جی ایم سی کے 2ڈاکٹروں کیخلاف الزامات کا معاملہ
محکمہ صحت کی جانچ شروع ،انکوائری کیلئے ٹیم راجوری پہنچ گئی
سمت بھارگو
راجوری//محکمہ صحت اور طبی تعلیم نے گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری کے دو ڈاکٹروں کے خلاف سنگین الزامات کی تحقیقات کا حکم دیا ہے جس میں ایک سی آر پی ایف اہلکارنے طبی معذوری کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کیلئے رقم لینے کا الزام لگایا تھا۔تفصیلات کے مطابق انچارج پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری نے معاملے کی انکوائری کا حکم دیا ہے اور الزامات کی جانچ کیلئے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔انکوائری کمیٹی کے ممبران ڈاکٹر جمیل الحسین، ایچ او ڈی میڈیسن، ڈاکٹر شلیندر کے شرما، ایچ او ڈی آرتھوپیڈک، سنجے شرما، ایڈمنسٹریٹو آفیسر اور وپن کے شرما، پریزنٹنگ آفیسر جبکہ ڈاکٹر زبیر افضل، ایچ او ڈی جنرل سرجری انکوائری کمیٹی کے چیئرمین ہیں۔ .پرنسپل جی ایم سی نے انکوائری ٹیم کو 7دن میں انکوائری مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کو کہا ہے جبکہ پرنسپل کے دفتر میں اسسٹنٹ پروفیسر کے شعبہ سرجری کے ڈاکٹر کو منسلک کیا گیا ہے۔دوسری جانب اینٹی کرپشن بیورو کی ایک ٹیم بھی راجوری پہنچی اور معاملے کی چھان بین کر رہی ہے۔حکام نے بتایا کہ ڈاکٹروں کے خلاف الزامات سے متعلق معاملے کی تحقیقات کے سلسلے میں اے سی بی کی ایک انکوائری ٹیم راجوری میں ہے۔
کلال میں فوج کی عوامی میٹنگ منعقد
رمیش کیسر
نوشہرہ //فوج کی راشٹریہ رائفل بٹالین کی جانب سے نوشہرہ سب ڈویژن کے کلال علاقہ میں ایک عوامی میٹنگ منعقد کی گئی جس میں مقامی معززین کیساتھ ساتھ سرپنچوں و پنچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق مذکورہ اجلاس کو منعقد کرنے کا اصل مقصد مذہبی ہم آہنگی ،اقتصادی صورتحال اور نوجوانوں و خواتین کی با اختیار پر تفصیلی بات چیت کرنا تھا ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ نوعیت کی عوامی میٹنگوں کی مدد سے ہی عوام اور فوج کے مابین بہتر تعلقات قائم کرنا ہے ۔اجلاس کے دوران پنچایتی اراکین نے علاقہ کے تعمیر اتی عمل پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے عوامی مسائل بھی اجاگر کئے ۔مکینوں نے فوج کی جانب سے اٹھائے جارہے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے فوج کی جانب سے کئی قدم اٹھائے جارہے ہیں ۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ عمل کو آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا ۔
ڈرگ انسپکٹر کے اعزاز میں الوداعی تقریب
عشرت حسین بٹ
منڈی// تحصیل صدر مقام منڈی میں دوا ساز ایسوسی ایشن منڈی کی جانب سے ڈرگ انسپکٹر شکور احمد کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں ضلع پونچھ میں نو تعینات شدہ ڈرگ انسپکٹر ویکاس شرما بھی شریک ہوئے ۔اس موقہ پر ڈاگ بنگلہ منڈی میں ایک تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس سے خطاب کرتے ہوئے دوا ساز ایسو سی ایشن کے نایب صدر شکیل میر نے کہا کہ شکور احمد نے ضلع پونچھ میں بطور ڈرگ انسپکٹر بہترین کام انجام دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موصوف نے اپنی ڈیوٹی کے دوران ہمیشہ ڈرگ قوانین کی بالادستی کو ملحوظ خاطر رکھ کر کام انجام دیاتاکہ ضلع پونچھ کے غریب عوام کو ڈرگز کے حوالے سے کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ شکور احمد نے منڈی میں ہمیشہ دواساز لوگوں کو قانون کے دائرے میں رہ کر کام کرنے کے لئے کہا اور دوا ساز لوگوں نے بھی ڈرگز قوانین کے تحت کام کیا اور آنے والے وقت میں بھی کریں گے۔ اس موقہ پر نو تعینات شدہ ڈرگ انسپکٹر کا بھی دوا ساز ایسوسی ایشن نے خیر مقدم کیا۔ تقریب سے ڈرگ انسپکٹر شکور احمد نے خطاب کرتے ہوئے ضلع پونچھ کے تمام دوا سازوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ضلع پونچھ میں بحیثیت ڈرگ انسپکٹر دو مرتبہ تعیناتی ہوئی۔
منگل دیوی میں پانی کی سپلائی 10دنوں سے بند
