مزید خبریں

نیوز ڈیسک
شجر کاری صدقہ جاریہ :آغا حسن | بہشت الزہرا پارک بڈگام میں چنار کا بوٹا لگایا

سرینگر// انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن نے بڈگام میںبہشت الزہرا نامی پارک میں تنظیمی کارکنوں کے ہمراہ چنار کا بوٹا لگایا۔اس پارک میںہر سال انجمن کے اہتمام سے برآمد کئے جا رہے جلوس عاشورہ میں شامل ہزاروں لوگ نماز ظہرین ادا کرتے ہیں۔ اس موقعہ پر آغا حسن نے اسلام میں شجر کاری کی اہمیت کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ شجر کاری ایک بہترین صدقہ جاریہ ہے اور مخلوقات خدا کی خدمت اور راحت کا بھی بہترین ذریعہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ درختوں سے نہ صرف انسان فائدہ حاصل کرسکتے ہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی دیگر مخلوقات بھی راحت محسوس کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی پارک میں سایہ دار درخت موجود نہ ہو تو ایسی پارک بے معنی ہو کر رہ جاتی ہے۔

 

 

 

حضرت فاطمہؓ کے عرس پر تقاریب  | انجمن اوقاف سمیت دینی جماعتوںکا خراج عقیدت

سرینگر// خاتون جنت حضرت فاطمہ ؓکے عرس مبارک کے سلسلے میں مساجد، خانقاہوں اور زیارت گاہوں میں تقریبات ہوئیں جبکہ مسجد شریف زیارت سید کرم شاہ صاحبؒ گول مارکیٹ کرن نگر میں مولانا ریاض احمد ہمدانی نے فلسفہ رمضان المبارک ، روزوں کی فضیلت بیان کرنے کے ساتھ ساتھ حضرت فاطمہؓ کی سیرت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے سماج میں بڑتی ہوئی بے راہ روی ، بے شرمی ، بے حیائی پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ قرآن وحدیث کی تعلیم سے اپنے بچوں کو آراستہ کریں تاکہ دین ودنیا آباد ہوجائیں۔ اس موقع پر امام و خطیب قاری حافظ محمد یاسین کاشفی نے بھی سید ۃ النسا کی سیرت پر روشنی ڈالی۔ زیارت سید میر یعقوب صاحبؒ سونہ وار میں ایک تقریب پر مولانا شوکت حسین کینگ اور امام و خطیب پیرزادہ محمد حسین قادری نے حضرت فاطمہؓ کی سیرت کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی۔ زیارت حضرت مرزا اکمل الدین بدخشی میںمولانا خورشید احمد قانونگو نے خطاب کیا۔ انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے حضرت فاطمہؓ کے یوم وصال کے موقعہ پر خاتون جنت کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔بیان میںانجمن کے سربراہ میرواعظ محمد عمر فاروق کی جانب سے حضرت فاطمہؓکے یوم وصال کے موقعہ پر انکی بے مثال دینی اور اسلامی خدمات کیلئے زبردست الفاظ میں خراج عقیدت و محبت پیش کیا ہے۔انجمن نے کہا کہ حضرت خاتون جنت کی مبارک زندگی امت مسلمہ کی ماں بہنوں، اور بیٹیوں کیلئے ہر دور میں نمونہ کامل(Role Model) اور اسوئہ حسنہ ہے ۔بیان میں ملت کی خواتین پر زور دیا گیا کہ وہ حضرت خاتون جنت کی حیات طیبہ اور تعلیمات عالیہ کو اپنا کر اپنی زندگیوں میں ایک خوشگواراور اسلامی تبدیلی لائیں تبھی جاکر ایک فلاحی معاشرہ کے قیام کا خواب شرمندئہ تعبیر ہو سکتا ہے۔

 

 

 

