مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری ٹیکسٹائل کاکپواڑہ کا دورہ
مرکزی سکیموں کو مقررہ وقت کے اندر لاگو کرنے کی ہدایت
کپواڑہ // مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکسٹائل مسٹر شانت منو(آئی اے ایس ) ، نے کپواڑہ ضلع کے اپنے دو روزہ دورے کے دوران افسران اور فیلڈ کے عہدیداروں پر زور دیا کہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر جس کیلئے حکومت ہند بھاری فنڈ فراہم کر رہی ہے میں اپنا فعال کردار نبھائیں ۔ مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری ڈی سی آفس کپواڑہ میں ضلعی اور سیکٹرل افسروں کی ایک میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے جو اسپائیریشنل ڈسٹرکٹ پروگرام ( اے ڈی پی ) کے تحت اسکیموں پر عمل آوری کا جائیزہ لینے کیلئے بلائی گئی تھی ۔انہوںنے افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام ترقیاتی کاموں کی تکمیل کو یقینی بنائیں اور مرکزی اسپانسر شدہ اسکیموں کو مقررہ وقت کے اندر لاگو کریں ۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ اگر زمینی سطح پر کسی بھی اشارے کے نفاذ کی گنجائش کم ہے تو حکومت کو رائے دینے میں کافی صاف اور ایماندار بنیں ۔ انہوں نے کامیابیوں کو سراہا ۔ قبل ازیں میٹنگ میں تفصیل سے بحث ہوئی اور ضلع کے ترقیاتی منظر نامے کا جائیزہ لیا گیا جس میں ضلع میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے علاوہ صحت ، تعلیم ، زراعت ، مالیاتی شمولیت اور ہنر مندی کی ترقی سمیت اسپائیریشنل ڈسٹرکٹ پروگرام کا خصوصی جائیزہ لیا گیا ۔ مسٹر شانت منو نے متعدد مرکزی اسپانسر شدہ اسکیموں اور پروگراموں جیسے سوئل ہیلتھ کارڈ ز ، آدھار سیڈنگ ، مدرا لون ، خود روز گار اسکیمیں ، سنکلپ وغیرہ کے نفاذ کا بھی جائیزہ لیا ۔ سنٹرل پربھاری افسر نے اسپائیریشنل ڈسٹرکٹ پروگرام کے تمام کاموں کا جائیزہ لیا ۔ انہیں بتایا گیا کہ کپواڑہ ضلع کو اس سال 21 اپریل کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ دیا گیا پی ایم ایوارڈ آف ایکسیلینس ملا ، کپواڑہ ضلع کو 24 مارچ کو مرکزی وزیر صحت نے نئی دہلی میں ٹی بی نوٹیفکیشن میں 60 فیصد سے زیادہ کمی حاصل کرنے پر گولڈ میڈل سے نوازا تھا ۔ بعد ازاں مسٹر شانت منو نے ڈی سی کپواڑہ اور متعلقہ افسران کے ساتھ ذاتی طور پر ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا معائینہ کرنے کیلئے فیلڈ کا دورہ کیا ۔ دورے کے دوران انہوں نے ہیلتھ اینڈ ویلنس سنٹر شلورہ کا معائینہ کیا جس کے دوران انہوں نے ہسپتال کے مختلف حصوں کا معائینہ کیا اور بزرگ شہریوں اور مریضوں سے براہ راست بات چیت کی تا کہ اسپاٹ فیڈ بیک حاصل کیا جا سکے ۔میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر کپواڑہ امام دین ، اے ڈی سی کپواڑہ غلام نبی بھٹ ، جے ڈی پلاننگ عبدالمجید اور دیگر سینئر افسران موجود تھے ۔
کرگامہ ہندوارہ میں خاتون کی پر اسرار موت
لوگو ں کے احتجاجی مظاہرے ،ملوثین کو سزا دینے کا مطالبہ
کپوارہ//اشرف چراغ //کر گامہ ہندوارہ میں ایک خاتون کی پر اسرار موت کے بعد لواحقین نے زور دار احتجاج کیا اور کہا کہ انہیں سسرال والو ں نے قتل کیا جبکہ سسرال والو ں کا کہنا ہے کہ اس نے خود کشی کر لی ۔معلوم ہوا ہے کہ شانو ہندوارہ کی ایک جو اں سال خاتون نام مخفی کی شادی کر گامہ ہندوارہ میں ہوئی تھی اور بدھ کی شام کو انہیں مر دہ حالت میں پایا گیا ۔خاندان والو ں کا کہنا ہے انہیں سسرال والو ں نے قتل کر دیا اور ہمیں اطلاع دی کہ انہو ں نے خود کشی کر لی لیکن حقیقت یہ ہے انہیں جان بوجھ کر قتل کیا گیا کیو نکہ ان کی گردن پر واضع نشانات ہیں ۔خاندانو ں والو ں کا مزید کہنا ہے کہ سسرال والے لڑکی کا بار بار تشدد کا نشانہ بناتے تھے ۔جمعرات کے روز لڑکی کے میکے والے اور شانو علاقہ کے سینکڑوں لوگ اپنے گھروں سے باہر آئے اور اس واقعہ کے خلاف زور دار احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ ملو ثین کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔واقعہ کے خلاف پولیس نے کیس درج کیا اور پوچھ تاچھ کے لئے کئی افراد کو حراست میں لیا ۔
