لورن میں بی ایس ایف نے طبی کیمپ کا اہتمام کیا
عشرت حسین بٹ
منڈی//باڈر سیکورٹی فورسز کی 32ویں بٹالین کی جانب سے تحصیل منڈی کے لورن بلاک میں ایک طبی کیمپ کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں ڈاکٹروں نے علاقہ کے دو سو سے زائدلوگوں کی طبی چانچ کر کے ان میں مفت ادویات تقسم کی۔ اس دوران بی ایس ایف کے راجوری پونچھ کے ڈی آئی جی ڈی ایس سندو کیمپ میں بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے جبکہ 32ویں بٹالین بی ایس ایف کے کمانڈنگ آفسر ویجے کمار اوجا بطور میزبان شریک ہوئے ۔اس دوران سیول اور بی ایس ایف کے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے دو سو سے زاید مریضوں کا طبی معاینہ کیا اور انہیں موقعہ پر ہی مفت ادویات دی گیں علاقہ کے سرپنچ کامران احمد نے بی ایس ایف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لورن ضلع پونچھ کا دور دراز اور پچھڑا ہوا علاقہ ہے جہاں پر غریب لوگ رہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکار کی جانب سے اگر چہ اس علاقہ میں طبی مرکز کا بھی قیام کیا گیا ہے مگر عوام کو اس کے باوجود بھی کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بی ایس ایف کے شکرگزار ہیں کہ جنہوں نے عوام کیلئے اس طبی کیمپ کا اہتمام کیا جس میں بہترین اور قابل ڈاکٹروں کی ٹیم نے یہاں کے لوگوں کا طبی معائینہ کر کے انہیں مفت ادویات دی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے وقت میں بھی بی ایس ایف اور آرمی ان کے علاقہ میں اس طرح کے کیمپس کا انعقاد کرے گی جس سے غریب عوام کو فائدہ حاصل ہوگا۔
چیف میڈیکل آفیسر کی تعیناتی پر اظہار مسرت
حسین محتشم
پونچھ// شیعہ فیڈریشن صوبہ جموں کے نائب صدر الحاج محمد بشیر نے ڈاکٹرشمیم النساء بھٹی کے چیف میڈیکل آفیسر تعینات ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شمیم النساء بھٹی نے بحثیت بلاک میڈیکل آفیسر منڈی اور میڈیکل سپریٹنڈنٹ ضلع ہسپتال پونچھ کے عہدوں پر فائز رہ کر یہاں کی عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اب جب وہ چیف میڈیکل آفیسر تعینات ہوئی ہیں تو انہیں امید ہے کہ پونچھ کی عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کروانے میں موصوفہ اپنا اہم کردار ادا کریں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ پونچھ کی تمام عوام بالخصوص شیعہ کمیونٹی کی جانب سے ڈاکٹر شمیم النساء بھٹی کا بحیثیت چیف میڈیکل آفیسر پونچھ والہانہ استقبال کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی ان کو مزید ترقی دے صحت و سلامتی عطا کرے تاکہ وہ عوامی خدمات انجام دینے کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔
سی ایم او نے نوشہرہ ہسپتال کا اچانک معائینہ کیا
ہسپتال کے عملے ومقامی معززین کیساتھ اجلاس منعقد
رمیش کیسر
