مزید خبریں

کٹرہ میں مارکیٹ چیکنگ

۔27دکانداروں سے 37ہزار جرمانہ وصول

عظمیٰ نیوز
 
ریاسی //جموں و کشمیر ماپ وتول ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے کے پاداش میں محکمہ لیگل میٹرالوجی کی ایک انسپکشن ٹیم نے کٹرہ میں 33  دوکانوں کا معاینئہ کیا  اور 27 خاطی کاروباریوں کے خلاف کیس درج کیا ہے اور ان سے 36900روپے بطور جرمانہ وصول کیا ہے۔ٹیم نے مختلف ریسٹورنٹوں ،کھانے وپینے کے مقامات، ڈرائی فروٹ دوکانوں ،پرشاد دوکانوں،گفٹ ائیٹمز و دیگر کاروباری اداروں کا معاینہ کیا اور موقعہ پر ہی ناقص میٹیریل ضبط کیا ۔ٹیم کی قیادت اسسٹنٹ کنٹرولر لیگل میٹرالوجی ریاسی کلدیپ راج کر رہے تھے۔ٹیم نے 6 خاطی دوکانداروں کو ضبط شدہ میٹریل کے سلسلہ میں ریکارڈ اسسٹنٹ کنٹرولر لیگل میٹرالوجی ریاسی کے پاس پیش کرنے کی ہدایت دی۔
 

گول تتا پانی سڑک کے اراضی مالکان 17سال سے معاوضہ کے منتظر

زاہدبشیر
 
گول//ضلع رام بن کے گول علاقہ میں گول تتا پانی روڈ پر گزشتہ17سال سے عوام معاوضہ سے محروم ہیں جس کی وجہ سے لوگ کافی پریشان ہیں ۔ نیشنل کانفرنس کے دورِ حکومت میں لوگوں نے اپنی زرعی اراضی سڑک کے لئے دی تھی اور اُس وقت اس سڑک پر نبارڈ نے تعمیر ی کام کیا تھا اور بعد میں یہ محکمہ تعمیرات ِ عامہ کے حوالہ کی گئی اور لوگوںنے کئی مرتبہ اس اراضی کے کاغذات کی خاطر محکمہ مال کے دفتروں کے چکر کاٹے یہاں تک کہ لوگوں نے اس پر اپنی جیب سے بھی پیسہ خرچ کیا لیکن اس کے با وجود یہاں کے لوگوں کومعاوضہ نہیں دیا گیا ۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ17سال سے یہاں پر عوام معاوضہ کی مانگ کر رہے ہیں یہ ایک بہت زیادہ مدت ہے لیکن سرکار اور انتظامیہ کی کان پر جوں تک نہیں رینگی ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سڑک کے معاوضہ کی خاطرلوگوں نے کئی مرتبہ ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن کے دفتر ، سکریٹریٹ اور گول تحصیل دفتر کے چکر کاٹے اور وفود کی شکل میں آفیسران سے بھی ملاقاتیں کیں اور جہاں سے ان لوگوں کو یقین دہانیوں کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا اور وہ یقین دہانیوں آج بھی یہاں کی عوام کی کانوں میں گونج رہی ہیں لیکن یہ حقیقت میں سچ نہیں ہوئے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سب ڈویژن گول میں اُس کے بعد بہت سارے نئے روڈ بھی نکالے گئے جن کا معاوضہ سرکار نے چند سالوںکے اندر اندر مکمل طور پر دے دیا لیکن اس سڑک پر جن لوگوں کی اراضی گئی ہے وہ آج بھی اِس امید میں بیٹھے ہیں کہ انہیں معاوضہ ملے گا ۔ یہاں تک کہ ہر آنے والے الیکشن میں لیڈران یہ وعدے کر چکے ہیں کہ اس سڑک کا معاوضہ حکومت وجود میں آنے کے بعد دیا جائے گا لیکن کئی حکومتیں گئیں اور کئی آئیں لیکن اس سڑک کا معاوضہ ابھی بھی نہیں آیا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ سرکار سے سترہ سال کا معاوضہ بحساب فصل، پھل اور پھلدار درختان کے ساتھ لینے کے لئے ہمیں کوٹ کا دروازہ کھٹکھٹانے پر مجبور کیاجا رہاہے ۔ اب یہاں کے لوگوں نے من بنا لیاہے کہ جلد اس سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کر کے اس کو مکمل طور پر بند کریں دیں گے اور جب تک نہ اس سڑک کا مکمل معاوضہ دیں گے تب تک اس سڑک کو کھولا نہیں جائے گا ۔
 