بڈگام میں پولیس اے ایس آئی حرکت قلب بند ہونے سے فوت
بڈگام//ارشاد احمد//بڈگام پولیس کنٹرول روم میں تعینات اسسٹنٹ سب انسپکٹر دوران شب حرکت قلب بند ہونے سے جاں بحق ہوگیا۔پولیس کے مطابق اسسٹنٹ سب انسپکٹر مشتاق احمد شاہ ساکن نسو بدر ا گنڈکونڈ قاضی گنڈ نے دوران شب سینے میں درد کی شکایت کی جس کے باعث اسے فوری طور پر ضلع ہسپتال بڈگام منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔متوفی اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی نعش کو قانونی چارہ جوئی کے بعد اہل خانہ کے سپرد کر دیا گیا۔
بیروہ میں کتوں کے حملے میں6سالہ بچی شدید زخمی
بڈگام//ارشاد احمد//بیروہ سے ملحقہ اتونہ میں جمعرات کی صبح آوارہ کتوں کے حملے میں 6 سالہ بچی شدید زخمی ہوگئی۔ مقامی شہری شکیل احمد نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ علاقے میں جمعرات کی صبح 8 بجے اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب آوارہ کتوں نے 6 سالہ عارفہ علی دختر علی محمد بٹ گھر سے دوکان کی جانب جارہی تھی کہ آوارہ کتوں کے جھنڈ نے اس پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں بچی شدید زخمی ہوگئی۔زخمی بچی کو فوری طور پر بیروہ ہسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس ہیڈکواٹر میں پائپنگ تقریب
تین افسروں کو ڈی وائی ایس پی رینک سے نوازا گیا
سرینگر// پولیس ہیڈ کوارٹر سرینگر میں جمعرات کو ایک پائپنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے حال ہی میں ترقی پانے والے تین افسروں کو ڈی وائی ایس پی رینک سے نوازا۔اس موقع پر اے ڈی جی پی ہیڈ کوارٹر، پی ایچ کیو ایم کے سنہا اور اے آئی جی (پرسنل) پی ایچ کیو رمیش انگرال موجود تھے۔جن افسران کو ڈی وائی ایس پی رینک سے نوازا گیا ان میں ترن سنگھ، محمد اقبال ملک اور سید آفاق احمد شامل ہیں۔اس موقع پر ڈی جی پی نے افسران اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ترقیوں سے کام کرنے والے میں مزید ذمہ داریوں اور چیلنجز کا اضافہ ہوتا ہے اور امید ظاہر کی کہ افسران ڈی وائی ایس پی کے طور پر جوش اور جذبے کے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے ان کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سینٹ جوزف اسکول کے عملے کی ہڑتال ختم
ڈپٹی کمشنر بارہمولہ نے یقین دہانی کرائی
سرینگر//یو این آئی// شمالی ضلع بارہمولہ میں واقع معروف سینٹ جوزف ہائر سیکنڈری اسکول عملے نے ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کے بعد اپنی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔سٹاف ایسو سی ایشن کے عہدیدار نے بتایا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ کی یقین دہانی کے بعدسے ہی اسکول میں درس وتدریس کا کام کاج شروع ہوگا۔شمالی ضلع بارہمولہ میں واقع معروف سینٹ جوزف ہائر سیکنڈری اسکول میں تعینات اساتذہ اور دیگر عملہ گذشتہ قریب ایک ہفتے سے تنخواہوں میں اضافے اور دیگر مطالبوں کو لے کر ہڑتال پر تھے جس کے باعث اسکول میں تدریسی عمل معطل ہو کررہ گیا تھا ۔