مزید خبریں

نیوز ڈیسک
 حقیقی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا:بھٹناگر | ڈی ڈی سی اراکین ، پی آر آئی نمائندوں اور عوامی وفود کی ملاقات  

سرینگر//ڈی ڈی سی ارکان ، پی آر آئی نمائندوں اور کئی عوامی وفود نے سول سیکریٹریٹ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر سے ملاقات کی اور انہیں اپنے اپنے علاقوں سے متعلق مختلف مسائل اور خدشات سے آگاہ کیا ۔ گاندر بل کے ڈی ڈی سی ممبران پر مشتمل ایک وفد نے مشیر سے بات چیت کی اور ان کے ساتھ عوامی اہمیت کے کئی مسائل اٹھائے ۔اسی طرح سب ڈویژن گول ، رام بن کے سرپنچوں ، پنچوں ، این جی اوز کے ایک وفد نے مشیر سے ملاقات کی اور اپنے علاقے کے کئی ترقیاتی مسائل مشیر کے ساتھ اٹھائے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پی ایم جی ایس وائی کے تحت جمن سے گاگرہ تک سڑک کو جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔اس کے علاوہ جامع مسجد گول کی طرف جانے والے لنک روڈ کو بھی مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے گول تتا پانی سڑک کیلئے دی گئی زمین کے معاوضے کی بھی مانگ کی ۔ وفد نے مزید مطالبہ کیا کہ سب ڈویژن کے مختلف تعلیمی اداروں میں تمام خالی اسامیوں کو جلد سے جلد پُر کیا جائے ۔اسی طرح محلہ انتظامیہ کمیٹی ناری بل صورہ کے ایک وفد نے بھی مشیر سے ملاقات کی اور انہیں اپنے اپنے علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے ناری بل سے میٹر نٹی ہسپتال صورہ کی طرف لنک روڈ کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا ۔ ان وفود کے علاوہ بارہمولہ ، سوپور ، سرینگر ، کوکر ناگ اور دیگر علاقوں کے کئی افراد اور عوامی نمائندوں نے بھی مشیر سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ عوامی اہمیت کے کئی مسائل اٹھائے ۔ مشیر نے ڈی ڈی سی اراکین ، پی آر آئی نمائندوں اور دیگر عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ ان کے تمام حقیقی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔ 

 

 

 

 

 

 

 

سید پورہ اچھن اور مضافاتی علاقوں میں بدبووبال جان |  کوڑا کرکٹ سائنسی بنیادوں پر ضائع کرنے میںمیونسپلٹی ناکام

سرینگر/ /سید ہ پورہ اچھن عید گاہ سرینگر میں کوڑا کرکٹ کو سائنسی بنیادو ںمیں ناکام نظر آرہی ہے اورکوڑا کرکٹ پر گزشتہ تین ماہ سے ادویات نہ چھڑکنے کی وجہ سے بدبو آس پاس کے مکینوں کیلئے وبال جان بن گئی ہے۔سید پورہ اچھن عید گاہ میں قائم ڈمپنگ سائٹ قائم کرکے سرکار نے یہ یقین دلایا تھا کہ گندگی کو سائنسی طریقے سے ضائع کیا جائے گا تاہم میونسپل کارپوریشن ایسا کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔ ڈمپنگ سائٹ600کنال اراضی پر پھیلی ہے اور روزانہ ایک سو سے زائد گاڑیوں میں شہر کا کوڑا کرکٹ وہاں ڈالا جاتا ہے جبکہ سرینگرمیونسپل کارپوریشن نے وہاں کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کیلئے جو مشین نصب کی ہے وہ محض دن میں 10گاڑیوں کے کوڑا کرکٹ کو ہی ٹھکانے لگاسکتی ہے جبکہ دیگر 90سے زائد گاڑیوں کا کوڑا وہاں جمع ہوتا ہے ۔ اس کے علاوہ کوڑ ا سے اُٹھنے والی بدبو پر قابو پانے میں کوڑا کے ڈھیروں پر ادویات چھڑکنے سے بدبو ختم ہوجاتی ہے ۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ میونسپلٹی نے گذشتہ 3ماہ سے کوڑے پر کوئی دوائی نہیں چھڑکی ہے جس کے نتیجے میں وہاں بدبو پھیل جاتی ہے اور آس پاس کے علاقوںمیں رہنے والے لوگوں کے لئے باعث عذاب ہے ۔مقامی لوگوں کا کہناہے کہ سرکار سے ہمارا مطالبہ تھا کہ اس ڈمپنگ سائٹ کو کسی دوسری جگہ منتقل کیا جائے تاہم ہماری ایک بھی نہ سنی گئی اب ہم سرکار سے ااپیل کرتے ہیں کہ اس گندگی و غلاظت سے اُٹھنے والی بدبو پر قابو پانے کیلئے ادویات کا چھڑکائو روزانہ کرایا جائے تاکہ لوگوں کو درپیش مشکلات سے نجات مل سکے ۔ انہوںنے کہا کہ بدبو سے لوگ کئی طرح کی بیماریوں میں مبتلاء ہوچکے ہیں جبکہ ہمارے یہاں اب کوئی بھی مہمان ایک گھنٹے سے زیادہ نہیں ٹھہر سکتا کیونکہ بدبو کی وجہ سے ان کی طبیعت خراب ہوجاتی ہے اور وہ چلے جاتے ہیں ۔ اس طرح سے آس پاس کے علاقوں کا سماجی رشتہ بھی اب ختم ہوگیا ہے ۔سی این آئی

