لداخ میں کووِڈ- 19کا کوئی کیس نہیں پایا گیا
لیہہ//گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لداخ میں کووِڈ- 19کا کوئی بھی مثبت معاملہ نہیں پایا گیا اور اس طرح خطے میں کورونامتاثرین کی مجموعی تعداد 28232رہ گئی ہے ۔حکام کے مطابق لداخ اور کرگل کے دواضلاع میں2700ٹیسٹ کئے گئے اور سنیچر کو تمام ٹیسٹ منفی پائے گئے۔مرکزی زیرانتظام علاقہ میں فی الوقت کووِڈ- 19کے 9فعال معاملے ہیں جن میں6لیہہ اور3کرگل میں ہیں۔لداخ میں کورونا وباء پھوٹ پڑنے سے لیکراب تک مجموعی طور228لوگوں کی موت واقع ہوچکی ہے جن میں168لیہہ اور60کرگل میں ہوئیں۔خطے میں کوروناسے شفایاب ہونے والوں کی تعداد27,995 ہے ۔
محکمہ زراعت اور بی ایس ایف کا
گریز میں کسانوں تک رسائی کا پروگرام
گریز//سرحدی علاقوں کی ترقی کے مقصد کے تحت محکمہ زرعی پیداوار اوربہبود کسان جموں کشمیر اورسرحدی حفاظتی فورس نے داورگریز میں کالازیرہ کی کاشت کو فروغ دینے کیلئے کسانوں تک رسائی کے ایک پروگرام کاانعقاد کیا۔اس پروگرام کا مشترکہ افتتاح ناظم زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال اورانسپکٹر جنرل بی ایس ایف راجا بابوسنگھ نے داورگریز میں کیا۔پروگرام میں کسانوں،حکام اور بی ایس ایف نے شرکت کی۔اس موقعہ پرراجا بابوسنگھ نے کہا کہ بی ایس ایف اور محکمہ زراعت کی مجموعی کوششوں سے واقعی فرق پیدا ہوگا اور لوگ مستفید ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ ایسے عوام دوست پروگرام مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔ناظم زراعت نے اس موقعہ پرمحکمہ کی اُن مختلف کوششوں کواجاگر کیا جو وہ سرحدی علاقوں میں کسانوں کے فائدے کیلئے کررہا ہیں ۔انہوں نے کالا زیرہ ،آلو اور ایسی ہی دوسری فصلوںکی کاشت میں نامیاتی کھادکے رول کواجاگر کیا۔ انہوں نے خطے کی پیداوار نامیاتی ہے اورمحکمہ نے کسانوں کی پیداوار کو منافع بخش طریقے پربازارمیں بیچنے کیلئے ہمہ جہت پالیسی تیار کی ہے۔
ڈی جی پی کی رام نومی پرمبارکباد
جموں// ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے عوام، شہداء کے خاندانوں، جموں و کشمیر پولیس کے تمام رینکوں، سیکورٹی فورسز اور ان کے اہل خانہ کو رام نومی کے موقع پر مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہر تہوار تمام معاشروں میں امن، خوشی اور محبت کا پیغام پھیلاتا ہے اور اتحاد کا درس دیتاہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ رام نوامی کا یہ تہوار جموں و کشمیر کے لوگوں کے درمیان محبت، ہمدردی، مساوات اور بھائی چارے کو مزید فروغ دے گا۔
نعتیہ مجموعہ ’نوائے سروش‘ منظر عام پر
سرینگر//معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر محمد حیات عامر حسینی کی نعتیہ شاعری پر مشتمل مجموعہ ’’نوائے سروش‘‘ منظر عام پر آگیا ہے۔ ان کی ایک طویل نعت اور کچھ نعتوں پر مشتمل شعری مجموعہ ’’رقص جہاں تاب‘‘ اور ’’رمزہ ہانکل‘‘ نہ صرف کشمیری ادب بلکہ عالمی ادب میں بہت اہم تخلیقات تصور کی جاتی ہیں۔اردو اور فارسی میں ان کی شاعری عالمی رسائل میں شائع ہوتی رہتی ہے۔سی این آئی
مغل شاہراہ کو سال بھر
آمدورفت کے قابل بنایاجائے:رفیق خان
