مزید خبریں

پانی و بجلی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا 

جاوید اقبال 

مینڈھر //ایس ڈی ایم مینڈھر ڈاکٹر ساحل جنڈیال نے آفیسران کا ایک اجلاس منعقد کر کے سب ڈویژن میں رمضان کے دوران عوام کو فراہم ہو رہی بنیادی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا ۔آفیسر موصوف نے اجلاس کے دوران رمضان میں عوام کو فراہم پانی و بجلی کی سپلائی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ہدایت جاری کیں کہ سب ڈویژن میں خراب پڑی ہوئی واٹر سپلائی سکیموں کو جلدازجلد قابل استعمال بنایا جائے جبکہ جن علاقوں میںسپلائی ممکن نہیں ہے وہا ں پر گاڑیوں کے ذریعے پانی کی سپلائی ممکن بنائی جائے ۔اسی طرح محکمہ پی ڈی ڈی کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ سب ڈویژن میں بجلی کی سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے نظام کو جلدازجلد معیاری بنایا جائے تاکہ صارفین کو رمضان کے دوران معیاری سپلائی فراہم ہو سکے ۔

 

 

 لو پیڈ ایمپلائیز فیڈریشن کا تعزیتی اجلاس

جاوید اقبال 

مینڈھر //آل جموں و کشمیر لو پیڈ ایمپلائیز فیڈریشن کے جھنڈے تلے مینڈھر میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہو ا ۔ لو پیڈ ایمپلائیز فیڈریشن کے مینڈھر یونٹ کے صدر محمد رشید مغل کی قیادت میںمنعقدہ اجلاس کے دوران فیڈریشن اراکین کیساتھ ساتھ دیگر آفیسران و عام ملازمین نے بھی شرکت کی ۔اجلاس کے دوران شرکاء نے آل جموں و کشمیر لو پیڈ ایمپلائیز فیڈریشن کے بانی عبدالمجید خان کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہو ئے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا اور مرحوم کی خدمات کو سراہا ۔ محمد رشید مغل نے خطاب کے دوران کہا کہ مرحوم اپنی زندگی کو جوکھم میں ڈال کر ہمیشہ مظلوموں اور دبے کچلے طبقہ کی حمایت اور رہنمائی کرتے رہے ۔انہوں نے کہاکہ مرحوم تقریباََ سات دہائیوں تک ثابت قدمی کے ساتھ مزدور طبقہ کے حقوق کے لئے جد و جہد کرتے رہے جس کی پاداش میں مرحوم کو کئی بار ارباب ِ اختیار عتاب کا شکار بھی ہو نا پڑا لیکن مرحوم کے قدم کبھی بھی نہیں ڈگمگائے ۔ خدمت خلق کے جذبہ سے سر شار اس کامریڈ نے انسانیت کی عمدہ مثال پیش کرتے ہو ئے بلا تمیز مذہب و ملت اپنی خدمات انجام دی ہیں جس کو ملازمین کی صفو ں میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا مرحوم کا طرز زندگی انسانیت پر یقین رکھنے والوں اور مظلوم طبقہ کی رہنمائی کرنے والوں کے لئے مشعل راہ ہیں۔تعزیتی اجلاس میں محمد لطیف ڈپٹی سی او، پرنسپل ذوالفقار نقوی ، سلیم شاہ، کامریڈ حاجی نظیر حسین، کامریڈ شریف منہاس ، کامریڈ عبدالحمید بھٹی ، ڈویژنل صدر ٹیچر ایسو سی ایشن مینڈھر مشتاق خان ، زون منکوٹ کے صدر نظیر مغل ، زون ہرنی کے صدر آصف اقبال ، لو پیڈ کے سینئر وائس پریزیڈنٹ چوہدری شفیق، مولوی محمد یونس ، وسیم خان، زون بالاکوٹ کے صدر محمود خان اور کامریڈ فاروق خان وغیرہ شامل تھے۔

 

 