مقامی پولیس افسر کی حوصلہ افزائی کا خیر مقدم 

محمد تسکین 
 بانہال // حلقہ انتخاب بانہال کے آلنباس ،اکڑال سے تعلق رکھنے والے سب انسپکٹر شمیم احمد کو محکمہ پولیس میں بہترین کارکردگی کیلئے ڈائریکٹر جنرل توصیفی میڈل کیلئے نامزد کئے جانے پر مقامی رضاکاروں نے خوشی کا اظہار کیا  ہے اورمحکمہ پولیس کی اعلیٰ قیادت کا ایسے افسروں اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے پولیس قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ ضلع رام بن کے آلنباس علاقے سے تعلق رکھنے والے شمیم احمد رام بن ضلع کے بانہال میں تعینات ہیں اور پولیس سٹیشن بانہال کے بعد انچارج پولیس پوسٹ جواہر ٹنل ، ٹھٹھاڑ ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ کہ سب انسپکٹر  عام لوگوں کے بہتر تال میل کے علاؤہ سڑک حادثات میں اپنی بے لوث خدمت کیلئے مشہور ہیں اور ماضی قریب میں ہوئے کئی حادثوں میں انہوں نے پولیس اور ریسکیو میں شامل رضاکاروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر زخمیوں اور لاشوں کو چڑھانے میں پیش پیش رہے ہیں اور اپنے فرائض کے تئیں ہمیشہ مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
 

ڈیجی دھن  یاترا بھالہ پہنچ گئی 

طاہر ندیم خان
 
بھدرواہ //عام لوگوں کو محفوظ بینک کاری کے لئے بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے ایچ ڈی ایف سی بینک کا 5 روزہ بیداری پروگرام تحت ڈیجی دھن یاترا پیر کے روز بھدرواہ کے بھالہ علاقہ میں پہنچ گئی ۔بیداری پروگرام کے تحت ڈیجیٹل وین مختلف علاقوں بشمول بھدرواہ قصبہ، چنتا، سرتنگل، دومیل، بھالرا، سیری اور بھالہ سے نکلی۔پروگرام کے اختتامی روز بھالہ میں بی ڈی او طاہر ملک نے بینک کے برانچ منیجر بھدرواہ راجیش پریہار کے ہمراہ ڈیجی یاترا کو علاقہ سے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔بی ڈی او نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ایچ ڈی ایف سی بینک کی جانب سے محفوظ بینک کاری اور ڈیجیٹل بینکنگ کے اس اہم نوعیت کے پروگرام کے لئے پہل کرنے کی کافی ستائش کی۔ڈیجیٹل وین لوگوں کو محفوظ بینک کاری  بشمول نیٹ بینکنگ کے استعمال، اے ٹی ایموں میں لین و دین، پی او ایس پو ڈیبٹ کارڈ اور کریڈٹ کارڈ استعمال کرنے سے واقف کرنے کے لئے مختلف علاقوں کا دورہ کر رہی ہے۔ علاقہ کے لوگوں نے بینک حُکام کی لوگوں کو جدید بینک کاری سے واقف رکنے کے لئے منعقد کی جارہی اس پہل کی سراہنا کی اور کہا کہ س سے لوگوں کو دھوکہ دہی سے نجات دلانے میں کافی مدد ملے گی۔
 
 

مشکوک حالات میں 2 نعشیں برآمد

زاہد ملک 
ریاسی //ریاسی ضلع سے پولیس نے دو نعشیں برآمد کی ہیں۔پولیس کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق ریاسی میں زیرو موڑ کے نزدیک ایک مرد کی نعش کو مشتبہ حالات میں برآمد کیا گیا ہے، جسے مردہ گھر میں شناخت کے لئے رکھا گیا ہے۔پولیس نے اس سلسلہ میں تحقیقات شروع کر دی ہے۔دریں اثنا پولیس نے ضلع  کے بنا باڈی علاقہ سے ایک شخص محمد قاسم ولد میاں عمر تقریباً45 سال ساکنہ باننا باڈی کی نعش کو پُر اسرار حالات میں سڑک سے برآمد کیا ہے۔ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاورں نے نعش کو اُٹھا کر اسکا پوسٹ مارٹم کرکے قریبی رشتہ داروں میں آخری رسومات  ادا کرنے کے لئے سونپی اور مزید تحقیقات کیلئے ایک معاملہ درج کیا۔
 