ڈاکٹر فاروق کا آخون کے ساتھ اظہارِ تعزیت

سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی کے سینئر لیڈر محمد سعید آخون کے برادرِنسبتی عبدالقیوم ساکن عمر کالونی صدر بل کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگواران کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیاہے اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا کرے اور پسماندن کو صدمہ عظیم برداشت کرنے کی توفیق دے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے مرحوم کے گھر جاکر تعزیت پُرسی کی اور ڈھارس بندھائی۔ اس موقع پر مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی گئی۔ جنوبی زون صدر ڈاکٹر بشیر احمد ویری، ریاستی ترجمان عمران نبی ڈار، صوبائی یوتھ صدر سلمان علی ساگر اور صوبائی ترجمان عفراء نے صدربل جاکر محمد سعید آخون کے ساتھ تعزیت پُرسی کی۔

 

 

 

اے این سی کا پارٹی رہنما سے اظہار ہمدردی

سرینگر//عوامی نیشنل کانفرنس نے پارٹی کے سینئر رہنما محمد یوسف شاعر کے بھائی حاجی عبدالقیوم ساکن لالبازار عمر کا لونی کے انتقال پر گہرے صدمے  کااظہا رکرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ ایک تعزیتی بیان میں اے این سی کی صدر بیگم خالدہ شاہ نے مرحوم کو شریف الفنس شخص قرار دیتے ہوئے کہاکہ انہوں نے سماج کی فلاح وبہبودی کیلئے ہمیشہ کام کیا۔ انہوں نے غمزدہ کنبہ خاصکر محمد یوسف شاعرسے ہمدردی ظاہر کرتے ہوئے اس ناقابل ِ تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی ہمت عطا کرنے کی دعا کی۔ پارٹی کے سینئر نائب صدر مظفر شاہ نے بھی مرحوم کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کی۔

 

 

 

غیر قانونی کان کنی | بڈگام میں2 افراد گرفتار ،2 ٹپر ضبط

بڈگام //بڈگام میں پولیس نے غیر قانونی کان کنی اور معدنیات نکالنے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کیا ہے اور2 ٹپرضبط کئے ۔ خانصاحب تھانہ کے اہلکاروں نے نالہ شالی گنگا کے قریب گشت کے دوران دو افراد کو گرفتار کر کے نالہ شالی گنگا سے غیر قانونی کان کنی اور معدنیات نکالنے میں ملوث 2ٹپرقبضے میں لے لئے۔ گرفتارکئے گئے افراد کی شناخت شاہنواز احمد شیخ ولد غلام رسول شیخ ساکن دریگر خانصاحب اور محمد مقبول نجار ولدثناء اللہ نجار ساکن مجی پتھری کے بطور ہوئی ہے۔ قانون کے متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

 

 

 میر کا کھور پٹن کے متاثرین سے اظہار یکجہتی

سرینگر// اپنی پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر نے منگل کو شیرآباد کھورپٹن میں آتشزدگی واقعہ پر گہرے صدمے کا اظہار کیا جہاں محمد رمضان بٹ اور محمد یوسف بٹ کے دو مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ میر نے متاثرہ خاندانوں کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا ’’ضلعی انتظامیہ کو صورتحال کا نوٹس لینے اور ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگانے کے لیے فوری طور پر اسیسمنٹ ٹیمیں گراؤنڈ زیرو پر روانہ کرنی چاہئیں‘‘۔انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ ریڈ کراس کے فنڈز سے متاثر خاندانوں کی مدد کریں جب تک ان کی مناسب بحالی کو یقینی نہیں بنایا جاتا۔”مجھے امید ہے کہ ضلعی انتظامیہ آگ سے متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر مناسب ایکس گریشیا ریلیف فراہم کرے گی تاکہ ایک بار پھر ان کے گرے ہوئے مکانات کی تعمیر میں مدد کی جا سکے۔

 

 

