مزید خبریں

نیوز ڈیسک
نوشہرہ کے کئی مستحقین پی ایم اے وائی سکیم کے زمرے سے باہر | بیشتر غریب پسماندہ طرزکی زندگی بسر کرنے پرمجبور ،انتظامیہ سے توجہ کی اپیل 

رمیش کیسر 

نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہر ہ کے اکثر دیہات میں بی پی ایل زمرے سے نیچے زندگی بسر کرنے والے کئی مستحقین ابھی تک مرکزی حکومت کی جانب سے چلائی گئی پردھان منتری اواس یوجنا کے زمرے سے باہر ہیں۔مستحقین نے متعلقہ محکمہ و مقامی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ رہائشی گھروں کی تعمیر کے سلسلہ میں بنائی گئی فہرستوں سے زیادہ تر مستحقین کو باہر رکھا گیا ہے جبکہ متعلقہ محکمہ کے ملازمین سے رجوع کرنے کے باوجود بھی ان کی جانب دھیان نہیں دیا جار ہاہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہ محکمہ کے ملازمین و آفیسران اثر رسوخ رکھنے والوں کو فہرستوں میں شامل کررہے ہیں جس کی وجہ سے مستحقین کو فہرستو ں میں ہی شامل نہیں کیا جارہا ہے ۔غور طلب ہے کہ نوشہرہ سب ڈویژن کے متعدد دیہات بالخصوص حد متارکہ کے نزدیکی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوںکو مذکورہ فہرستوں میں شامل ہی نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے غریب لوگ مٹی کے کچے اور بوسیدہ گھروں میں اپنی زندگی بسر کررہے ہیں ۔مکینوں و پنچایتی اراکین نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اکثر دیہات میں مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کر دہ ’پردھان منتری ‘اواس یوجنا زمینی سطح پر غریبوں و مستحقین کو فائدہ پہنچانے کے بجائے ان کیلئے عذاب بنتی جارہی ہے ۔مستحقین کا کہنا ہے کہ پہلے مذکورہ سکیم کے زمرے میں لائے جانے کیلئے محکمہ کے دفتر کے چکر کاٹنے پڑتے ہیں اور اس کے بعد فنڈز کی ادائیگی کے انتظار میں کئی برس بیت جاتے ہیں۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ نوشہرہ سب ڈویژن کے سرحدی علاقوں میں مذکورہ مرکزی سکیم کی مکمل عمل آوری کیلئے ہدایت جاری کی جائیں ۔

 

 

 

 

حد بندی کمیشن کے فیصلے کی ستائش | پہاڑیوں کو سیاسی ریزرویشن دی جائے :محمد اشفاق 

جاوید اقبال 

مینڈھر //ضلع ترقیاتی کونسل پونچھ کے وائس چیئر مین انجینئر محمد اشفاق چوہدری نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر اور حد بندی کمیشن کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن نے ضلع پونچھ کے جو علاقہ جات ایک دوسرے حلقہ انتخاب کے ساتھ منسلک کئے تھے وہ واپس سابقہ صورت پربحال کر دیئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ اس امر کیلئے انھوں نے اپنے ضلع دفتر سے اپنی سفارشات لیفٹیننٹ گورنر اور حد بندی کمیشن کو بھی ارسال کی تھی۔موصوف نے کہاکہ انہوں نے کمیشن کو جغرافائی صورتِ حال سے واقف کروانے کیساتھ ساتھ عوامی مسائل سے بھی آگاہ کیا تھا جس کے بعد مذکورہ قدم اٹھا یا گیا ہے جوکہ خوش آئند ہے ۔ضلع ترقیاتی کونسل کے وائس چیئر مین نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر اور حد بندی کمیشن سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ خطہ پیر پنچال کیساتھ ساتھ یوٹی کے دیگر علاقوں میں رہائش پذیر پہاڑیوں کو سیاسی ریزرویشن دی جائے تاکہ مذکورہ فورم پر ان کو بھی نمائندگی مل سکے ۔انہوں نے کہاکہ اگر پہاڑیوں کو سیاسی ریزرویشن نہ دی گئی تو تعمیر و ترقی میں ایک رکائوٹ بننے کیساتھ ساتھ مذکورہ قبائل کی حوصلہ شکنی ہو گئی ۔