مینڈھر//اپنی پارٹی ریاستی یوتھ نائب صدر رقیق احمد خان نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ تاریخی مغل شاہراہ کو سال بھر ٹریفک آمدورفت کے قابل بنایاجائے جو مقامی معیشت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔یہاں جاری ایک بیان میں خان نے کہاکہ مغل شاہراہ برف باری، پسیاں گرآنے اور ناسازگار موسم کی وجہ سے چھ ماہ تک بند رہتی ہے جس وجہ سے پیر پنجال کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پیر پنجال کے لوگ علاج ومعالجہ کے لئے سرینگر کے سرکاری اسپتالوں میں جانے کو ترجیحی دیتے ہیں لیکن یہ شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے اُنہیں براستہ جموں طویل راستہ طے کر کے جانا پڑتا ہے۔ حکومت لوگوں کی اِن مشکلات کو حل کرے۔انہوں نے کہاکہ شاہراہ پر ٹریفک نقل وحمل بحال کرنے کے ذمہ دار حکام کو چاہئے کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ سبھی ماہ عملہ اور مشینری کو متحرک رکھاجائے تاکہ شاہراہ ٹریفک کے لئے سال بھر بحال رہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کو شاہراہ بند ہونے سے سب سے زیادہ نقصان اُٹھانا پڑتا ہے لہٰذا حکومت کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ طلباء کے مستقبل کے لیے اسے سال بھرفعال رکھے۔
خواتین سرپنچوںکاصفائی ستھرائی کے بارے میں بیداری پروگرام
پلوامہ// 8 اپریل 2022 سے جاری گرام سوراج مہینہ پروگرام کے تحت خواتین کی سربراہی والی پنچایتوں کے سرپنچوں کے لیے آئی ایم پی اے اینڈ آر ڈی سرینگر میں ڈائریکٹر دیہی صفائی جموں و کشمیر کے زیر اہتمام ٹرینرز پروگرام کے لیے ایک ٹریننگ کا اختتام ہوا۔سرپنچوں سے ٹریننگ کا فیڈ بیک لینے کے لیے بالترتیب پانپور اور پلوامہ بلاکوں میں دو الگ الگ تجربہ شیئرنگ پروگرام منعقد کیے گئے۔تربیت کے تجربے کا اشتراک کرتے ہوئے، خواتین سرپنچوں نے اپنے متعلقہ پنچایت ہیڈکوارٹر میں وارڈ ممبران، نوجوانوں اور خواتین کو تربیتی پروگرام کے مواد کے بارے میں تفصیلی معلومات دی۔دونوں مقامات پر پائلٹ پروجیکٹس میں SBM(G) 2.0 کے مختلف آرٹیکلز کے نفاذ پر ایک موضوعی بحث کا انعقاد کیا گیا۔شرکاء نے پنچایتوں کے سربراہوں کے لیے تربیت کے انعقاد کے اقدام کو سراہا جنہوں نے SBM(G) 2.0 کے تحت فراہم کردہ کمیونٹی کی شرکت اور سائنسی نقطہ نظر کے ذریعے پلاسٹک سے پاک ماحول کے جوہر کو اجاگر کیا۔اس موقع پر خواتین سرپنچوں نے اپنے روایتی انداز میں گھریلو سطح پر ٹھوس اور مائع کچرے کو الگ کرنے اور پائلٹ پنچایتوں میں پلاسٹک کے کچرے کو حتمی طور پر ٹھکانے لگانے کے لیے آپریشن کے سلسلے کے ذریعے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی بنیادی باتیں بیان کیں۔شرکاء نے متفقہ طور پر دونوں پنچایتوں میں ٹھوس مائع فضلہ کے انتظام کے کامیاب نفاذ کے لیے اپنی مکمل اور مسلسل حمایت جاری رکھنے کا عزم کیا تاکہ خواتین کی سربراہی والی پنچایتوں میں حاصل کردہ کامیابیاں دیگر پنچایتوں کے لیے رہنمائی کی مثال بنیں اور مقصد کو حاصل کرنے کے لیے اسی طرح کے طرز عمل کو اپنا سکیں۔
مونشوارہ گتی پورہ سڑک خستہ حال
لوگ مشکلات سے دوچار،میکڈم بچھانے کی مانگ
شاہد ٹاک