 آرینز نے لتا منگیشکر میموریل شام کا اہتمام کیا

سرینگر//سرگرم سوسائٹی آف انڈین میوزک اینڈ آرٹ ، موہالی اور آرینز گروپ آف کالجز راج پورہ چندی گڑھ کے زیر اہتمام تین روزہ موسیقی پروگرام ٹیگور منی تھیٹر، سیکٹر 18، چنڈی گڑھ میں اختتام پذیر ہوا۔ تیسرے دن کا اختتام گلوکارہ لتا منگیشکر جی کو میوزیکل ٹریبیوٹ کے ساتھ ہوا۔ہال موسیقی سے گونج اٹھا اور سامعین کو خوش کردیا۔ ڈاکٹر انشو کٹاریہ اور چیئرمین، آرینز گروپ نے تقریب کی صدارت کی۔اس موقع پر منموہن سنگھ؛ سرپرست سوسائٹی، منموہنگرگ، ایم پی گپتا، سوسائٹی کے مشیر؛ آر ڈی کیلی، آرگنائزر اور دیگر عہدیداران حاضرین میں بہت سے معززین کے علاوہ موجود تھے۔ صدر سوسائٹی ڈاکٹر کٹاریہ نے سب کا شکریہ ادا کیا۔

 

 

کرناہ اسمبلی حلقہ کے ساتھ کپوارہ کے علاقوں کو نہ جوڑاجائے:راجہ منظور

نمائندہ عظمیٰ 

سرینگر // اپنی پارٹی کے ضلع صدر اور سابق ممبراسمبلی کرناہ ایڈوکیٹ راجہ منظور نے منگل کو حدبندی کمیشن کے ممبران سے بات کرتے ہوئے اس تجویز پر اعتراض جتلایا جس میں کہا گیا ہے کہ کرناہ اسمبلی حلقہ کے ساتھ کرالپورہ کپواڑہ کے کچھ ایک علاقوں کو جوڑا گیا ہے ۔راجہ منظور نے کہا کہ کرناہ کے لوگ پہلے ہی سرحدی گولہ باری اور سادھنا پر ہونے والی برف باری سے جھوج رہے ہیں اور ان حالات میں کرناہ کے لوگوں کے مسائل کا حل تلاش نہیں ہوتا توکپوارہ کے لوگوں کو کرناہ کے ساتھ جوڑنا سر اسر ناانصافی ہے ۔انہوں نے کمیشن کو بتایا کہ کرناہ کو الگ اسمبلی حلقہ اس لئے دیا گیا تھا کیونکہ کرناہ تک ممبران نہیں پہنچ سکتے تھے یہ علاقہ برف باری کی وجہ سے 5ماہ تک بند رہتا ہے اور یہاں کے دور افتادہ علاقوں تک آسانی سے نہیں پہنچا جا سکتا ہے اس لئے کرناہ اسمبلی حلقہ کے ساتھ کپواڑہ کے علاقوں کو نہ جوڑا جائے ۔ انہوں نے حد بندی کمیشن سے کہا کہ وہ اپنی تجویز کو واپس لیں ۔

 

 

چرارشریف ہائراسکینڈری کی عمارت کو تعمیر کیاجائے:ایتو

سرینگر//اپنی پارٹی رہنما انجینئرنذیرایتو نے حکومت پرزرودیاہے کہ وہ ہائراسکینڈری اسکول چرار شریف کو عمارت فراہم کریں ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مذکوہ اسکول1962میں قائم کیاگیااوراس کی تاریخی اہمیت ہے ۔بدقستمی سے یہ پرانی ہوگئی اوراسے منہدم کیاگیااوراب طلاب کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس اسکول میں مقامی لوگوں کے علاوہ سرینگراورپلوامہ سے بھی طلاب داخلہ لیتے تھے۔انجنیئرنذیرایتونے لیفٹیننٹ گورنرانتظامیہ سے اپیل کی کہ اس اسکول کیلئے عمارت کو فوری طور تعمیر کرایاجائے۔

 

 

 

