مزید خبریں

نیوز ڈیسک
اکلاویہ ماڈل سکولوں میں داخلہ | راجوری اور پونچھ میں جاری نوٹس میں واضح فرق

جاوید اقبال 

مینڈھر //خطہ پیر پنچال میں قائم کر دہ ماڈل اکلاویہ ماڈل سکولوں میں داخلے کیلئے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں ایک واضح فرق رکھا گیا ہے تاہم مکینوں کے مطابق کسی بھی ضلع اور خطہ میں مذکورہ تعلیمی اداروں میں بچوں کے داخلے کیلئے قاعدہ یکساں ہوتا ہے تاہم راجوری میں جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت 90فیصد سیٹیں ایس ٹی طبقہ کیلئے مخصوص رکھی گئی ہیں جبکہ 10فیصد سیٹیں نان ایس ٹی کیلئے رکھی گئی ہیں ۔ان نان ایس ٹی سیٹوں کیلئے معذور طلباء کیساتھ ساتھ ایسے خاندانوں کے طبقہ کو سیٹیں دی جائیں گی جن کے والدین کا ملی ٹینسی کے واقعات میں انتقال ہوا ہو گا تاہم دوسری جانب پونچھ ضلع میں ماڈل اکلاویہ سکول بھیرہ میں داخلے کیلئے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں سبھی سیٹیں ایس ٹی طبقہ کیلئے مخصوص رکھ دی گئی ہیں ۔مقامی لوگوں نے اس عمل کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اگر راجوری ضلع میں اسی سکول میں داخلے کیلئے 10فیصد سیٹیں نان ایس ٹی کیلئے رکھی گئی ہیں تو پونچھ میں ایک الگ او ر منفرد قاعدہ بنایا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ دونوں اضلاع میں یکساں نوٹیفکیشن جاری کئے جائیں ۔چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ نے بتایا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر اس عمل کے چیئر مین ہیں جبکہ وہ ممبر ہیں ۔انہوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اگر ٹرائبل کیلئے سکول قائم کئے گئے ہیں تو اس میں داخلہ سو فیصد ٹرائبل بچوں کا ہی ہو گا ۔

 

 

 

 

 

 

 

 

مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ کے زیر اہتمام مقابلہ حسن نعت کا انعقاد

عظمیٰ یاسمین 

منڈی // مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ ہائرسکینڈری سکول تھنہ منڈی کے پروفیسر غلام رسول بچہ میموریل ہال میں ایک پر وقار’’ مقابلہ حسن نعت‘‘ کا انعقاد کیا گیاجس میں تحصیل تھنہ منڈی کے دینی اور عصری اداروں سے آئے ہوئے تقریباً بارہ نعت خواں طلبا و طالبات نے حصہ لیتے ہوئے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور گلہائے عقیدت پیش کئے۔ اس نورانی و عرفانی محفل کا آغاز حافظ زاہد علی خان نے تلاوت کلام پاک سے کیا اس کے بعد مقابلے کا باضابط آغاز ہوا اس بابرکت مجلس میں کونسلر الحاج محمد اقبال نازش کرسی صدارت پر براجمان تھے جبکہ افسر رینہ مہمان خصوصی تھے۔ اپنی بہترین کارکردگی کے جوہر دکھاتے ہوئے مدرسہ مدنی دارالعلوم منہال کے طالب علم حافظ زاہد علی خان نے پہلا، مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ ہائرسکینڈری سکول تھنہ منڈی کی طالبہ ثمرین فاطمہ نے دوسرا اور گورنمنٹ ہائی سکول عظمت آباد کے طالب علم محمد عاقب نے تیسرا مقام حاصل کیا جنھیں صدر محفل کے مبارک ہاتھوں سے امتیازی اسناد و انعامات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر صدر محفل الحاج محمد اقبال نازش نے اپنے بصیرت افروز بیان میں کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا آسوہ حسنہ ایک وسیع موضوع ہے اور دین اسلام کا ظہور تاریخ انسانی کا عظیم ترین انقلاب ہے۔ حبِّ رسول صلی اللہ علیہ وسلم سچے مسلمان کے ایمان کا بنیادی شعار ہے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی شخصیت انسانِ کامل کا پرتو اور حسنِ اخلاق کا اعلیٰ ترین نمونہ ہے۔ طلبہ کی نوجوان نسل میں اسلامی تعلیمات کا شعور اور محبت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا فروغ خوش آئند امر ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت و کردار کے مختلف فروزاں پہلووں کو آجاگر کرنا اور بچوں کے دلوں میں محبت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو پیدا کرنا ہے۔ چنانچہ اسی مقصد کے تحت مسلم ایجوکیشنل کی جانب سے ہدیہ تبریک پیش کیا جا رہا ہے۔ تقریب کے شاندار انعقاد پر منتظمین کی خصوصی کاوشوں کو بھی سراہا گیا۔ مقابلہ نعت کے منصفین کے فرائض حاجی محمد اقبال رینہ اور محترمہ شگفتہ خورشید رینہ نے سرانجام دیے۔ اس نورانی و عرفانی محفل میں صدر محفل الحاج محمد اقبال نازش، ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر عبدالرشید خان، محترمہ نصرت خورشید رینہ، افسر رینہ، ایم ای ٹی اسٹاف اور سینیر طلباء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کے آخر میں اسکول انتظامیہ کی جانب سے معزز مہمانوں اور نعت خواں حضرات کے لئے افطاری کا اہتمام کیا گیا۔