 

 

 

آندھی ، طوفان اور ژالہ باری سے نقصان:ساگر | حکومت تخمینہ لگاکر متاثرین کی امداد کرے

سرینگر// نیشنل کانفرنس نے وادی کے کئی علاقوں میں قہرانگیز آندھی،تیز بارشوں اور بادل پھٹنے کے نتیجے میں ہوئے جانی اور مالی نقصان پر دکھ کا اظہار کرتے حکومت سے اپیل کی کہ وہ متاثرین کی فوری بازآبادکاری اور امدادکاری کیلئے اقدامات کرے۔ پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے کہا کہ سوموار کو موسم کی قہرسامانیوں میں لقمہ اجل بنے افراد کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور حکومت پر زور دیا کہ لقمہ اجل بنے افراد کے لواحقین کے حق میں بھر پور ایکس گریشیا ریلیف فراہم کی جائے۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر ٹیمیں تشکیل دیکر نقصانات کا تخمینہ لگاکر متاثرین کی امداد کی جائے اور ساتھ ہی جن لوگوں کے مکانات، میوہ باغات اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے اُن کی مالی معاونت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کئی مکامات پر موسم کی قہرسامانیوں سے زبردست نقصان پہنچا ہے، کئی لوگوں کے مکانات ناقابل رہائش ہوگئے ہیں۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ جن لوگوں کے مکان قابل رہائش نہیں رہے ہیں اُن کے قیام و طعام کا بندوبست فوری طور کرایا جائے تاکہ ان متاثرین کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ادھر پارٹی کے وسطی زون صدر علی محمد ڈار، جنوبی زون صدر ڈاکٹر بشیر احمد ویری اور شمالی زون صدر جاوید احمد ڈار نے بھی تیز ہوائوں اور ژالہ باری سے ہوئے نقصان پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسم کی قہرسامیوں نے مکانوں اور دیگر املاک کو نقصان پہنچے کے ساتھ ساتھ کھڑی فصلوں اور میوہ باغات کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے اور ایسے میں حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ متاثرین تک پہنچ کر اُن کی امداد کاری کی جائے۔ 

 

 

 ایڈیشنل ڈائریکٹر سکمزکی نگوا سے بات چیت | تمام معاملات پر ہمدردانہ غوکرنے کا یقین دلایا

