سابق رکن اسمبلی مرحوم اختر نظامی
قانون سازیہ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا
عظمیٰ نیوز
جموں//بانہال ضلع رام بن سے تعلق رکھنے والے سابق ایم ایل اے محمد اختر نظامی کو ریاستی قانون سازیہ کے دونوں ایوانوں میں خراج عقیدت پیش کیا گیا ، مرحوم گزشتہ دنوں انتقال کر گئے تھے۔قانون ساز اسمبلی نے آج سابق رکن اسمبلی محمد اختر نظامی جو حال ہی میں فوت ہوئے کو خراج عقیدت اداکے دوران سپیکر کویندر گپتا نے ریاست کے سیاسی و اقتصادی منظرنامے میں مرحوم کے رول کو اُجاگر کیا۔چیئرمین جموں وکشمیر قانون ساز کونسل حاجی عنایت علی نے بھی آج ایوان میں سابق ایم ایل اے اختر نظامی سے متعلق ایک ماتمی قرار داد پیش کی۔ چیئرمین نے مرحوم لیڈر کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک منجے ہوئے پارلیمنٹرین تھے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم لیڈر نے ہمیشہ ریاست کی فلاح و بہبود کے لئے کام کیا۔ بعد میں ایوان نے مرحوم کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
خطہ چناب کے عوام وزیر اعلیٰ سے پُر امید
تصدق مفتی کو کابینہ میں شامل کرنے کا خیر مقدم
عظمیٰ نیوز
بھدرواہ // تصدق مفتی کوکا بینہ میں شامل کئے جانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے بھدرواہ بھلیسہ چرالہ ڈیولپمنٹ فورم نے توقع ظاہر کی ہے کہ اس سے ریاست بالخصوص خطہ چناب میں سیاحتی سرگرمیوںکو فروغ مل سکے گا۔ پریس ریلیز میں فورم صدر حفیظ البشیر وانی نے کہا ہے کہ تصدق مفتی کو ٹورازم کا قلمدان دیا گیا ہے اور ان کے زیر نگرانی بھدرواہ ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو اس کے سارے پروجیکٹ وقت پرمکمل کرنے کے لئے وافد مقدار میں فنڈز مہیا کرائے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محترمہ محبوبہ مفتی کے دورہ خطہ چناب سے یہاں کے عوام کی کافی امیدیں بندھ گئی ہیں ، لوگوں کو توقع ہے کہ خطہ میں ڈیولپمنٹ کے کاموں کو ہر حال میں پورا کیا جائے گا،یہاں کی رابطہ سڑکوں، سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا جس سے نہ صرف علاقہ کی حالت بدلے گی بلکہ یہاں کہ نوجوانوں کو روز گارکے مواقع حاصل ہوں گے ، اہم پروجیکٹوں کی معیاد بند تکمیل ہوگی جس میں بھدرواہ منی سیکریٹریٹ اور جامع مسجد سے متصل نالے پرپل کی تعمیر شامل ہے ۔
کشتواڑپالی ٹیکنک کی فوری تعمیرکا مطالبہ
کونسل ممبر نے سست روی کیلئے جے کے پی سی سی کو لتاڑا
عظمیٰ نیوز
جموں //ایم ایل سی فردوس ٹاک نے آج قانون ساز کونسل میں ایک ضمنی سوال کے دوران جے کے پی سی سی کی جانب سے کشتواڑ میں پالی ٹیکنیک کالج کی تعمیر پر سست رفتاری سے کام کرنے کی تنقید کی ۔ایم ایل سی نے کہا کہ اس کی وجہ سے کشتوڑ کے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا ہے اور اس سلسلہ میں وزیر برائے تعمیرا عامہ کی توجہ مبذول کی۔ضمنی کا جواب دیتے ہوئے وزیر تعمیرات نعیم اختر نے ممبر کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملہ کی چھان بین کریں گے اور کہا کہ سال کے آخرتک اسکی تعمیر مکمل کر دی جائے گی۔ ممبر مذکورہ نے کشتواڑ میں این آئی سی یو یونٹ قابل کار بنانے کے ایک اور سوال کے جواب میںوزیر صحت بالی بھگت نے یقین دلایا کہ وہ معاملہ کو دیکھیں گے اور ضلع ہسپتال کشتواڑ میں این آئی سی یو یونٹ کو چالو کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ممبر قانون ساز کونسل ٹاک نے اپنے سوال میں کہا تھا کہ ضلع ہسپتال کشتواڑ میںneo-natal intensive care کی عدم دستیابی پر تشویش کا اظہار کیا اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ کشتواڑ سے جموں منتقل کرنے کے دوران 7نو زائید بچے کشتواڑ سے جموں منتقل ہونے کے دوران لقمہ اجل بن گئے ہیں اور اپنے حلقہ ترقیاتی فنڈ (CDF) سے ضلع ہسپتال کشتواڑ میں این آئی سی یو یونٹ قائم کرنے کیلئے رقومات کی پیش کش کی، تاکہ ضلع میں یہ ایک حقیقت بن سکے۔ممبر موصوف نے مڑوہ،واڑون ،دچھن اور پاڈر علاقہ کے 55,000 سے زائد آبادی کو این ایچ ایم ملازمین کی ہڑتال سے پیدا شدہ مسئلہ اُٹھایا اور لوگوں کو طبی خدمات مہیا کرنے کیلئے جموں سے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم بذیعہ ہیلی کاپٹر ان علاقوں میں پہنچانے کی مانگ کی۔
