پردھان منتری اواس یوجنا زمینی سطح پر مفلوج | نوشہرہ کے کئی مستحقین آج بھی سکیم کے لاگو ہونے کے منتظر
رمیش کیسر
نوشہرہ //سرکار کی جانب غریب اور بی پی ایل زمرے میں آنے والے لوگوں کیلئے محکمہ دیہی ترقی کے تحت پی ایم اے وائی سکیم کو لاگو کیا گیا تھا تاکہ غر یب مستحقین کو رہائشی گھر دئیے جاسکیں لیکن بدقسمتی سے نوشہرہ سب ڈویژن میں اس وقت بھی ہزاروں کی تعداد میں مستحقین ایسے ہیں جن کو اس سکیم کے زمرے سے ہی باہر رکھا گیا ہے ۔متعدد علاقوں میں ہزاروں کی تعداد میں غریب لوگ آج بھی سرکار کی اس سکیم سے محروم ہیں اور وہ سرکار کی ان سکیموں کے باوجود بھی ناقابل استعمال گھروں میں اپنی اور اپنے اہل خانہ کیساتھ زندگی گزار نے پر مجبور ہیں ۔مستحقین نے محکمہ کے ملازمین پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ فلاحی سکیموں کی عمل آوری کے دوران ملازمین و آفیسران مبینہ طورپر سیاسی اثر ورسوخ کو ذہن میں رکھتے ہیں جس کی وجہ سے کوئی بھی سکیم زمینی سطح پر مکمل کامیاب نہیں رہتی ۔سب ڈویژن کے بھوانی علاقہ کے رہائشی روشن لعل ولد لال چند نے بتایا کہ بی پی ایل زمرے میں ہونے کے باوجود بھی ان کو مذکورہ سکیم میں شامل نہیں کیا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے غریبوں کی فلاح و بہبود کیلئے شروع کردہ سکیمیں غریبوں کیلئے سود مند ثابت نہیں ہورہی ہیں جبکہ متعلقہ محکمہ کے ملازمین اور مقامی انتظامیہ بھی غریبوں کی جانب کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ضرور ی کاغذات جمع کروانے کے بعد وہ کئی عرصہ سے مسلسل دفاتر کے چکر ہی کاٹ رہے ہیں ۔سب ڈویژن کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے غریب لوگوں کو اس سکیم کے تحت فائدہ نہیں پہنچایا جا رہا ہے جبکہ عوام نے محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اور پنچایتی نمائندگان کی ملی بھگت سے ان لوگوں کو اس سکیم سے محروم رکھا گیا ہے ۔غریب لوگوں نے بتایا کہ وہ ا س زمرے میں آنے کے باوجود ملازمین و پنچایتی اراکین کی پسند اور نا پسند کی وجہ سے امتیازی سلوک کا شکار ہو گئے ہیں ۔مذکورہ کنبہ نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ان کو مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کر دہ سکیم کا فائدہ پہنچانے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں ۔
آگ لگنے سے سوکھی گھاس خاکستر
سمت بھارگو
راجوری//نوشہرہ کے گاؤں کلسیاں میں بھیڑوں کے فارم میں رکھی گئی سوکھی گھاس کی دو سو گانٹھیں آگ لگنے کے واقعے میں جل کر خاکستر ہوگئیں۔عہدیداروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بھیڑوں کے فارم کلسیان میں خشک گھاس کی تقریباً دو سو گانٹھوں کا ذخیرہ رکھا گیا تھا جہاں ہفتہ کو آگ کی ایک واردات رونما ہوئی اور مذکورہ گھاس جل کر راکھ میں تبدیل ہو گئی ۔اس سلسلہ میں متعلقہ اہلکاروں نے پولیس سٹیشن میں ایک رپورٹ درج کروائی ہے جس کے بعد پولیس نے تحقیقاتی عمل شروع کر دیا ہے ۔
پلیرہ میں آگ کی واردات | لاکھوں روپے کاسامان جل کر راکھ میں تبدیل
حسین محتشم
پونچھ//جمعہ اور سنیچر کی درمیان رات میں تحصیل منڈی کے بلاک لورن کے گائوں پلیرہ میں ایک دوکان میں اچانک آگ لگنے سے لاکھوں روپے کا سامان جل کر راکھ ہوگیا۔مقامی لوگوں کے مطابق جس شخص کی دکان تھی اس نے اپنے مویشی فروخت کر کے یہ دوکان ڈالی تھی تاکہ وہ اپنے بچوں اور اپنے عیال کو پال سکے۔ عینی شاہدین کے مطابق دکان میں اچانک آگ لگنے سے لمحوں میں دکان جل کر راکھ میں تبدیل ہوگئی اور غریب شخص کا سارا مال و اسباب پوری طرح سے برباد ہوگیا ۔شمیم اختر بلاک چیر پرسن لورن نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ کنبہ سے اظہار ہمدردی کیا ہے ۔