 سرینگر// نان گزٹیڈ ایمپلائز ایسو سی ایشن (نگوا) سکمز صورہ کاایک وفد منگل کے روزاشتیاق بیگ کی صدارت میں ایڈیشنل ڈائریکٹر سکمز صورہ گلزار شبنم کے ساتھ ملاقی ہوا ۔وفد نے ایڈیشنل ڈائریکٹر کی نوٹس میں ملازمین کو درپیش مختلف نوعیت کے مسائل کو لائے۔میٹنگ میں دیگر مسائل کے علاوہ ہسپتال میں افرادی قت کی کمی کو دور کرنے پر بھی بات ہوئی ۔وفد نے نے ایڈیشنل ڈائر یکٹر کو بتایاکہ ہسپتال میں ہر ماہ میں ملازمین کی ایک بڑی تعداد نوکری سے سبکدوش ہو رہی ہے لیکن ان کی جگہ کسی کو تعینات نہیں کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے کام کاج پر برا اثر پڑ رہا ہے جبکہ یہاں تعینات ملازمین پر بھی کام کا کافی زیادہ بوجھ اس وجہ سے بڑ گیا ہے جس کے باعث مریضوں کو بھی علاقے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ان مسائل کے ساتھ ساتھ کیجول لیبروں کی مستقلی جو کئی سال سے یہاں تن دہی سے کام کر کے دن رات اپنے فرائض انجام دے رہیں ہیں ،اس کے باجوود بھی انکو مستقل نہیں کیا گیا ہے۔وفد نے ایس ایف سی ٹینڈرینگ ریوو میٹنگ کو فوری طور منعقد کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔ ایڈیشنل ڈائر یکٹر کی تعیناتی کو ایک خوش آئند ہ اقدام قرار دیا گیا اوران کی تعیناتی پر خوشی کا اظہار کیا گیا ۔ اشتیاق بیگ نے اس سلسلے میںبتایا کہ میٹنگ انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر نے انہیں تمام مسائل اور معاملات پر ہمدردانہ غور کرنے کا یقین دلایا۔ کے این ایس

 

 

 

 حضرت سید حسن منطقی  ؒکا عرس ، ڈاکٹر فاروق کی مبارکباد

سرینگر // نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حضرت سید حسن منطقیؒؒ کے سالانہ عرس پر عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان بزرگان دین اور اللہ کے اولیاء کرام کے پاک مشن اور اسلامی خدمات کی بدولت کشمیر کا چپہ چپہ اسلام سے شاداب ہوا ۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ اس ولی کامل کے طفیل سے کشمیر کے لوگوں کو موجودہ مشکل ترین حالات سے نجات دے۔

 

 

ڈاکٹر فاروق کا شیخ منصورکو برسی پر خراج عقیدت 

سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی کے سینئرلیڈرشیخ منصور (شوپیان) کی برسی پرانہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم عوام میں بے حد مقبول تھے ۔انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ غریب عوام کے دُکھ درد میں شریک رہتے تھے اور اپنی آخری سانسوں تک لوگوں کی خدمات انجام دیتے رہے۔ نائب صدر عمر عبداللہ اور پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے مرحوم کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہاکہ ریاستی عوام اپنے محسن رہنماؤں کی اِن خدمات کو ہمیشہ یاد کرتے رہیں گے، جو اُنہوں نے شخصی راج مٹانے اور عوام کو ظلم وستم سے نجات دلانے کیلئے انجام دی ہیں۔ پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی،سینئر لیڈران عبدالرحیم راتھر، محمد شفیع اوڑی ،چودھری محمد رمضان، پیرزادہ احمد شاہ ،سکینہ ایتو ، ڈاکٹر بشیر احمد ویری، عمران نبی ڈار، ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی،غلام محی الدین میر ،ڈاکٹر غلان نبی اور نثار احمد نثار نے بھی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔

 

 

انجمن شرعی شعیان کی امام باڑہ بڈگام میں مجلس

سرینگر// انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے مرکزی امام باڑہ بڈگام میں آٹھ شوال المکرم سانحہ انہدام جنت البقیع کی مناسبت ایک مجلس منعقد ہوئی ۔اس موقع پر انجمن کے صدرآغا سید حسن نے کہا کہ جنت البقیع دنیائے اسلام کا سب سے مقدس اور معروف قبرستان ہے جہاں اہلبیت کے ساتھ ساتھ گیارہ ہزار اصحاب و تابعین مدفون ہیں ۔انہوںنے کہا کہ امت مسلمہ مزار بقیع میں منہدم کردہ مقدسات کی تعمیر نو اور شان رفتہ کی بحالی کے لئے فکر مند ہیں اور اس کڑی کا بے صبری کے ساتھ انتظار کر رہے ہیں جب جنت البقیع کی تعمیر نو کی اجازت دی جائے گی ۔

 

 

 