 

 

 

 

 

میونسپل حکام نے مومی لفافوں کے خلاف مہم چلائی

حسین محتشم

پونچھ//پالی تھین کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کے سرکاری حکم نامے کے باوجود پونچھ میں اس کا استعمال ہورہا ہے جو یہاں کی ماحولیات کیلئے سم قاتل بنتا جارہا ہے۔ محکمہ میونسپل کونسل پونچھ کی جانب سے اس صورت حال پر قابو پانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔اس سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے چیف ایگز یکٹو آفیسر پونچھ مشتاق احمد کی ہدایت پر افسران نے کی ایک ٹیم نے خلاف ورزی انسپکٹر امرپال سنگھ کی قیادت میںپونچھ کے صدر بازار کا اچانک دورہ کیا اور کئی کلوپالی تھین تھیلوں کو ضبط کر کے انھیں نذر آتش کردیا۔سی ای او میونسپل کونسل پونچھ نے کہا کہ غذائی اجناس کی پیکنگ کیلئے پالی تھین لفافوںکے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث ماحولیات پر بھی گہرا اثر پڑرہا ہے۔انھوں نے کہا کیونکہ لوگ اشیاء کی خرید فروخت کے بعد پولیتھین کھلے میں پھینک دیتے ہیں اور اسکے مضر اثرات کو نظر انداز کیا جاتا ہے جو نہایت خطر ناک ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان پلاسٹک بیگز کو استعمال کے بعد کھلے میں پھینک دیا جاتا ہے جو ہمارے لئے انتہائی مضر ہے کیونکہ یہ اپنی کیمیاوی خصوصیات کے باعث مٹی، پانی یا ہوا میں گلنے سڑنے کے بجائے ہمارے ماحول کیلئے مضر اور ضرر رساں بن جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے یہاں اگرچہ اس وقت پالی تھین پر مکمل پابندی ہے لیکن آس کے باوجود د چوری چھپے اس کا استعمال کیا جاتا ہے۔انھوں نے کہا پونچھ کے بازار کی اگر بات کریں تو یہاں پر کپڑے سے لیکر لالی پاپ ٹافی، دودھ، نمک ، کھانڈ تک پولیتھن میں فروخت کیا جارہا ہے جو قانونی جرم ہے۔انھوں نے دکانداروں اورعوام سے اپیل کی کہ وہ پالیتھین بیگ کا استعمال کرنابند کریں۔ انھوں نے کہا کہ اگر کوئی استعمال کرے گا تو محکمہ ان کے خلاف سخت کارروائی کرے گا۔

