تاریخی مغل شاہراہ بحال ہو گئی
پہلے روز 148گاڑیوں نے شاہراہ پر سفر کیا
سمت بھارگو +عشرت حسین بٹ
پونچھ+روجوری // وادی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والی 86کلو میٹر طویل تاریخی مغل شاہراہ کو زائد از چار ماہ بعد بدھ کے روز ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے کھول دیا گیا ہے ۔پہلے روز سرحدی ضلع پونچھ کی جانب سے کل 148گاڑیوں نے وادی کیلئے شاہراہ پر سفر کیا ۔ڈپٹی ایس پی ٹریفک راجوری پونچھ رینج آفتاب شاہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پہلے دن ایک سو اڑتالیس گاڑیوں نے سفر کیا ہے ۔ان گاڑیوں میں 21 ٹاٹا سومو، 15 ٹیمپو ٹریولرز، 19 تویرا گاڑیاں، 26 ٹاٹا موبائل، 04 ٹرک، 63 پرائیویٹ کاریں شامل ہیں۔ڈپٹی ایس پی ٹریفک نے مزید بتایا کہ سڑک پر کوئی گاڑی نہیں پھنسی اور موسم صاف رہاتاہم انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے سفر کی منصوبہ بندی صرف ٹریفک پولیس کے ذریعہ جاری کردہ نقل و حرکت کے شیڈول کے مطابق کریں ۔واضح رہے کہ اس تاریخی شاہراہ جس کو متبادل شاہراہ سمجھا جاتا ہے، کو بھاری برف باری کے بعد ماہ دسمبر21 میں ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند کر دیا گیا تھا اور بدھ کو ایک مرتبہ پھر برف ہٹانے کے دو ہفتوں بعد بدھ کو گاڑیوں کی آمد و رفت کیلئے کھول دیا گیا ہے ۔اس حوالے سے ڈی ایس پی ٹریفک راجوری پونچھ آفتاب حسین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شاہراہ کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھاکہ ٹریفک ایڈ وایزری کے مطابق آج سرینگر سے پونچھ کی جانب چھوٹی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت ہوگی۔دریں اثنا ء صوبائی کمشنر جموں ڈاکٹر راگو لنگرنے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محکمہ ٹریفک کی طرف سے جاری کی جانے والی ٹریفک ایڈوائزریز پر عمل کریں تاکہ اس سڑک پر ٹریفک کی نقل و حمل کو یقینی بنایا جا سکے۔
کوٹرنکہ میں نوجوان کی مبینہ خود کشی
محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن کی پنچایت حلقہ بے نمبل میں ایک 24سالہ نوجوان میں مبینہ طورپر خود کو درخت کیساتھ لٹکا کر خود کشی کر لی ۔مقامی ذرائع کے مطابق پنچایت بے نمبل کی وارڈ نمبر 4کے رہائشی 24سالہ ارجن کمار ولد پریم چندر نے مبینہ طورپر خود کشی کر لی ۔پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر اس کو پوسٹ مارٹم کیلئے پہلے کنڈی ہسپتال منتقل کیا جبکہ اس کے بعد لاش کو گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کیا گیا جہاں پر قانونی کارروائی کیلئے ضروری لورزامات مکمل کرنے کے بعد لاش کو اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا ۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
منڈی میں ہیلتھ میلے کا اہتمام
لوگوں میں مفت ادویات تقسیم کی گئیں
عشرت حسین بٹ
منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے صدر مقام پر محکمہ صحت کی جانب سے ایک ہیلتھ میلے کا اہتمام کیا جس کا افتتاح ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے کیا ۔اس موقعہ پر مختلف محکمہ جات کی جانب سے عوام کے لئے سرکار کی طرف سے چلائی جانے والی سکیموں کے حوالے سے سٹال قائم کئے تھے جن سے عوام کو روشناس کروایا گیا ۔میلے کے دوران ایک طبی کیمپ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس میں ضلع کے مختلف ہسپتالوں سے ماہر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے عوام کا طبی معائینہ کر کے انہیں مفت ادویات تقسیم کیں۔ اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے کہا کہ سرکار کی جانب سے ہر ضلع کی عوام کیلئے ایسے پروگروم منعقد کئے جا رہے ہیں۔ اسی سلسلہ میں ضلع پونچھ میں بھی اس طرح کے میلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا ضلع پونچھ میں اب تک کا یہ تیسرا میلہ ہے جس میں عوام کے لئے تمام تر سہولیات کو میسر رکھا جاتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح کے میلے کا اہتمام منڈی تحصیل کی عوام کے لئے کیا گیا تھا جس میں طبی کیمپ کے ساتھ ساتھ متعدد محکمہ جات نے اپنے اسٹالز کے ذریعہ سے عوام کو سرکاری سکیموں کے حوالے سے جانکاری فراہم کی جن سے عوام کو فائدہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان کو میلوں کی طرز پر ضلع کے دور دراز علاقوں میں میلے لگائے جائیں گے جن سے عوام کو فائدہ حاصل ہوگا۔
مغل شاہراہ کی بحالی پر خطہ میں خوشی کی لہر
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // تاریخی مغل شاہراہ کو ہر طرح کی گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سڑک سے برف وغیرہ ہٹانے کے بعد گزشتہ کئی دنوں سے خطہ پیر پنچال کے عوام کو سڑک کے کھلنے کا بے صبری سے انتظار تھا اور پچھلے کئی دنوں سے سماج کے مختلف طبقوں کی جانب سے بڑھتی ہوئی مانگ کے بعد جموں وکشمیر انتظامیہ نے مغل شاہراہ پر ہر قسم کی گاڑیوں کو آمد ورفت کی اجازت دے دی ہے۔ گاڑیوں کی نقل و حرکت سے خانہ بدوش طبقہ نے بھی راحت کی سانس لی ہے وہیں اضلاع راجوری پونچھ کے متعدد مریضوں کو بھی کشمیر کے مختلف ہسپتالوں میں علاج و معالجہ کیلئے آنے جانے کا موقع دستیاب ہوا ہے۔ ساتھ ہی ملازمین اور طلباء نے بھی اعلیٰ حکام کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ چنانچہ عوامی خواہشات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے مغل شاہراہ کو بلا روک ٹوک آمد و رفت کے لئے کھول دیا گیا ہے اس خبر سے خطہ کے تمام لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ وہیں اس شاہراہ پر تمام تر گاڑیوں کو آمد و رفت کی اجازت ملنے پر عوام نے بھی گونر انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل سے نہ صرف مسافر مستفید ہوں گے بلکہ جن نوجوانوں نے بنکوں سے قرض لیکر گاڑیاں خریدی ہیں انھیں قسطوں کی ادائیگی کی پیش رفت میں بھی آسانی ہوگی اور ساتھ ہی ساتھ جن بے روزگار نوجوانوں نے بنکوں سے قرضہ حاصل کرکے دکانیں ڈالیں انھیں بھی گاڑیوں کی نقل وحمل سے بہم استفادہ ہوگا۔
مفرور 6برسوں بعد پولیس گرفت میں
جاوید اقبال
مینڈھر //جموں وکشمیر پولیس نے مفرور افراد کیخلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے 6برسوں بعد 376کے ایک معاملہ میں ملوث مفرور کو گرفتار کر کے کیس کی مزید تحقیقات کا عمل دوبارہ سے شروع کر دیا ہے ۔مینڈھر کے گرسائی پولیس سٹیشن کی ایک ٹیم کی جانب سے انسپکٹر فاروق خطیب کی قیادت میں شروع کی گئی مہم کے دوران امتیاز احمد شاہ ولد کالا خان سکنہ سلواہ مینڈھر کو ایف آئی آر زیر نمبر 139/2017زیر دفعہ 376آر پی سی گرفتار کرلیا ہے ۔پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ شخص 2017سے مفرور تھا تاہم اس سلسلہ میں 512سی آر پی سی کے تحت مینڈھر کور ٹ سے ورنٹ بھی جاری کئے گئے تھے ۔
غریب بچوں میں کتابیں اور وردیاں تقسیم
حسین محتشم