معروف بلڈر ارشد بٹ کی والدہ فوت

بلال فرقانی

سرینگر//معروف بلڈر ارشد احمد بٹ کی والدہ انتقال کرگئیں۔اُن کی نماز جنازہ میں سماج کے مختلف شعبوں سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔کشمیر اکنامک الائنس کا ایک وفد شریک چیئرمین فاروق احمد ڈار کی سربراہی میں نماز جنازہ میں شریک ہوا۔وفد میں الائنس کے سنیئر لیڈر حاجی نثار بھی موجود تھے۔ الائنس کے چیئرمین محمد یوسف چاپری، ترجمان اعلیٰ محمد صدیق رونگہ، ہول سیل مٹن ڈیلرس ایسو سی ایشن کے معراج الدین گنائی، کشمیر شکارا ایسو سی ایشن کے صدر حاجی ولی محمد نے بھی مرحومہ کو خراج عقیدت ادا کیا۔سنٹرل کنٹریکٹرس کارڈی نیشن کمیٹی کے ایک وفد نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ وفد میں اشفاق احمد خان، عمر جاویدطارق مشتاق،مشتاق احمد خان، شبیر احمد کلوال، محمد اقبال، منظور الحسن ،عرفان رسول،شوکت احمد جوگی نذیر احمد بٹ،محمد اشرف اور دیگر لوگ بھی موجود تھے۔ کارڈی نیشن کمیٹی کے نائب صدر حاجی مشتاق احمد پرے، چیف ویپ حاجی نذیر زرگر، محمد اقبال گنائی ،جاوید احمد زرگر بھی موجود تھے۔ کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر اعجاز احمد شہدار اور اری گیشن کنٹریکٹرس یونین کے سربراہ اعجاز احمد شاہ ،ہاوس بوٹ اونرس ایسو سی ایشن کے ترجمان محمد یعقوب دون ، کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن  کے صدر محمد رجب کوچھے،سنیئر نائب فیاض احمد بٹ نے بھی ارشد احمد بٹ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔

 

 

 

 ایس پی اوز کے بچوں کیلئے وظائف

ڈی جی پی نے اسکالرشپ کی منظوری دی 

سرینگر// ایس پی اوز کے بچوں کو تعلیمی سیشن 2021-22 کے دوران 10ویں اور 12ویں جماعت کے سالانہ امتحان میں ان کی شاندار کارکردگی کے لیے وظائف میں توسیع کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے 62 بچوںکے حق میں 3.32 لاکھ روپے سے زیادہ کی اسکالرشپ کو منظوری دی ۔ 90 فیصداور اس سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے پانچ بچوں کے حق میں 7200 روپے کی  اسکالرشپ کی منظوری دی گئی ہے اور 80-90 فیصدحاصل کرنے والے 15 بچوں کے حق میں 6000 روپئے کی منظوری دی گئی ہے۔ تعلیمی سیشن 2021-22 کے دوران 12ویں جماعت کے سالانہ امتحان میں اسی طرح 90 فیصدسے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے 15 بچوں کے حق میں 6000 روپے اور 26 بچوں کے حق میں 4000 روپے کی منظوری دی گئی ہے جنہوں نے سیشن کے دوران دسویں جماعت کے سالانہ امتحان میں 80-90 فیصدنمبر حاصل کیے ہیں۔ 22-2021۔ڈی جی پی نے ایس پی او کرنیل سنگھ کلا کی بیٹی اشویندر کور کلا کے حق میں 12000 روپے بھی منظور کیے ہیں جنہوں نے ایم ایس سی کے سالانہ امتحان میں 83.3 فیصد نمبر حاصل کیے ہیں۔اسکالرشپ کی یہ رقم سنٹرل پولیس ویلفیئر فنڈ سے منظور کی گئی ہے۔رواں سال کے دوران تقریباً 33.50 لاکھ روپے خدمات انجام دینے والے/مرنے والے/شہید پولیس اہلکاروں/ایس پی اوز کے بچوں کے لیے قابلیت کے طور پر اسکالرشپ کے طور پر منظور کیے گئے تھے ۔

 

 

 

کولگام میں نوجوان مردہ پایا گیا

کولگام// جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے یاری پورہ علاقے میں منگل کو ایک نوجوان باغ کے اندر مردہ پایا گیا۔ ایک نوجوان جس کی شناخت شاہد احمد موچی ولد محمد اشرف موچی کے نام سے ہوئی ہے، جو کہ کھی کا رہنے والا ہے، منگل کی صبح زیبان، یاری پورہ میں ایک باغ کے اندر کچھ مقامی لوگوں کو مردہ پایا گیا۔پولیس کی ایک ٹیم نے جائے وقوع پر پہنچ کر لاش کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ اہلکار نے کہا، “اس کی موت کی وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم کرایا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہے۔