 

 

منڈی میں مجلس عزا کا اہتمام کیا گیا 

عشرت حسین بٹ

منڈی//پوری دنیا کی طرح ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں بھی شہادتِ امیر المومنین حضرت علی کے حوالے سے تنظیم المومنین منڈی کی جانب سے امام بارگاہ عالیہ قدیم میں مجلسِ عزا کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں عزادارانِ حضرت علی نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے امام علیہ سلام کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقعہ پر شعراء منقبت اور نوحہ خواں حضرات نے اپنے کلام کے زریعہ شہادت امامِ علی کو سامعین کے سامنے پیش کئے ۔مجلس سے مولانا سید فرمان علی عابدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت علی کی پیدایش اللہ کے گھر خانہِ کعبہ میں ہوئی اور انہوں نے شہادت کا جام بھی اللہ کے گھر مسجدِ کوفہ میں نوش فرمایا۔ ان کا کہنا تھا کہ حضرت علی نے دین اسلام کی خاطر کفار  مشرکین اور دشمنِ اسلام کو ہر جنگ میں شکست دے کر اللہ کے دین کو ہمیشہ سر بلند رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ علی نے اپنی زندگی میں مسلمانوں کے آخری نبی حضرت محمدؐکے ساتھ رہ کر اللہ کی رضا کو اپنی رضا کے پیکر میں ڈھال کر مسلمانوں کی خاطر مشعلِ راہ بنیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کو علی کی زندگی پر عمل پیرا ہو کر اپنی زندگی گزارنی چاہیے تاکہ ان کی دنیا اور دین دونوں آباد ہو جایں مولانا کا کہنا تھا کہ رمضان کی انیسویں صبح کو حضرت علی کو مسجدِ کوفہ میں سجدے کی حالت میں ابنِ ملجم نامی ظالم نے زربت لگائی اور ایکیس رمضان کو حضرت علی کی شہادت ہوئی ۔

 

 

 

چنگس سکول میں بیداری پروگرام کا انعقاد 

راجوری//خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزارت کے تحت خواتین کو بااختیار بنانے کے ضلع مرکز نے راجوری کے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول چنگس میں بیداری پروگرام کا انعقاد کیا۔اسکولی طالبات سے اپنے خطاب کے دوران وومن ویلفیئر آفیسر راجوری ڈاکٹر انعم مرزا نے کہا کہ صنفی عدم مساوات ہمارے معاشرے میں ایک طویل المیعاد مسئلہ ہے آج بھی خواتین کے ساتھ کئی طریقوں سے امتیازی سلوک کیا جاتا ہے۔وومن ویلفیئر آفیسر کی قیادت والی ٹیم نے طلباء کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے متعدد مسائل کے بارے میں جائزہ لیاجن کا طلباء کو ابھی تک سامنا ہے اور ان کی شکایات کے مناسب ازالے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔اسکول کے طلباء اور عملہ کے اراکین نے ان کو جانکاری فراہم کرنے کیلئے مذکورہ ٹیم کا شکریہ ادا کیا ۔

 

 

 

 

مینڈھر میں کیرئیر کونسلنگ پرپروگرام منعقد

مینڈھر //فوج کی جانب سے گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول مینڈھر میں طلباء کیلئے کیرئیر کونسلنگ کی مناسبت سے ایک بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران طلباء کو فوج میں بطور کیرئیر شروع کرنے کے سلسلہ میں تفصیلی جانکاری فراہم کی گئی ۔فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ پروگرام کو منعقد کرنے کا اصل مقصد نوجوانوں کو ان کے مستقبل میں آنے والے مسائل و پریشانیوں کے سلسلہ میں تفصیلی طورپر بیدار کرنا تھا ۔فوج نے نوجوانوں کو فوج میں شمولیت اختیار کرنے کیلئے ضروری اہلیت و دیگر لورزامات کے سلسلہ میں تفصیلی طورپر بیدار کیا ۔غور طلب ہے کہ خطہ پیر پنچال میں فوج کی جانب سے لمبے عرصہ سے مذکورہ نوعیت کے پروگراموں کا اہتمام کیا جارہا ہے جس سے مقامی نوجوانوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے ۔