 

 

 

 

راجوری میں 1شخص کی لاش برآمد 

راجوری// راجوری ضلع میں جمعہ کی دوپہر ایک ادھیڑ عمر شخص اپنے گھر کے قریب درخت کے ساتھ لٹکا ہوا پایا گیا جس کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔متوفی کی شناخت شبیر احمد (45) ولد محمد یاسین سکنہ ملہوت کے طور پر کی گئی ہے جو درہال پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں درخت کے ساتھ ایک شخص کی لاش لٹکی ہوئی ملی جس کے بعد تھانہ صدر کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قبضے میں لے لیا۔پولیس نے بتایا کہ اس پراسرار موت کے سلسلہ میں ایک معاملہ درج کر کے مزید تحقیقاتی عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔

 

 

 

سڑک کی تعمیر کے دوران اُڑنے والی دھول سے معاملات زندگی متاثر

عظمیٰ یاسمین

 تھنہ منڈی // راجوری ۔ بفلیاز مغل روڈ کی توسیع کا کام جاری ہے یہ سڑک لٹل اینجلز ہائر سیکنڈری سکول راجدھانی کے بالکل قریب سے گزرتی ہے۔ سڑک پر جاری کام کی وجہ سے پیدا ہونے والی گرد اور دھول سے روڈ کے قریب رہائشی، دکاندار اور سکول کے طلبہ و طالبات کو شدید پریشانیوں کا سامنا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ دھرم راج کنسٹریکشن کمپنی کی لاپرواہی کے چلتے جوں جوں دن گزرتے جا رہے میں عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر متعلقہ کمپنی کے کام کی رفتار یہی رہی تو اس منصوبے کی تکمیل میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔ بچوں کے والدین نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ اسکول کے نزدیک کام میں ضرورت سے زیادہ سست رفتاری کی وجہ سے روڈ پر مٹی، دھول اور گرد و غبار اس قدر زیادہ ہے کہ قریب کے رہائشی مکانات اور اسکول میں ہر شے گردآلود نظر آتی ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ روز صبح دوپہر شام دکانوں کی صفائی کے باوجود گرد ختم نہیں ہوتی اور سب سے بڑھ کر مشکل روڈ کے قریب واقع سکولوں کے طلبہ وطالبات کے لئے ہے کیونکہ روڈ پر موجود گرد و غبار کی وجہ سے طلبہ و طالبات کو سانس کی بیماری میں مبتلا ہونے کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ لوگوں نے الزام عائد کیا کہ کمپنی کی جانب سے روڈ پر پانی کا چھڑکاؤ بہت کم کرتا ہے۔ جس  وجہ سے روڈ پر گزرنے والا ہر شخص پریشان ہے۔ ضلع انتظامیہ اس ساری صورتحال سے باخبر ہے کیونکہ کہ اکثر افسران اسی روڈ سے گزر کر آتے ہیں ہیں لیکن کسی کو ٹس سے مس نہیں۔ انھوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ متعلقہ کمپنی کو حکم جاری کر دیں کہ روڈ پر کم از کم پانی کا چھڑکاؤ دن میں دو تین بار کرے تاکہ عام راہگیروں کے ساتھ ساتھ سکولی بچوں کو کسی بھی طرح کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

 

 

 