 

 

 

نوکرانی ایجنسی ’’کرشمہ میڈ بیورو‘‘ کے ذریعے فراڈ

پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کر کے 74000 روپئے برآمدکئے

سرینگر// پولیس نے دھوکہ دہی کے الزام میں ملوث ایک نوکرانی اورایجنسی ’’کرشمہ میڈ بیورو‘‘ کے ایجنٹ کو گرفتار کیا ہے اور ان کے قبضے سے 74000 کی رقم برآمد کی ہے۔پولیس تھانہ لالبازار کو ایک تحریری شکایت موصول ہوئی جس میں شکایت کنندہ مزمل حیات ولد فیض الرحمان ساکن قدیم مسجد لین، لالبازار نے بتایا کہ انہوں نے آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے ایک نوکرانی ایجنسی ’’کرشمہ میڈ بیورو‘‘ کے ذریعے ملازمہ کی خدمات حاصل کی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 9 مئی 2022 کو تقریباً 03:30 بجے، نوکرانی ایجنسی نے ارچنا چوہان نامی ملازمہ کو رجنی جھا نامی ایجنٹ کے ساتھ ان کے گھر بھیجا۔ شکایت میں مزید لکھا گیا ہے کہ ایک سال کے لیے ایڈوانس کی رقم ایجنٹ کو 74 ہزار دیے گئے۔ تاہم نوکرانی اور ایجنٹ دونوں رات گئے ہمارے گھر سے 74 ہزار روپے کی پیشگی ادائیگی کے ساتھ فرار ہوگئے۔اس کے مطابق، قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر 26/2022 کے تحت پولیس اسٹیشن لالبازار میں ایک مقدمہ درج کیا گیا اور تحقیقات کو حرکت میں لایا گیا۔تیز رفتاری سے کام کرتے ہوئے ایس ڈی پی او حضرتبل اور ایس ایچ او پی ایس لالبازار کی نگرانی میں مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئیں تاکہ ان دونوں کو پکڑا جا سکے۔ تکنیکی اور انسانی ذرائع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے، ملازمہ اور ایجنٹ دونوں کو قاضی گنڈ علاقے سے چند گھنٹوں کے اندر ہی گرفتار کر لیا گیا۔ 74,000 کیس کی تفتیش جاری ہے۔عام لوگوں سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ آن لائن یا آف لائن چلنے والی مختلف نوکرانی کمپنیوں کی صداقت کا پتہ لگانے کے لیے پولیس سے رابطہ کریں اور نوکرانیوں کی پولیس تصدیق کرنے سے پہلے ان کی خدمات حاصل کی جائیں۔

 

 

 ڈی ڈی سی چیئرمیں بڈگام کی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات

سرینگر// ضلع ترقیاتی کونسل بڈگام کے چیئرپرسن نذیر احمد خان نے راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی۔ڈی ڈی سی چیئرپرسن نے ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کرنے، پروجیکٹ کی تکمیل میں نئے ریکارڈ قائم کرنے اور لوگوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے لیفٹیننٹ گورنر کا شکریہ ادا کیا۔میٹنگ کے دوران ڈی ڈی سی کی چیئرپرسن نے لیفٹیننٹ گورنر کو اپنے حلقہ میں ترقیاتی منظر نامے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مطالبات کی ایک یادداشت بھی پیش کی جس میں مختلف سڑکوں کی تعمیر، نالہ سکھ ناگ پر پل، ایس ڈی ایچ بیروہ میں طبی سہولتوں میں اضافہ، بڈگام کے مختلف دیہاتوں میں مناسب قیمت کی نئی دکانیں اور آنگن واڑی سنٹروں کی تعمیر کے علاوہ دیگر مسائل کو اجاگر کیا گیا۔

 

 

