مزید خبریں

منی گام کنگن میں ٹیمپوٹرائولرکوحادثہ،4سیاح زخمی،ڈرائیورفرار

ارشاداحمد

گاندربل//جمعہ کی صبح سرینگر لداخ شاہراہ پر درسوما منیگام کے مقام پر ٹرولر ٹیمپو کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں چار سیاح زخمی ہوگئے جبکہ گاڑی کا ڈرائیور حادثہ کی جگہ سے فرار ہوگیا۔سرینگر لداخ شاہراہ پر درسوما منیگام کے مقام ٹرولر ٹیمپو رجسٹریشن نمبر JK12-9830 لداخ جاتے ہوئے سڑک کنارے حفاظتی دیوار سے ٹکرا کر الٹ گیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار چار سیاح زخمی ہوگئے،جن کی شناخت ونود و اسکی ولد گنیش، ساکنہ جارکھنڈ، کارتک پجرولد گڈو ساکنہ جارکھنڈ،جتیندر سائی ولد راجندر سائی ساکنہ جارکھنڈ، سنجیت رائے ولد نندی رائے ساکنہ جارکھنڈ،کے طور پر ہوئی جن کو پولیس اور مقامی لوگوں کی مدد سے فوری طور پر ضلع ہسپتال گاندربل منتقل کر دیا گیا. جہاں سے ان کو میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ منتقل کردیا گیا۔ حادثہ کی جگہ سے گاڑی کا ڈرائیور فرار ہوگیا۔ پولیس نے معاملے کی نسبت مقدمہ درج کرکے فرار ڈرائیور کی تلاش شروع کردی۔

 

 

مٹن میں غیر حاضر نائب تحصیلدار معطل 

اننت ناگ//عارف بلوچ //ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگھلا نے نائب تحصیلدار رنبیر پورہ مٹن کو ڈیوٹی سے مسلسل غیر حاضر رہنے پر معطل کیا ہے۔ایک حکم نامہ کے مطابق مذکورہ آفیسر ڈیوٹی سے مسلسل غیر حاضر پایاگیا ۔ڈیوٹی پر حاضر رہنے کے اطلاع کے باوجود آفیسر ڈیوٹی میں مسلسل غیر حاضر رہا۔ڈپٹی کمشنر نے سرکاری ملازمین کو باقاعدگی سے ڈیوٹی انجام دینے پر زور دیاہے ۔

 

 

 

جے اینڈ کے منرلز لمٹیڈ کی 61 ویں سالانہ میٹنگ

معدنیات پرمبنی صنعتوں کو فروغ دیا جائیگا:پرنسپل سیکریٹری 

جموں//پرنسپل سیکرٹری آبپاشی اور فلڈ کنٹرول اور کان کنی اشوک کمار پرمار نے  جے اینڈ کے منرلز لمٹیڈ ( جے کے ایم ایل ) کی 61 ویں سالانہ جنرل میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں سیکرٹری پلاننگ ڈیولپمنٹ اینڈ مانیٹرنگ ڈیپارٹمنٹ ، منیجنگ ڈائریکٹر ، مالیاتی مشیر /سی اے او ،جے کے ایم ایل ، کمپنی سیکرٹری اور کارپوریشن کے دیگر افسران ومتعلقین موجود تھے ۔ منیجنگ ڈائریکٹر نے بورڈ کے سامنے کارپوریشن کے سالانہ مالیاتی گوشوارے رکھے جو کئی برسوں سے بقایا جات میں تھے ۔ مالی سال 2021-22 کے دوران کارکردگی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا کہ کووڈ 19 کے بحران کے باوجود کارکردگی تسلی بخش رہی ۔ کارپوریشن جموں و کشمیر کے یو ٹی میں معدنیات پر مبنی صنعتوں کو بہت زیادہ ضروری خام مال پہنچانے کیلئے اس مدت کے دوران ہمیشہ کام کرتی رہی ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ کارپوریشن نے پہلی بار معمولی معدنیات  سے استفادہ کیا اور جموں خطہ میں چار معمولی معدنی بلاکس کو فعال کیا ۔ اس نے جموں و کشمیر یو ٹی کے مختلف باوقار پروجیکٹوں کیلئے تعمیراتی  مواد جیسے ریت ، پتھر ، نالہ مک /آر بی ایم وغیرہ کی فراہمی کیلئے ایک نوڈل ایجنسی کے طور پر کام کرنے کے علاوہ کیش فلو میں اضافہ کیا ہے ۔ پرمار نے کارپوریشن کو مزید متحرک بنانے کیلئے انتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کارپوریشن کے ذریعے جموں و کشمیر میں مزید معدنیات نکالنے کے امکانات تلاش کئے جائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے جموں و کشمیر یو ٹی میں معدنیات پر مبنی صنعتوں کو ترقی دینے اور خطے میں مزید روز گار پیدا کرنے میں مدد ملے گی ۔ منیجنگ ڈائریکٹر نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے تمام اسٹیک ہولڈرز ، بینکرز اور صارفین کا شکریہ ادا کیا اور جے اینڈ کے منرلز کے ہر رکن کی کارپوریشن کے مقررہ مقاصد کو حاصل کرنے کیلئے ان کی محنت اور عزم کی تعریف کی ۔ 