 زرعی سرگرمیوں کیلئے30کروڑ43لاکھ روپے منظور

زعفران کیلئے2کروڑ،مگس بانی اورمشروم کی کاشت کیلئے2کروڑمختص،200ٹریکٹروں پرسبسڈی

جموں//پرنسپل سیکرٹری زررعی پیداوار و بہبود کساناں نوین کمار چودھری کی صدارت میں منعقدہ ایک میٹنگ میں صوبہ کشمیر میں موجودہ زرعی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے سال2022-23ء میں 30.43کروڑ روپے کے ایکشن پلان کومنظوری دی گئی۔دوران میٹنگ نوین کمار چودھری نے اِس بات پر زور دیا کہ پورے صوبہ کشمیر میں رواں سال کے دوران ایک اِضافی فصل کی کاشت کیا جانا چاہیئے۔اِس بات کا فیصلہ لیا گیا کہ کاشت کاروں کی آمدنی میں اِضافہ کرنے کے لئے سبزیوں کے علاوہ تیل کے بیج اور چارے کو بھی مکمل تعاون اور فروغ دیا جائے گا۔یہ بات اطمینان کے ساتھ نوٹ کی گئی کہ دھان کی کٹائی کے بعد تقریباً70فیصد کھیت سرسوں کی کاشت سے ڈھک چکے ہیں جو پہلے محض 6سے 7فیصد ہو ا کرتا تھا۔ پرنسپل سیکرٹری نے یہ بھی ہدایت دی کہ 31 مئی 2022ء تک تمام کسانوں کو سوئیل ہیلتھ کارڈ ز جاری کئے جائیں ۔ اس کے لئے تمام اَفسران مشن موڈ میں کام کریں گے اور ہفتہ وار بنیادوں پر اعلیٰ سطح پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔اِس برس زعفران کی تجدید کو مزید بڑھانے کے لئے کیپکس میں 2کروڑ روپے کی رقم فراہم کی گئی ہے ۔ اِسی طرح وادی کشمیر کے کنڈی علاقوں میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے کمیونٹی بورویلوں کی مدد کے لئے 3کروڑ روپے فراہم کئے گئے ہیں۔میٹنگ میں اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ میکانائزیشن وقت کی ضرورت ہے ۔ٹریکٹر ، ٹیلرز ، لینڈ لیولرز ، کمبائن ہارویسٹر وغیرہ کی خریداری کے لئے تعاون فراہم کرنے کی خاطر ایکشن پلان میں 6 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔وادی کشمیر میں رواں سال کے دوران کسانوں کے ذریعے200 ٹریکٹرکی خریداری پر سبسڈی دی جائے گی۔ معیاری تصدیق شدہ بیج اور بیج کی تبدیلی اوّلین ترجیح ہے۔ اعلیٰ روٹی کے معیار ی بیجوں کی تیاری کے لئے محکمہ کے تمام زرعی فارموں کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لانے پر سال کے دوران 12 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔ یہ بیج کسانوں کو نہ صرف اناج کی فصلوں بلکہ سبزیوں، غیر ملکی سبزیوں، مسالوں جیسے کشمیری مرچی، ہلدی، دواؤں کے پودوں، آلو اور تیل کے بیجوں کے لئے بھی رعایتی نرخوں پر فراہم کئے جائیں گے۔اضافی زرعی سرگرمیوں اور کاروبار کو فراہم کرنے کے لئے مشروم کی کاشت اور مگس بانی پر 2 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔ ان دونوں علاقوں میں جغرافیائی اور موسمی حالات پیداوار کے معیار اور مقدار کو کئی گنا بڑھانے کے لئے انتہائی سازگار ہیں۔پرنسپل سیکرٹری نوین کمار چودھری نے پریمیم مصنوعات جی آئی کے لئے مؤثر اِقدامات کرنے کو بھی کہا ۔ موجودہ برس کے دوران ٹیگ کیا گیا ۔اِسی طرح پروموشنل اور معلومات کی ترسیل کی سرگرمیوں سے کسانوں کے ساتھ موثر رابطے پر زور دیاگیا ہے اور اِس مقصد کے لئے روان برس کے دوران خاطر خواہ رقم خرچ کی جائے گی۔