پی ڈی پی نے عہدیداروں کو نامزد کیا

سرینگر// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے ضلع اننت ناگ کے تین زونوں کے لیے زون صدور نامزد کئے۔رئیس احمد خان کو اننت ناگ ایسٹ کے لیے جبکہ محمد عرفان نجار اور شبیر احمد کو بالترتیب اننت ناگ ویسٹ اور ڈورو زون کے لیے زون صدر نامزد کیا گیا ہے۔اس بات کا انکشاف پارٹی کے ترجمان نے یہاں جاری ایک بیان میں کیاگیا۔

 

 

CUKاور NIELIT کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

گاندربل// سنٹرل یونیورسٹی نے منگل کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹرانکس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی (NIELIT) کے ساتھ ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے، تاکہ ہنر مندی کو شروع کرنے کے لیے اختراعات اور انٹرپرینیورشپ پر مبنی مواقع اور وسائل میں شراکت داری کی جاسکے۔ اسکل انڈیا، ڈیجیٹل انڈیا اور میک ان انڈیا کے حکومت ہند کے وڑن کے مطابق کورسز۔ایم او یو پر رجسٹرار، پروفیسر ایم افضل زرگر اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر، NIELIT دیپک وسان نے، کنٹرولر آف امتحانات، پروفیسر فاروق احمد میر، ڈین اسکول آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، ڈاکٹر ایم احسن چشتی کی موجودگی میں دستخط کیے۔ ، ڈین سکول آف ایجوکیشن، پروفیسر سید ظہور گیلانی اور CUK اور NIELIT کے دیگر کارکنان۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ایم افضل زرگر نے کہا کہ اس تعاون کا مقصد عالمی تجربے کا موقع فراہم کرنا اور باہمی تعاون، بہترین کوشش، باہمی فائدے اور متواتر تعاملات کی بنیاد پر علم کی ترقی کو آسان بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ایم او یو کا مقصد مقامی ٹیلنٹ کو جدید ٹیکنالوجیز میں مقامی ضروریات کے مطابق تعلیم دینے کے لیے بہترین تعلیمی اور صنعتی مواد تیار کرنا ہو گا جس میں روزگار میں اضافہ پر زور دیا جائے گا‘‘۔ پروفیسر زرگر نے مزید کہا کہ مخصوص علاقوں میں مشترکہ سرٹیفیکیشن ٹریننگ پروگرام منعقد کیے جائیں گے اور دونوں ادارے باہمی تحقیقی کام کے لیے سماجی مسائل کی نشاندہی کریں گے تاکہ حل تلاش کیا جا سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ مفاہمت نامے سے کمپیوٹر سائنس کے طلباء  اور اسکالرز کو مختلف مواقع میسر آئیں گے۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، NIELIT  کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر دیپک وسان نے کہا، حکومت کے زیر انتظام اداروں کو چاہیے کہ وہ آپس میں تعاون کریں اور اپنی ایسوسی ایشن کو وسعت دیں تاکہ اہم ادارے مختلف پروگراموں میں داخلہ لینے والے طلباء کی ہنر مندی اور اعلیٰ ہنر مندی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایم او یو باہمی تعاون، بہترین کوشش، باہمی فائدے اور متواتر بات چیت کی بنیاد پر علم کی ترقی کو آسان بنانے کے لیے ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ایم احسن چشتی نے کہا کہ ادارہ باہمی تعاون کے شعبوں میں شامل ہونے کے امکانات کو تلاش کرے گا جیسے دانشوروں کے تبادلے اور وسائل، جدت طرازی میں شراکت داری اور انٹرپرینیورشپ پر مبنی مواقع اور وسائل، نیٹ ورک اور انفراسٹرکچر کا اشتراک۔ وسائل، باہمی مشاورت اور تحقیقی منصوبوں کی شراکت۔ انہوں نے مزید کہا کہ “دونوں ادارے مشترکہ طور پر اکیڈمک، نیٹ ورک اور ریسرچ کوآپریشن قائم کرنے کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے اور ایم او یو میں بیان کردہ سرگرمیوں میں تعاون کریں گے۔”پروگرام کی نظامت کے فرائض اسسٹنٹ پروفیسر یر آفاق عالم نے سرانجام دئے۔

 

 

 

