مزید خبریں

گوندہ پنچایت میں 8ماہ سے پانی سپلائی بند 

محمد بشارت
کوٹرنکہ //تحصیل خواص کی پنچایت گوندہ میں گزشتہ آٹھ ماہ سے پینے کے صاف پانی کی سپلائی بند ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ کئی ماہ سے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جارہا ہے لیکن جھوٹی یقین دہانیوں کے بغیر کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے جس کی وجہ سے آٹھ ماہ سے کئی کنبوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ محکمہ آب رسانی کے ملازمین کی انتہائی درجہ کی لاپرواہی کی وجہ سے علاقہ میں بچھائی گئی پاپئیں بوسیدہ ہو کر ٹوٹ چکی ہیں جبکہ مقامی لوگ قدرتی چشموں سے پینے کیلئے صاف پانی لانے پر مجبور ہیں ۔مختار وانی نامی ایک مقامی شخص نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سپلائی کو بحال کرنے میں کوئی دلچسپی ہی ظاہر نہیں کی جارہی ہے جس کی وجہ سے عوامی مشکلات مزید بڑھتی ہی جارہی ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے محکمہ کے ملازمین و آفیسران کو متحرک کیا جائے تاکہ لوگوں کو پانی کی سپلائی مل سکے ۔
 
 
 

قاضی مظہر حسین پولیس سے سبکدوش 

پرویز خان
منجا کوٹ //جموں وکشمیر پولیس میں 35برس تک اپنی خدمات دینے کے بعد قاضی مظہر حسین سبکدوش ہو گئے ہیں ۔اس سلسلہ میں منجا کوٹ میں ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں جموں وکشمیر پولیس کے اعلیٰ آفیسران کیساتھ ساتھ پولیس اہلکاراور علاقہ کے معززین نے شرکت کی ۔پولیس آفیسران کیساتھ ساتھ مقامی معززین نے موصوف کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے محکمہ میں رہ کر محنت ولگن کیساتھ خدمات انجام دی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ قاضی مظہر حسین نے ہمیشہ غریبوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا ہے جس کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔انہوں نے موصوف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے ۔
 
 
 
 
 

۔40سے زائد بھیڑیں مشکوک حالت میں مردہ پائی گئی 

کیس درج کر کے تحقیقات شروع ،متاثرین کی مالی امداد کا مطالبہ 

بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ کے پمروٹ گلیاں علاقہ میں 30 اور 31 جنوری کی درمیانی شب ایک غریب کنبہ کی 40سے زائد بھیڑیں مشکوک حالت میں لقمہ اجل بن گئی جبکہ متعدد زخمی ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ محمد رشید ولد گائیا سکنہ پمروٹ گلیاں اپنی بھیڑ بکریاں اپنے مویشی خانے میں باندھ کر گیا تاہم صبح اس کی کئی بھیڑیں مشکوک حالت میں مردہ پائی گئی ۔ محمد رشید نے بتایا کہ وہ اپنی بھیڑوں کو مویشی خانے میں باندھ کر کچھ ہی دوری پر اپنے گھر چلا گیا تاہم گزشتہ روز صبح جب وہ واپس اپنی بھیڑوں کو چرانے کیلئے لے جانے آیا تو اس نے دیکھا کہ کئی بھیڑیں مردہ حالت میں پائی گئی تھی ۔اہل خانہ نے بتایا کہ ان کے پاس کل 90بھیڑیں تھی تاہم اس میں سے لگ بھگ نصب اچانک مر گئی ہیں ۔محمد رشید نے شک ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ کسی نے سازش کے تحت اس کا نقصان کیا ہے ۔اس نے بتایا کہ مذکورہ بھیڑ بکریاں ہی اس کے بچوں کا پیٹ پالنے کا واحد ذریعہ تھا لیکن کسی سازش کے تحت اس کا نقصان کر دیا گیا ہے ۔اہل خانہ کیساتھ ساتھ مقامی معززین نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ متاثرین کی مالی معاونت کی جائے تاکہ ان کے نقصان کی بھر پائی ہو سکے ۔اس واقعہ کی خبر موصول ہوتے ہی پولیس کی ایک ٹیم ایس ایچ او سرنکوٹ کی قیادت میں موقعہ پر پہنچی اور صورتحال کا جائزہ لیا ۔پولیس نے بتایا کہ نقصان کا جائزہ لینے کے بعد معاملہ درج کر کے تحقیقات کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