نوشہرہ //بے روزگار نوجوانوں کو کووڈ-19 کی جانچ رپورٹ جاری کرنے کے لئے ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے مبینہ طورپر پیسے کے لین دین کی شکایت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سی ایم او راجوری نے نوشہرہ ہسپتال کا اچانک معائینہ کیا۔یہاں یہ قابل ذکر ہے کہ بدھ کے روز مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے بے روزگار نوجوان بارڈر بٹالین آف پولیس میں بھرتی ہونے والے نوجوانوں کومبینہ طور پر پیسے لے کر رپورٹین دینے کا معاملہ سامنے آیا ۔ذرائع کے مطابق نوجوانوں کو کووڈ رپورٹ کے سلسلہ میں مبینہ طورپر 2سو روپے فی نوجوان وصول کئے گئے جس کی نوجوانوں نے شدید مخالفت کی جبکہ اس دوران کچھ نوجوانوں نے مذکورہ عمل کی ویڈیو اور فوٹو گرافی بھی کرلی ۔پورا معاملہ سوشل میڈیا کے ذریعہ سامنے آنے کے بعد چیف میڈیکل آفیسر راجوری نے نوشہرہ ہسپتال کا اچانک معائینہ کیا جس کے دوران انہوں نے ڈاکٹروں کا ایک اجلاس بھی طلب کیا۔اجلاس کے دوران کونسلر روہت کوہلی نے آفیسر موصوف کو بتایا کہ نوجوانوں سے کووڈ رپورٹ دینے کیلئے پیسے وصول کئے گئے ۔اس دوران سی ایم او ڈاکٹر حمید زرگر نے شہریوں کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ اس معاملہ کو حل کرنے کیساتھ ساتھ کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی ۔
محمد معروف خان کو پی ڈ ی پی انچارج خطہ پیر پنجال
بنائے جانے پر مینڈھر میں جشن کا سماں، پارٹی کیڈر پرجوش
مینڈھر//بار ایسو سی ایشن پونچھ کے صدر اور پی ڈی پی سنیئرلیڈر ایڈووکیٹ محمد معروف خان کو پارٹی ریاستی جنرل سیکریٹری اور پونچھ وراجوری اضلاع کا انچارج بنائے جانے پر خطہ پیر پنجال بالعموم اور ضلع پونچھ میں بالخصوص خوشی کا سماں ہے۔ خطہ پیر پنجال سے پارٹی ضلع وزونل اکائیوں کے عہدیداران ، لیڈران نے محمد معروف خان کو یہ ذمہ داری سونپے جانے پر پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اِس سرحدی اضلاع پونچھ اور راجوری میں پارٹی کیڈر میں نیا جوش وولولہ آئے گا۔محمد معروف خان کو کئی لیڈران نے مبارک باد پیش کی ہے۔ اس سلسلہ میں اْنہیں مبارک باددینے رہائش گاہ پر کثیر تعداد میں سیاسی وسماجی شخصیات پہنچیں۔ جمعرات کو رہائش گاہ پر اسمبلی حلقہ مینڈھر کی متعدد پنچایتوں سے سرپنچ، پنچ، سابقہ سرپنچ، معزز شخصیات ، وکلاء حضرات پہنچے اور اْنہیں مبارک باد دی۔ اس موقع پر مقررین نے پارٹی صدر محبوبہ مفتی، نائب صدر چوہدری عبدالحمیداورپارٹی کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ خطہ پیر پنجال میں پارٹی کی مضبوطی کے لئے محمد معروف خان کو ذمہ داری سونپنے کا جوفیصلہ لیاگیا ہے کہ وہ تاریخی ہے اور اِس سے پارٹی کیڈر میں نیا جوش اور ولولہ آئے گا۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کومحمد معروف خان جیسے دور اندیش، مخلص شخص کو یہ ذمہ داری سونپے جانے پر بہت فائدہ ملے گا کیونکہ وہ ضلع پونچھ کے اندر واحد ایسے شخص ہیں جنہیں سبھی طبقہ جات میں یکساں مقبولیت حاصل ہے کیونکہ وہ زمینی سطح کے لیڈر ہیں۔ لوگوں کے جذبات واحساسات سے بخوبی واقف ہیں اور اْن کی بہتر اور موثر ترجمانی کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں۔ سماجی طور وہ قدر آور لیڈر ہیں جس کا پارٹی کو بہت فائدہ ہوگا۔ اْنہیں رہائش گاہ پر پہنچ کر مبار باد پیش کرنے والوں میںسرپنچ حلقہ پنچایت چک بنولہ ایڈووکیٹ اکبر خان جنجوعہ، سرپنچ دھارگلون ایڈووکیٹ عمر، سرپنچ پٹھانہ تیر شعبان علی خان، سابقہ سرپنچ نسیم خان، ٹریڈ یونین لیڈر ریٹائرڈ لیکچرر رشید خان ، معروف سماجی شخصیت ریٹائرڈ ماسٹر فاروق خان ، نذیر حسین انس، حاجی سلیم، نصار چوہدری، قیوم خان، محمد فضل خان،قاری رمیض راجہ، مولوی رفیع، حاجی محمد خان، حاجی عبدالرحمن خان، ریٹائرڈ صوبیدار شیراز خان، سکندر خان وغیرہ وغیرہ قابل ذکر ہیں۔