 چاڈورہ میںپولیس نے تھانہ دیوس کا انعقاد کیا 

سرینگر// جموں و کشمیر حکومت کے عوامی رابطہ پروگرام کے ایک حصے کے طور پر بڈگام میں پولیس نے تھانہ چاڈورہ میں “تھانہ دیوس” منایا۔تقریب کی صدارت ایس ڈی پی او چرار شریف سلیم جہانگیر کے ساتھ ڈی وائی ایس پی پی سی چاڈورہ محمد انظر شاہ اور ایس ایچ او پی ایس چاڈورہ نے کی۔ میٹنگ میں چاڈورہ علاقہ کے معزز شہریوں بشمول چاڈورہ تھانہ میں آنے والے مختلف گاؤں کے سرپنچوں، پنچوں، نمبرداروں اور چوکیداروں نے شرکت کی۔”تھانہ دیوس” کے انعقاد کا بنیادی مقصد نوجوانوں میں منشیات کے خاتمے کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا اور معاشرے میں پھیلی سماجی برائیوں بالخصوص منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لیے عام لوگوں سے تعاون حاصل کرنا تھا۔ چیئرنگ افسران نے پنچایتی راج اداروں کے کردار پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ سماجی ترقی اور اصلاح میں پی آر آئی کا زیادہ کردار ہے۔بات چیت کے دوران، چیئرنگ آفیسر نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ L&O کو برقرار رکھنے، علاقے میں منشیات کی لعنت کو روکنے اور ملک دشمن / سماج دشمن عناصر کی نشاندہی کرنے میں پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں جو ہمیشہ پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ شرکاء نے اس طرح کے اجلاسوں کے انعقاد اور پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کا پْل بنانے پر پولیس کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی ایسے پروگرام باقاعدگی سے منعقد کرنے کی درخواست کی۔

 

 

 

جمکیش میں نئی گاڑی ’ارٹیگا‘ کی نقاب کشائی

سرینگر// معروف ماروتی سوزوکی ڈیلرشپ جیمکش وہیکلیڈز کشمیر نے منگل کواپنے مقبول ماڈل ایرٹیگا کے پیٹرول قسم کی نقاب کشائی کی۔اس موقع پر آر ٹی او کشمیر ساجد یحیی نقاش مہمان خصوصی نے جمکش وہیکلیڈز (کشمیر)پرائیویٹ لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر عرفان احمد نروری اور عملے کے علاوہ آٹو شائقین کے ایک بڑے اجتماع کی موجودگی میں گاڑی کی نقاب کشائی کی۔ نئے دور کی ارٹیگا کا تعارف کراتے ہوئے، منیجنگ ڈائریکٹر جمکش وہیکلیڈس کشمیر پرائیویٹ لمیٹڈ نے عرفان احمد نروری نے کہا، کہ1.5ایل نئے دور کی ،کے سریز پیٹرول انجمن سے لیس ہے ۔ یہ گاڑی پیٹرول اور سی این جی دونوں آپشن میں دستیاب ہے جبکہ نئے دور کی ارٹیگا کا ناقابل یقین مسافت پیش کرتا ہے۔ یہ گاڑی 20.51 کلومیٹر فی لیٹر (پیٹرول)اور 26.11کلومیٹر فی کلوگرام (سی این جی) کی مسافت طے کرتی ہے۔