شوپیان//مونشوارہ سے گتی پورہ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرناپڑرہاہے۔ مقامی آبادی کاکہناہے کہ سڑک میں گہرے کھڈبن چکے ہیں اور گاڑیاں چلانے کے دوران مسافر جیسے ہچکولے کھاتے ہیںبلکہ سڑک پر پیدل چلنا بھی دشوار ہوجاتا ہے ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ بارشوں میں صورتحال مزید ابتر بن جاتی ہے۔ مقامی لوگوںکاکہنا ہے کہ سڑک کی خستہ حالی سے حادثات ہونے کا خطرہ رہتا ہے۔ لوگوںنے الزام عائد کیا کہ سڑک کی مرمت نہیں کی جارہی ہے جبکہ میکڈم بچھانے کیلئے اب موسم بھی موزوں ہے۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ سڑک کے ساتھ متعدد دیہات منسلک ہیں اور لوگ سڑک کی وجہ سے دوسرے علاقوں تک رسائی حاصل کرتے ہیں لیکن سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے ان کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔لوگوں کاکہنا ہے کہ سڑک کی مرمت کے حوالے سے حکام بالا کو بار بار آگاہ کیا گیا لیکن کوئی داد رسی نہیں ہوئی اور فقط یقین دہانیاں دی گئیں۔
ڈل جھیل کی صفائی مہم جاری
ماضی کی رونقیں بحال کی جا سکتی ہیں:شکیل رومشو
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی طرف سے 9 اپریل کو اتھوااس کک کے نام سے ڈل جھیل کی صفائی مہم شروع کرنے کے بعد، ایس پی کالج کے طلباء نے بھی حوصلہ افزائی کی اور اتوار کوڈل جھیل کی صفائی اور شجرکاری میں حصہ لیا۔ڈی ویڈنگ مہم کا آغاز اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (IUST) کے وائس چانسلر شکیل رومشو نے کیا جس میں ایس پی کالج کے 21 طلباء نے بھی حصہ لیا۔اس موقع پر رومشو نے کہا کہ یہ تمام لوگوں کا فرض ہے کہ وہ آگے آئیں اور ڈل جھیل کی صفائی میں مدد کریں اور انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی بھرپور شرکت سے ڈل جھیل کو اس کی ماضی کی رونقیں بحال کی جا سکتی ہیں۔انہوں نے جھیل کی صفائی کی سرگرمیوں میں اپنے عزم کا مظاہرہ کرنے پر طلباء کی تعریف کی اور دیگر طلباء اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور دال کی صفائی کے مشن میں اپنا کردار ادا کریں۔
بانڈی پورہ اور اونتی پورہ میں 4افراد نشیلی اشیاء سمیت گرفتار
سرینگر//بانڈی پورہ اور اونتی پورہ پولیس نے منشیات مخالف مہم کے دوران چار افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی مادہ برآمد کرلیا۔ سمبل میں ایک مخصوص اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ایس ڈی پی او سریندر موہن کی نگرانی میں آرام پورہ میں ایک خصوصی ناکہ لگایا اور دو افراد کو گرفتار کیا۔ تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے کوڈین فاسفیٹ کی 15بوتلیں برآمد ہوئیں۔ ان کی شناخت شبیر احمد ریشی ساکن بٹ محلہ سمبل اور منظور احمد پرے ساکن بازار محلہ سمبل کے طور پر ہوئی ہے۔تھانہ سمبل نے اس سلسلے میں کیس متعلقہ دفعات کے تحت درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔اس دوران اونتی پورہ پولیس نے دو افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 6گرام ہیروئن برآمد کر لیا۔دات پورہ ریشی پورہ کے ناکے پر پولیس پارٹی نے دو افراد کو مشکوک حالت میں گھومتے ہوئے پایا اور انہیں چیکنگ کے لیے روکا گیا۔ چیکنگ کے دوران، ان افراد کے پاس ہیروئن (تقریباً 6گرام) برآمد کرکیا۔گرفتار شہریوں کی شناخت بلال احمد ففو ساکن حبہ کدل سرینگراورعمر منظور شیخ حبہ کدل سرینگر کے طور پر ہوئی ہے۔ تھانہ پولیس اونتی پورہ نے اس سلسلے میں کیس زیر ایف آئی آر نمبر 68/2022 متعلقہ دفعات کے تحت درج کرکے اس سلسلے میں مزید تحقیقات شروع کردی۔ سی این آئی