انھوں نے ضلح انتظامیہ اور گورنر انتظامیہ سے گزارش کی ہے کہ متاثرہ شخص کے حق میں معاوضہ دیا جاوے تاکہ یہ غریب شخص پھر سے اپنے بچوں کی روزی روٹی کا سامان کر سکے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بلاک لورن میں فائر سروس نہ ہونے کی وجہ سے منڈی سے وہاں آگ بجھانے والی گاڑی تاخیر سے پہنچی جس کی وجہ سے آگ پر بروقت کنٹرول نہ پایا جا سکا ۔ انھوں نے گورنر انتظامیہ سے گزارش کی ہے کہ بلاک لورن کے لئے الگ سے فائر سروس مہیا کی جائے ۔انھوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی کئی بار وہ لوگ ضلع انتظامیہ اور گورنر انتظامیہ سے اپیل کر چکے ہیں لیکن کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔انھوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کے انتظامیہ اس بار اس مسئلہ کو کو سنجیدگی سے اپنے نوٹس میں لے گی اور بلاک لورن کے لئے ایک فائر سروس سٹیشن کا جلد اعلان کیا جائے گا تاکہ مستقبل میںبلاک لورن میں آگ کی واردات سے کم سے کم نقصان ہو۔
مجید شاہین کو انسپکٹر کے عہدے پر ترقی ملنے پر مبارکباد
حسین محتشم
پونچھ//محکمہ پولیس میں بہتر کار کردگی پر اعلیٰ حکام کی جانب سے مجید شاہین کو ترقی دے کر انھیں انسپکٹر بنایا گیا ہے جس کے لئے ان کو مبارک بادی کے پیغامات دیئے جا رہے ہیں۔پونچھ کے متعدد سماجی و سیاسی شخصیات نے انھیں ترقی دیئے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدا ان کو مزید ترقی دے ۔ سماجی کارکن راکیش کمار نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ مجید شاہین کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہیں اور امید ہے کہ یہ پروموشن ان کی شخصیت میں مذید نکھار لائے گی اور وہ ہر طرح کے چیلنجز میں کامیاب ہونگے ۔ انھوں نے کہا کہ وہ اُمید کرتے ہیں کہ انسپکٹر شاہین اسی لگن اور خلوص سے عوام کی خدمت کرتے رہیں گے اور ہر طرح کی کامیابی حاصل کریں گے۔
لاک ڈاؤن صحت کی حفاظت کے لئے ضروری | مزدور طبقہ کیلئے خصوصی پیکیج مختص کیا جائے :اعجاز جان
حسین محتشم
پونچھ//یوتھ نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر اور سابق ایم ایل اے پونچھ اعجاز احمد جان اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے پسماندہ اور کمزور طبقے کووڈ-19 کے دوران لگائے گئے ہفتہ وار لاک ڈون کی وجہ سے انتہائی سنگین حالات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ اس کے علاوہ لاکھوں مہاجر مزدور قابل رحم حالات میں زندگی گزار رہے ہیں کئی خاندان فاقہ کشی کے دہانے پر ہیں، بہت سے گھرانے اپنی روزمرہ کی ضروریات پوری کرنے کیلئے مزید مقروض ہوتے جا رہے ہیں۔ اشیائے ضروریہ کی قلت ہے اور قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔انھوں نے ان مایوس کن حالات میں حکومت ہند پر الزام لگایا ہے کہ وہ جموں و کشمیر ایک بڑی اکثریت کی پریشانیوں کو نظر انداز کر رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت ہند جموں و کشمیر کے لوگوں کے لئے کووڈ-19 ریلیف نہیں دے رہی ہے۔انھوں نے حکومت ہند اورلیفٹیننٹ گورنرانتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جموں و کشمیر کے دور دراز اور شہری علاقوں میں رہ رہے غریب و غربا ء میں راشن اور دیگر اشیاء ضروریہ فراہم کی جائیں ۔انھوں نے کہا حالانکہ مرکزی حکومت کے گوداموں میں بڑے پیمانے پر اناج کا ذخیرہ موجود ہے۔ اور معاشرے کے تمام کمزور طبقات کیلئے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔انھوں نے تمام اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کا بھی مطالبہ کیا ۔