 

 

 

 ویری ناگ میں آگ 

۔2  مکانات اور گا خانہ خاکستر 

عارف بلوچ

 

اننت ناگ //ویری ناگ میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں 2 ریائشی مکانات اور گا خانہ خاکستر ہوگئے۔ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کو اموہ ویری ناگ میں رہائشی مکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے آنا فانا کئی ڈھانچوں کو اپنی لپیٹ میں لیا۔ اس بیچ مقامی لوگوں و فائر سروس عملہ نے آگ بجھانے کی کاروائی شروع کی اور کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا تاہم اس دوران 2 رہائشی مکانات و گا خانہ مکمل طور پر خاکستر ہوگئے اور  ان میں موجود لاکھوں روپے کا مال و اسباب راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا ہے۔آگ کے باعث سلیم الدین خان ولد نور عالم و بشیر احمد خان ولد سلیم الدین کے کنبے کھلے آسمان تلے آ گئے ہیں۔ڈی ڈی سی ممبر پیر شہباز نے آگ متاثرین سے ملاقات کی اور انہیں ہر ممکن مدد کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

 

 

دینی مدارس کے سفراء کا 

خیال رکھا جائے:انجمن علما وائمہ مساجد

سرینگر//علما کرام وائمہ مساجد کے متحدہ فورم انجمن علما وائمہ مساجدجموں وکشمیر کے امیر حافظ عبد الرحمن اشرفی خادم دارالعلوم سید المرسلین چوگام قاضی گنڈ نے اپنے ایک بیان میں ملت اسلامیہ جموں وکشمیر،مساجد کی انتظامیہ کمیٹی  اور خاص طور پر آئمہ مساجد پر زور دیا کہ وہ رمضان المبارک میں دینی مدارس کی طرف سے آپ کی خدمت میں آنے والے سفرا مدارس، مہتمم صاحبان اور اساتذہ وملازمین مدارس کی سحری وافطاری کا خاص طور پر خیال رکھیں۔ انہوں نے ائمہ مساجد سے تاکید کی کہ وہ محلے میں چند ایسے مقتدیوں کو تیار کرے اور انکو اس کا م کی طرف رغبت دلائے تاکہ ان کے ذریعے سے مساجد کے اندر یاامام صاحب کے کمرے میں ہی ان بہترین قسم کے مہمانوں جن میں اکثر علما کرام، مفتیان عظام، حفاظ،قرا اور ملازمین مدارس  شامل ہوتے ان حضرات کی سحری وافطاری کا انتظام کرنا یاکرانا ملت اسلامیہ کشمیر ،مساجد کی انتظامیہ اور ائمہ مساجد کا ملی ،اخلاقی ،دینی وایمانی، فریضہ ہے۔

 