ہڑتال پر بیٹھے عملے کی ایک عہدیدار نے جمعرات بعد دوپہر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ اسکول انتظامیہ نے ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ بھوپندر کمار کے ساتھ ملاقات کی ۔انہوں نے بتایا کہ سٹاف عملے نے بھی بعد میں ڈپٹی کمشنر کے ساتھ ملاقات کی جس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ 15سے 16دنوں کے اندرا ندر جائز مسائل کو حل کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ڈی سی کی یقین دہانی کے بعد ہڑتال پر بیٹھے ملازمین نے جمعہ یعنی 6مئی سے اسکول میں درس و تدریس کا کام کاج شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔اُن کے مطابق ملازمین اپنے جائز مسائل کوحل کرنے کی خاطر پچھلے ایک ہفتے سے ہڑتال پر تھے ، اب جبکہ ضلعی انتظامیہ نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی لہذا ہم نے بھی ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
اپنی پارٹی کا خورشید عالم کے اہل خانہ سے ملاقات
سرینگر// اپنی پارٹی کے وفد نے پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری کی قیادت میں پیپلز کانفرنس لیڈر خورشید عالم کی اہلیہ کے انتقال پر اظہار یکجہتی کیلئے ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ بخاری کے علاوہ صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر، سابق ایم ایل اے رفیع آباد یاور میر، میئر سرینگر اور اپنی پارٹی کے یوتھ صدر جنید عظیم متو، ریاستی سکریٹری و ضلع صدر منتظر محی الدین، ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ، ڈی ڈی سی چیئرمین ملک آفتاب خان بھی موجود تھے۔ ، چیف کوآرڈی نیٹر عبدالماجد پڈر، انچارج امیرا کدل محمد اشرف نے خورشید عالم کی اہلیہ کے انتقال پر اظہار یکجہتی کے لیے ان کی رہائش گاہ کا دورہ کیا جو گزشتہ روز مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئی تھیں۔ ایک بیان میں وفد نے مرحوم کی روح کے ایصال ثواب اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت کیلئے دعا کی۔ سوگوار خاندان کے ارکان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی وفد نے کہا کہ اپنی پارٹی خورشید عالم اور خاندان کے بڑھے ہوئے ارکان کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔
شیری بارہمولہ میں ہولناک آگ
رہائشی مکان خاکستر، لاکھوں روپئے مالیت کا سامان راکھ
فیاض بخاری
بارہمولہ//ضلع بارہمولہ کے شیری ناروائو علاقے میں جمعرات کی صبح آگ کی ایک ہولناک واردات میں ایک رہائشی مکان خاکستر ہوگیاجس کے نتیجے میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔عینی شاہدین کے مطابق آگ صبح سویرے تقریباً5بجکر15منٹ پر غلام رسول میرازی اور معراج الدین میرازی ولد مرحوم غلام قادر میرازی ساکن شیری نامی دو بھائیوں کے مکان میں لگی اورمقامی لوگ فوری طور موقع پر پہنچے اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی تاہم وہ ناکام رہے جس کے بعد فائرسروس اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ آتشزدگی سے لاکھوں روپئے مالیت کا سامان خاکستر ہوگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فائر ٹینڈر، شیری پولیس اور فوج نے مقامی لوگوں کی مدد سے بروقت موقع پر پہنچ کر پھیلنے سے روک دیا۔اس سلسلے میں شیری پولیس نے کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کردی۔
چوری کامعاملہ2روز میں حل
ٹنگمرگ میں نقب زن گرفتار،مال مسروقہ برآمد
مشتاق الحسن