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

بانڈی پورہ میں تیزآندھی 

سفیدہ کے درخت گرآنے سے مکانوں کو نقصان

عازم جان

بانڈی پورہ//بانڈی پورہ میں پیر کی شام کو زبردست آندھی طوفان کی وجہ سے کئی مکانات پر سفیدوں کے درخت گرجانے سے انہیں زبردست نقصان پہنچاتاہم ان میں رہائش پزیدافرادبال بال بچ گئے۔قاضی پورہ وٹہ پورہ میں گزشتہ روز تیز آندھی کے نتیجے میں کئی مکانوں پر سفیدہ کے درخت اکھڑجانے سے گرگئے جن سے ان مکانوں کو زبردست نقصان پہنچا تاہم مکانات میں رہائش پذیر کنبے بال بال بچ گئے ہیں اور خوفزدہ ہو کر مکانوں سے باہر رہ رہے ہیں۔ سراپا احتجاج غلام محی الدین حاجی ولد ثناء اللہ حاجی نے بتایا کہ زوردار آندھی کی وجہ سے ہمارے پڑوس میں سفیدہ کے درخت اکھڑ کر مکان پر آگرے تاہم وہ معجزاتی طور پر بچ نکلے ۔انہوں نے کہا کہ ان کے مکان کونقصان پہنچا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ خوفزدہ ہو کر مکان سے باہر ننگے آسمان تلے رہ رہے ہیں،کیوںکہ ابھی مکان کے متصل بہت سے سفیدہ کے درخت ایستادہ ہیں، جن سے خطرہ لاحق ہے بانڈی پورہ کے دیگر علاقوں کے لوگوں نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ سفیدہ کے درختوں کو کاٹنے کے لئے فوری کارروائی  کی جائے تاکہ مکانات تیز آندھی کے دوران محفوظ رہ سکیں۔ تحصیلدار بانڈی پورہ طارق احمد شیخ نے بتایا کہ محکمہ مال کی ٹیم نائب تحصیلدار کی سربراہی میں قاضی پورہ و دیگر بستیوں میں روانہ کردی  گئی ہے ،جو جائزہ لے رہی ہے۔ تحصیلدار نے کہا کہ قاضی پورہ ودیگر بستیوں میں سفیدہ درختوں کو کو کاٹنے کی کارروائی بہت جلد ہوگی۔

 

 

 

ژالہ باری سے ہوئے نقصان پرحکیم یاسین کو افسوس

کسانوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ 

سرینگر/ /پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کے سربراہ اور سابق وزیر حکیم محمد یاسین نے وادی کے مختلف علاقوں میں متواتر ژالہ باری اور طوفانی ہواؤں کی وجہ سے میوہ باغات ، دیگر زرعی پیداوار اور رہائشی مکانات کو ہوئے زبردست نقصان پر گہرے تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے حکومت سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ وہ متاثرہ کسانوں کے KCC قرضہ جات فوری طور معاف کرنے کا اعلان کرے اور متاثرین کو نقصان کے عوض معقول معاوضہ فراہم کرے۔ایک بیان میں حکیم یاسین نے متواتر  ژالہ باری اور طوفانی ہواؤں کی وجہ سے وادی کے میوہ باغات اور فصلوں کو ہوئے زبردست نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے متاثرین کو فوری طور ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ آفات سماوی کی وجہ سے کسانوں کو زبردست مالی خسارے سے دوچار ہونا پڑا ہے جس کی وجہ سے وہ بینک قرضے ادا کرنے کے قابل نہیں رہے ہیں۔اس لیے حکومت کو کسانوں کے تمام واجب الادا قرضے خاصکر KCC قرضے معاف کرنے کا اعلان کر نا چاہئے۔ 

 

 

ز

چلڈارہ ہندوارہ میں خاتون جنگل میں لاپتہ 

فوج،پولیس اورمقامی لوگوں نے پوراجنگل چھان مارا 

اشرف چراغ 

کپوارہ//راجواربالا کے جنگل میں ایک خاتون لاپتہ ہوگئی ہے۔ وڈر بالا جو زچلڈار سے 5کلو میٹر دور ہے ،کی ایک 42سالہ شادی شدہ خاتون فضی بیگم زوجہ عبد المجید میر دو روز قبل اپنے ساتھی خواتین کے ساتھ بالن جمع کرنے کے لئے مقامی جنگل گئی لیکن واپس نہیں آئی ۔لاپتہ خاتون کی ساتھی خواتین کا کہنا ہے کہ جنگل سے جب وہ بالن لیکر گھر کی طرف نکل پڑیں ،تو فضی ان کے پیچھے رہ گئی لیکن گھروالوں کے مطابق جب وہ شام تک واپس نہیں آئی تو انہو ں نے اس کی تلاش شروع کی لیکن اس کا دو روز سے کوئی اتہ پتہ نہیں ہے ۔مقامی لوگو ں کے ساتھ ساتھ فوج اور پولیس بھی لاپتہ خاتون کو ڈھونڈ نکالنے کے لئے گزشتہ دو روز سے سر گرم ہیں اور انہوں نے پورا جنگل  چھان مارا، جہا ں سے وہ لاپتہ ہو گئی ۔فوج نے لاپتہ خاتون کو ڈھونڈ نکالنے کے لئے سونگھنے والے کتو ں کی بھی خدمات حاصل کی لیکن آخری اطلاعات ملنے تک فوج اور پولیس کولاپتہ خاتون کا کوئی سراغ نہیں ملا ۔