 

 

 

کشمیرمیں جوبھی مشہورہوا،اُسے گولی ماردی گئی | چنارکمان کے سربراہ نے زخمی پنڈت کی عیادت کی

سرینگر //سرینگر میںمقیم فوج کے 15ویں کور کے کمانڈر لیفٹنٹ جنرل ڈی پی پانڈے نے منگل کو فوجی اسپتال کا دورہ کرکے وہاں شوپیان میں مشتبہ ملی ٹنٹوں کی فائرنگ میں زخمی ہو گئے کشمیر ی پنڈت کی عیادت کی ۔ اس موقعہ پر انہوںنے کہا کہ جو بھی کشمیر میں مشہور ہو گیا اس کو گولی مارد ی جاتی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق فوج کے 15ویں کور کے کمانڈر لیفٹنٹ جنرل ڈی پی پانڈے نے سرینگر کے بادامی باغ میں فوجی اسپتال کا دورہ کرکے وہاں زیر علاج شوپیان کے پنڈت کی عیادت کی ۔ اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ مجھے جب حادثے کی خبر ملی تو میںنے آئی جی پی کشمیر کو کہا کہ وہ اس نوجوان کو علاج کیلئے فوجی اسپتال منتقل کر یں ۔ اس موقعہ پر انہیں بتایا گیا کہ کشمیری پنڈت سونو علاقے میں 25سال سے ادویات کی دکان چلارہاہے اور اگر کوئی رات کے دو بجے بھی بیمار ہوتا تھا تو وہ اس کے علاج کیلئے جاتا تھا ۔ جس پر ڈی پی پانڈے نے کہا کہ یہی بات ہے کہ جو بھی کشمیر پنڈت یہاں مشہور ہوتا ہے تو اس کو گولی ما ر دی جاتی ہے ۔ انہوںنے بندرو میڈیکٹ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھی کافی مشہور تھا ور اس کو بھی گولی مار دی گئی ۔ پنڈت نوجوان سونوکی ہمت کو داد دیتے ہوئے ڈی پی پانڈے نے کہا کہ گولی لگنے کے بعد بھی اس کے چہرے پر مسکراہٹ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے ۔ انہوںنے پنڈت نوجوان سے کہا کہ صحت یابی کے بعد انہیں گھر جا کر لوگوں کو بتانا ہے کہ وہ گولیوں سے ڈرتے نہیںہے اور بلکہ ان کا مقابلہ کرتے ہیں ۔ 

 

 

متوفی پولیس اہلکاروں کے پسماندگان کے حق میں 1.38کروڑ روپے امدادمنظور

جموں //مارے گئے یافوت ہوئے پولیس اہلکاروں کے پسماندگان کو مالی معاونت فراہم کرنے کی مہم کو جاری رکھتے ہوئے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے مارے گئے ایس پی اوز اور فوت ہوئے پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ کیلئے1کروڑ38لاکھ روپے کی رقم کومنظور کیا ہے اورایک ایس پی او،کے مالی بوجھ کو کم کرنے کیلئے پچاس ہزارروپے سے زائد کی رقم منظور کی ہے۔  پولیس سربراہ نے ایس پی اواشفاق احمد ڈار کے پسماندگان کے حق میں 6لاکھ روپے کی امدادمنظور کی جو محکمہ کے ساتھ کام کرتے ہوئے ایک حملہ میں اپنی جان دے گیا۔پولیس سربراہ نے فوت ہوئے اسسٹنٹ سب انسپکٹرنذیراحمد،ہیڈکانسٹیبل شبیراحمد،ہیڈکانسٹیبل محمد حسین،فولورظہوراحمد۔محمدیوسف اور مشتاق احمد کے لواحقین کے حق میں فی کس22لاکھ روپے کی امداد منظور کی۔ان اہلکاروں کے پسماندگان کو پہلے ہی ایک ایک لاکھ روپے کی رقم دی جاچکی ہیں تاکہ وہ ان کی تجہیزوتکفین کرسکیں۔ایک اورحکم میں پولیس کنٹری بیوٹری فنڈ سے ایس پی او کے حق میں پچاس ہزارروپے کی امدادمنظور کی گئی۔