 

 

 

 

دبڑ پوٹھہ میں بینک شاخ کھولنے کی مانگ 

رمیش کیسر 

نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے دبڑ پوٹھہ گائوں کے مکینوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ صارفین کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے گائوں میں جموں وکشمیر بینک کی ایک شاخ کھولی جائے ۔پنچایتی اراکین نے بتایا کہ عام لوگوں کی جانب سے گزشتہ کئی عرصہ سے مانگ کی جارہی ہے لیکن ابھی تک اس طرف دھیان نہیں دیاگیا ہے جس کی وجہ سے صارفین دیگر علاقوں میں قائم کر دہ بینکوں میں در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔صارفین نے بتایا کہ علاقہ میں بینک نہ ہونے کی وجہ سے وہ اکثر نوشہرہ ودیگر علاقوں میں قائم کر دہ بینکوں کا رخ کرنے پر مجبور رہتے ہیں ۔مقامی لوگوں و پنچایتی اراکین نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ دبڑ پوٹھہ گائوں میں جموں وکشمیر بینک کی ایک شاخ کھولی جائے تاکہ ان کی پریشانی ختم ہو سکے ۔

 

 

وزیر اعظم ریاستی درجہ بحال کرنے کا اعلان کریں :شاہ محمد تانترے

حسین محتشم

پونچھ//وزیراعظم ہند نریندر مودی کے جموں کشمیر کے دورے سے یہاں کے عوام کو بڑی امیدیں لگی ہوئی ہیں کہ شاید وہ اس دورے کے دوران جموں کشمیر کے لئے کوئی بڑا اعلان کر کے یہاں کے لوگوں کو راحت پہنچائیں گے۔ اس دوران سیاسی وسماجی راہنما بھی پْر امید ہیں کہ نریندر مودی جموں کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے کا اعلان کریں گے۔جموں و کشمیر کی دو بڑی جماعتیں نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی پانچ اگست دو ہزار اْنیس کو لئے گئے فیصلے کی واپسی کا بڑھ چڑھ کر مطالبہ کر رہی ہیں۔سابق ایم ایل اے پونچھ اورجموں کشمیر اپنی پارٹی کے ضلع صدر شاہ محمد تانترے نے کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے ریاست کے درجہ کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کے ریاست کے درجہ کو ختم کرکے یہاں کے عوام کے ساتھ نا انصافی کی گئی ہے جس کو سدھارنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے وزیر آعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے دورہ کے دوران جموں کشمیر کے ریاستی درجہ کو بحال کرنے کا اعلان کردیں جسکا انہوں نے پارلیمنٹ میں وعدہ کیا تھا۔انھوں نے کہا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ اس بار وزیر اعظم اپنا وعدہ پورا کریں گے۔نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر عبدالرشید شاہپوری نے کہا دفعہ تین سو ستھر اور پینتیس اے کے خاتمہ کے جموں کشمیر کے عوام بے چین ہے۔ انھوں نے کہا جموں و کشمیر کو ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ ملانے کے لئے یہ دفعات پْل کی حیثیت رکھتے تھے لیکن پانچ اگست دو ہزار اْنیس کو خصوصی پوزیشن کی منسوخی اور جموں و کشمیر کو مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں میں تقسیم کر کے اس ریاست کی خصوصیت چھین لی گئی۔ انہوں نے کہا کہ فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے وزیر داخلہ امت شاہ نے لوک سبھا میں اعلان کیا تھا کہ موذون وقت پر جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کئے گئے وعدے کو پورا کریں۔

 

 

 

 

 

 

 

