مزید خبریں

اے ڈی جی، بی ایس ایف نے سرحد ی علاقوں کا دورہ کیا 

سمت بھارگو

راجوری//بارڈر سیکورٹی فورس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ویسٹرن کمان پی وی راما ساستری نے لائن آف کنٹرول کے راجوری اور پونچھ سیکٹروں کا دورہ کر کے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا ۔بارڈر سیکورٹی فورس نے جموں فرنٹیئر کے ذریعے جاری ایک بیان میں بتایا کہ جموں فرنٹیئر کے اپنے دو روزہ دورے پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے پونچھ اور راجوری سیکٹروں میں ایل او سی کے آگے کے علاقوں کا دورہ کیا۔اے ڈی جی کے ساتھ آئی جی بی ایس ایف جموں، ڈی کے بورا اور جموں فرنٹیئر کے دیگر سینئر افسران بھی تھے اور ایل او سی پر سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔بی ایس ایف کے ڈی آئی جی برائے سیکٹر راجوری اور فورس بٹالین کمانڈروں نے اے ڈی جی بی ایس ایف کو موجودہ سیکورٹی صورتحال کے تحت  کئے گئے انتظامات و دیگر پیچیدگیوںکے ساتھ ساتھ  بی ایس ایف کی مجموعی تعیناتی اور ایل او سی کے علاقے پر تسلط کے منصوبے کے بارے میں آگاہ کیا۔اے ڈی جی بی ایس ایف نے پونچھ اور راجوری سیکٹر کے اہم علاقوں کا بھی دورہ کیا اور فیلڈ فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران، اے ڈی جی نے حساس فارورڈ ڈیفنڈڈ لوکلٹیز (ایف ڈی ایل) کا دورہ کیا اور سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور ایسے سخت حالات میں لائن آف کنٹرول کی حفاظت کرنے کے لئے تمام افسران اور دستوں کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی اور یہ بھی کہا کہ یہ ان کی انتھک کوششیں ہیں۔ بی ایس ایف اے این ای کے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنانے میں کامیاب رہا۔

 

 

ڈگری کالج درہال میں نیشنل ٹیکنالوجی ڈے منایا گیا

عظمیٰ یاسمین

 تھنہ منڈی // گورنمنٹ ڈگری درہال ملکاں میں این ایس ایس یونٹ کے اشتراک سے جدید ٹیکنالوجی کے بارے میں آگاہی پروگرام کا انعقاد کرکے نیشنل ٹیکنالوجی ڈے منایا گیا۔ اس موقع پر کالج کے پرنسپل پروفیسر سمنیش جسروٹیہ نے جدید تکنیکی اختراعات کی نمائش سے متعلق پروگرام منعقد کرنے پر کالج کے این ایس ایس رضاکاروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی روز بروز ترقی کر رہی ہے اور ہندوستانیوں نے عظیم ایجادات کے ذریعے ٹیکنالوجی کی ترقی میں بہت بڑا تعاون کیا ہے۔  انہوں نے بتایا کہ سائنس اور ٹکنالوجی کے میدان میں ہندوستان کی ترقی کو نشان زد کرنے کے لئے قومی ٹیکنالوجی کا دن منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر پروگرام کے کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر اطہر عزیز رینہ نے اپنی سیر حاصل گفتگو کے دوران مختلف اور جدید ترین ٹیکنالوجی کی تفاصیل فراہم کیں۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان میں قومی ٹیکنالوجی کا دن ایک سالانہ تقریب ہے جو ہر سال 11 مئی کو منایا جاتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ ایک ایسا دن ہے جو کامیابیوں کو یاد کرنے اور سائنسدانوں، محققین، انجینئروں اور اساتذہ کے کاموں کو تسلیم کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔ اطہر رینہ نے بتایا کہ ٹیکنالوجی کسی ملک کی مجموعی ترقی کی پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ تدریسی پیشہ ٹیکنالوجی کے حوالے سے زیادہ قابل اعتماد ہوتا جا رہا ہے اور طلباء آن لائن ایجوکیشن کے ذریعے زیادہ سے زیادہ علم حاصل کر رہے ہیں جو زیادہ موثر اور مزید وسیع ہے۔ انہوں نے مختلف آئی سی ٹی ٹولز کے بارے میں بھی بتایا جو ان دنوں موثر تدریسی عمل کو سیکھنے کیلئے استعمال کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ISRO، BARC اور DRDO کی تازہ ترین اختراعات پر بھی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ڈاکٹر امتیاز حسین شاہ، ڈاکٹر سنیل کمار، پروفیسر طاہر محمود، ڈاکٹر محمد ریاض، مونیکا اورجمیل احمد بھی موجود تھے۔ پروگرام میں کالج کے طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