 

 

 

 

 

 

سونہ مرگ میں غیرمقامی  شخص کی لاش پائی گئی

غلام نبی رینہ

کنگن//شتکڑی سونہ مرگ میں ایک غیرمقامی شخص کی لاش پائی گئی۔معلوم ہوا ہے کہ منگل کو شتکڑی میں قائم محکمہ شیپہسبنڈری کے انوسٹی گیشن لیبارٹری کادروازہ جب چوکیدار نے کھولا اوراندرداخل ہواتووہاں اس نے ایک عدم شناخت غیرریاستی شخص کی لاش لٹکتی پائی۔چوکیدار نے پولیس کو مطلع کیا۔پولیس تحصیلدار گنڈ کے ہمراہ جائے موقع پر پہنچی اورفارنسک ٹیم کو طلب کیاگیا۔ٹیم نے موقعہ سے نمونے حاصل کئے اور قانونی اور طبی لوازمات پورا کرکے لاش کو شناخت کیلئے پرائمری ہیلتھ سینٹر سونہ مرگ کے مردہ خانہ میں رکھا گیا ۔سونہ مرگ پولیس نے اس سلسلے میں زیر دفعہ 174 کے تحت تحقیقات شروع کردی ہے۔

 

 

 

حدبندی کمیشن کی حیثیت مشتبہ ومشکوک | اپنی رپورٹ قابل عمل بنانے کی کوشش کرے: سوز

سرینگر//سابق مرکزی وزیرپروفیسر سیف الدین سوز نے کہا ہے کہ جموںوکشمیر حد بندی کمیشن نے اپنی حیثیت کو پہلے ہی مشتبہ اور مشکوک بنا دیا ہے ، کیونکہ جس فہرست کے مطابق یہ لوگوں کو مدعوکر رہا ہے، اُس کو کس نے ترتیب دیا تھا اور اس کو کس طرح صحیح مانا جا سکتا ہے؟ایک بیان میں انہوں نے کہاکمیشن کو اپنے حق اور ملک کے حق میں یہ فیصلہ لینا چاہئے تھا کہ وہ سیاسی جماعتوں کو دعوت دے کر تمام پارٹیوں کے نمائندوں کو ملے تاکہ عوامی سطح پر وہ سیاسی جماعتیں ذمہ دارہ سکیں۔دراصل کمیشن نے اس بات کا احساس ہی نہیں کیا کہ اس کے ہاتھ میں عوامی مفاد کا بہت ہی اہم مسئلہ ہے اور اس طرح اس مسئلے کی طرف سنجیدہ توجہ ہونی چاہئے۔سوزنے کہا کہ اسی پس منظر میں، جموںوکشمیر پردیش کانگریس کے نمائندوں نے کل جموں میں کمیشن کو ملنے سے انکار کر دیاکیونکہ کمیشن نے اپنی مرضی سے چند افراد کو ملنے کیلئے کہا تھا۔سوال یہ ہے کہ کمیشن کو یہ بنیادی حق حاصل نہیں ہے کہ وہ کسی سیاسی جماعت سے وابستہ افراد کو خود چنے اور اپنی مرضی کے مطابق اُن کو بُلائے۔انہوں نے مزیدکہا کہ میری سوچ کے مطابق کمیشن کو اپنی رپورٹ میں کوئی رخنہ نہیں رکھنا چاہئے ، جس سے اس کی رپورٹ مشتبہ ہو کر عوامی حمایت سے محروم رہے گی ۔انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ اس آخری لمحے میں بھی کمیشن کو یہ کوشش کرنی چاہئے کہ وہ اپنی رپورٹ کو قابل عمل بنانے کی کوشش کرے،نہیں تو اس کی ساری کاروائی مشکوک ہوگی اور اس کو رد کیا جائیگا۔ایک شہری کی حیثیت میں، میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اس موقع پر بھی کمیشن کو پوری کوشش کرنی چاہئے کہ وہ کم از کم اُن نمائندوں کو بلائے جن کو اس مضمون کے بارے میں واقفیت بھی ہوگی اور عوامی سطح پر اُن کی مقبولیت بھی ہوگی۔سوزنے کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ محمد شفیع پنڈت سابق ایڈیشنل چیف سیکریٹری، عبدالطیف دیوا، سابق چیرمین پبلک سروسز کمیشن، حسیب درابو، سابق وزیر اور چیرمین جموںوکشمیر بینک، محمد سلیم بیگ سابق ڈائریکٹر جنرل ٹوارزم،  راجا مظفرحق اطلاعات قانون کارکن کو بلا کران سے رائے لیں۔

