سنئی میں پشو پالن شعبہ کے سنٹر کا افتتاح
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ اے کے ضلع ترقیاتی کونسل ممبر شاہنواز چوہدری نے سنئی گاؤں کے مختلف مقامات کا دورہ کیا جس دوران نے انھوں اپر سنئی کے محلہ خواجہ میں ایک اینمل فرسٹ ایڈ سنٹر کا افتتاح کیا۔اس موقعہ پر مقامی لوگوں کیساتھ ساتھ پنچایتی اراکین و معززین بھی موجود تھے ۔شعبہ پشوپالن کے سنٹر کی منظور ی برس قبل دی گئی تھی جس کے بعد اب اس کا افتتاح کیا گیا ہے ۔اس دوران موصوف کے ہمراہ نصیر بجاڑ ،منیر بجاڑ ،ماسٹر فاروق چوہان ،زمان خواجہ ،ناز حسین شاہ ،حافظ مختار آزادچوہان، اشفاق چوہان،نظیرخواجہ اعظم بجاڑ کے علاوہ بڑی تعداد میں عام لوگ بھی موجود تھے ۔اس دوران موصوف نے کہاکہ سرنکوٹ کے پسماندہ علاقوں کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا تھا تاہم اب نظر انداز شدہ علاقوں میں بھی تعمیر اتی عمل کو شروع کیا گیا ہے ۔انہوں نے لوگوں کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ ان کی مشکلات کو حل کر کے بنیادی سہولیات ترجیح بنیادوں پر فراہم کی جائیں گی ۔
پولیس نے منشیات سمگلر کو گرفتار کرلیا
پونچھ//جموں و کشمیر پولیس نے پونچھ کے سرنکوٹ سب ڈویژن میں منشیات کی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ایک راہگیر کے قبضہ سے ہیروئن جیسا مادہ برآمد کر کے اس کو گرفتار کرلیا ۔پولیس نے بتایا کہ منشیات کی لعنت کے خلاف مہم میں پولیس اسٹیشن سرنکوٹ کی چیکنگ پارٹی نے آرمی ڈرابہ بٹالین کے ساتھ لسانہ کے علاقے میں ڈیوٹی کے دوران چیکنگ کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کیا جسکی شناخت پرویز احمد ولد عبدالعزیزسکنہ سیری خواجہ سرنکوٹ کے طورپر ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ شخص کی مشکوک حرکت کو دیکھ کر پولیس نے اس کی تلاشی لی جس کے دوران اس کے قبضے سے 10 گرام ہیروئن جیسی ممنوعہ اشیاء بر آمد کر لی ۔پولیس نے ملزم کو گرفتار کرتے ہوئے اس کیخلاف ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 163/2022درج کرتے ہوئے مزید کارروائی شروع کر دی ہے ۔
کئی ماہ بعد پونچھ میں بارش سے لوگ خوش
حسین محتشم
پونچھ//ضلع پونچھ میں گذشتہ کئی ماہ سے جاری طویل خشک سالی کے بعد ضلع بھر میں بارش ہوئی ۔ بدھ اورجمعرات کو بھرپور بارش سے کاشتکارخصوصی طور پر خوش ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ خشک سالی کی وجہ سے جہاں ان کی فصلوں کا نقصان ہو رہا تھا وہی شدید گرمی سے بھی لوگ پریشان ہو رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات کو ضلع بھر میں ہوئی بارش کی وجہ سے ان کی فصلو ں کو فائدہ ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ وہ بارانِ رحمت پر خدا کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز سے بارش نہیں ہو رہی تھی جس کی وجہ سے وہ فکر مند تھے کہ کہیں ان کی فصلیں برباد نہ ہو جا ئیں۔غور طلب ہے کہ خطہ پیر پنچال میں کئی علاقے ایسے بھی تھے جہاں پر بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے قدرتی چشموں پر پانی کی مقدار میں بھی کمی آرہی تھی تاہم اب بارش ہونے کی وجہ سے لوگ خوش ہیں ۔
چوبیس سالہ نوجوان کی لاش برآمد
راجوری// نوشہرہ سب ڈویژن کے گاؤں ڈنڈانی کا ایک چوبیس سالہ نوجوان اپنے گھر کے اندر لٹکا ہوا پایا گیا جس کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔مرنے والے نوجوان کی شناخت رگھوبیر سنگھ (24) ولد تلک راج سکنہ ڈانڈنی نوشہرہ کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کی لاش جمعرات کی صبح گھر میں لٹکی ہوئی ملی جس کے بعد لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کروانے کیلئے منتقل کیا گیا ۔پولیس نے مزید بتایا کہ معاملے کی تفتیش جاری ہے۔
فوج نے سموٹ سکول میں شیڈ تعمیر کروایا
راجوری //فوج کی جانب سے راجوری ضلع کے گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول سموٹ میں ایک شیڈ تعمیر کیا گیا ہے تاکہ بچوں و سٹاف ممبران کو مشکل وقت میں سہولیات مل سکیں ۔فوج کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہائر سکینڈری سکول میں زیر تعلیم بچوں کیساتھ ساتھ سٹاف ممبران کو مشکل وقت میں سہولیات فراہم کرنے کیلئے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنایا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ خراب موسم بالخصوص بارشوں کے دوران بچوں اور سکول کے سٹاف ممبران کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا تھا لیکن فوج نے اس مشکل کو حل کرتے ہوئے ایک شیڈ تعمیر کروایا ہے ۔
مینڈھر میں تلاشی مہم چلائی گئی
جاوید اقبال
مینڈھر // فوج کی جانب سے مینڈھر سب ڈویژن میں ایک تلاشی آپریشن چلایا گیا جسکے دوران سیکورٹی فورسز نے سب ڈویژ ن کے کسبلاڑی و دیگر ملحقہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر تلاشی عمل میں لائی ۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کو علاقہ میں مشکوک نقل و حرکت کے سلسلہ میں ایک اطلاع موصول ہوئی تھی جس کے بعد فوج اور ایس او جی کی مشترکہ ٹیم کی جانب سے علاقہ میں ایک وسیع تلاشی مہم چلائی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ دن بھر جاری رہنے والے آپریشن کو شام چھ بجے ختم کر دیا گیا تاہم اس دوران کوئی مشکوک اشیاء بر آمد نہیں ہوئی ۔