ایجوکیشن زون کنوئیاںاور سرنکوٹ میں ریڈ کراس ڈے پر تقریبات 

حسین محتشم+عشرت بٹ 

پونچھ//پوری دنیا کی طرح پونچھ میں بھی عالمی ریڈ کراس دن کی تقریبات منعقد کی گئی۔اس سلسلہ میں گورنمنٹ مڈل سکول جھلاس پونچھ کی جانب سے زونل ایجوکیشن آفیسر کنویاں پونچھ انور خان کی ہدایات پر ایک ریلی کا انعقاد کیا۔ اس دوران طلباء کو اس خصوصی دن کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں اور بتایا گیا کہ یہ دن دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔ مقررین نے کہا عالمی ریڈ کراس ڈے انٹرنیشنل ریڈ کراس سوسائٹی کا سالانہ جشن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریڈ کراد سوسائٹی انسانی ہمدردی کی تنظیم ہے جو ان خاندانوں اور برادریوں کو پناہ اور مدد فراہم کرتی ہے جو کسی بھی آفت کے بعد اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس دوران طلباء نے ریڈ کراس سوسائٹی سے متعلق کوئز میں حصہ لیا جس میں ہندوستان میں شاخوں اور کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال کے دوران ہندوستانیوں کے تعاون پر خصوصی زور دیا گیا۔اسی سلسلہ میں ایک تقریب گورنمنٹ ہائرسکینڈری اسکول لسانہ زون سرنکوٹ میں بھی منعقد کی گئی۔ تقریب کے دوران زونل لیول کا سمپوزیم ہوا جس کی صدارت زونل ایجوکیشن آفیسر سرنکوٹ نے کی۔اس موقع پر گورنمنٹ ہائیر سکینڈری اسکول لسانہ اور گورنمنٹ ہائی سکول موہڑہ بچھائی اور زون کے بہت سے دوسرے اسکولوں کے طلباء نے شرکت کی۔ہرپال سنگھ سینئر لیکچرار، محمد عارف زیڈ آئی سی سی سرنکوٹ، محمد امتیاز مغل خصوصی اور ثقافتی سفیر گورنمنٹ ہائی سکول سنئی اور دیگر عملہ اس موقعہ پر موجود تھا۔اس دوران بچوں کی جانب سے ایک ریلی بھی نکالی گئی جہاں پر عوام کو دن کے حوالے سے بیدار کیا گیا۔ادھر مڈل سکول جھلاس سے ایک ریلی نکالی گئی جو بس سٹینڈ جھلاس پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ اس ریلی میں طلبا و اساتذہ کے علاوہ گائیڈنس سنٹر جھلاس کے تدریسی عملے نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرنے والوں میں راکیش چندر، خوشپال سنگھ، ابھیروچی اور پکی کپور شامل تھے۔ زونل ایجوکیشن آفیسر کنوئیاں انور خان نے بتایا کہ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر پونچھ کی ہدایت پر پورے زون میں پینٹنگ کے مقابلے اور سمپوزیم کا انعقاد کیا جا رہاہے۔

 

 

 

 

 

آیوشمان بھارت سکیم پر بیداری پروگرام 

راجوری // راجوری ضلع کے صابرہ علاقہ میں فوج کی جانب سے عوام کیلئے ایک بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران مکینوں کو ’آیوشمان بھارت یوجنا ‘کے سلسلہ میں مکمل تفصیلی فراہم کی گئی ۔فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس بیداری پروگرام کو منعقد کرنے کا اصل مقصد مقامی لوگوں کو صحت کے سلسلہ میں شروع کردہ سکیموں کے سلسلہ میں بیدار کرنا تھا تاکہ وہ مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کر دہ فلاحی سکیموں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ پروگرام کے دوران آیوشمان بھارت ،ہیلتھ انشورنس سکیم کیساتھ ساتھ محکمہ صحت سے منسلک دیگر فلاحی سکیموں کے سلسلہ میں لوگوں کو بیدار کیا گیا ۔مکینوں نے فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ نوعیت کے پروگراموں کے ذریعہ ان کو ایک لمبے عرصہ سے فوج کی جانب سے بیدار کیا جارہا ہے جبکہ انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ بھی مذکورہ نوعیت کے پرو گراموں کا اہتمام کیا جائے گا ۔

