نیوز ڈیسک
قومو ںکی موت و حیات تعلیم سے وابستہ
مقام ٹھنڈی پورہ میں معروف ماہر تعلیم کی سبکدوشی پر تعلیمی کا نفرنس
اشرف چراغ
کپوارہ//معروف ماہر تعلیم اور انچارج پرنسپل قلم آ باد ماور کی سبکدوشی پر ان کے اعزاز میں’آشیانہ خضر ‘واقع مقام ٹھنڈی پورہ کرالہ پورہ پر ایک تعلیمی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع بھر کے ادیبو ں ،دانشورو ں اور تعلیمی ماہرین،متعدد ہائر سیکنڈری سکولو ں کے پرنسپلو ں ،زونل ایجوکیشن افسرو ں کے علاوہ معزز شہریو ں نے شرکت کی جبکہ کانفرنس کی صدارت ڈپٹی چیف ایجوکیشن افسر کپوارہ ہندوارہ منظور احمد نے کی ۔معروف ماہر تعلیم خضر محمد شیخ ساکن مقام کرالہ پورہ جو گزشتہ 40سال سے محکمہ ایجوکیشن میں کام کرتا آیاہے اور اس وقت انچارج پرنسپل قلم آباد ماور تھے ۔ہائر سکینڈری سکول قلم آ باد کے عملہ نے اگرچہ سبکدوش پرنسپل خضر محمد شیخ کے اعزاز میں ایک الوادعی تقریب کا انعقاد کیا تاہم اتوار کے روز’آشیانہ خضر واقع مقام ٹھنڈی پورہ میں ایک تعلیمی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں خضر محمد شیخ کے 40سالہ نوکری پر روشنی ڈالی گئی اور محکمہ تعلیم میں ان کی کار کردگی کو سراہا گیا ۔اس موقع پر ڈاکٹر افضل مختار ،پرنسپل ہائر سیکنڈری سکول لدر ون عاشق حسین پال ،پرنسپل گرلز ہائر سیکنڈری سکول ہندوارہ غلام حسن میر ،زونل ایجوکیشن آفیسر کرالہ پورہ عبد الا حد لون ،زونل ایجوکیشن آفیسر ماور محمد مقبول لون ،سینئر لیکچر آر اور ادیب بشیر تابش ،ایجیک کے ریاض احمد کلگان اور ماسٹر منظور احمد میر ،ارشد محی الدین اور دیگر مقررین نے خضر محمد میر کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں ایک ماہر استاد کے نام کا خطاب دیا ۔اس موقع پر ڈپٹی چیف ایجوکیشن افسر کپوارہ ہندوارہ منظور احمد نے کہا کہ قوم افراد سے بنتی ہے اور افراد کی کر دار سازی تعلیم ادارو ں میں ہوتی ہے ۔انہو ں نے کہا کہ قومو ں کی موت و حیات تعلیم سے وابستہ ہے اور دنیا جس تیزی سے تر قی کی منازل طے کر رہی ہے وہ تعلیم ہی کی بدولت ہے ۔تقریب میں نظامت کے فرائض پیر زادہ شبیر احمد نے انجام دئے جبکہ سبکدوش انچارج پرنسپل خضر محمد شیخ نے علاوہ ماور ،کپوارہ ،کرالہ پورہ اور دیگر علاقوں سے آئے ہوئے مہمانو ں کو شکریہ ادا کیا اور ان کے لئے ظہرانہ کا بھی اہتمام کیا ۔
پرنسپل سیکریٹری جل شکتی کا کپوارہ دورہ
پینے کے پانی اور آبپاشی کی جاری سکیموں کا جائزہ لیا
کپوارہ//پرنسپل سیکرٹری جل شکتی اشوک کمار پرمار نے سرحدی ضلع کپوارہ کا دورہ کر کے جل شکتی محکمہ کی ترقیاتی کاموںکا جائزہ لیا۔پرنسپل سیکرٹری کے ہمراہ محکمہ سینئر اِنجینئران بھی تھے۔پرنسپل سیکریٹری نے کپوارہ پہنچتے ہی ڈی سی آفس کپوارہ میں متعلقہ اِنجینئران اور پی آر آئیز کی ایک مشترکہ میٹنگ طلب کی۔میٹنگ میں چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل ( ڈی ڈی سی ) عرفان سلطان پنڈت پوری، وائس چیئرمین ڈی ڈی سی حاجی فاروق احمد میر ، ڈی ڈی سی ممبران ، بی ڈی سی کے چیئر پرسنوں اور دیگر پی آر آئیز نے بھی شرکت کی۔پرنسپل سیکرٹری نے تمام جاری پروجیکٹوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ اِنجینئروں کو ہدایت دی کہ وہ ترقیاتی رفتار کو تیز کرنے کے لئے اَپنی کوششوں کو دوگنا کریں تاکہ اہداف کو مقررہ مدت کے اَندر حاصل کیا جاسکے ۔اُنہوں نے اُنہیں کام کے معیار کو برقرار رکھنے کی تلقین کی اور اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی کہ نئے ڈھانچے کی تعمیر میں معیاری مواد کا استعمال کیا جائے۔انہوں نے عملے کی کمی کے بارے میں متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ عملے کی تعداد کی تفصیلات پیش کریں۔پرنسپل سیکرٹری نے فیلڈ اہلکاروں کو مشورہ دیا کہ وہ عوامی مسائل اور شکایات کے حل میں فعال کردار اَدا کریں۔چیئرمین ڈی ڈی سی نے اَپنے خطاب میں پرنسپل سیکرٹری کو کپواڑہ ضلع میں پینے اور آبپاشی کے پانی کی کمی کی وجہ سے درپیش مختلف چیلنجوں کے بارے میں آگاہ کیا۔اُنہوں نے پرنسپل سیکرٹری سے کہاکہ وہ ضلع میں لوگوں کو درپیش پانی کے مسائل کو بروقت نمٹانے کے لئے توجہ مرکوز کریں۔وائس چیئرمین ڈی ڈی سی نے ضلع کے ترقیاتی پروفائل اور اَپنے علاقائی حلقے میں پانی کی فراہمی کے منظر نامے کے بارے میں بتایا۔اِس سے قبل ڈی ڈی سی ممبران ، بی ڈی سی چیئرمین نے پرنسپل سیکرٹری کو اَپنے اَپنے علاقوں میں پانی کی فراہمی اور آبپاشی کے مسائل سے متعلق معلومات فراہم کیں۔
لیفٹیننٹ گورنر11مئی کواسلامک یونیورسٹی کادورہ کریں گے
اونتی پورہ//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا 11مئی کو اسلامک یونیورسٹی کادورہ رکے کئی اسٹارٹ اپس اور اقدامات کو شروع کریں گے ۔دورے کے دوران لیفٹیننٹ گورنریونیورسٹی کی کلیدی سہولیات کووقف کریں گے۔موصوف یونیورسٹی اور حکومت، صنعت، تجارت اور اداروں کے درمیان مفاہمت ناموں پر دستخط کرنے کی تقریب کی بھی صدارت کریں گے۔اسلامک یونیورسٹی کے اسٹارٹ اَپ ایوارڈ لیفٹیننٹ گورنر20اُبھرتے اختراع کاروں اور کاروباریوں کو عطا کریں گے ۔وہ یونیورسٹی کے اخبار ’ناد‘ کوبھی جاری کریں گے ۔یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر شکیل رومشو کے مطابق اس کا مقصد معروف ماہرین،تعلیم دانوں،صنعت کاروں، تاجروں ،جوان اختراع کاروں اور حکومتی اہلکاروں کو یکجا کرنا ہے تاکہ سماجی،اقتصادی اورصنعتی مسائل کا حل نکالاجائے۔
ریڈکراس کا عملہ اور رضاکار مقامی آبادیوں کی لائف لائن
صوبائی کمشنر کاانسانیت اور مہربانی کی پرورش کیلئے سرمایہ کاری پر زور
سرینگر// انڈین ریڈ کراس سوسائٹی جموں و کشمیر چیپٹر اور اس کی اتحادی علاقائی اور ضلعی اکائیوں نے اتوار کو ریڈ کراس موومنٹ کے بانی سر جین ہنری کے یوم پیدائش کی یاد میں عالمی ریڈ کراس ڈے 2022 منایا۔اس سال ریڈ کراس کے عالمی دن کا تھیم “انسان بنو” تھا۔مرکزی تقریب گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول، کوٹھی باغ سرینگر میں منعقد ہوئی جس میں صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورنگ کے پولے مہمان خصوصی تھے جس میں آئی آر سی ایس کی منیجنگ کمیٹی کے اراکین، مختلف شعبوں کے سربراہان، مختلف این جی اوز کے نمائندوں، لائف ممبران، عملہ اور دیگر نے شرکت کی۔ مہمان خصوصی اور دیگر شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے جی اے قریشی، اعزازی خزانچی، انڈین ریڈ کراس سوسائٹی، جموں و کشمیر نے کہا ’’گزشتہ برسوں میں بحرانوں اور آفات نے کسی کو نہیں بخشا اور سب سے زیادہ کمزور لوگوں کو متاثر کیا ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ بدترین حالات میں ریڈ کراس کا عملہ اور رضاکار مقامی کمیونٹیز کے لیے لائف لائن بنے رہتے ہیں، بعض اوقات ان کی اپنی حفاظت کے لیے خطرہ ہوتا ہے۔وہ ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ ہمیں مقامی کارروائیوں میں سرمایہ کاری کیوں کرنی چاہیے اور انسانیت اور مہربانی کی پرورش کرنی چاہیے۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی کمشنر نے انٹرنیشنل ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ موومنٹ کے کردار پر روشنی ڈالی اور آفات کے دوران اپنی برادریوں میں لوگوں کی مدد، دیکھ بھال اور زندگی بچانے کی خدمات پیش کرتے ہوئے ان کی لگن، ہمدردی، ہمت کی تعریف کی۔ منیجنگ کمیٹی کے رکن اور سابق اعزازی جنرل سکریٹری، انڈین ریڈ کراس سوسائٹی، جموں و کشمیر، محمد شفیع راتھر نے آفات کے دوران ریڈ کراس کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا، “ریڈ کراس کے رضاکار COVID-19 کے پہلے جواب دہندگان ہیں، جو اس کی روک تھام کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں۔ جنرل سکریٹری، انڈین ریڈ کراس سوسائٹی، جموں و کشمیر، کفایت حسین رضوی نے اپنے خطاب میں کہا’’زمین کی سطح مرد اور عورت ایک انواع ہیں، جسے عام طور پر ‘انسانیت’ کے نام سے جانا جاتا ہے لیکن وہ جو محبت، پیار اور مدد کی ثقافت کو اپناتے ہیں، مہربانی، دوستی، ہمدردی اور ہمدردی کو انسان کہا جاتا ہے۔” انہوں نے کہا کہ اس سال کے عالمی ریڈ کراس ڈے کا تھیم ’انسان بنو‘ انسانیت کے پیغام کو پھیلانے کی ضرورت کی عکاسی کرتا ہے کیونکہ موجودہ دور میں کووِڈ 19 کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکلات اور اس کے سماجی، معاشی اور نفسیاتی نتائج میں یہ زیادہ اہم ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی اطمینان کی بات ہے کہ ’’انسانیت‘‘ بالخصوص ریڈ کراس کے ہزاروں رضاکاروں نے اپنے دیکھے، نہ دیکھے، چھوٹے یا بڑے احسان اور مدد کے کاموں سے ہزاروں خاندانوں کے چہرے پر مسکراہٹ اور امیدیں روشن کیں۔IRCS نے اسکول جانے والے بچوں کو راشن کٹس، دوائیں، سینیٹائزر اور ماسک، حفظان صحت کی کٹس، کمبل اور اسٹیشنری کی اشیاء فراہم کرکے ضرورت مند، بے سہارا، خواتین اور بچوں کی مدد کرنے کے لیے اپنا کام کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ آج ہم آئی آر سی ایس اور دیگر این جی اوز کے بے لوث رضاکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی شفقت اور مہربانی سے لوگوں کی تکالیف کو دور کیا۔
سوسائٹی کی مالی معاونت ہم سب پر لازم:ڈاکٹر فاروق