وادی میں چارے کی پیداوار بڑھانے کی پہل

زرعی یونیورسٹی اور خیبر گرینز کے مابین مفاہمت نامہ طے

سری نگر//شیرکشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے وادی میں چارے کی پیداوار کو بڑھانے کے لیے خیبر گرینز کے ساتھ مفاہمت نامے پر دستخط کیے ہیں۔سکاسٹ کے ایک اہلکار نے کشمیر نیوز سروس کو بتایا کہ اس مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے ہیں جس کا مقصد چارے کی پیداوار، پیداواری صلاحیت اور غذائیت کی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔ SKAUST انہیں تکنیکی مدد فراہم کرے گا اور وہ یونیورسٹی کے سائنسدانوں کی نگرانی میں کشمیر بھر کے کسانوں تک اس ٹیکنالوجی کے فوائد پہنچائیں گے۔یہ دونوں فریقوں کے لیے مددگار ہے کیونکہ سکاسٹ کو ٹیکنالوجی کی توسیع میں مدد ملے گی اور خیبر گرینز کو چارے کی پیداوار بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ وہ بنیاد ہے جس پر ایم او یو پر دستخط کیے گئے تھے۔انہوں نے یہ کہا کہ ایم او یو تین سال کے لیے کارآمد ہوگا اور تین سال کے بعد اس کی تجدید کی جا سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا ایم او یو ہے اور یہ وادی میں چارے کی سپلائی کو بڑھانے کے لیے پہلا چارہ ایم او یو ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ خیبر سبزیاں خیبر ایگرو فارمز کا ایک اہم مسئلہ ہے جسے کشمیر میں زراعت میں گزشتہ 30 سالوں سے تجربہ ہے۔

 

مہجورکی شاعری حب الوطنی سے لبریزتھی:ڈاکٹر فاروق

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ شاعرکشمیرمہجور نے اپنی ولولہ انگیزشاعری سے اہل وطن کو انقلاب برپا کرنے کی دعوت دی اورپھر یہاں کے ذرے ذرے سے ’’ولوہاباغوانو بہارچ شان پیداکر‘‘کی صدائیں بلند ہوئیں۔ایک بیان کے مطابق شاعرکشمیرکویوم مہجورپرخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محسن اور محب وطن شاعر کو چمن کی خستہ حالی اور بلبل کی افسردگی اور آہ وفغان کا خُوب اندازہ تھا۔ پر وہ اِس کا خُوب تر علاج بھی جانتے تھے۔ اُنہوں نے چمن کے مالی کو نزاکت اور نفاست کا گرویدہ بننے کا درس نہیں دیا، بلکہ چمن کو آباد کرنے کیلئے زلزلہ کے مانند ہلچل مچانے کی تلقین کی۔ بادصر صر نہیں، طوفانی ہوابن کر مچلنے کو کہا۔ بجلیاں برسانے کا درس دیا۔ ’’بُو نیولُ کر، گگرایہ کر، طوفان پیدا کر‘‘۔ عظمت قوم کے خواب دیکھنے والے شاعر کا تخیل عمل میں تبدیل ہونے کیلئے ایک ولولہ انگیز مالی کے کروٹ لینے کا منتظر تھا۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے یوم مہجور پر اپنے پیغام میں کہاکہ مرحوم پیرذادہ غلام محمد مہجور کی شعروشاعری جو اُنہوں نے اپنی مادری زبان کشمیری میں بیان کی انقلابی اور حب والوطنی پر مبنی ہے اور مرحوم شاعر نے جس ولولہ اور جوش وجذبہ سے لبریز جو کلام پیش کئے وہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ 

 

شاعر کشمیر مہجور کی 70  برسی آج

بڑی تقریب گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول کوٹھی باغ میں منعقد ہوگی