انھوں نے کہا جن دھن اور منریگا کھاتوں میں فوری طور پر 3500 روپے ماہانہ منتقل کئے جائیں اور فرقہ وارانہ منافرت کی فضا جس کی اب بھی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے وہ کوویڈ 19 کے خلاف ہماری متحدہ جدوجہد کو کمزور کر رہی ہے اور اقلیتوں اور خواتین کے عدم تحفظ میں اضافہ کر رہی ہے اس لئے فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دینے کی کوششوں کو روکنے کیلئے سخت اقدامات کیے جائیں۔اگرچہ یہ اقدامات ٹرانسمیشن کو کم اور سست کر کے لوگوں کی حفاظت کرتے ہیں، جو بات ہر جگہ تیزی سے ظاہر ہو گئی ہے وہ یہ ہے کہ ان سے آبادی کا صرف ایک چھوٹا حصہ فائدہ اٹھاتا ہے جن کے پاس تنخواہ دار ملازمتیں ہیں، بچتیں ہیں، گروسری کا ذخیرہ کرنے کے لیے کافی بڑے فرج، اور کافی وسیع گھر ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین عموماً بنیادی حقوق سے محروم رہتی ہیں اور یہی معاملہ خواتین مزدوروں کا بھی ہے اور خصوصی مالیاتی پیکیج کے ذریعے ان کی مدد کرنے کی فوری ضرورت ہے۔جان نے مزید کہا کہ ملک بھر سے چھوٹے پیمانے کے تاجر کووڈ-19 کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور حکومت کو ایسے تاجروں کی مدد پر مطلوبہ توجہ دینی چاہیے۔
فوج نے بدھل میں ڈرائرمشین نصب کی
راجوری //فوج کی جانب سے خواتین کو با اختیار بنانے کے سلسلہ میں راجوری ضلع کے بدھل علاقہ میں ایک ’سولر ڈرائرمشین‘ نصب کی گئی ۔اس سے قبل فوج کی جانب سے مقامی خواتین کیلئے ایک خصوصی تربیتی پروگرام کا اہتمام بھی کیا گیا تاکہ خواتین مذکورہ نصب شدہ مشین کو آسانی کیساتھ چلا سکیں ۔فوج نے یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ مذکورہ مشین جہاں چلانے میں انتہائی آسان ہے وہائیں خواتین کیلئے روز گار کا موقعہ بھی پیدا ہو گا ۔غور طلب ہے کہ خطہ پیر پنچال میں فوج کی جانب سے بڑے پیمانے پر عوامی فلاح و بہبودکیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔مقامی لوگوں نے فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دیہی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے مذکورہ نوعیت کے اقدامات اٹھا ئے جائیں گے ۔
ہینڈ پمپ کی تنصیب پر اختلافات
نوشہرہ میں لوگوں کا سرپنچ کیخلاف احتجاج
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کی پنچایت منگل دیوی بی میں ہینڈ پمپ نصب کرنے میں مبینہ طورپر سرپنچ کی جانب سے رخنہ ڈالنے کیخلاف عام لوگوں نے شدید احتجاج کیا ۔مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مقامی سرپنچ اور اس کے دیگر اہل خانہ مقرر کردہ جگہ پر ہینڈ پمپ نصب نہیں کرنے دے رہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ پمپ وارڈ نمبر دو میں نصب کیا جانا تھا لیکن سرپنچ کی جانب سے غیر ضروری طورپر رخنہ ڈال کر اس کام کو التوا میں رکھنے پر مجبور کر دیا گیا ہے ۔مظاہرین نے بتایا کہ مذکورہ علاقہ میں گوجر بکروال طبقہ کی آبادی رہائشی پذیر ہے اور ان کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے لیکن اب سرپنچ پنچایت پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے بجائے اس میں رخنہ ڈالنے کی کوششیں کررہی ہے ۔غور طلب ہے کہ ہینڈ پمپ نصب کرنے کیلئے مشینری موقعہ پر پہنچی تھی تاہم خاتون سرپنچ کے سسر اور سرپنچ کی مبینہ مداخلت کی وجہ سے کام نہیں کرنے دیا گیا ۔وارڈ ممبر نے سرپنچ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اپنے علاقوں کو تعمیراتی عمل میں شامل کیا جارہا ہے جبکہ مستحقین کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ ہینڈ پمپ کو مقرر شدہ جگہ پر نصب کروایا جائے ۔
صحابہ کی زندگی امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ: مولانا حبیب