شاہدرہ شریف کیلئے ایس آر ٹی سی سروس بحال کرنے کا مطالبہ 

عظمیٰ یاسمین

 تھنہ منڈی// مشہور و معروف صوفی بزرگ حضرت بابا غلام شاہ بادشاہ رحمتہ اللہ علیہ کی زیارت شاہدرہ شریف اور اس سے متصل کئی پنچائتوں پر مشتمل آبادی کے ساتھ ساتھ یہاں آنے والے ہزاروں عقیدت مندوںکے لئے لاک ڈاؤن سے پہلے آر ٹی سی سروس دستیاب تھی لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر اس سروس کو معطل کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے عوام کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا ہے۔اس سلسلے میں سب ڈویژن تھنہ منڈی کے مشہور و معروف علاقہ شاہدرہ شریف اور اس سے ملحقہ تمام علاقہ جات کے لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مسافروں کی سہولت کے لئے گورنمنٹ گاڑی چلا کر مسافر کرایہ مقرر کیا جائے کیونکہ نجی گاڑیوں کے مالکان من مانی کا کرایہ وصول کر کے مسافروں کو دو دو ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں جس کی وجہ سے یہاں کے مکینوں اور دیگر زائرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس سلسلے میں سماجی کارکن انجینئر ارشد اعجاز خان اور محمد عرفان بھٹی نے کہا ہے کہ ARTO راجوری کی طرف سے مقرر شدہ کرایہ لاگو نہیں کیاجا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون سے قبل اس سڑک پر جو کرایہ لیا جاتا تھا وہ اب دوگنا وصول کیا جا رہا ہے جسکی وجہ سے طلبہ اور غریب غرباء کے ساتھ ساتھ زائرین کو کافی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔ علاقہ کے معززین نے ایل جی انتظامیہ جموں کشمیر  سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں اور جموں تا شاہدرہ شریف RTC  سروس کو دوبارہ بحال کیا جائے تاکہ مسافروں کو آنے جانے میں سہولت فراہم ہو سکے۔ 

 

 

نیلی ۔حیات پورہ سڑک عوام کیلئے درد سر 

۔2برسوں کے اندر تار کول اکھڑ گئی ،آمد ورفت متاثر 

پرویز خان 

منجا کوٹ //منجا کوٹ تحصیل کے نیلی علاقہ سے حیات پورہ جانے والی رابطہ سڑک کھڈوں میں تبدیل ہو گئی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کیساتھ ساتھ ٹرانسپورٹروں کو دوران آمد ورفت مسائل کا سامنا رہتا ہے ۔مقامی لوگوں نے تعمیر اتی ایجنسی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کا کام انتہائی غیر معیاری کیا گیا تھا جس کی وجہ سے دو برسو ں کے اندر ہی بچھائی گئی تار کول اکھڑ کر کھڈوں میں تبدیل ہو گئی ہے ۔انہوں نے محکمہ کیخلاف شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ دیہات میں پروجیکٹوں کو انتہائی غیر معیاری بنانے کے بعد اس جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا جاتا ہے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ رابطہ سڑک کی مدد سے ایک وسیع آباد کو مشکل وقت میں فائدہ پہنچ رہا تھا لیکن اس کی حالت خراب ہونے کی وجہ سے اب مسافروں کی پریشانی میں اضافہ ہو گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کی جلدازجلد مرمت کروائی جائے تاکہ لوگوں کی مشکل ختم ہو سکے ۔

 

 

 

مغل شاہراہ کو بحال کیا جائے :سرنکوٹ بار 

بختیار کاظمی

سرنکوٹ// بار ایسوسی ایشن سرنکوٹ نے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ خطہ پیر پنچال اور وادی کے درمیان واحد متبادل مغل شاہراہ کو جلدازجلد گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بحال کیا جائے ۔سرنکوٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بار ایسوسی ایشن کے اراکین نے کہاکہ سرحدی ضلع راجوری اور پونچھ میں لوگوں بالخصوص مریضوں و طلباء کی ایک بڑی تعداد کو شاہراہ کے بندہونے کی وجہ سے کئی طرح کے مسائل کا سامنا ہے ۔پی ڈی پی لیڈر و بار ایسوسی ایشن سرنکوٹ کے صدر ایڈوکیٹ ماجد خان نے اس دوران بولتے ہوئے کہاکہ لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ عوامی سہولیت کیلئے متبادل شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد ورفت کو جلدازجلد بحال کرئے ۔اراکین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلدازجلد شاہراہ کو عوامی مفاد کی خاطر جلدازجلدبحال کیاجائے ۔

 

 

