جموں وکشمیر میں اگلی سرکار بھاجپا کی ہوگی :رویندررینہ
یو این آئی
پونچھ //بھارتیہ جنتاپارٹی کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ کا کہنا ہے کہ جموںوکشمیر میں اگلی حکومت بی جے پی کی بنے گی۔ انہوں نے کہاکہ حد بندی کمیشن کی رپورٹ کے بعد جب بھی چناو ہونگے بی جے پی شاندار جیت حاصل کرئے گی۔ ان خیالات کا اظہار موصوف نے پونچھ میں بوتھ لیول کارکنوں کی میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ مرکزی سرکار نے سبھی فرقوں جن میں سکھ ، عیسائی اور مسلمان شامل ہیں کی بہتری کے لئے کام کیا ہے۔ اُن کے مطابق جموں وکشمیر کے لوگ بی جے پی کی پالیسیوں سے خوش ہیں اور یہ کہ جب بھی یوٹی میں چناو ہونگے بھاجپا کی جیت یقینی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حد بندی کمیشن کی رپورٹ کے بعد جب بھی جموںوکشمیر میں چناو ہونگے بھاجپا کے اُمیدوار کامیابیوں کے جھنڈے گارڈ دیں گے۔ روندر رینہ نے کہاکہ پورا جموں وکشمیر بھارتیہ جنتاپارٹی کو سپورٹ کرئے گا ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جموںوکشمیر میں آنے والی سرکار بی جے پی کی ہوگی اور وزیر اعلیٰ بھی بھاجپا کا ہی ہوگا۔ اس سے قبل بھاجپا کارکنوں کی میٹنگ سے خطاب کے دوران بی جے پی کے جموںوکشمیر یونٹ کے صدر روندر رینہ نے پارٹی کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔
’ویک اینڈ لاک ڈائون‘ نافذ
راجوری //خطہ پیر پنچال کے دونوں سرحدی اضلاع میں جمعہ کی بعد دوپہر انتظامیہ کے حکم کے عین مطابق بندشیں عائد کر دی گئی ہیں ۔راجوری ضلع میں انتظامیہ کی جانب سے جمعہ کی بعد دوپہر ’ویک اینڈ لاک ڈائون‘ نافذ کردیا گیا ہے ۔جموں وکشمیر انتظامیہ کی جانب سے کووڈ میں ہورہے اضافے کو دیکھتے ہوئے عائد بندشوں کے سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے انتظامیہ نے بعد دوپہر تجارتی مراکز اور دیگر غیر ضروری کاروبار کو مکمل بند کروا دیا ۔حکام نے بتایا کہ جموں وکشمیر انتظامیہ کے حکم کے مطابق ہی دونوں سرحدی اضلاع میں ہفتہ وار بندشیں عائد کی گئی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ کووڈ معاملات میں ہوئے اضافے کو دیکھتے ہوئے صرف ضروری خدمات کی بحالی کا حکم دیا گیا ہے جبکہ لوگوں کی غیر ضروری نقل و حرکت بھی بند رہے گی ۔دونوں اضلاع میں جموں وکشمیر پولیس کو ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ بندشوں کو یقینی بنانے کیلئے عملی بنیادوں پر کام کیا جائے ۔
گلہوتہ میں سوکھی گھاس خاکستر
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر کے گلہوتہ علاقہ میں مشکوک حالت میں آگ لگنے کی وجہ سے بڑی مقدار میں سوکھی گھاس جلد کر راکھ ہو گئی ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ جمعہ کی شام گلہوتہ علاقہ میں ذاکر حسین و لد وزیر محمد خان کی سوکھی گھاس میں اچانک آگ لگ گئی جس کی وجہ سے کچھ ہی وقت کے اندر ہی گھاس جل کر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئی ۔اہل خانہ کے بتایا کہ شام کے وقت گھاس میں اچانک آگ نمو دار ہوئی تاہم اس کے دیگر رہائشی لوگوں نے موقعہ پر پہنچا کر آگ پر قابو پانے کی کوشش کی تاہم اس میں وہ ناکام رہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ نقصان کا تخمینہ لگا کر متاثرین کو معاوضہ دیا جائے ۔
پونچھ میں رولر سپورٹس میلہ اختتام پذیر
پونچھ //سرحدی ضلع پونچھ میں فوج کی جانب سے منعقدہ ’رولر سپورٹس میلہ ‘اختتام پذیر ہو گیا ۔نائب صوبدار اجیت سنگھ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے فوج کی جانب سے 18سے 27جنوری تک ایک سپورٹس میلے کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں کئی کھیلوں کا اہتمام کیا گیا ۔فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ اس میلے میں کبڈی ،کھو کھو ،والی بال ودیگر کھیلوں کا اہتمام کیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ کھیلوں کا اصل مقصد مقامی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کیلئے ایک موقعہ فراہم کرنا تھا جبکہ کھیلوں میں بہترین کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے ۔مقامی لوگوں نے فوج کی جانب سے نوجوانوں کیلئے اٹھائے جارہے اقدامات کی تعریف کی گئی ۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ فوج نوجوانوں کیلئے آئندہ بھی اس نوعیت کے پروگرام اور کھیلوں کے مقابلوں کا اہتمام کرتی رہے گی ۔
فوج نے حاملہ خاتون کو ہسپتال منتقل کیا
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں فوج کی بروقت مدد سے ایک حاملہ خاتون کو ہسپتال منتقل کیا گیا ۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ خاتون کوایک ایسے وقت میں طبی مرکز میں منتقل کیا جب برف جمع ہونے کی وجہ سے علاقے سے معمول کی نقل و حرکت ممکن نہیں تھی۔فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ 27 اور 28 جنوری کی درمیانی رات میںفوج کو ضلع پونچھ کے سرحدی گاؤں نورکوٹ سے ایک پریشان کن کال موصول ہوئی۔اس فون کال میں بتایا کہ ایک حاملہ خاتون درد زہ میں مبتلا ہے تاہم برف کی وجہ سے اس کو ہسپتال منتقل کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ فوج نے فوری طورپر مذکورہ خاتون کو ہسپتال منتقل کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ۔مقامی لوگوں نے فوج کی جانب سے فراہم کی گئی مدد کیلئے شکریہ ادا کیا ۔
منجاکوٹ میں ’جشن ابو بکر صدیق ‘کا انعقاد
پرویز خان
منجا کوٹ // مرکزی جامع مسجد منجا کوٹ صدیق اکبر میں عظیم الشان جشنِ سیدنا صدیق اکبر زیرِ صدارت الحاج مولانا گلزار حسین صدر مرکزی کمیٹی جامع مسجد منجا کوٹ منعقد کیا گیا ۔اس تقریب میں علماء کیساتھ ساتھ کئی مذہبی سکالروں و عام لوگوں نے شرکت کی ۔اپنے خصوصی خطاب کے دوران خطیب مفتی محمد عارف قادری نعیمی نے شانِ صدیق اکبر کو احسن طریقہ سے بیان کرتے ہوئے عوام الناس کو ان کے نقشے قدم پر چلنے اور شریعت پر چلنے کی تلقین کی ۔صدراتی بیان میں مولاناگلزرا حسین کہا کہ ساری دنیا کے لوگوں کے ایمان ایک پلڑے میں رکھا جائے اور ایک پلڑے میں صرف سرکار صدیقِ اکبر کا ایمان رکھا جائے یقیناََ صدیق اکبر کا ایمان سارے لوگوں کے ایمان پر غالب آجائیگا ۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے بچوں کو دینی تعلیم کی جانب بھی راغب کریں ۔