مزید خبریں

 ڈوڈہ میں آئی ای ڈی ناکارہ بنادی گئی:پولیس

ڈوڈہ//سیکورٹی فورسز نے جموں وکشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے گھاٹ علاقے میں بدھ کی شام ایک آئی ای ڈی کو ناکارہ بنا دیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ ڈوڈہ کے گھاٹ علاقے میں بدھ کی شام مشتبہ مواد موجود ہونے کی اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ٹیم جائے موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو سیل کر دیا۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں سیکورٹی فورسز نے اس جگہ سے ایک آئی ای ڈی بر آمد کی جس کو ایک بیگ میں رکھا گیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ اس آئی ای ڈی کو بعد میں بغیر کوئی نقصان پہنچائے ناکارہ بنا دیا گیا۔دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔ 

 

ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ پر ٹرک حادثہ کا شکار، ڈرائیور ہلاک 

اشتیاق ملک

ڈوڈہ //ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ پر پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔اطلاعات کے مطابق جمعرات کو ساڑھے دس بجے کے قریب جموں سے ڈوڈہ آرہے ایک ٹرک زیر نمبر JK02AL-8433کھیلینی نالہ کے نزدیک حادثہ کا شکار ہوا جس میں نتیجے میں ڈرائیور نشانت شرما ساکنہ اکھنور جموں موقع پر ہی ہلاک ہوا۔اس حادثہ کے فوراً بعد پولیس و مقامی لوگ موقع پر پہنچے اور مہلک شخص کو کھائی سے نکال کر گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا گیا جہاں پر تمام طبی لوازمات مکمل کرنے کے بعد آخری رسومات ادا کرنے کے لئے وارثین کے سپرد کیا گیا۔

 

 ڈیوٹی سے غیرحاضری پرماسٹر معطل

ایم ایم پرویز

رام بن// ڈپٹی کمشنر رام بن نے گورنمنٹ ہائی اسکول کانگا ایجوکیشن زون رام بن میں تعینات ایک ماسٹر کو جمعرات کو ڈیوٹی سے غیر مجاز غیر حاضری پر معطل کردیا۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت اسلام نے ایک آرڈر جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ “گورنمنٹ ہائی اسکول کانگا میں عملے کی غیر حاضری کے حوالے سے موصول ہونے والی رپورٹس کے پیش نظرعبدلقیوم ملک ، ماسٹرگورنمنٹ ہائی سکول، کانگا، زون رام بن نے اعتراف کیا کہ وہ 11.04.2022 کو جموں میں ہے اور اس نے مجاز اتھارٹی سے کوئی اجازت نہیں لی ہے”۔مندرجہ بالا حکم کے پیش نظرچیف ایجوکیشن آفیسر رام بن ایک تفصیلی انکوائری کریں گے اور ایک ہفتہ کے اندر ایک جامع رپورٹ مثبت طور پر پیش کریں گے، تاکہ معاملے میں آگے بڑھ سکیں۔زیر التواء انکوائری تک، عبدالقیوم ملک، ماسٹرجی ایچ ایس کانگاکو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔اپنی معطلی کی مدت کے دورا ن وہ اپنی پوسٹنگ کی جگہ، یعنی گورنمنٹ ہائی سکول کانگا پر منسلک رہے گا۔

 

 

فائرسروس ہفتہ کے موقع پرکشتواڑ میں تقریبات کا اہتمام

عاصف بٹ

کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کے سبھی ہیڈکوارٹروں پر محکمہ فائر سروس کی جانب سے فائر سروس ہفتہ کے سلسلے میں تقریبات کا اہتمام ہواجس دوران محکمہ کے فائر فائٹروںنے بچائو کاروائی کے دوران مارے گئے اہلکاروں کو یاد کیا اور انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔فائر سروس کے انچار فارق احمد نے بتایا کہ ضلع ہیڈکوارٹر میں منعقد تقریب میں عوام کو آگ و دیگر حادثات سے بچنے کیلئے احتیاتی تدابیر اپنانے کوکہا گیاکہ کس طرح سے جان ومال کا تحفظ ممکن ہو۔انھوں نے کہا کہ ایک ہفتہ کے دوران مختلف مقامات پر لوگوں میں آگاہی پیداکرنے کیلئے پروگرام منعقد ہونگے اور سبھی بلاک سطح پر عوام میں بیداری پیدا کرنے کیلئے عوام کو بتایا جائے گاجبکہ سکولوںو کالجوں میں بھی جاکر بچوں کو مشکل حالات میں جان ومال کے تحفظ سے آگاہ کیا جائے گا۔