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ریڈ کراس کے عالمی دن پر کہا ہے کہ ریڈ کراس سوسائٹی جموں کشمیر ان متاثرین کی امداد و باز آبادکاری کیلئے دہائیوں سے پیش پیش رہی ہے جن کو ناگہانی آفات سے نقصان ہوتا آیا ہے۔ایک بیان کے مطابق ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ اس تنا ظر میں ریڈ کراس کو مالی تعاون پیش کرنا ہم سب پر لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیگم عبداللہ نے1947میںجموں میں ایک رضاکارانہ اور باہمت خادم قوم کی حیثیت سے کام کیا۔انہوںنے کہا کہ مرحوم شیخ محمد عبداللہ اور بیگم عبداللہ نے ریڈ کراس سوسائٹی کو فعال بنانے میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا۔ اس دوران ڈاکٹر عبداللہ اورعمر عبداللہ نے کوکر حمام بارہمولہ میںآتشزدگی واردات پر تشویش کا اظہار کیا اور ضلع انتظامیہ بالخصوص ڈپٹی کمشنر کو آتشزدگان کی باز آبادکاری پر زور دیا۔پارٹی کے شمالی کشمیر کے انچارج اور ممبر پارلیمنٹ محمد اکبر لون نے بھی صوبائی کمشنر کشمیر اور ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ سے متاثرین کی امداد کرنے پر ور دیا۔
شہریوں اورحکومت کی قربت کیلئے انتظامی اصلاحات
2روزہ علاقائی کانفرنس کیلئے نوڈل افسر ومحکمے نامزد
بلال فرقانی
سرینگر//مرکزی زیر انتظام خطے جموں و کشمیر میں’’انتظامی اصلاحات کے ذریعے شہریوں اور حکومت کی قربت‘‘کے موضوع پر دو روزہ علاقائی کانفرنس کے لیے نوڈل محکموں ونوڈل افسروں کی نامزدگی عمل میں لائی گئی ہے۔ سرکاری آرڈر کے مطابق دو روزہ علاقائی کانفرنس ایس کے آئی سی سی، سری نگر میں 16اور 17مئی 2022کو منعقد ہوگی جس کیلئے انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ، پبلک ایڈمنسٹریشن اینڈ رورل ڈیولپمنٹ وائے آر آئی اور ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ کی نامزدگی نوڈل محکموں کے طور پر عمل میں لائی گئی ہے۔کانفرنس کے لیے ڈائریکٹر جنرل، انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ، پبلک ایڈمنسٹریشن اینڈ رورل ڈیولپمنٹ اور سیکریٹری ائے آر آئی اور ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ کی بطور نوڈل افسر نامزد کیا گیا۔
نائب فوجی سربراہ کا راجوری دورہ
حدمتارکہ پر صورتحال کا جائزہ لیا
سمت بھارگو
راجوری//آپریشنل تیاریوں اور سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے فوج کے وائس چیف آف آرمی اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل بی ایس راجو نے اتوار کو راجوری کے سندر بنی اور اکھنور کیلائن آف کنٹرول کے آگے والے مقامات کا دورہ کیا۔وائس چیف کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب ہفتہ کی سہ پہر لام نوشہرہ میں لائن آف کنٹرول پر دراندازی کی کوشش کی گئی اور ایک درانداز جنگجو مارا گیا۔فوج کے مطابق نائب سربراہ لیفٹیننٹ جنرل بی ایس راجو نے سندر بنی اور پلن والا سیکٹرز میں ایل او سی کے ساتھ آگے کی جگہوں کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا ۔غور طلب ہے کہ یہ دونوں مقامات ’کراس سوائرڈ ڈویژن کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔فوج نے مزید کہا کہ جنرل راجو نے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے دورہ کیا ہے ۔ آرمی نے کہا کہ نائب سربراہ نے مضبوط اینٹی انفلٹریشن گرڈ کے ساتھ سیکورٹی کو برقرار رکھنے میں فارمیشنوں کی کوششوں کی تعریف کی۔
حد متارکہ کے نزدیکی علاقوں میں تلاشی مہم
رمیش کیسر