سری نگر//شاعر کشمیر مہجور کی 70 ویں برسی آج 9 اپریل کو منائی جارہی ہے۔یوم مہجور کے حوالے سے وادی میں سب سے بڑی تقریب کلچرل اکیڈمی سرینگر،ڈائریکٹوریٹ آف ٹوریزم کشمیر، ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کشمیر اور مہجور فاؤنڈیشن کے باہمی اشتراک سے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول کوٹھی باغ سرینگر میں دن کے 2 بجے منعقد ہوگی۔ جس میں سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر فاروق احمد شاہ بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے جبکہ وادی کے نامور شاعر، ادیب، محقق پروفیسر شفیع شوق تقریب کی صدارت کرینگے۔اس موقعے پر وادی کے نامور گلوکار گلزار گنائی اور ان کی پارٹی  اپنے فن کے ذریعے شاعر کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرینگے۔ادھر مہجور کے آبائی گاؤں متری گام پلوامہ میں بھی ایک مختصر تقریب منعقد ہو رہی ہے جس میں کئی شخصیات کی آمد متوقع ہے۔مہجور میموریل گورنمنٹ بائز ہائر سیکنڈری سکول پلوامہ میں بھی ایک تقریب منعقد ہو رہی ہے جبکہ شمالی کشمیر میں ساگر کلچرل فورم کی جانب سے یوم مہجور کے حوالے ایک ادبی تقریب منعقد ہوگی۔

 

 عالمی یوم صحت

گورنمنٹ بائز ہائر سیکنڈری سکول اوڑی میںتقریب منعقد

غلام محمد

 

سوپور//گورنمنٹ بائز ہائر سیکنڈری سکول اوڑی نے محکمہ صحت اوڑی کے تعاون سے عالمی یوم صحت منایا۔ پروگرام کی صدارت پرنسپل مشتاق سوپوری نے کی اور اس موقع کے مہمان خصوصی بی ایم او ڈاکٹر محمد رمضان تھے۔ پروگرام میںطلبا اور عملے کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر محبوب اور سب ڈسٹرکٹ ہسپتال اوڑی کے ڈاکٹر حمید اللہ، پیرا میڈیکل سٹاف اور آشا کارکنوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ادارے کے طلبا عابد ظہور اور نعمان اور ادارے کی ٹیچر عارفہ بانڈے نے بھی خطاب کیا جس کے ذریعے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو ان کی صحت کے مسائل سے مسلسل آگاہ کیا جائے۔ ڈاکٹر محبوب علی نے ایک تفصیلی بحث کی جس میں انہوں نے صحت  کے متعدد مسائل اور خاص طور پر وبائی امراض کے دوران مختلف مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے “Our Planet Our Health” کے موضوع پر بھی  بات کی۔ ڈاکٹر حمید اللہ نے TB کے خاتمے کے بارے میں کچھ قیمتی تجاویز دیں۔ڈاکٹر محمد رمضان میر نے بہت سی ضروری خدمات کی فراہمی کے لیے محکمہ صحت کی جانب سے شروع کی گئی مختلف اسکیموں کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی۔ انہوں نے کچھ ہنگامی رابطہ نمبروں کے بارے میں بھی بتایا جن کے ذریعے عام لوگ بہت سی ضروری خدمات حاصل کر سکتے ہیں ۔

 

 

کوکرناگ سنتھن ٹاپ تک برف ہٹائی گئی

 عارف بلوچ

 

اننت ناگ //ایک اہم پیش رفت کے طور ضلع انتظامیہ اننت ناگ اور نیشنل ہائی وے اینڈ انفراسٹرکچر لمیٹڈ کی مشترکہ کوششوں کے باعث امسال سنتھن ٹاپ تک جانے والی سڑک پر مقررہ وقت سے ایک ماہ قبل برف ہٹا یا گیاہے ۔گذشتہ سال اس اہم سڑک پر 11 مئی کو ٹریفک کی آواجاہی ممکن ہوئی تھی۔ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ کی نگرانی میں انتظامیہ نے برف ہٹانے کا کام شدومد سے جاری رکھا ۔سڑک کے کئی مقامات پر قریبا 30 فٹ تک برف جمع تھی اس کے علاوہ پہاڑی سے پتھر گرنے کے باعث برف ہٹانے والے عملہ کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑا تاہم اس کے باوجود سنتھن ٹاپ تک برف ہٹانے کا کام مکمل کیا گیا اور سڑک کو سنگل لین کے قابل بنایا گیا ۔ ضلع انتظامیہ اننت ناگ کشتواڑ کی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے اور امید کی جارہی ہے کہ سنتھن سے کشتواڑ کی طرف جانے والی سڑک کو ایک ہفتے کے اندر اندر گاڑیوں کی آواجاہی کے لئے بحال کیا جائے گا ۔