 

 

اننت ناگ میں محکمہ بجلی کاملازم کرنٹ لگنے سے شدید زخمی

عارف بلوچ

اننت ناگ//عشمقام میں محکمہ بجلی کا ایک عارضی ملازم کرنٹ لگنے سے شدید زخمی ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق ضلع اننت ناگ کے عشمقام اری گلو، کا رہائشی محکمہ بجلی کا 31برس کاعارضی ملازم عبدالرشید بٹ ولد محمد اکبر بٹ ،اکرڈ میں بجلی کی تار بچھاتے ہوئے کرنٹ لگنے سے شدید زخمی ہو گیا۔زخمی ملازم کو خصوصی علاج کے لیے جی ایم سی اسپتال اننت ناگ منتقل کر دیاگیا ہے۔

 

 

غیر مقامی مزدروں پرحملے | بِہار کے وزیراعلیٰ کوتشویش

سری نگر//بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے جموں کشمیرمیں مشتبہ ملی ٹنٹ حملے میں ریاست کے دومزدوروں کے زخمی ہونے پرتشویش کااظہار کیا ہے۔جے کے این ایس کے مطابق پیر کی رات دیرگئے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں،نتیش کمار نے کہا کہ زخمی افراد کا تعلق بہار کے مغربی چمپارن ضلع سے ہے ۔بہار کے وزیراعلیٰ نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ نئی دہلی میں بہار کے ریذیڈنٹ کمشنر سے کہا گیاہے کہ وہ جموں کشمیر انتظامیہ سے رابطہ قائم کرکے اس بات کو یقینی بنائے کہ دونوں زخمی مزدورں کومناسب علاج فراہم کیاجائے۔

 

 

لوگ تقسیمی عناصر کی سازشوں سے خبردار رہیں:حکیم | پیپلزڈیموکریٹک فرنٹ عہدیداروں کی دوسری فہرست جاری

سرینگر// پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کے سربراہ حکیم محمد یاسین نے پارٹی ورکروں و عہدیداروں کو لوگوں کو مذہب،ذات پات اور علاقائی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی سازشوں سے خبردار کیا ہے ۔انہوں نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ جموں وکشمیر کے سیکولر کردار اور مذہبی یگانگت کی صدیوں پرانے تشخص کے خلاف ہر کسی سازش کو ناکام بنا یا جائے گا ۔تنظیم کے تشکیل نو کے سلسلے میں پارٹی عہدیداروں کی دوسری فہرست اجرا کرنے کے موقعے پر حکیم یاسین نے کہا کہ نہ صرف جموں وکشمیر بلکہ ملک بھر میں حقیر سیاسی مفادات کے حصول کے لیے لوگوں کو مذہب ، علاقائی  اور ذات پات کی بنیادوں پر تقسیم کر نے گہری سازشیں کی جا رہی ہیں ۔انہوں نے پارٹی ورکروں اور عہدیداروں سے تلقین کی کہ وہ گھر گھر جاکر عوام کو ان سازشوں سے آگاہ کریں جن کا مقصد جموں وکشمیر کے سیکولر کردار اور مذہبی یگانگت کی اعلی روایات کو زک پہنچانا ہے ۔ انہوں پارٹی ورکروں سے کہا کہ وہ بنیادی سطح پر عوام کے ساتھ قریبی رابطہ قائم کر کے ان کے مشکلات اور مسایل کو حل کرنے کی کوشش کریں ۔پی ڈی ایف سربراہ نے کہا کہ جموں وکشمیر میں منتخبہ عوامی حکومت نہ ہونے کی وجہ سے لوگ گونا گوں مسائل سے دوچار ہیں  اور گزشتہ32 برسوں سے چلی آرہی سیاسی و سماجی غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے لوگوں کا مستقبل مخدوش بن گیا ہے اور ان کی مالی حالت انتہائی ابتر بن گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام امن کی بحالی کے لئے مضطرب ہیں اور اپنے زخموں کی مرہم کاری چاہتے ہیں ۔حکیم یاسین نے کہا کہ میرا  پرخلوص مشورہ یہی ہے کہ جموں وکشمیر میں فوری طور منصفانہ اور آزادانہ اسمبلی انتخابات منعقد کئے جانے چاہیے تاکہ عوام اپنے چنے ہوئے نمائندوں کے ذریعے اپنے مسایل کا حل ڈھونڈ سکیں ۔