دشنامی اکھاڑہ پونچھ میں مہامنڈلیشور کا اجتماع منعقد

حسین محتشم

پونچھ//دشنامی اکھاڑہ پونچھ کے احاطے میں مہامنڈلیشوروں کا اجتماع منعقد ہوا۔ اجتماع میں کثیر تعداد میں سناتن دھرم کے عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ اس اہم تقریب کی صدارت اٹل پیتھاڈیشور 1008 مہا منڈیل واشور راج گرو سوامی وشواتمانند سوارستی جی مہاراج نے کی۔ اس موقع پر ہندوستان کے سب سے بڑے  باباؤں نے نام جاپ اور کرم یوگ پر مادی اور روحانی طور پر ترقی کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو اپنے دھرم کی پیروی کرنی چاہیے اور بھگوان پر مضبوط یقین کے ساتھ تمام حالات کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ پونچھ کے لوگوں نے سوامی جی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے عام لوگوں کے فائدے کے لیے اس طرح کے اجتماعات کا اہتمام کیا۔اور ہندوستان کے اتنے بڑے سادھوں سنتوں کے یہاں کی عوام کو درشن کروائے جن کے درشن کم کے میلے کے علاوہ کہیں نہیں ہوتے۔ واضح رہے کہ  اس اجتماع سے قبل سوامی جی نے تمام بابائوں کے ہمراہ بڈھا امرناتھ منڈی کے بھی درشن کئے۔

 

 

 

پونچھ کے محلہ کماں خان میں آتشزدگی 

حسین محتشم

پونچھ//پونچھ کے محلہ کماں خان علاقے میں جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب آگ کی ایک واردات میں ایک مکان کے کم سے کم چھ کمرے اور ایک سٹور کو نقصان پہنچا۔فاروق حسین شاہ نامی شخص سکنہ محلہ کماں خان وارڈ نمبر4 مکان نمبر 133 نزد ضلع ہسپتال پونچھ کے رہائشی مکان میں آدھی رات 2 بجے اچانک آگ نمودار ہوئی جس کی اطلاع فائر سروس کو دی گئی گرچہ فائر ٹنڈرس اطلاع موصول ہوتے ہی جائے موقع پر پہنچ گئے لیکن تب تک آگ نے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ذرائع کے مطابق آگ کی اس واردات میں چھ کمرے اور ایک سٹور کو از حد نقصان پہنچا۔آگ لگنے کی وجوہات فی الوقت معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔ لوگوں نے متاثرہ خانداد کو مالی تعاون دینے کی انتظامیہ سے اپیل کی ہے۔

 

 

 امام بارگاہ پونچھ میں سالانہ مجلس عزا و ماتمی جلوس

حسین محتشم

پونچھ//شب شہادت حضرت امیر المومنین علی علیہ السلام کی مناسبت سے شب 21 رمضان المبارک انجمن جعفریہ پونچھ کے زیر اہتمام امام بارگاہ پونچھ میں سالانہ مجلس عزا اور ماتمی جلوس کا انعقاد کیا گیا۔ ہر سال کی طرح امسال بھی شب شہادت حضرت امیر المومنین علی علیہ السلام کی مناسبت سے سالانہ مرکزی مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں عزاداران امام علی علیہ السلام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مجلس عزا سے حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید ظہیر عباس جعفری نے خطاب کرتے ہوئے مولائے کائنات کی سیاسی زندگی اور اس وقت کے پیش آمدہ حالات میں خوارج کے کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی مختلف اسلامی مماللک میں تکفیری گروپ خوارج کا کردار ادا کررہا ہے جس کا مقابلہ علوی سوچ کے تحت کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا حضرت علی ابن ابی طالب کا ذات کا منفرد پہلو عدل و انصاف کا نفاذ ہے اسی عدل کے سبب آپ کی شہادت ہوئی۔ مجلس عزا کے اختتام پر ماتمی جلوس عزا برآمد ہوا جو امام بارگاہ عالیہ ٹاؤن سے مرکزی علی جامعہ مسجد میں اختتام پذیرہوا۔