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے منگل دیوی علاقہ میں پینے کے صاف پانی کی سپلائی گزشتہ 10دنوں سے بند پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ محکمہ جل شکتی کو سپلائی بند ہونے کے سلسلہ میں جانکاری فراہم کرنے کے باوجود بھی کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ عوام بالخصوص خواتین قدرتی چشموں سے پینے کا صاف پانی لانے پر مجبور ہیں ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ علاقہ میں شدید گرمی کے دوران بھی پینے کے صاف پانی جیسی سہولیات میسر نہیں کی جارہی ہیں ۔لوگوں نے بتایا کہ منگل دیوی گائوں میں ہونے والی شادیوں میں بھی پانی کی سپلائی کا کوئی ذریعہ نہیں ہے جبکہ محکمہ کے ملازمین و آفیسران عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں کوئی دلچسپی ہی ظاہر نہیں کررہے ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ عوام کو پینے کا صاف پانی سپلائی کیا جاسکے ۔
دیرہ گلی میں عسکریت پسندوں کی کمین گاہ تباہ
سمت بھارگو
راجوری//راجوری اور پونچھ اضلاع کی حدود میں واقع دہرہ کی گلی کے جنگلات میں شروع کی گئی تلاشی مہم کے دوران سیکورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کے ایک ٹھکانے کا پردہ فاش کیا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق پونچھ کے سرنکوٹ سب ڈویژن سے جموں و کشمیر پولیس اور فوج کی تھنہ منڈی میں واقع راشٹریہ رائفلز بٹالین نے دیرہ گلی کے قریب جنگلاتی علاقے میں تلاشی مہم شروع کی ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ مقام راجوری اور پونچھ اضلاع کی سرحدوں پر واقع ایک مشہور سیاحتی مقام ہے۔انہوں نے بتایا کہ جنگلاتی علاقے میں تلاشی مہم کے دوران عسکریت پسندوں کے ایک ٹھکانے کا پردہ فاش کیا گیا ہے اور کچھ گولہ بارود کے ساتھ ساتھ دیگر مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔برآمد ہونے والے ساز و سامان میں اے کے 47رائفل کی تقریباً ایک سو گولیاں، کچھ جوتے، موزے، کھانے کی اشیاء ، برتن، سیل اور ٹارچ شامل ہیں۔سیکورٹی ایجنسیوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں علاقہ میں مہم کو مسلسل جاری رکھا گیا ہے ۔
دریا میں بہہ جانے والے بچے کی لاش برآمد
حسین محتشم
پونچھ// عید الفطر کے روز پونچھ دریا میں ڈوبنے والے 12سالہ کمسن دامن شیخ ولد غلام رسول جو کی لعش پاک زیر انتظام کشمیر کے تیتری نوٹ علاقہ سے برآمد ہوئی ہے۔ سوشل میڈیا پر چڑھائی گئی ایک تصویر سے اس بات کا پتہ چلا ہے۔ جہاں بچے لعش کی تصویر بھی شائع کی گئی ہے اور لعش کے ملنے کا پیغام لواحقین تک پہنچانے کی اپیل کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ یہ لڑکا عید منانے اپنے نانا نانی کے گھر آیا تھا جو اپنے دوستوں کے ہمراہ دریا پر نہانے گیااور نہاتے ہوئے ڈوب گیاتھا۔ بچے کے لواحقین، پولیس ایس ڈی آرایف کی ٹیم لگاتار بچے کی تلاش کر کے اسے بازیاب کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
مڈل سکول کینتھ میں 4روزہ پروگرام اختتام پذیر
حسین محتشم
پونچھ//گورنمنٹ مڈل اسکول کینتھ ساوجیاں زون منڈی ضلع پونچھ میں’زمین کی حفاظت ‘کے موضوع پر چار روزہ مہم کی توثیق تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اے وائلڈ لائف کنزرویشن اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن کے تعاون سے منعقد پروگرام میں بچوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر وائس پرنسپل ماڈل ہائر سیکنڈری سکول ساوجیاں سرفراز احمد مہمان خصوصی تھے۔ پرمپریت سنگھ ٹیچر نے مہم کے اغراض و مقاصد کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چار دنوں کے دوران کینتھ گاؤں میں نعرے بازی کے مقابلے اور ایک ریلی مارچ کا انعقاد کیا گیا تاکہ لوگوں کو پائیدار ماحول میں اپنا حصہ ڈالنے کیلئے آگاہ کیا جا سکے۔ طلباء نے مقامی بولی میں لوگوں کے ساتھ بات چیت کے ذریعے ان کو بیدار کیا۔ مہمان خصوصی سرفراز احمد نے اس دور افتادہ علاقے میں آگاہی کے اس شاندار پروگرام پر عملہ کو مبارکباد پیش کی اور سٹاف کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ مستقبل میں بھی اس قسم کے پروگرام جاری رکھیں گے اس کی امید ظاہر کی ۔اس موقع پر منظور احمد، زرینہ پروین، محمد اکرم، عبدالاحد، مختار بانڈے اور عبدالمجید موحود تھے۔