 

حضرت فاطمتہ الزہرا ؓعظمت نسوانیت کا نمونہ 

حقانی میموریل ٹرسٹ کی آن لائین کانفرنس 

 سرینگر//حقانی میموریل ٹرسٹ نے خاتون جنت حضرت فاطمتہ الزہرا  کے یوم وصال کے سلسلے میں گلہائے عقیدت نچھاور کرنے کی نسبت سے آن لان کانفرنس منعقد  کی۔ جسمیں مولانا شوکت حسین کینگ ،اعجاز احمد ککرو، مولانا خورشید احمد قانونگو،مولانا مبارک حسین نعمانی ،مولانا گلزار احمد شیدا ،مولانا محمد اشرف ، مولانا طارق احمد مصباحی،  ابوالحسن فاروقی جید علمائے عظام اور دانشوروں نے شرکت کی۔ٹرسٹ کے سرپرست اعلی سید حمید اللہ حقانی نے شرکا کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ اہل بیت اطہار کی محبت اہل سنت کا جزو ایمان ہے آپ کی فضیلت عالیہ کے باعث آپ سے منسوب القابات کی بہتات ہے۔مقررین نے مجلس میں سردار خواتین جنت کے فضال بیان کرتے ہوئے کہا کہ انکی عظمت کی عکاسی قران مقدس اور احادیث نبویﷺ سے عیاں  ہے اللہ تعالی نے اہل بیت عظام کو طہارت کا وہ اعلی مقام عطا کیاجیسے کہ انکی شان کے لاق ہے دارالعلوم قریشیہ شیری بارہمولہ کے مہتمم مولانا طارق احمد مصباحی نے کہاکہ  اگرکوئی صبروقناعت کی زندہ تصویرکودیکھناچاہے توسیدہ فاطمہ  کی زندگی کامطالعہ کریں۔ ٹرسٹ سے وابستہ دیگر اداروں تحریک اسلامی جموں و کشمیر اور ٹرسٹ سے منسلک اداروں کے منتظمین و اراکین نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔ ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری بشیر احمد ڈار نے تمام شرکا کا شکریہ اداکیا۔

 

چیف ایجوکیشن آفیسر گاندربل 

جاوید احمد ناظم تعلیم کے دفتر سے منسلک

گاندربل//ارشاد احمد//گاندربل میں تعینات محکمہ تعلیم کے ضلع آفیسر چیف ایجوکیشن آفیسر گاندربل کو محکمہ تعلیم کے ناظم اعلی سرینگر سے منسلک کردیا گیا۔جبکہ چیف ایجوکیشن آفیسر سرینگر کو گاندربل کا اضافی چارج کی ذمہ داری سونپی گئی۔محکمہ تعلیم کے پرنسپل سیکرٹری کے ایک حکم نامہ کے مطابق چیف ایجوکیشن آفیسر گاندربل جاوید احمد درزی کو ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن سرینگر سے منسلک کردیا گیا.جبکہ چیف ایجوکیشن آفیسر سرینگر منظور احمد کو سرینگر کے ساتھ ساتھ گاندربل کا اضافی چارج اگلے احکامات تک ذمہ داری سونپی گئی۔ 

 

 

بانڈی پورہ میں مارکیٹ چیکنگ

قصور وار دکانداروں سے جرمانہ وصول

بانڈی پورہ// عازم جان//ڈپٹی کمشنر بانڈی بورہ ڈاکٹر اویس احمد کی ہدایت پر مارکیٹ چیکنگ سکارڈنے چھٹے بانڈی اور آرہگام میں بازار کی چیکنگ کی اورقصورواردکانداروں سے جرمانہ وصول کیا۔ضلعی انتظامیہ نے زائد قیمتوں کو روکنے اور خلاف ورزیوں کے واقعات کے خلاف فوری کارروائی کرنے کے لیے ضلع بھر میں بڑے پیمانے پر معائنہ مہم شروع کی۔ نائب تحصیلدار کی سربراہی میں ٹیم نے ایس ایچ او ارہاگام کے ہمراہ مختلف کاروباری اداروں بشمول سبزی، پھل فروش، گوشت کی دکانیں، کریانہ، بیکری اور دیگر دکانداروں کامعائنہ کیا۔ اس موقع پر افسران نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ زائد قیمتوں اور دیگر غیر قانونی اور غیر اخلاقی طریقوں سے گریز کریں اور ان پر زور دیا کہ وہ اصول و ضوابط پر عمل کریں۔