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // مرکزی جامع مسجد امیرحمزہ ڈوڈاج میں ایک روزہ جشن ابو بکر صدیق و جشن سیدہ کائنات حضرت فاطمہ الزھراء کا انعقاد کیا گیا۔ الحاج غلام محمد ملک کی صدارت میں ہونے والے اس عظیم الشان پروگرام میں مقامی علماء اور حفاظ کرام کے علاوہ کئی سماجی اور مذہبی شخصیات کے ساتھ ساتھ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر نامور عالم دین و مولانا محمد حبیب الرحمن پروانہ نے اپنے خصوصی بیان میں خلیفہ اوّل حضرتِ صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شان اور عظمت کو احسن طریقہ سے بیان کیا۔ مولانا موصوف نے عوام الناس کو ان کے نقشے قدم پر چلنے اور شریعتِ مطہرہ پر چلنے کی تلقین کی۔ انھوں نے کہا ہے کہ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالی عنہ کی ساری زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔آپ رضی اللہ تعالی میں عاجزی و انکساری کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی اپ بڑوں کے ساتھ ہی نہیں بچوں کے ساتھ بھی شفقت، الفت ، محبت ، عاجزی اور انکساری سے پیش آتے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ درست عقیدہ اور ایمان کی پختگی اس پرفتن دور میں ازحد ضروری ہیں لہٰذا سچے عقائد، اہل بیت اطہار ، خلفائے راشدین اور صحابہ کرام سے محبت اور دینی تعلیم کو اپنے بچوں میں عام کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ سید کائنات حضرت فاطمہ زہراء نبیﷺکی سب سے چھوٹی شہزادی ہیں۔حضورکے وجود گرامی کی برکتیں آپ سے ظاہر تھیں، بارگاہ رسول ؐسے آپ نے وہ علوم ومعارف اور باطنی فیضان حاصل کیا کہ پوری کائنات میں آپ ممتاز ہوئیں،امت کی کوئی اور خاتون اس میں شریک نہیں۔آپ کی زندگی علم وعمل، تقوی وطہارت،حیاء وعفت سے عبارت تھی،اگر خواتین ‘دین ودنیا میں کامیابی چاہتی ہیں تو وہ سید کائنات کی حیات پاک کو اپنے لئے مشعل راہ بنائیں۔ اس پروقار تقریب میں امت مسلمہ کی سرخروئی، پوری دنیا میں بحالی امن اور متعدد مریضوں کیلئے جلد صحت یابی کی دعا بھی کی گئی۔ آخر میں درودوسلام کے نزرانہ کے ساتھ اس روح پرور پروگرام کا اختتام ہوا۔
دارالعلوم محمودیہ میں آن لائن ماہانہ اصلاحی و روحانی مجلس کا انعقاد
مینڈھر //دارالعلوم محمودیہ قاسم نگر مینڈھر میں ایک ماہانہ اصلاحی و روحانی مجلس کا انعقادکیا گیا ۔کوویڈ 19 کی وجہ سے اس ماہ کی مجلس آف لائن کے بجائے آن لائن کرنے کا فیصلہ کیا گیاجس کے چلتے 28/جنوری/2022 کو مغرب کی نماز کے بعد حسب معمول تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتیہ کلام سے مجلس کا آغاز کیا گیا۔ پھر مہمان خصوصی مولانا مفتی محمد حسنین محفوظ نعمانی دامت برکاتہم شیخ الحدیث مدرسہ معہدملت و قاضی شریعت دارالقضاء ,مالیگاؤں مجلس سے خطاب کیا ۔انہوں نے اپنے بیان میں مسلمانوں کوپر زور دیتے ہوئے کہا کہ اللہ نے ہمیں ایک ایسی عظیم دولت سے نوازا ہے جس کا دنیا میں کوئی متبادل نہیں ہے اور وہ دولت مال و زر نہیں بلکہ ایمان کی دولت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سارا کفر، سارے رہزن سارے لٹیروں کی سازشوں کا محور مسلمان ہے، اور یاد رکھیں اگر مسلمانوں کو مال، اولاد، گھربار، اور سب کچھ ایمان کی دولت پر لٹانا پڑا، اور مسلمانوں نے سب کچھ لٹا دیا، لیکن ایمان کا سودا نہیں کیا، اور ایمان پر موت ہوگئی تو یہ سب سے بڑی کامیابی و فلاح ہے۔ قاضی شریعت مولانا نعمانی نے مزید کہا کہ اگر آپ رب پر اعتماد کریں اور سارے اسباب اختیار کرکے کامل یقین و اعتماد اللہ پر رکھیں تو اللہ آپ کو کبھی ضائع نہیں کریں گے، اگر آپ کا عقیدہ درست ہے، اگر آپ کا رب پر اس کی توحید پر کامل ایمان ہے تو اللہ تعالیٰ کی معیت آپ کو حاصل ہوگی۔