منجا کوٹ میں بنیادی سہولیات کا فقدان
بجلی و پانی کی سپلائی یقینی بنائی جائے :مولانا گلزار
پرویز خان
منجا کوٹ //مرکزی جامع مسجد عید گاہ منجا کوٹ کی انتظامیہ کمیٹی کے صدر و تحریک امن واصلاح تحصیل منجا کوٹ کے صدر مولانا گلزار حسین نے جمعہ کو دوران خطاب کہا کہ منجا کوٹ میں تروایح و افطار کے وقت بجلی کی انکھ مچولی کیساتھ ساتھ پینے کے صاف پانی کی بھی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ منجا کوٹ قصبہ کی حدود میں کئی ایک مقامات پر گندگی کے ڈھیر جمع ہوئے ہیں لیکن صفائی ستھرائی کے سلسلہ میں بھی کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔انہوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ منجا کوٹ میں عوام کو دیگربنیادی سہولیات فراہم کرنے کیساتھ ساتھ سحری وافطار کے اوقات میں بجلی کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے جبکہ منجا کو ٹ میں صفائی ستھرائی کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ رمضان میں لوگوں کو کم از کم بنیادی سہولیات میسر ہو سکیں ۔
بھوانی کو تحصیل کا درجہ دینے کی مانگ
رمیش کیسر
نوشہرہ // نوشہرہ سب ڈویژن کے بھوانی علاقہ کے لوگوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سب دویژن کی نیابت بھوانی کو تحصیل کا درجہ دیا جائے تاکہ عام لوگوں کو علاقہ میں بھی سہولیات مل سکیں ۔مقامی معززین نے بتایا کہ مذکورہ علاقہ میں تحصیلدار نہ ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو ضروری کاموں کے سلسلہ میں کئی کلو میٹر دور سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر نوشہرہ میں جانا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مکینوں کو ایک معمولی کام کیلئے بھی نوشہرہ میں دربدر ہونے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ چھ برس قبل انہوں نے بھوانی کو تحصیل کا درجہ دینے کی مانگ کے سلسلہ میں ایک مہم بھی چلائی لیکن ابھی تک اس سلسلہ میں کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بھوانی علاقہ کو جلدازجلد تحصیل کا درجہ دیا جائے ۔
تحصیل کمپلیکس میںکمیونٹی بیت الخلاء کی حالت ابتر
2برسوں سے تالا بند ،پانی کابھی کوئی بندوبست نہیں
عشرت حسین بٹ
منڈی//تحصیل کمپلیکس منڈی میں محکمہ د یہی ترقی کی جانب سے عام لوگوں کیلئے تین برس قبل دو بیت الخلاء تعمیر کئے گئے تھے تاکہ تحصیل کمپلیکس میں اپنے کام سے آنے جانے والے لوگ ان کواستعمال کر سکیں۔بیت الخلاوں کی تعمیر کرنے کے باوجود گزشتہ دو برسوں سے ان میں نہ پانی اور نہ ہی دوسرا ضروری سامان لگایا گیا جس کی وجہ سے عوام نے کچھ عرصہ تو ان ٹائلٹ کمپلیکسوں کو استعمال کیا مگر اس کے بعد ان میں گندگی کی وجہ سے وہ قابل استعمال نہیں رہے ہیں ۔ان بیت الخلاوں کی جب تعمیر کی گئی تو اس وقت محض دو کمرے تعمیر کئے گئے نہ ہی ان میں پانی کا کوئی انتظام رکھا گیا اور نہ ان دوسری ضروری چیزوںکو مہیا کرنے کی جانب کوئی توجہ دی گئی ہے ۔مقامی لوگوں کیساتھ ساتھ تحصیل کمپلیکس میں آنے والوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ کمپلیکس میں پانی سمیت دیگر بنیادی سہولیات فراہم کر کے ان کو عوامی استعمال کیلئے کھولا جائے تاکہ ان کی پریشانی ختم ہو سکے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک برس سے ان کو تالا بند رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔محکمہ دیہی ترقی کے اندرونی ذرائع نے بتایا کہ دو برس قبل ان بیت الخلاوں کی تعمیر کی گئی تھی مگر ان میں پانی کا بہتر انتظام نہ ہونے کی وجہ سے گندگی کے ڈھیر لگ چکے تھے ان کا کہنا تھا کہ محکمہ کی جانب سے ان کی صاف صفائی بھی متعدد بار کروئی گئی مگر محکمہ جل شکتی نے آج تک ان میں پانی لگانے کیلئے توجہ نہیں دی ۔ان کا کہنا تھا کہ جب ان میں گندگی کے زیادہ ڈھیر لگے رہے تو ایک سال قبل ان کو بند کر دیا گیا انہوں نے کہا کہ اب ان کی دوبارہ صفائی ستھرائی کروا کر عوام کیلئے دوبارہ کھول دیا جائے گا۔