 

 سول سروس امیدواروں کیلئے

 کولگام میں لائبریری و ریڈنگ روم قائم 

کولگام // ضلع کولگام کے سول سروسز کے خواہشمندوں کو بہترین مواقع فراہم کرنے کے لیے ضلع انتظامیہ نے یہاں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر میں ایک  لائبریری کم ریڈنگ روم قائم کیا۔ یہ لائبریری جمعہ کے روز خواہشمندوں کے لیے کھول دی گئی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ  نے کہا کہ نوجوانوں میں سول سروسز کو کیرئیر کے طور پر اپنانے کے لیے کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے اور ضلع انتظامیہ نے یہ اقدام اٹھایا ہے۔  امیدواروں کو امتحانات کی تیاری کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت کی پالیسیاں ہمیشہ نوجوانوں کے حامی رہی ہیں، اور نوجوانوں کو آگے آنے کی ضرورت ہے۔

 

 غلام قادر میرور محمد سبحان بٹ کی برسیاں

ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا خراج عقیدت 

سرینگر/نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے نیشنل کانفرنس کے رہنما غلام قادر میر المعروف شیر مورن (سابق ایم ایل اے راجپورہ ) کی 28ویں برسی اور خواجہ محمد سبحان بٹ (سابق ایم ایل اے ترال) کی 30ویں برسیپر اُنہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم لیڈران نے زندگی بھر مشکلات اور مصائب جھیلے اور تحریک حریت کے سلسلے میں جیل خانوں میں جانا پڑا لیکن چٹان کی طرح اپنے اصول پر قائم رہے۔ اُنہوں نے کہا کہ مرحوم نے شیخ محمد عبداللہ کے ساتھ ساتھ پارٹی کے تئیں جو وفاداری کی وہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ اور پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر ، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، جنوبی زون صدر ڈاکٹر بشیر احمد ویری، سینئر لیڈران سکینہ ایتو، پیرزادہ احمد شاہ، حسنین مسعودی، غلام محی الدین میر، محمد اشرف بٹ نے بھی دونوں مرحوم لیڈران کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ 

 

سوپور میں پولیس کمیونٹی پارٹنرشپ گروپ میٹنگ کا انعقاد 

 سرینگر //پبلک اوٹ ریچ پروگرام کے ایک حصے کے طور پرکل پولیس اسٹیشن تارزو میں ایک پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ اس میٹنگ کی صدارت ایس ڈی پی او سوپور فرقان قادری نے کی ۔ میٹنگ میں ایس ایچ او تارزو ، انچارج پولیس پوسٹ پتکھا بھی موجود تھے۔ اجلاس میں اوقاف کمیٹیوں، ٹریڈرز فیڈریشن، بینک کے سربراہان اور سکولوں کے سربراہان  اور معزز شہری سمیت گردونواح کے عام لوگوں نے بھی شرکت کی۔میٹنگ کے دوران، ایس ڈی پی او سوپور نے شرکاء کو سائبر خطرات و سرگرمیوں مثلاً شناخت کی چوری، کریڈٹ کارڈ فراڈ، ڈیٹا چوری، سائبر اسٹالنگ وغیرہ کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ معاشرے میں پھیلی سماجی برائیوں بالخصوص منشیات کے خاتمے کے لیے لوگوں سے تعاون طلب کیا۔ انہوں نے شرکاء کو تمام تجارتی اداروں و دکانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا مشورہ دیا۔ یہ ان تمام سماج دشمن عناصر کے لیے مضبوط روک کا کام کرے گا، جو اس طرح کے گھناؤنے جرائم کا ارتکاب کرنے کا سوچتے ہیں۔