 

 

مہاتا بدھ کے یوم پیدائش کی مناسبت سے پروگرام منعقد 

حسین محتشم

پونچھ//بھگوان بدھ کی یوم پیدائش کے سلسلہ میں جشن کاسلسلوں کا آغاز ہو چکا ہے۔اس سلسلہ میں گورنمنٹ ہائی اسکول سنئی زون سرنکوٹ ضلع پونچھ میں ایک تقریب منعقد کی گئی جہاں طلبہ و طالبات کے علاوہ اداساتذہ نے ان کی زندگی اور تعلیمات پرروشنی ڈالی۔ اس دوران خصوصی خطاب ماسٹر امتیاز مغل نے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ

گوتم بدھ کی زندگی امن، ہم آہنگی اور بقائے باہم سے عبارت تھی لیکن آج بھی ایسی قوتیں موجود ہیں، جن کا وجود نفرت، دہشت گردی اور اندھادھند تشدد پر قائم ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایسی طاقتیں روادار جمہوری اصولوں میں یقین نہیں رکھتیں اوراس لئے انھوں نے انسانیت میں یقین رکھنے والے سبھی لوگوں سے دہشت گردی اور بنیاد پرستی کو شکست دینے کے لئے ایک ساتھ آنے کی اپیل کی۔ انھوں نے کہا کہ مہاتما بدھ کی تعلیمات اور سماجی انصاف کو ان کے ذریعے دی گئی اہمیت دنیا کو متحد کرنے والی ایک قوت بن سکتی ہے۔

 

 

جنگلات میں آگ کی وارداتیں 

معاملہ میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ

رمیش کیسر 

نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے جنگلات میں آگ کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کیخلاف معاملہ درج کر کے ان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔محکمہ جنگلات کے مطابق جنگلات میں آگ لگنے کی کوشش کرنے والے ایک ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس سلسلہ میں مزید کارروائی کیلئے پولیس سے بھی رجوع کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتا یا کہ محمد شکیل ولد محمد زمان نامی ایک شخص کو جنگل میں آگ کے سلسلہ میں رنگے ہاتھو ں گرفتار کرلیا گیا ۔رینج فارسٹ آفیسر نوشہرہ نے بتایا کہ جنگلات میں آگ لگانے والوں کیساتھ ساتھ مذکورہ نوعیت کی وارداتوں کیساتھ سختی کیساتھ نمٹا جائے گا ۔انہوں نے بتایا کہ اس طرح کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا جائے گا ۔غور طلب ہے کہ جنگلات میں آگ لگانے والوں کو دو برس کی قید اور جرمانہ بھی کیا جاسکتا ہے ۔محکمہ جنگلات نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ جنگلات کے تحفظ کیلئے محکمہ کیساتھ تعاون کریں جبکہ غیر قانونی کاموں میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

 

 

لمبیڑی میں 1شخص کی لاش برآمد 

راجوری//نوشہرہ سب ڈویژن کے لمبیڑی گاؤں میں اینٹوں کے بھٹے پر کام کرنے والا چھتیس گڑھ کا ایک شخص پراسرار حالات میں مردہ پایا گیا اور اس کی لاش بھٹے سے لٹکی ہوئی ملی۔مرنے والے کی شناخت شانی کمار چوہان سکنہ چھتیس گڑھ کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس کے مطابق بدھ کی صبح متوفی کی لاش بھٹے سے لٹکی ہوئی ملی جس کے بعد اس کی لاش کو قانونی کارروائی کے لئے سیول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