موصوف نے مزید کہا کہ حالات سے نہ گھبرائیں، حالات آتے رہتے ہیں، آپ ان حالات و آزمائشوں میں ثابت قدم رہیں، متزلزل نہ ہوں، اللہ پر یقین رکھیں یہ حالات بھی بدلنے والے ہیں۔ آخر میں حضرت مولانا فتح محمد سینئر نائب صدر تنظیم علماء اہلسنت والجماعت ضلع پونچھ نے مہمان مکرم کا شکریہ ادا کیا اور صدائے دل ٹیم کا جو اس آن لائن مجلس کی میزبانی کررہی تھی کا بھی شکریہ ادا کیا اور انہوں نے تمام سامعین و ناظرین سے سے یہ گزارش کی کہ اللہ پاک کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط کریںاور دعا کیساتھ ہی آن لائن مجلس کو ختم کیا گیا ۔
پونچھ میں مشتبہ آئی ای ڈی تباہ | تار سمیت دیگر مواد ضبط کیا گیا
سمت بھارگو
راجوری//سرحدی ضلع پونچھ میں سیکورٹی فورسز نے ایک مشتبہ دیسی ساختہ دھماکہ خیز ڈیوائس (آئی ای ڈی) کوکنٹرول دھماکے کے ذریعے تباہ کر دیا ہے جبکہ اس کے ساتھ برآمد ہونے والی کچھ تاریں اور دیگر متعلقہ مواد کو مزید تحقیقات کے سلسلہ میں ضبط کر لیا گیا ہے ۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پونچھ کے شندارا گاؤں کے جنگل میں فوج اور پولیس کے ذریعہ شروع کئے گئے آپریشن کے دوران جنگل میں ایک بیگ پڑا ہوا ملا جس کے بعد پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ باز یاب ہوئے بیگ میں سے ایک آئی ای ڈی قسم کا مواد ملا جس میں تاروں، ڈیٹونیٹرز جیسے متعلقہ اجزاء شامل تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ آئی ای ڈی جیسا مواد اب فوج کے بم اسکواڈ نے جائے وقوعہ پرکئے گئے ایک کنٹرول دھماکے کے ذریعے تباہ کر دیا ہے جبکہ تاریں و دیگر منسلک مواد کو مزید تحقیقات کے سلسلہ میں ضبط بھی کرلیا گیاہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ برآمد شدہ مواد تھوڑا پرانا ہے لیکن اچھی طرح سے استعمال کے قابل تھا اور اس کی بروقت بازیابی نے مستقبل میں ممکنہ عسکریت پسندی کی کارروائی کو ٹال دیا ہے۔
کار حادثے میں دو افراد زخمی
راجوری//راجوری شہر میں ہفتہ کی شام پیش آئے ایک حادثے میں دو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ راجوری قصبہ کے سیلانی پل کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایک کارزیر نمبر JK02BD 8123- جموں راجوری پونچھ شاہراہ پر کھائی میں گر گئی۔پولیس نے بتایا کہ اس کار حادثے میں دو افراد زخمی ہو گئے جبکہ دونوں زخمیوں کو بچا کر گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں علاج معالجہ کیلئے منتقل کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ زخمی ہونے والوں کی شناخت حق نواز ولد پرویز احمد سکنہ چندی مڑھ پونچھ اور مدثر احمد ولد فاروق احمدسکنہ وارڈ 8 راجوری کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس نے اس سلسلہ میں راجوری پولیس سٹیشن میں ایک معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات کا عمل شروع کر دیا ہے ۔
راجوری میں 2بے گھر افرد کی مو ت
سمت بھارگو
راجوری//راجوری ضلع میں انتظامیہ کی جانب سے بے گھر لوگوں کیلئے بنائے گئے گھر میں رہائش پذ یر 2عمر بزرگوں کی موت ہونے کے بعد پولیس نے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے ۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ایک عمر رسیدہ مرد اور ایک عمر رسیدہ عورت اس وقت راجوری قصبے میں بے گھر لوگوں کے لئے بنائے گئے گھر میں رہائش پذیر تھے تاہم ان کی صحت میں آئی خرابی کے بعد دونوں کو گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کیا گیا تاہم دونوں ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے جبکہ ان کی لاشوں کو ہسپتال کے مردہ خانے میں رکھا گیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ اس سلسلہ میں مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