قاضی بشارت حسین کی والدہ انتقال کر گئیں

عظمیٰ یاسمین 
تھنہ منڈی // محکمہ تعلیم سے سبکدوش قاضی بشارت حسین سکنہ قاضی کوپرا شاہدرہ شریف کی والدہ مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔ان کی عمر تقریباً سو سال کے قریب بتائی جاتی ہے۔ ان کی نماز جنازہ پیر کی شام 6 بجے قاضی کوپرا شاہدرہ شریف میں ادا کی گئی جس میں کثیر تعداد میں لوگ موجود تھے۔ مرحومہ پچھلے کافی عرصہ سے بیمار چل رہی تھیں اور بالآخرگزشتہ روز اپنے مالک حقیقی سے جاملیں۔ مرحومہ انتہائی نیک اور دین دار خاتون تھیں اور انھیں اس علاقے میں کافی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ ان کی موت پر علاقہ کی کئی سیاسی اور سماجی شخصیات نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بہترین خراج عقیدت پیش کیا ہے اور پسماندگان کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے۔
 
 
 

آتشزدگی میں رہائشی مکان جل کر راکھ

عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی// سب ڈویژن تھنہ منڈی کے عظمت آباد گاؤں میں مشکوک حالت میں آگ بھڑک اٹھی جس کی وجہ سے ایک رہائشی مکان جل کر خاکستر ہو گیا جس میں لاکھوں روپے کی مالیت کے نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ تھنہ منڈی کے عظمت آباد گاؤں کے رہائش پذیر مشتاق احمد ولد احمد دین کا رہائشی مکان جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔ آگ لگنے کی فوری وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس مکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ان کا رہائشی مکان جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔ جس میں فرنیچر، کپڑے، بستر، برتن، فرنیچر، اناج ، نقدی رقم راکھ کا ڈھیر بن گئی۔ بعد ازاں مقامی لوگ فوری طور پر جائے واردات پر پہنچ گئے ۔مقامی لوگوں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا البتہ اس حادثے میں گھر کا سارا سامان مکمل طور پر تباہ ہو گیا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ وہیں ڈی ڈی سی ممبر عبدالقیوم میر، چیئرمین میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی شکیل احمد میر اور ایس ایچ او تھنہ منڈی شوکت چوہدری کے علاوہ دیگر کئی سیاسی و سماجی شخصیات نے اس واردات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے ایک مرتبہ پھر مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر متاثرہ خاندان کو معقول معاوضہ فراہم کیا جائے۔ اس موقع پر عوام نے تھنہ منڈی کے لئے فائر سروس سٹیشن کی جلد بحالی کا مطالبہ بھی کیا جسے برسوں نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت سے کئی بار تھنہ منڈی کے لئے فائر سروس سٹیشن کی مانگ کی گئی تاہم وعدوں کے باوجود تا ہنوز اس سلسلہ میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم یو ٹی حکومت سے ایک مرتبہ پھر مطالبہ کرتے ہیں کہ ترجیحی بنیادوں پر تھنہ منڈی کے لئے فائر سروس سٹیشن کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ ا?ئندہ اس طرح کے واقعات رونما نہ ہونے پائیں.
 
 
 
 
 
 
 
 

دبڑ نوشہرہ میں کچا رہائشی مکان منہدم 

لاکھوں روپے کا ساز و سامان دب گیا 

رمیش کیسر 
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے دبڑ گائوں میں ایک کچا رہائشی مکان منہدم ہونے کی وجہ سے گھر میں رکھا گیا ساز و سامان دب گیا ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ محمود حسین ولد محمد یعقوب کا کچا رہائشی مکان اچانک منہدم ہونے کی وجہ سے مذکورہ کنبہ کھلے آسمان تلے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہو گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مٹی کے رہائشی مکان میں ڈالی گئی لکڑیاں ٹوٹ جانے کی وجہ سے اتوار کی شب اچانک مکان منہدم ہو گیا تاہم اس دوران مذکورہ رہائشی مکان میں کوئی بھی شخص موجود نہیں تھا جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ گھر میں رکھا گیا ساز و سامان مکمل طورپر تباہ ہو گیا ہے ۔مقامی معززین نے جموں وکشمیر انتظامیہ کیساتھ ساتھ ضلع انتظامیہ راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ متاثرین کی معاونت کی جائے تاکہ وہ اپنا رہائشی مکان تعمیر کروا سکیں ۔
 
