنوں سے لوہا لیتے ہوئے ملک کی خاطر قربانی پیش کی تھی جن کی قربانی کو ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔ سوسائٹی کے چیئر مین علی محمد میر نے اس موقعہ پر تقریب میں شامل ہوئے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور ان کی این جی او گزشتہ چوبیس برسوں سے میجر روہیت شرما کے نام سے بنائی گئی نجی تنظیم کے تحت عوام کی فلاح و بہبود میں لگے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی تنظیم غریب بے سہارا اور نادار لوگوں کی ہر طرح کی امداد کرتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت بھی تنظیم کے زیر تحت منڈی میں سینکڑوں بے روز گار بچیاں سلائی کا کام سیکھ رہی ہیں جبکہ آئندہ بھی فلاحی تنظیم اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گی ۔اس موقعہ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کیساتھ ساتھ اپنے اپنے پیشہ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اراکین کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی ۔
اراضی تنازعہ پر لڑائی میں ماں بیٹا زخمی
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے نکہ منجہاڑی علاقہ میں اراضی تنازعہ کو لے کر بھائیوں میں ہوئی لڑائی میں ماں بیٹا زخمی ہو گئے جن کو علاج معالجہ کیلئے مینڈھر ہسپتال میں بھرتی کروایا گیا ہے ۔لڑائی میں زخمی ہوئے سیف علی شاہ نامی ایک شخص نے بتایا کہ اس کا بھائی فوج میں ہے اور وہ اپنی ملیکتی اراضی فروخت کرنے کی کوششیں کررہا ہے جس کو روکنے کے دوران ان پر حملہ کرکے زخمی کردیا گیا تاہم دوسرے گروپ کے مطابق اراضی کا معاملہ کورٹ میں ہے لیکن سیف علی شاہ و دیگر بھائی غیر قانونی طورپر اراضی میں مداخلت کرتے رہے ہیں اور حملہ کر کے اپنی ہی ماں کو زخمی کر دیا گیا ہے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں معاملہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیاہے ۔
ڈی سی پونچھ نے’ گرمت سماگم‘ کے انتظامات کا جائزہ لیا
حسین محتشم
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ، اندر جیت نے 03 جولائی 2022 کو گوردوارہ ڈیری صاحب کھڑی دھرمسال میں منائے جانے والے گرمت سماگم کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ طلب کی۔ میٹنگ میں سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس روہت بسکوترا، سی ایم او پونچھ ڈاکٹر شمیم النساء بھٹی، تحصیلدار حویلی انجم بشیر خان خٹک، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر وشالدیپ چندن، اے ڈی فوڈ رنجیت سنگھ، ای او بلدیہ، محمد رشید، ممتاز شہری اور مذہبی سربراہان بشمول صدر گرودوارہ کھڑی دھرمسال ہرچرن سنگھ خالصہ اور ان کی کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں مذہبی رہنماؤں اور سرکردہ شہریوں نے سماگم کے انتظامات سے متعلق مختلف مسائل اٹھائے۔ انہوں نے انتظامیہ سے درخواست کی کہ گاڑیوں کی پارکنگ، سیکورٹی کے انتظامات، ایمبولینس، پانی کی بلاتعطل فراہمی، روشنی، گردوارہ صاحب کے قریب سڑک کی بلیک ٹاپنگ، گردوارہ صاحب کے قریب نالے کی صفائی، ہاتھی مٹھہ سے ڈیری مانگ روڈ تک ڈمپنگ میٹریل ہٹانے اور سماگم کے انتظامات کے دوران دیگر سہولتیں فراہم کنے کو کہا تاکہ عقیدت مندوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے ایکس ای این محکمہ جل شکتی کو گردوارہ پر چوبیس گھنٹے پانی کے ٹینکروں کے ساتھ پینے کے پانی کی کافی فراہمی کا بندوبست کرنے کی ہدایت کی جبکہ ایکس ای این بجلی کو بجلی کی فراہمی کا بندوبست کرنے کی ہدایت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے سی ایم او کو ہدایت کی کہ وہ میڈیکل سٹاف کو تعینات کریں اور کسی بھی طبی ایمرجنسی کے لئے ایمبولینس کا بندوبست کریں۔ انہوں نے دیگر متعلقہ افسروں سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کا عملہ گرمت سماگم کے احسن انعقاد کے لئے ڈیوٹی پوری تندہی سے سرانجام دے۔ ڈپٹی کمشنر نے ای او میونسپل کونسل پونچھ کو ہدایت کی کہ وہ صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں اور سڑک کے اطراف میں موجود ڈمپنگ کو صاف کریں۔
نجم الحسن جعفری کے والد کاانتقال
ٹیچرز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا اظہار افسوس
حسین محتشم
پونچھ//ٹیچرز جوائنٹ ایکشن کمیٹی ضلع پونچھ کے ضلع صدر سید شاہنواز کاظمی ،تحصیل صدر سرنکوٹ بدر الدین،زونل صدر سرنکوٹ سید محمد یوسف شاہ ، غلام محی الدین ضلع چیف ایڈوائزر ،سید علی مرتضی شاہ سیکریٹری نشرواشاعت صوبہ جموں ،عبدالمجید خواجہ جنرل سکریٹری ذون سرنکوٹ ،عبدالوارث سینئر ممبر ،عبدالقوی سیکریٹری نشرواشاعت ذون سرنکوٹ ،مختار خواجہ ،چوہدری نور احمد ،مسرت بھٹی ،محمد فاروق نے آپنے ایک مشترکہ پریس بیان میں نجم الحسن جعفری جنرل سیکر یٹری ٹیچرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی جموں کشمیر کے والد مرحوم غلام مہدی وار جن کا گزشتہ روز جمعرات کو انتقال ہو گیا تھا ان کے لئے دعائے مغفرت کی اور لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ ہم نجم الحسن جعفری کے اس دکھ میں برابر کے شریک ہیں ان کے والد نہایت ہی ایماندار دیانتدار اور شریف النفس انسان تھے ۔اس موقع پر مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کی گئی اللہ تبارک و تعالیٰ جنت میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل اور اجر عظیم عطا فرمائے۔
پونچھ میں پروجیکٹوں کی مبینہ غیر معیاری تعمیر
بار ایسوسی ایشن نے انتظامیہ پر لاپرواہی کا الزام عائد کیا
حسین محتشم
پونچھ//پونچھ کے بار ممبران نے ضلع انتظامیہ سے موجودہ ترقیاتی کاموں پر نظر رکھنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے زیادہ تر ٹھیکیدار معیاری میٹریل استعمال نہیں کر رہے ہیں جس کی ایک اہم مثال شیر کشمیر پل سے عیدگاہ چوک تک سڑک کی بلیک ٹاپنگ ہے کیونکہ اس کے بعد سڑک پر کچھ زیادہ گڑھے نظر آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا ٹھیکیدار کی جانب سے ناقص میٹریل استعمال کرنے کی وجہ سے شہر کی مین روڈ سے ملحقہ راستے بھی خستہ حالی کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا پونچھ کے دو اہم پلوں شیر کشمیرپل پونچھ اور مادر مہربان بتاڑ نالہ پل کی خستہ حالت ہے لیکن انتظامیہ سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے والے کاموں کو دیکھنے کی زحمت گوارا نہیں کرتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ جان بوجھ کر اپنی ذمہ داری سے غفلت برت رہی ہے اور عوام کو گزشتہ 2 سال سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔بار ممبران نے عوام کے مفاد میں ازالے اور جانچ پڑتال کیلئے ایل جی سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