 

 

 

جھلاس میں فوج نے عوامی کیمپ لگایا 

پونچھ //سرحدی ضلع پونچھ کے جھلاس علاقہ میں فوج کی جانب سے علاقہ مکینوں کیلئے ایک عوامی کیمپ کا اہتمام کیاگیا جس کے دوران ہتھیاروں کی نمائش کیساتھ ساتھ کھیل مقابلے بھی منعقد کئے گئے ۔فوج نے جاری ایک بیان میں بتایا کہ اس عوامی کیمپ کے دوران والی بال مقابلوں کیساتھ ساتھ ہتھیاروں کی نمائش ودیگر سرگرمیاں انجام دی گئیں جبکہ مذکورہ پروگرام کو منعقد کرنے کا اصل مقصد علاقہ مکینوں و فوج کے درمیان بہتر تال میل قائم کرنا تھا ۔اس کیمپ میں علاقہ کے کھلاڑیوں کیساتھ ساتھ بزرگوں و خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔غور طلب ہے کہ فوج کی جانب سے خطہ پیر پنچال میں گزشتہ کئی عرصہ سے طبی اور عوامی کیمپوں کیساتھ ساتھ کھیلوں کے مقابلوں کا اہتمام کیا جاتا رہا ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیساتھ ساتھ فوج اور عوام کے درمیان بہتر تال میل قائم ہو سکے ۔لوگوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ فوج آئندہ بھی عوامی سہولیت کیلئے اپنی فلاحی سرگرمیاں جاری رکھے گی ۔

 

 

 

 

محکمہ بجلی کی مایوس کن کارکردگی | 6برسوں سے خراب ٹرانسفارمر تبدیل نہ ہوسکا 

نیو ز ڈیسک 

راجوری //سرحدی ضلع راجوری میں محکمہ بجلی کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے ضلع میں جہاں متعدد علاقوں میں ترسیلی لائنیں لکڑی کے کھمبوں کیساتھ باندھی گئی ہیں وہائیں خراب مشینری کو تبدیل کرنے کیلئے بھی ملازمین و آفیسران سنجیدہ نہیں ہیں ۔سرحدی تحصیل منجا کوٹ کی پنچایت لوہر دھیری رلیوٹ کے مکینوں نے محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پنچایت کی وارڈ نمبر 7موڑھ ڈھوک میں 2014میں مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کر دہ سکیم راجیو گاندھی گرامین ودیوتکرن یوجنا(RGGVY)کے تحت بجلی کا 25کے وی کا ٹرانسفارمر نصب کیا گیا تھا جس کی مدد سے وارڈ کے کئی کنبوں کو بجلی کی سپلائی فراہم کی جارہی تھی لیکن 2016میں مذکورہ ٹرانسفارمر خراب ہو گیا تھا جس کے بعد محکمہ کے اُس وقت کے ملازمین نے دوسری وارڈ سے صارفین کو عارضی بنیادوں پر بجلی کی سپلائی فراہم کی لیکن اس کے6برس بعد بھی خراب ہوئے ٹرانسفارمر کو نہ تو ورکشاپ منتقل کیا گیا اور نہ ہی مذکورہ سٹیشن پر کوئی نیا ٹرانسفارمر نصب کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ خراب ٹرانسفارمر کی زمین پر پڑی مشینری اب زنگ آلودہ بھی ہو چکی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ محکمہ کے ملازمین کیساتھ ساتھ فیلڈ آفیسرا ن سے بھی رجوع کیا گیا لیکن جھوٹی یقین دہانیوں کے بغیر 6برسوں سے کوئی عملی کام نہیں کیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ خراب ٹرانسفارمر کی جگہ نیا بجلی ٹرانسفارمر نصب کر کے صارفین کی پریشانی حل کی جاسکے ۔