 

مینڈھر کے دیہات میں فوج کی تلاشی مہم 

مینڈھر//سیکورٹی فورسز نے بدھ کو مینڈھر کے دیہات میں تلاشی مہم شروع کی اور آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں سرچ آپریشن جاری تھا۔حکام نے بتایا کہ فوج اور پولیس نے مینڈھر سب ڈویژن کے منکوٹ علاقہ میں لائن آف کنٹرول کے قریب کسبلاڑی اور دیگر دیہاتوں میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔ان کا کہنا تھا کہ فوج اور پولیس کی ٹیموں نے بدھ کو صبح کے اوقات میں سرچ آپریشن شروع کیا اور پورے علاقے کی مکمل تلاشی لی گئی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز نے مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد مذکورہ مہم شروع کی تھی جو کہ آخری اطلاع موصول ہونے تک مسلسل جاری تھی ۔

 

 

فوجی سکولوں میں داخلے پر سیمینار کا انعقاد 

مینڈھر//مینڈھر اور آس پاس کے علاقوں کے بچوں کیلئے ایس آف سپیڈز گنرز کے زیراہتمام فوج کی مینڈھر گنرز بٹالین کی جانب سے ایک تحریکی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار کا مقصد ان کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کرنا تھا کہ وہ سینک اسکولوں، فوجی اسکولوںآر ایم آئی سی اوراین ڈی اے میں شامل ہوں۔ گورنمنٹ ڈگری کالج مینڈھر میں منعقدہ سیمینار میں پانچویں سے دسویں جماعت کے طلباء اور سابق فوجیوں نے اپنے بچوں کے ساتھ سیمینار میں شرکت کی۔اس کا مقصد نوجوانوں کو مذکورہ اسکولوں اور ملٹری اکیڈمیوں میں داخلے کیلئے ضروری طریقہ کار اور تیاریوں سے آگاہ کرنا تھا۔وننگ ایج ڈیفنس اکیڈمی دہرادون کے چیف کنسلٹنٹ ریٹائرڈ کرنل امردیپ سنگھ (سینا میڈل) کا ایک خصوصی گیسٹ ویڈیو لیکچر بھی پیش کیاگیا تاکہ پیشہ ورانہ رہنمائی فراہم کی جا سکے ۔اس دوران ان داخلہ امتحانات کی تیاری اوردیگر ضروری لورزامات کے سلسلہ میں بھی مکمل جانکاری فراہم کی گئی ۔

 

سندر بنی میں فوج کا طبی کیمپ 

راجوری //راجوری ضلع کے سندر بنی علاقہ میں فوج کی جانب سے ایک طبی کیمپ لگایا گیا جس کے دوران فوج کے ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کا معائینہ کرنے کیساتھ ساتھ ان کو ادویات بھی فراہم کیں ۔فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ دیہات میں عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے فوج کی جانب سے ایک طبی کیمپ لگایا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ کیمپ کے دوران عام لوگوں کو مختلف بیماریوں کے سلسلہ میں تفصیلی طورپر بیدار کیا گیا تاکہ وہ ان بیماریوں سے اپنے آپ کو دور رکھنے میں کامیاب ہو سکیں ۔انہوں نے بتایا کہ ماہر اور پیشہ وارانہ ڈاکٹروں نے اس دوران مریضوں کو طبی معائینہ کر کے ان کو مفت ادویات بھی فراہم کیں ۔غور طلب ہے کہ فوج کی جانب سے اس سے قبل بھی دیہات میں معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے مذکورہ نوعیت کے اقدامات اٹھائے جاتے رہے ہیں ۔لوگوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ سرگرمیوں کو آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا ۔