پونچھ// ماڈل ہائیر سکنڈری سکول بوائز منڈی میں اسکول فنڈ سے اسکول میں زیر تعلیم غریب طلباء میں وردیاں اور کتابیں تقسیم کی گئیں۔ اس سلسلہ کو لے کر ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں سرپنچ حلقہ پنچایت منڈی مبشر حسین بانڈے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ ماڈل ہائر سیکنڈری اسکول منڈی میں اسکول فنڈ کے ذریعے سرپنچ پنچایت منڈی نے اپنے ہاتھوں سے غریب بچوں میں کتابیں، وردیاں اسکول بیگ اور دیگر ضروری اشیاء تقسیم کی۔انھوں نے کہا کہ اگرچہ اسکول میں موجود عملہ نہایت ہی محنت لگن، تندہی اور ایمانداری سے پرنسپل رچھپال سنگھ کی زیرقیادت کام کر رہا ہے لیکن، ریاضی، معاشیات، ایجوکیشن اور انگریزی کے لیکچرار کی اسامیاں خالی ہونے کی وجہ سے بچوں کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے ، ساتھ ہی ساتھ اسکول کے احاطے میں پبلک لائبریری کی عمارت کی وجہ سے اسکول میں جگہ کی سخت کمی ہے۔ انہوں نے ایل جی انتظامیہ، ڈایریکٹر اسکول ایجوکیشن جموں، ضلع ایجوکیشن آفیسر، اور ضلع ترقیاتی کمشنر سے گذارش کی کہ مندرجہ بالا مشکلات کا اولین ترجیحات میں ازالہ کیا جائے۔
بنیادی سہولیات فراہم کرنے پر انتظامیہ کی سراہنا
حسین محتشم
پونچھ//سابق ایم ایل اے پونچھ شاہ محمد تانترے نے ماہ مبارک رمضان کے آنے والے اہم ایام شب قدر ، جمعتہ الوداع، عید الفطرپر عوام کو مبارکباد دی ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے عوام کوکسی حد تک بنیادی سہولیات فراہم کرنے پر ضلع انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔انھوں نے کہا کہ ماہ مبارک رمضان ایک مقدس مہینہ ہے جس میں فرزندان توحید عبادتِ خدا وندی میں مشغول رہتے ہیں ان کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ایک بڑی ذمہ داری ہے جس میں اس بار انتظامیہ کچھ حد تک کامیاب رہی ہے۔انھوں نے انتظامیہ کے تمام افسران خصوصی طور پر ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کا شکریہ اداکیا۔تانترے نے قصبہ پونچھ کی تمام مساجد کے آئمہ اور دیگر علماء سے اپیل کی کہ وہ رات کے اوقات میں لوڈ سپیکر کا استعمال نہ کریں۔انھوں نے کہا کیونکہ اس سے طلباء کی تعلیم متاثر ہوجاتی ہے ، مریضوں کو اور بزرگوں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتاہے۔انھوں نے کہا کہ قصبہ پونچھ میں دیگر مذاہب کے ماننے والے لوگ بھی رہتے ہیں ہمیں ان کے آرام میں خلل کاسبب نہیں بنا چاہئے۔
مغل شاہراہ کی بحالی سے عام لوگوں کو فائدہ ہوگا
منریگا بجٹ میں کٹوتی کا عمل افسوس ناک :بی ڈی سی
جاوید اقبال
مینڈھر//مغل شاہرہ کھلنے پر بی ڈی سی چیرپرسن مینڈھر طاہرہ جبین نے گورنر انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شاہرہ کھلنے کی وجہ سے کافی حد تک زیر تعلیم طلباء،ملازمین،بیمار لوگ ودیگر عام لوگوں کو فائدہ ملے گا ۔یہاں جاری ایک بیان میں موصوفہ نے کہاکہ خطہ پیر پنچال کے مریضوں کی ایک بڑی تعداد وادی کے ہسپتالو ں سے اپنا علاج معالجہ کروا رہے ہیں تاہم ان کو جموں سرینگر شاہراہ کے ذریعہ وادی جانا پڑتا تھا تاہم مغل روڈ کی بحالی کے بعد ان کی مشکل کم ہو جائے گی جبکہ اسی طرح بچوں کی ایک بڑی تعداد وادی کے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کررہی ہے ۔اس کے علاوہ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بھی کمی آئے گی جس کے غریب طبقہ کو فائدہ ملے گا ۔ طاہرہ جبین نے کہا کہ منرنگا کے بجٹ میں کٹوتی افسوس ناک ہے ایک طرف وزیراعظم نے جموں میں اپنی تقریر میں کہا کہ پنچایتوں کو با اختیار بنایا گیا ہے تو دوسری جانب منریگا بجٹ میں کٹوتی کی گئی ہے جس سے تعمیر اتی عمل پر اثر پڑنے کیساتھ ساتھ غریبوں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہو جائے گا ۔