 
 

پوٹھہ میں ہینڈ پمپ نصب کئے گئے 

رمیش کیسر 
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے سرحدی دیہات پوٹھہ میں لوگوںکو درپیش پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے مختلف وارڈوں میں 3ہینڈ پمپ نصب کئے گئے ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ سیری بلاک کی مذکورہ پنچایت میں لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید مشکلات کاسامنا کرناپڑرہا تھا جس کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے مختلف علاقوں میں مذکورہ ہینڈ پمپ نصب کئے گئے ہیں ۔مکینوں نے راحت کی سانس لیتے ہوئے بتایا کہ عوام کو گزشتہ کئی برسوں سے پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا تھا جبکہ علاقہ میں پانی کی سپلائی کا بندوبست کرنے کیلئے اس سے قبل کئی مرتبہ اعلیٰ حکام سے رجوع کیا گیا اور اب مذکورہ سہولیات فراہم کی گئی ہیں ۔ضلع ترقیاتی کونسل رکن سنگیتا شرما اور بلاک ڈیولپمنٹ کونسل رکن نیتا شرما نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے 9ہینڈ پمپ دئیے گئے ہیں جن کو نوشہرہ کے مختلف علاقوں میں نصب کیا جارہا ہے تاکہ عوامی مشکلات کو کم کیاجاسکے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ پمپ نصب کرنے کے بعد مکینوں کو پانی کی سہولیات میسر ہو نگی۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 

بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر کو صدمہ 

والد انتقال کر گئے ،نماز جنازہ میں ہزاروں کی شرکت 

جاوید اقبال 
مینڈھر //بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر ڈاکٹر پرویز خان کے والد سابقہ سرپنچ گلسید خان گزشتہ روز حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال کر گئے ۔ان کو پُر نم آنکھوں کیساتھ آبائی گائوں گلہوتہ میں سپردخاک کردیا گیا جبکہ ان کی نماز جنازہ میں سیاسی ،سماجی و مذہبی لیڈران اور کارکنوں کیساتھ ساتھ سیول اور پولیس انتظامیہ کے آفیسران و مکینوں نے شرکت کی ۔مرحوم کی وفات پر کئی سیاسی و سماجی شخصیت نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی ہے ۔ان کی وفات پر سابقہ وزیر نثار احمد خان ،سابقہ ایم ایل سی محمد رشید قریشی ،مرتضی خان ،اخلاق خان ،رحیم داد ،کانگریس لیڈر پروین سرور خان ،پی ڈی پی سنیئر لیڈر ایڈوکیٹ معروف خان ،پی ڈی پی لیڈر ایڈوکیٹ ندیم خان ،این سی لیڈر چوہدری ولی داد ،پہاڑی کلچر اینڈ ویلفیئر فورم مینڈھر کے صدر حاجی محمد عظم ساگر ،ڈی ڈی سی ممبر انجینئر واجد بشیر خان ،انجینئر اشفاق چوہدری ،عمران ظفر ،مسرت جبین ،بی ڈی سی ممبر امان اللہ چوہدری ،طاہرہ جبین ،شمیم اختر ،پی ڈی پی زونل صدر خرشید احمد خان ،محمدصادق چوہدری ،محمد عظم فانی ،ماسٹر عنایت اللہ خان ،سرپنچ شوکت چوہدری ،وسیم احمد خان ،جاوید گلشن ،طلعت سرور ،راجہ محمود خان ،بیو پار منڈل مینڈھر ،میڈیکل ایسوسی ایشن مینڈھر ،پہاڑی کلچر اینڈ ویلفیئر فورم مینڈھر،پریس کلب کے اراکین نے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور اہل خانہ کیساتھ تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی ۔
 