ٹنگمرگ//بارہمولہ پولیس نے ٹنگمرگ میں چوری کاایک معمہ2روز میں حل کرتے ہوئے ایک نقب زن کی گرفتاری عمل میں لائی اوراُس کی تحویل سے بڑی مقدارمیں مال مسروقہ برآمد کرلیا ۔پولیس اسٹیشن ٹنگمرگ کو فیاض احمد لون ولد عبدالمجید لون ساکن ماہین ٹنگمرگ کی طرف سے تحریری شکایت موصول ہوئی تھی کہ 2 اور3 مئی 2022 کی درمیانی شب ان کی دکان میں چوروں نے توڑ پھوڑ کی اور موبائل فون اوراس سے جڑاسامان اور لاکھوں مالیت کے لیپ ٹاپ اڑالئے ہیں۔ پولیس نے اس سلسلے میں ٹنگمرگ تھانہ میں ایف آئی آر نمبر 37/2022 زیر دفعہ 457اور380 آئی پی سی کے تحت درج کیا۔ ایس ڈی پی او ٹنگمرگ کی نگرانی میں ایس ایچ او ٹنگمرگ کی سربراہی میں ایک خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی اور مین بازار میں نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی گئی اور سخت کوششوں کے بعد فوٹیج سے ایک کئی مشتبہ افراد کو پوچھ تاچھ کے لیے بلایا گیا اور آخر کارایک ملزم اویس احمد لون ساکن فیروز پورہ ٹنگمرگ نے اعتراف جرم کیا اور اس کے انکشاف پر تمام مال مسروقہ بشمول موبائل فون، موبائل سامان، لیپ ٹاپ برآمدکئے گئے۔علاقہ کے عام لوگوں نے بارہمولہ پولیس کی طرف سے چوروں کے خلاف اس کارروائی کو سراہا۔مشمولات جے کے این ایس
ساگر کلچرل فورم کی جانب سے عید ملن کا انعقاد
فیاض بخاری
بارہمولہ// ادبی اور ثقافتی تنظیم ساگر کلچرل فورم ڑکر پٹن کشمیر کی جانب سے اسلامیہ ماڈل اسکول فتح گڑھ بارہمولہ میں عید ملن پروگرام منعقد کیا گیا۔اس موقع پر بزرگ شاعر ڈار مشتاق کی تین کتابوں’ لولہ اچھر، آبِ رحمت اور آبِ زولال‘ کی رسم رونمائی انجام دی گئی۔ پروگرام دو نشستوں پر مشتمل تھا۔ پہلی نشست کی صدارت معروف شاعر رنجور تلگامی نے کی۔ ان کے ساتھ صدارت میں مہمان خصوصی بشیر منگوالپوری، نظر بونیاری، الہام ناروائی اور رشید سنگھ پوری موجود تھے ۔ اس موقع پر فورم کی جانب سے بزرگ شاعر ڈار مشتاق فورم کے صدر بشیر زوگیاری اور ماجد گنائی کو اعزاز سے نوازا گیا۔ فورم کے سرپرست اعلیٰ ساگر نظیر نے مہمانوں کا استقبال کیا۔اس دوران ایک مشاعرہ منعقد ہوا جس کی صدارت ممتاز رشید نے کی ان کے ساتھ صدارت میں فاروق واگوری،آفاق دلنوی،فاروق رفیع آبادی، پروفیسر صابر موجود تھے۔ جن شعراء نے مشاعرے میں اپنا کلام پیش کیا ان میں شہزاد منظور،عرفان احمد ،بشیر منگوالپوری ،بشر زوگیاری،رشید سنگھپوری ، شاہی سجاد،مجروح کشمیری ،بیتاب محی الدین،الہام ،احد گل، میر لڈری،خاکسار چوپان ،غلام نبی دلنواز،ساقی ارشاد،احد غمگین ،پروفسر مسعود،قیوم دلدار،ساگر نظیر،الطاف حسین، حثیت روف،حجاب النسا،رنجور تلگامی ،شمیمہ تبسم اور ماجد گنائی شامل ہیں۔
کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرز کا اجلاس
کشمیری تاجر فرہان کتاب نے شرکت کی
سری نگر//وادی سے تعلق رکھنے والے ممتاز تاجر، فرحان کتاب نے نئی دہلی میں کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرز (CAIT) کی باوقار کور کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔کتاب، جو کشمیر ریٹیلرز ایسوسی ایشن (KRA) کے صدر ہیں، کشمیر کے واحد کاروباری رہنما تھے، جنہیں بااثر کاروباری ادارے کی قومی کور کمیٹی کے اجلاس میں مدعو کیا گیا تھا جس میں بنیادی مسائل پر بحث کی گئی تھی۔ میٹنگ کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے، کتاب نے کہا کہ “کشمیر کی تاجربرادری کو بچانے کے لیے ایک بحالی پیکج اور حکمت عملی کی ضرورت ہے۔کتاب نے کہا کہ کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس وقتاً فوقتاً کشمیر کے دکانداروں کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنے میں تعاون کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کشمیری تاجروں کی حمایت کے لیے CAIT کا شکریہ ادا کیا۔