نوشہرہ //راجوری ضلع کے نوشہرہ سیکٹر کے لام علاقے میں لائن آف کنٹرول پر ایک مشتبہ نقل و حرکت دیکھے جانے کے بعد سیکورٹی فورسز نے الرٹ جاری کیا ہے اور محاصرہ اور تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔حکام کے مطابق ہفتہ کو سہ پہر کے اوقات میں لائن آف کنٹرول کے آگے کی جگہ پر ایک مشکوک نقل و حرکت دیکھی گئی۔عہدیداروں نے بتایا کہ چوکس فوجی دستوں نے اس مشتبہ نقل و حرکت کے بعد گھیرے میں لے کر شدید تلاشی مہم شروع کردی ہے اور علاقے میں تلاشی جاری ہے۔‘حکام کے مطابق گزشتہ کچھ دنوں میں مذکورہ نوعیت کی دوسری کوشش کی گئی ہے تاہم اس کو ناکام بنادیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کے منصوبوں کو ناکام بنانے کے لئے لائن آف کنٹرول کی مختلف سرحدی چوکیوں اور جنگلاتی علاقوں میں آپریشن جاری ہے۔فوج سرحد کے ساتھ دیہی علاقوں میں بھی گشت کر رہی ہے تاکہ ملک دشمن دہشت گرد بھارتی شہریوں کو کوئی نقصان نہ پہنچا سکیں۔
عیدگاہ اورملحقہ علاقوں میںخستہ حال سڑکیں عوام کیلئے سوہانِ روح
لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ ہنگامی بنیادوں پرتارکول بچھائے:مبارک گل
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکرقانون سازاسمبلی مبارک گل نے لیفٹیننٹ گورنرانتظامیہ پر زور دیاکہ وہ عید گاہ اسمبلی حلقہ انتخاب میں سڑکوں پرتارکول بچھانے اور نکاسی آب کا نظام کے کام میں سرعت لائیں۔ یہاں پارٹی کے مقامی کارکنوں کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مبارک گل نے کہا کہ جب وہ ممبراسمبلی تھے تو اُس وقت پالہ پورہ اور فردوس کالونی میں سڑک اور ڈرین کی تعمیر کاکام عالمی بینک کی امداد سے شروع کیاگیاتھا۔مبارک گل نے سڑکوں کی خستہ حالی اور دیگرعوامی مسائل پرغم وغصے کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعدد سڑکیں جن میں پالہ پورہ،بڑی وڈر،گزربل،شنگلی پورہ،دان مر، کریشہ بل،چونچ فقیر،نورباغ،فردوس کالونی،اوردیگررابطہ سڑکیں شامل ہیں، کی حالت حکومت کی عدم توجہی کے سبب ناگفتہ بہہ ہے۔ انہوں نے عید گاہ حلقہ میں سڑکوں پرتارکول بچھانے کاکام فوری طور پرہاتھ میں لینے کا مطالبہ کیاتاکہ لوگوں کو مشکلات کاسامنا نہ کرناپڑے۔گل نے کہا کہ لوگوں کو متعدد مسائل کا سامنا ہے جن میںپینے کے صاف پانی کی نایابی،غیراعلانیہ بجلی کٹوتی اوربنیادی سہولیات کافقدان شامل ہیں۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ عیدگاہ میں سڑکوں پرتارکول بچھانے اور دیگرعوامی مشکلات کو دور کرنے کاکام جلدہاتھ میں لیاجائے۔اس دوران متعدد وفد بھی مبارک گل سے ملاقی ہوئے اور انہیں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔
اُوڑی بازار کی سڑک کی کشادگی سے قبل
دکانداروں کو متبادل دکانیں فراہم کی جائیں
ظفر اقبال
اوڑی// اوڑی بازار کے دکانداروں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ سڑک کو کشادہ بنانے کاکام ہاتھ میں لینے سے قبل دکانداروں کومتبادل دکانیں فراہم کی جائیں۔یہاں اتوار کومنعقد ایک میٹنگ میں دکانداروں نے کہا کہ یہ دکانات ہی ان کی کمائی اورروزگار کا وسیلہ ہیں اور سڑک کشادہ کرنے کیلئے ان کے دکانوں کو ہٹانے سے قبل انہیں متبادل جگہوں پردکان فراہم کئے جائیں تاکہ ان کاروزگار متاثر نہ ہو اور ان کاکنبوں کا چولہاجلتا رہے۔۔میٹنگ میں نائب صدر بیوپار منڈل اوڑی عبدل قیوم چالکو،سیکریٹری یاسر عرفات بانڈے، مشتاق احمد لون، اعجاز احمد یتو، پھلگونی شرما، شمیم احمد میر، راجہ پرویز، عبدالحمید خان،راجہ مختار خان اور عبدالمجید بانڈے بھی شامل تھے۔