تحصیل منڈی میں متعدد ہینڈ پمپ خراب
پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے مشینری کی مرمت کا مطالبہ
عشرت حسین بٹ
منڈی// تحصیل منڈی میںپینے کے صاف پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے نصب کردہ ہینڈ پمپ خرا ب ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کی مشکل میں اضافہ ہو گیا ہے ۔ محکمہ جل شکتی اور مرکزی سکیموں کے تحت منڈی تحصیل کے متعدد علاقوں میں ہینڈ پمپ لگائے گئے تھے جو اب محکمہ جل شکتی کی عدم دلچسپی کی وجہ سے ناکارہ ہو گئے ہیں ۔تحصیل منڈی میں متعدد علاقہ جات ایسے ہیں جن میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی قلت ہوتی تھی اگرچہ سرکار کی جانب سے ان علاقہ میں رہ رہے لوگوں کیلئے پانی کے ہینڈ پمپ لگائے گئے تھے مگر کچھ ہی عرصہ گزر جانے کے بعد متعددپمپ خراب ہو گئے جس کی وجہ سے عوامی مشکلات جوں کی توں ہی بر قرار ہو گئی ۔ تحصیل کے علاقہ کھیت سے تعلق رکھنے والے محمد بشیر ولد محمد افضل نامی شخص نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ محکمہ جل شکتی اور مرکزی حکومت کی جانب سے کئی سکیموں کے تحت ان کے علاقہ میں پانی کی کمی کو دور کرنے کیلئے ہینڈ پمپ لگائے تھے لیکن کچھ ہی عرصہ میں مذکورہ مشینریاں خراب ہو گئی جس کی وجہ سے لوگوں کو پھر سے مشکل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ علاقہ مکینوں کو میلو ں پیدل سفر کر کے اس مشکل اور گرم موسم میں پینے کیلئے صاف پانی لانا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ مشینری کی مرمت کیلئے انہوں نے متعدد مرتبہ متعلقہ حکام سے بھی رجوع کیا لیکن ابھی تک مشینری کو ٹھیک نہیں کیا گیا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ حکام کوہدایت جاری کی جائیں کہ مذکورہ مشینری کی جلدازجلد مرمت کی جاسکے ۔
پونچھ میں ٹھیکیداروں کا احتجاج
حسین محتشم
پونچھ//پونچھ میں ٹھیکیداروںنے اپنے مطالبے کو لے کر احتجاج درج کرواتے ہوئے کہاکہ ان کے مطالبات کو جلدازجلد پورا کیا جائے ۔ٹھیکیداروں نے ٹھیکیداری کارڈ کی تجدید کے لئے انتظامیہ کی جانب سے مرتب کی گئی نئی پالیسی کے خلاف سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ جات کے خلاف نعرے بازی کی۔ احتجاجی مظاہرین نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے کارڈ پہلے کی ہی طرح تجدید کروائے جائیں۔ انہوں نے غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس بار کارڈوں کی تجدید کاری کروانے کے لئے تمام تر دستاویزات دوبارہ جمع کرنے کو کہا جا رہا ہے جو ان کے لئے مشکل ہے۔ انہوں نے کہا اسکی وجہ سے ٹھیکیدار اور عوام دونوں کو نقصان اٹھانا پڑھ رہا ہے۔
سندر بنی میں محکمہ جنگلات کا آگاہی کیمپ
راجوری//جنگلات کوآگ سے بچانے کیلئے اٹھائے جانے والے ضروری اقدامات کے بارے میںمقامی لوگوں کو آگاہی دینے کیلئے محکمہ جنگلات نے سندر بندی میں ایک بیداری کیمپ کا انعقادکیا ۔ کنزرویٹر آف فاریسٹ ویسٹ سرکل راجوری وویک ورما اس پروگرام میں مہمان خصوصی تھے اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سندر بنی کیساتھ ساتھ دیگر آفیسران و ملازمین نے بھی شرکت کی ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے آفیسران نے کہاکہ جنگلات میں لگنے والی آگ ماحولیات اور جنگلات دونوں پر تباہ کن اثرات مرتب کرتی ہے۔ ہمیں صاف ہوا کیلئے گرین کوریڈور بنانے ہوں گے۔ پنچایت کی سطح پر فائر رضاکاروں کی ایک ٹیم تشکیل دی جانی چاہئے تاکہ معلومات کو تیزی سے پھیلایا جائے۔انہوں نے تمام شرکاء میں 400 پھلوں کے پودے تقسیم کرنے کے علاوہ نوزائیدہ بچی کو ایک پودا اور سرٹیفکیٹ بھی پیش کیا۔