 
 

ڈی سی پونچھ نے شیوکھوڑی مندرکادورہ کیا

مہاشیوراتری میلے کے انتظامات کاجائزہ لیاگیا

حسین محتشم
پونچھ//مہاشیوراتری میلے کے سلسلہ میں ضلع انتظامیہ پونچھ کی طرف سے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے اندر جیت نے شیوکھوڑی کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس دوران ڈی سی کے ہمراہ ضلع پولیس اور ضلع انتظامیہ پونچھ افسران بھی موجود تھے۔دورے کے دوران ڈی سی ودیگرافسران نے شیوکھوڑی مندرمیں حاضری دی اورانتظامات کے سلسلے میں مندرکی انتظامیہ کمیٹی کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ مندر انتظامیہ کی جانب بجلی اور پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ مندر کے ارد گرد صفائی کو یقینی بنانے، مندر کو جانے والی سڑک کی مرمت ، میلے کے دوران درشن کے لئے آنے والے عقیدتمندوں کے لئے بہتر طبی انتظامات کرنے کا مطالبہ کیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے موقع پر ہی ایکس ای این پی ٹی ڈی، ایکس این پی ایچ ای، ایکس ای این محکمہ تعمیرات عامہ، سی او میونسپل کونسل پونچھ اور سی ایم او ضلع ہسپتال پونچھ کو موقعہ پر ہدایت کی کہ وہ تمام تر انتظامات کویقینی بنائیں۔ اس دوران ایس ایس پی پونچھ اور دیگر پولیس افسران کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیااور کئی اہم فیصلے لیے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے تمام عوام کو میلے کے دوران علاقہ میں امن و امان کی فضاء بنائے رکھنے کی اپیل کی۔
 
 
 

موڑھ بچھائی میں چالیس روزہ دینی کورس اختتام پذیر

حسین محتشم
پونچھ//ادارہ مدینۃ العلم المصطفیٰ پبلک اسکول موھڑہ بچھائی میں چالیس روزہ دینی تعلیمی و تربیتی کورس پیر کو اختتام پذیر ہوا۔ اس سلسلہ میں ادارہ میں اختتامی تقریب منعقد کی گئی جس میں منڈی، پونچھ، سرنکوٹ اور مینڈھر سے معزز شہریوں اور کورس میں شامل ہوئے طلبہ کے والدین نے شرکت کی۔اختتامی تقریب کے دوران طلبہ کے جانب سے تعلیمی مظاہرے کئے گئے جن کو وہاں موجود سامعین نے بڑا سراہااور بچوں کو داد و تحسین کے علاوہ انعامات سے نوازا۔تقریب کے دوران شعیہ فیڈریشن کے ضلع صدر جعفر حسین ، جنرل سیکرٹری نجم جعفری،محبوب حسین ، احتشام حسین محتشم، ڈاکٹر علمدار عدم، شمیم الحسن انصاری اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے ادارہ المدین العلم المصطفٰے پبلک اسکول کے مدیر مولانا سید عابد حسین جعفری اور دیگر اساتذہ کی سرہانہ کی جنہوں نے یہ کورس کروا کر شرکاء کو کئی اہم معلومات دیں۔مولانا سید عابد حسین جعفری نے اس دوران خطاب کرتے ہوئے تمام شرکاء کا تقریب شریک ہونے پر اور بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ادارہ مدین العلم یہاں کی عوام کی علم کی پیاس بجھانے کے لئے قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں کی چھٹیوں میں بچوں کے لئے خصوصی قرآن کورس کی یہ کلاسس نہایت اہم تھی جن بچوں نے ان کلاسوں میں شرکت کی انہوں نے بہت حد تک قرآن پڑھنے کا سلیقہ اور طریقہ سیکھا ہے۔اس پروگرام کے اختتام پر تمام طلباء اسناد اور انعامات تقسیم کئے گئے اور اساتذہ کو بھی داد و تحسین اور انعامات سے نوازا گیا۔پروگرام کے دوران نظامت کے فرائض مولا
نا ڈاکٹر اختر حسین جعفری نے انجام دیئے۔