حکومت زبانی دعوئے کرنے میں مصروف 

زمینی سطح پر کام کر کے لوگوں کا راحت پہنچانے کی مانگ 

حسین محتشم

پونچھ//پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کے ریاستی سیکریٹری ایڈوکیٹ جاوید اقبال چوہدری نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ حکومت جموں کشمیر کی عوام کو زبانی دعوئوں کے ذریعہ خوش کرنے میں مصروف ہے جبکہ اس کو زمینی سطح پر عوامی مسائل حل کرنے کیلئے عملی کام کرنا چاہئے ۔یہاں جاری بیان میں موصوف نے کہاکہ اس وقت عوام کو صرف ہراساں کیا جارہا ہے جبکہ عملی بنیادوں پر کوئی کام نہیں کیا جارہا ہے ۔انھوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جموں کشمیر کا خصوصی درجہ غیر آئینی طور پر چھننے کے بعد بڑے بڑے دعوی کئے گئے تھے اور فارسٹ رائٹس ایکٹ جیسے قانون بنا کر دعویٰ کیاگیا تھا کہ یہ ایکٹ قبائلیوںکو بڑی راحت پہنچائے گا لیکن وہ دعویٰ صرف دعویٰ ہی ثابت ہوا۔انھوں نے کہا کہ اب لوگوں کو جو نوٹس جاری کئے گئے ہیں وہ ایک نیا طریقہ غریب لوگوں کو تنگ کرنے کا شروع کیاگیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں بیشتر قبائل برادری ، بالائی علاقوں میں رہتی ہیں اور اس کا انحصار صرف مویشی پالنے اور چھوٹے پیمانے پر زراعت پر ہے۔ نیز زیادہ تر یہ برادری اپنی معاش اور رہائش کے لئے جنگلات کی زمین پر منحصر ہے جن کو یہ نوٹس دیئے جا رہے ہیں۔انھوں نے کہا ریاست جموں و کشمیر کے لوگوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کرنے کو حکومت سے مطالبہ کیا۔انھوں نے زمینی سطح پر تعمیر و ترقی کے کام نہ ہونے کا بھی الزام لگاتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کی وہ زبانی دعوے بند کر کے زمینی سطح پر کام کر کے لوگوں کا راحت پہنچائے۔انھوں نے جموں کشمیر کی عوام سے پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کو مضبوط بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ واحد جماعت ہے جو یہاں کے لوگوں کو ان کا حق دلا سکتی ہے۔

 

بجلی و پانی کی سپلائی پر انتظامیہ کی سراہنا 

حسین محتشم

پونچھ//پونچھ میں ماہ مبارک رمضان کے دوران بجلی اور پانی کی معقول فراہمی کئے جانے پر عوام اور علمائے کرام نے انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ جات کی سراہنا کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ماہِ مبارک رمضان کے دوران یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ اس سلسلہ میں بات کرتے ہوئے مہتمم جامعہ انوار العلوم پونچھ حافظ عبدالمجید نے کہا کہ  ضلع انتظامیہ پونچھ کی جانب سے ماہ مبارک رمضان میں بجلی کے شیڈول میں ترمیم کر کے سحری اور افطاری کے دوران بجلی فراہم کی جارہی ہے جس سے فرزندان توحید بڑی راحت محسوس کر رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ محکمہ پی ایچ ای کی جانب سے بھی پانی کی معقول فراہمی کر کے لوگوں کو راحت پہنچائی جارہی ہے جس کے لئے وہ محکمہ بجلی اور محکمہ آب رسانی کے تمام افسران اور ملازمین کا بالعموم اور بالخصوص ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ اندرجیت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ اب تک لوگوں کو جس طرح بجلی اور پانی جسی سہولیات فراہم کرنے کاسلسلہ ماہ رمضان کے دوران رہا ہے یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہے گا وہ اس کی پوری پوری امید رکھتے ہیں۔ 

 

 

 

 

مشکوک حالت میں لاش برآمد 

راجوری //راجوری ضلع کے سندر بنی علاقہ میں ایک 22سالہ لڑکے کی لاش مشکوک حالت میں برآمد کرنے کے بعد پولیس نے اس سلسلہ میں مزید کارروائی شروع کر دی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ سندر بنی علاقہ کے لنگر گائوں میں ایک لڑکے کی لاش مشکوک حالت میں برآمد کی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ لڑکے کی شناخت راہل شرما ولد بنسی لعل سکنہ مواہ کے طورپر ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ متوفی کی لاش سنیچر کے روز پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی جبکہ پولیس کو اس سلسلہ میں اطلاع موصول ہونے کیساتھ ہی لاش کو تحویل میں لے کر اس سلسلہ میں مزید تحقیقاتی عمل شروع کر دیا گیا ۔

 

۔2سڑک حادثوں میں 3افراد زخمی 

سمت بھارگو +پرویز خان 

راجوری //راجوری ضلع میں ہوئے دو مختلف سڑک حادثات میں کم از کم 3افراد زخمی ہوگئے ہیں جن کو علاج معالجہ کیلئے ہسپتال میں بھرتی کروایا گیا ہے ۔کالا کوٹ سب ڈویژں کے سیلالسوئی علاقہ میں ایک موٹر سائیکل کوپیش آئے حادثے میں 2نوجوان زخمی ہوگئے ۔زخمیوں کی شناخت نیرج سنگھ ولد بھگت سنگھ سکنہ سیلالسوئی اور ساجن سنگھ ولد رگو بیر سنگھ سکنہ کلر کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ دونوں نوجوان موٹر سائیکل کو پیش آئے حادثہ میں زخمی ہوئے ہیں جبکہ زخمیوں کو گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری علاج معالجہ کیلئے منتقل کیا گیا ہے ۔اسی طرح ضلع میں دوسرا حادثہ منجا کوٹ تحصیل میں پیش آیا جس کے دوران ایک ٹا ٹا موبائل گاڑی ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو کر کھائی میں جا گری ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ راجدھانی علاقہ کی جانب جانے والے گاڑی زیر نمبر 4110-JK02AGڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو کر دوسو فٹ گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہو گیا ۔اس سلسلہ میں پولیس نے کیس درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی ہے ۔