 

 

 

گھمبیر مغلاں میں پینے کے پانی کی قلت | علاقہ مکینوں کا محکمہ جل شکتی کیخلاف احتجاج 

پرویز خان 

منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کے دور افتاد ہ علاقہ گھمبیر مغلاں پنچایت کے وارڈ نمبر 6میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت سے تنگ آکر علاقہ مکینوں نے محکمہ جل شکتی کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی ۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ مذکورہ وارڈ میں گزشتہ کئی دنوں سے پینے کے صاف پانی کی سپلائی متاثر ہو ئی ہے جبکہ محکمہ کے فیلڈ میں تعینات جونیئر انجینئر کیساتھ ساتھ ملازمین ڈیوٹی پر حاضر ہی نہیں ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں بالخصوص خواتین کو میلوں دور سے پینے کیلئے صاف پانی لانے پڑرہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں محکمہ کے متعلقہ آفیسران کیساتھ ساتھ اعلیٰ حکام سے بھی رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک ان کی سپلائی کو بحال کرنے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔مظاہرین نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر اور ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ جل شکتی کے لاپرواہ ملازمین اور آفیسران کیخلاف کارروائی عمل میں لا کر دور افتادہ علاقوں میں سپلائی کو بحال کرنے کی ہدایت جاری کی جائیں ۔

 

 

 

 

حاجی نثار محکمہ جنگلا ت میں 34سالہ سروس کے بعد سبکدوش 

عظمیٰ یاسمین

 تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کے لوہر الال کے رہائشی الحاج چوہدری نثار حسین محکمہ جنگلات میں 34 سال خدمات انجام دینے کے بعد فارسٹر کے سرکاری عہدے سے سبکدوش ہو گئے۔ انھوں نے بلاک تھنہ منڈی اور بلاک ڈھونگی میں بحیثیت فارسٹر اپنے فرائض انجام دئیے۔ ان کی سبکدوشی کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ فارسٹ آفس راجوری میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں متعلقہ محکمہ کے کئی اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ دیگر ملازمین اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ اس پروگرام کے دوران مقررین نے فارسٹرموصوف کی جانب سے محکمہ میں دی گئی شاندار کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انھوں نے کہا کہ افسر موصوف کے اپنے کام میں ایمانداری، خلوصِ نیت اور گراں قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ الوداعی تقریب کے دوران سبکدوش ہونے والے افسر کو روایتی عزت و احترام اور باوقار طریقے سے اعزازی تحائف کے ساتھ ایک بڑے قافلے کی شکل میں راجوری سے ان کے آبائی گاؤں لوہر الال لایا گیا جہاں سینکڑوں کی تعداد میں موجود لوگوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ الوداعی تقریب میں محکمہ جنگلات کے اعلیٰ حکام کے علاوہ ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بصیرالحق چوہدری ، تحصیل انتظامیہ تھنہ منڈی کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ساتھ سابق ممبر آف پارلیمنٹ چوہدری طالب حسین، سابق ایم ایل اے چوہدری قمر حسین، سب ڈویژن تھنہ منڈی کی تمام پنچایتوں کے پنچوں سرپنچوں کونسلروں اور دینی سیاسی اور سماجی شخصیات کے علاوہ سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔ اس تقریب میں ایس ڈی پی او تھنہ منڈی چوہدری امتیاز احمد، اور چیئرمین میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی شکیل احمد میر کے علاوہ محکمہ پولیس کے کئی سرکردہ آفیسران نے بھی شرکت کی۔ غوثیہ جامع مسجد کے خطیب و امام حافظ محمد نصیر الدین نقشبندی اور شمشیر احمد لون نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں اتنی عزت اور شاہانہ انداز میں کسی بھی محکمہ سے سبکدوش ہونا یقیناً اللہ کا بہت بڑا انعام ہے۔