لونپورہ ڈول میں لڑکیوں کے مدرسہ کے قیام کا اعلان
کشتواڑ// تحریک صوت الاولیاء ضلع یونٹ کشتواڑ ’ام البنات‘ کے نام سے لڑکیوں کا مدرسہ علاقہ لون پورہ ڈول میں کھولنے جا رہی ہے جس کے لئے حاجی مبارک علی نے زمین وقف کی ہوئی ہے،علاقہ ڈول کے تمام ذمہ داران اور معزز حضرات اس رائے پر متفق رہے کہ تحریک صوت الاولیاء کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات کی حمایت کی جائے گی۔نگراں تحریک صوت الاولیاء ضلع کشتواڑ کیپٹن فاروق حسین کچلو نے ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ اصلاح معاشرہ میں اگر سُدھار کرنا ہے تو سب سے پہلے ہمیں خواتین کی دینی تعلیم کی طرف توجہ دینی ہو گی۔ اور جس گھر میں ،قوم میں خواتین حضرات میں دینی بیداری آجائے اُس قوم کا مستقبل سورج کی طرح روشن ہوجاتا ہے۔ چناب ویلی میں اہل سنت و الجماعت کا لڑکیوں کاواحد مدرسہ ہوگا،انہوں نے اہلیان اسلام سے گذارش ہے کہ وہ اپنی نیک کمائی سے اس مدرسے کے لئے زیادہ سے زیادہ تعاون کریں ۔
ڈوڈہ میں پنچایت انتخابات
پہلے مرحلہ کی تربیت فراہم کی گئی
ڈوڈہ //ضلع ڈوڈہ میں پنچایت انتخابات کے پہلے مرحلہ کے لئے تربیت منعقد کی گئی۔اس سلسلہ میں اے سی آر طارق حُسین نائیک ،جو کہ پنچایت انتخابات کے لئے نوڈل افسر بھی ہیں، کی قیادت میں آر اوز اور اے آر اوز کی ایک تربیتی نشست منعقد کی گئی جس میں کل ملا کر 160 اے آر اوز اور آر اوز نے شرکت کی۔تربیت کے دوران شرکا کو ضابطہ اخلاق ،پولنگ پارٹیاں تیار کرنے، سوئیپ ،امن و قانون کو برقرار رکھنے ،تربیتی منیجمنٹ ،نبیلٹ پیپرس اور الیکشن کمیشن آف انڈیا کے دیگر رہنما خطوط کے بارے میں جانکاری دی گئی۔
اجے نندا کاشکایتی ازالہ کیمپ
ریاسی//وزیر مملکت برائے فائنانس و منصوبہ بندی اجے نندا نے ضلع کے دور دراز علاقوں کا طویل دورہ مکمل کرلیا اور ترین ، میاری اور کاندارا میں شکایتی ازالہ کیمپ بھی منعقد کرکے لوگوں سے انکی شکایات سنیں۔انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ انکے مطالبات کا فوری حل کرنے کے لئے متعلقہ حُکام کے پاس بھیجے جائیں گئے۔شکایتی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے اجے نندا نے کہا کہ گذشتہ تین سال کے دوران ریاسی، پونی ،کٹرا، اور بھماگ علاقوں کی کل ہم ترقی کے لئے متعدد ترقیاتی پروجیکٹ در دست لئے گئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ سرکار مظبوط سڑک رابطہ فراہم کرنے میں کوشاں ہے۔انہوں نے کہاکہ 25نئے پائور سب ۔اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں اور میکڈم بچھانے کے علاوہ 10 نئی سڑکوں کو منظور کیا گیا ہے۔ کسانوں کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ محکمہ زراعت اور باغبانی کو کسانوں کی ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کے لئے سخت ہدایات جاری کئے گئے ہیں۔انہوںنے نوجوانوں کو علاقہ کی اقتصادی حالت میں سدھار لانے کے لئے ترقیاتی کاموں میںملوث ہونے کی تلقین کی۔ وزیر نے متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں پر جاری کام کا بھی جائزہ لیا اور انکی بر وقت تکمیل ی ہدایت دی۔اس موقعہ پر وزیر نے وارڈ نمبر 1اور وارڈ نمبر6میں کوڑے دان بھی تقسیم کئے۔دورے کے دورانب وزیر کے ہمراہ مختلف محکموں کے افسران بھی تھے۔