 

 

مسابقتی امتحان پر غلط بیانی | عدالت عالیہ کاعرضی گزار پر50ہزارروپے جرمانہ عائد

سرینگر//بلال فرقانی//عدالت میںمسابقتی امتحان کے حوالے سے پبلک سروس کمیشن سے متعلق غلط بیان دینے پر عدالت عالیہ نے عرضی گزار کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 50ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے ۔ ہائی کورٹ میں جج دھیرج ٹھاکر نے جرمانہ عائد کرتے ہوئے مشاہدہ کیا کہ درخواست گزار نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے کمیشن کے سامنے معاملہ اٹھایا ہے، جب کہ کمیشن سے رجوع کرنے والا امیدوار درخواست گزار نہیں بلکہ کوئی اور تھا۔عدالت نے کہا کہ اس معاملے میں ماہرین کی رائے درست ہے، عدالت اس کے خلاف نہیں جا سکتی۔ مشترکہ مسابقتی امتحان (ابتدائی) 24 اکتوبر 2021 کو منعقد ہوا۔ دو الگ الگ درخواستوں کے ذریعے عدالت میں کہا گیا کہ امتحان میں غلط سوالات پوچھے گئے، جس کے لیے انہیں اسی تناسب سے اضافی نمبر دئیے جائیں۔عدالت نے مشاہدہ کیا کہ ایسے معاملے میں درخواست گزاروں کو سب سے پہلے کمیشن کے سامنے اپنا نقطہ نظر رکھنا چاہیے تھا۔ پبلک سروس کمیشن نے اس کے لیے ایک انتظام کیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ کمیشن نے اس سلسلے میں کچھ دوسرے امیدواروں کی طرف سے اٹھائے گئے معاملے پر اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔اس پر ماہرین نے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے، عدالت اس کے خلاف نہیں جا سکتی۔ عدالت نے کہا کہ جن پانچ سوالات کے بارے میں بات کی جا رہی ہے ان کے جوابات کودرست کر دیا گیا ہیں۔ اس سے نتائج پر کوئی اثر نہیں پڑتا، لہٰذا، چیلنج پٹیشن کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔عدالت نے کہا کہ کمیشن کے سامنے معاملہ اٹھانے کا دعویٰ تحقیقات کے دوران غلط پایا گیا ہے اور یہ عدالت کو گمراہ کرنے کے لیے ہے۔  عدالت میں غلط معلومات دینے پر صرف 50 ہزار روپے جرمانہ کیا جاتا ہے۔ جرمانے میں سے 25000 روپے ایڈوکیٹس ویلفیئر فنڈ میں جمع کرانا ہوں گے اور باقی رقم دو ہفتوں کے اندر جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن کے کھاتے میں جمع کرانی ہوگی۔