ڈسٹرکٹ رورل یوتھ ویلفیئر ایسوسیشن ڈوڈہ کی شجر کاری مہم 

اسحق عارف 
 
ڈوڈہ//ڈسٹرکٹ رورل یوتھ ویلفیئر ایسوسیشن ڈوڈہ کی جانب سے کنتواڑہ رینج فارسٹ میں ایک ہفتہ کی شجرکاری و بیداری مہم اختتام پذیر ہوئی جس دوران مہم کے تحت مختلف اقسام کے پودے لگائے گئے ڈرائیوا کے صدر فرید احمد نیائیک نے اس موقعہ پر کہا کہ ایک ہفتہ سے جاری شجرکاری مہم کے دوران ہر روز پچیس سے تیس پودے لگائے گئے شجرکاری مہم کے دوران لوگوں کو جنگلات کے تحفظ اور اس کی اہمیت کے متعلق بیداری کو عام کرنے کے لئے مختلف جگہوں پر بیداری پروگرام منعقد کئے گئے اور لوگوں کو شجرکاری کے متعلق جانکاری فراہم کی اور بتایا کہ جنگلات کا تحفظ ہمارے لئے انتہائی ضروری ہے چونکہ پیڑ پودے ہی ہمارے لئے صاف ہوا پینے کے لئے صاف پانی کا خزانہ ہے اگر ہمارے گرد نواح میں پیڑ لگے ہیں اْن سے ہمیں گرمی سے نجات ملتی ہے اور دھوپ سے راحت پانے کے لئے پیڑ کے سایہ میں جاتے ہیں ہم جنگل کی حفاظت کرکے اپنی آنے والی نسل کے لئے تازہ آب ہوا کا ذخیرہ کر رہے ہیں۔ہفتہ کے آخری دِن ڈسٹرکٹ رورل یوتھ ویلفئیر ایسوس سیشن ٹیم نے کنتواڑہ فارسٹ رینج میں دو سو کے قریب پودے لگائے نیائیک نے مزید بتایا کہ ماحولیات کو بہتر بنانے کے لئے عنقریب مزید اس طرز کے چھوٹے چھوٹے شجرکاری مہم کا اہتمام کیا جائے گا۔غیر سرکاری تنظیم نے عوام کو تعاون پیش کرکے ماحولیات کو خراب ہونے سے بچانے کی تاکید کی۔فرید احمد نیائیک نے ایسوسیشن کے تمام ممبران کا شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے شکریہ ادا کیا چونکہ ٹیم کے بغیر اس عظیم مہم کو مکمل کرنا ممکن نہ تھا۔
 

 ناجائزشراب کی 38 فروٹیاں ضبط،02 گرفتار

کشتواڑ//کشتواڑ پولیس نے قصبہ کے کلید علاقہ میں ایک ناکہ کے دوران غیر قانونی طور شراب کی38فروٹیاں ضبط کی ہیں اور اس سلسلہ میں02افراد کو گرفتار کیا ہے۔کشتواڑپولیس کی جانب سے جاری ایک پریس بیان کے مطابق غیر قانونی طریقہ سے شراب حاصل کرنے اور اسے قصبہ سے باہر نو جوانوں کو اونچے داموں میں فروخت کرنے کی خبروں کی اطلاع پر پولیس نے قصبہ کے کُلید علاقہ میں یک ناکہ لگایا ۔ پولیس پارٹی کی قیادت انچارج پولیس پوسٹ کلید کشوری لعل کر رہے تھے۔ٹیم نے دووران چیکنگ ایک آٹو رکھشاکو روکا اور اس میں سے 38 ناجائزشراب فروٹیاں ضبط کرکے 02افراد کو گرفتارکیا،جن کی پہچان طارق حُسین ولد محمد عباس اور محمد عرفان ولد محمد ایوب ساکنان گوڑیاں ،کشتواڑ کے  بطورکی گئی ہے۔پولیس نے اس سلسلہ میں پولیس اسٹیشن کشتواڑ میںایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر  290/2017درج کیا ہے۔گرفتاری اور برآمدگی انچارج پولیس اسٹیشن کشتواڑایس آئی دیپک ٹھاکور اورانچارج ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹرز کشتواڑ نثار احمد خواجہ کی نگرانی میں انجام دی گئی ۔
 

پہاڑی سے گر کر خاتون زخمی 

زاہد ملک
 
مہور//ریاسی میں پیر کے روز ایک خاتون پہاڑی سے گر کر شدید زخمی ہوئی ہے۔ پولیس کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق ریاسی ضلع کے مہور سب ڈویژن میںاربیاس کی ایک خاتون ہرمت بیگم زوجہ قمر دین جرال پہاڑی سے پھسل کر شید زخمی ہوئی ہے۔مقامی لوگوں کی مدد سے پولیس نے زخمی خاتون کو فوری طور اُٹھا کر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا ،جہاں پر زخمی خاتوں کو فوری امداد فراہم کی گئی ۔زخموں کی صورت حال کو دیکھ کر ہسپتال انتظامیہ نے اسے جی ایم سی جموں منتقل کیا ،جہاں پر اسکا علاج ہو رہا ہے،تاہم اسکی حالت بدستورنازک بیان کی گئی ہے۔