بھاجپا انتخابات کیلئے تیار
صوفی یوسف نے غیرمقامی افراد میں ملبوسات تقسیم کئے
سری نگر//بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر و نائب صدر جمو ں وکشمیر نائب صدر صوفی یوسف نے بتایا جموںو کشمیر کے لوگوں کا آج تک یہاں کے لیڈران نے استحصال کیا تھا اور حد بندی کمیشن کی وجہ سے لوگوں کے ساتھ ہوئی نا انصافی دور ہوئی اور70سال کے بعد یہاں کے لوگوں کو انصاف ملا ہے۔کے این ایس کے مطابق صوفی یوسف نے ان باتوں کا اظہار اننت ناگ میں سر راہ زندگی کا گزر بسر کرنے والے غیر ریاستی افراد میں ملبوسات تقسیم کرنے کے بعد یہاں میڈیا نمائندوں سے بات کرنے کے دوران کیا۔بی جی پی یوٹی کے نائب صدرنے بتایا ان کی پارٹی انتخابات کے لئے تیار ہے ۔انہوں نے کہا جیسے ہی الیکشن کمیشن اعلان کرے گا تو ہم میدان میں اتریں گے۔ انہوں دعویٰ کیا ہے کہ بی جے پی آنے والے انتخابات میں اپنے بل بوتے پر سرکار بنائے گی ۔
پلوامہ میں مغوی لڑکی بازیاب ،اغواکارگرفتار
سرینگر// پلوامہ میں پولیس نے ایک مغوی لڑکی کو بازیاب کرکے ملزم کو گرفتار کیا۔ایک بیان کے مطابق6مئی کو پولیس پوسٹ لاسی پورہ کو ایک شخص کی طرف سے ایک تحریری شکایت موصول ہوئی جس میں کہا گیا تھا کہ اس کی بیٹی کو سہیل احمد وانی ولد محمد سلطان وانی ساکن زسو نامی ایک شخص نے اغوا کر لیا ہے۔اس کے مطابق، شکایت موصول ہونے پر، قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر 38/2022 کے تحت پولیس اسٹیشن لیترمیں ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔تفتیش کے دوران افسران نے مختلف مشتبہ مقامات پر چھاپے مارے اور بھرپور کوششوں کے بعد، اغوا کار کو گرفتارکرکے مغوی لڑکی کو کم سے کم وقت میں پلوامہ کے علاقے ٹہاب سے بازیاب کرایا۔تمام طبی قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد لڑکی کو اس کے قانونی ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔پولیس کی جانب سے سماج دشمن عناصر کے خلاف فوری کارروائی کو مقامی لوگوں نے سراہا ہے۔ کمیونٹی ممبران سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ اپنے پڑوس میں سماجی جرائم کو روکنے میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔
فنون لطیفہ کی ماہر ممبئی کی خاتون
کشمیر کے مدارس میں بچوں کو رنگوںسے کھیلنا سکھاتی ہیں
سرینگر//رنگوں سے خاکوں کی کتب تک مدرسوں میں لیجاکر بچوں میں چھپی ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اورخواتین کوخودروزگار کمانے کی ترغیب دینے تک ،ممبئی نشین فنون لطیفہ کی ماہرروبل ناگی نے ’مثال کشمیر‘پروگرام شروع کرکے وادی کو ’’ارض لامحدودممکنات ‘‘ کانام دیا ہے۔جموں میں ایک فوجی خاندان میں پیداہوئی اورلندن کے فنون لطیفہ کے اسکول سے تربیت یافتہ ناگی اس بات پر مکمل یقین رکھتی ہیں کہ رنگ خاص طور سے بچوں میں کمال دکھاتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ہمیں برش سے بے جان صبحوں کوجاندار بناناچاہیے۔ وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ دوردرازدیہات جیسے وٹلب،سنگرامہ،ہندوارہ،لنگیٹ اور پلوامہ کے دیہات میں جاکر بچوں کو فنون لطیفہ کی زبان اور رنگوں کی پہچان کراتی ہے اوراس کے علاوہ وہ خواتین کو خودروزگار پیداکرنے کی ترغیب بھی دیتی ہیں ۔ناگی جنہوں نے150نمائشوں میں اپنے فن کی نمائش کی ہے،کی توجہ کشمیر کے نوجوانوں پر بھی مرکوز ہے اوران کا ماننا ہے کہ انہیں سیاستدانوں اور پیروں کی تقلید کرنے کے بجائے مثبت اور ترقی کے نظریے کواپنانا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ خوشی کو خوف کا مقابلہ کرکے اور شکوک شکست دینے سے ہی حاصل کیاجاسکتا ہے ۔ترقی سخت محنت سے حاصل ہوتی ہے اور صرف پرخلوص مقصدکیلئے ہی آتی ہے۔نگہت رمضان جو وٹلب میں ’مثال کشمیر‘کی سربراہ ہیں نے کہا کہ سینٹر میں ضلع بھرکی خواتین سلائی اور کشیدہ کاری سیکھنے کیلئے آتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ وٹلب تک ہی محدود نہیں ہے ۔دوردرازعلاقوں کی لڑکیاں بھی یہاں آکرسلائی سیکھتی ہیں ۔کبھی ہم انہیں کام دیتے ہیںاور کبھی انہیں مرکز کے باہر کام ملتا ہے۔مہینے کے آخر پر انہیں اقتصادی آزادی کااحساس ہوتا ہے اور وہ ضروری ہے۔ناگی جس نے گزشتہ سال مارچ میں اپنے سفر کاآغاز کیا ،کومعجزات کی امید نہیں ہے اورنہ ہی ان کاماننا ہے کہ تبدیلی راتوں رات آسکتی ہے ۔یہ سب آہستہ آہستہ ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مجھے کشمیر لامحدودممکنات کادیس لگتا ہے۔
خوشحالی کی طرف گامزن
جموں وکشمیر سرمایہ کاری کی نئی منزل کے طورپر اُبھر رہا ہے
سری نگر//جموںوکشمیر قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لئے ملک بھر میں سرمایہ کاری کی سب سے نئی منزل کے طور پر اُبھررہا ہے۔جموںوکشمیر صنعتی پالیسی 2021-30ء کا مقصد ’’ جموںوکشمیر ۔ روایت ، ترقی اور تبدیلی‘‘ منتقلی کا مظہر ہے جس سے جموںوکشمیر گزر رہا ہے ۔یہ جموںوکشمیر کو سرمایہ کاری کی ایک منافع بخش منزل میں تبدیل کرنے کے لئے دئیے گئے زور کی علامت ہے،اس ہمالیائی خطے کی منفرد سماجی، اقتصادی اور ماحولیاتی بنیادوں کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ جموںوکشمیر یوٹی کے صنعتی منظر نامے پر ایم ایس ایم اِیز کا غلبہ ہے کیوں کہ یہ جی ایس ڈی پی میں تقریباً 8فیصد کا حصہ ادا کرتا ہے اور خدمات اور مینو فیکچرنگ شعبوں میں سب سے زیادہ لوگوں کو ملازمت فراہم کرتا ہے ۔تقریباً 25,000 ایم ایس ایم ایز جو جموںوکشمیر یوٹی میں کام کر رہے ہیں ۔جموںوکشمیر یوٹی میں تقریباً 90فیصد صنعتی اَفرادی قوت کو روزگار فراہم کرتے ہیں۔اِس پس منظر میں جموںکشمیر صنعتی پالیسی 2021-30ء گذشتہ پالیسیوں سال 1998ء ،2004ء اور2016ء کے مقابلے میں ایک خوش آئند تبدیلی ہے۔ سال 2021ء میں 28,400 کروڑ روپے کی لاگت سے جموںوکشمیر صنعتی ترقی کے لئے مرکزی سکیم کو ڈیپارٹمنٹ فار پروموشن آف اِنڈسٹری اینڈ اِنٹرنل ٹریڈ( ڈی پی آئی آئی ٹی )،مرکزی حکومت کی طرف سے مطلع کیا گیا ۔ توقع ہے کہ اس سے جموںوکشمیر صنعتی طور پر ترقی یافتہ خطہ میں منتقلی کو تحریک ملے گی۔جموں وکشمیر پرائیویٹ اِنڈسٹریل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پالیسی 2021-30ء کو بھی حال ہی میں مطلع کیا گیا ہے۔ترقی پسند اِصلاحات جیسے جی ایس ٹی سے منسلک ترغیبات ، کیپٹل اِنٹرسٹ سبو ینشن اور ورکنگ کیپٹل اِنٹرسٹ انسیٹیو کو بھی عملا یا گیا ہے ۔ اِن پالیسی مداخلتوں سے ثمر آور نتائج حاصل ہو رہے ہیں کیوں کہ 50,000 کروڑ سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی تجاویز موصول ہوئی ہیں ۔ اِن سرمایہ کاری سے 2.33 لاکھ روزگار کے اِمکانات پیدا ہونے کی اُمید ہے۔جموںوکشمیریوٹی میں صنعتی ماحولیاتی نظام کو مزید بہتر بنانے کے لئے کاروبار کرنے میں آسانی کو بہتر بنانے کے لئے سنگل وِنڈو اپروچ کو ہموار کیا گیا ہے ۔مینی مائزنگ ریگولیٹری کمپلائنس برڈن( ایم آر سی بی ) کے مقصد سے جموںوکشمیر کے محکموں کی 130 خدمات کو آن لائن کیا گیا ہے۔ جموںوکشمیر میں گذشتہ چند دہائیوں کے دوران تیز رفتار اَربنائزیشن کے مشاہدے سے مکانات اور تجارتی اِکائیوں کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے ۔جموںوکشمیر میں آرٹیکل 370 کی منسوخی سے پہلے کی رجعتی حدود نے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی مکمل ترقی میں کئی رُکاوٹیں کھڑی کیں ۔ اِس مشکل کو حل کرنے کے لئے پہلی بار جموںوکشمیر رئیل اسٹیٹ سمٹ2021ء کا اِنعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے 250 سرکردہ ڈویلپر وں سے شرکت کی۔مزید برآں ، مرکزی حکومت کے ماڈل ٹیننسی ایکٹ کو حکومت جموںوکشمیر نے اَپنایا ہے اور رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اَتھارٹی کے لئے پورٹل اور اثاثوں کی نیلامی ، جموںوکشمیر ہائوسنگ بورڈ ، جموں ڈیولپمنٹ اَتھارٹی ، سری نگر ڈیولپمنٹ اَتھارٹی کے رہائشی یونٹو ں اور پلاٹوں کی الاٹمنٹ شروع کی گئی ہے ۔اِس کے علاوہ حکومت جموںوکشمیر اور نیشنل رئیل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ کونسل ( این اے آر اِی ڈی سی او) کے درمیان این یوایل ایم ( نیشنل اربن لائیو لی ہڈس مشن ) کے تحت رئیل اسٹیٹ کے سات تجارتوں میں ہربرس 10,000 اَفراد کو جموںوکشمیر میں ہنر مند بنانے کے لئے مفاہمت نامے پر دستخط کئے گئے ہیں۔جموںوکشمیر میں متعارف کی گئی پالیسی تبدیلیاں لیفٹیننٹ گورنر کے دبئی ایکسپو 2020 کے دورے کے دوران عالمی سطح پر ممکنہ سرمایہ کاروں کے سامنے دکھائی گئیں۔جی آئی ٹیگڈڈ زعفران کی طرح سیب کی مشہور اقسام ، کشمیری آرٹ اور دستکاری سمیت دیگر نمائشیں کی گئیں ۔ اِس دورے کے دوران حکومت دبئی اور دیگر عالمی سرمایہ کاروں کے ساتھ مفاہمت نامے پر بھی دستخط کئے گئے۔صنعتی بااِختیار بنانے اور جموں و کشمیر میں متعدد اشاریوں میں جامع پیش رفت کی راہ میں بہت سے چیلنجوں کی توقع ہے۔ تاہم جموں و کشمیر میں قوانین و ضوابط، ادارہ جاتی تعاون اور مسابقتی ماحولیاتی نظام کی بحالی سے امید کی جاتی ہے کہ رکاوٹیں دور ہو جائیں گی۔ جموں و کشمیر، ماضی کی اقتصادی تنہائی کے بالکل برعکس، ایک علاقائی اور قومی سرمایہ کاری کلسٹر کے طور پر اُبھرنے کے لئے بہت اچھی طرح سے تیار ہے۔