مزید خبریں

اسمگلنگ ، تجارتی اورجنسی استحصال | ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی کی جانب سے ویبنار کا اہتمام

ارشاد احمد
گاندربل//ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی گاندربل نے جے اینڈ کے نالج نیٹ ورک اور محکمہ تعلیم گاندربل کے تعاون سے ’’اسمگلنگ اور تجارتی جنسی استحصال کے متاثرین‘‘کے عنوان پر آن لائن قانونی آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا۔ یہ پروگرام چیئرپرسن ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی شازیہ تبسم کی صدارت میں اور سیکرٹری ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی محترمہ تبسم کی رہنمائی میں منعقد ہوا۔اس موقع پر ایڈوکیٹ شگفتہ نبی، ایس ایچ او زنانہ تھانہ گاندربل شگفتہ ،ڈاکٹر منظور احمد خان استاد گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول کنگن مقرر تھے۔اس پروگرام کا مقصد جنسی استحصال سے متعلق مسائل کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا۔پروگرام میں پینل وکلاء ، اساتذہ،پی ایل وئز اور ضلع گاندربل کے مختلف اسکولوں کے زیر طلباء نے شرکت کی۔اس موقع پر مقررین نے حساس موضوع کے بارے میں بیداری پیدا کرتے ہوئے شرکاء کو اسمگلنگ اور تجارتی جنسی استحصال کے متاثرین کے حق میں حکومت ہند کی طرف سے چلائے جانے والے مختلف اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ شرکاء کو اسمگلنگ کے متاثرین کی بحالی سے متعلق NALSA کی مختلف اسکیموں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ پروگرام کی نظامت ہلال احمد لون استاد گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول کنگن نے انجام دیئے۔
 
 
 
 

منشیات مخالف مہم | گاندربل اوربڈگام میں 5افرادنشیلی مواد سمیت گرفتار

سرینگر//منشیات مخالف مہم کے دوران  پولیس نے گاندربل اور بڈگام میں5افراد کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے نشیلی موادکوضبط کیا۔پولیس پوسٹ شادی پورہ نے ستکری بادام پورہ میں ناکہ چیکنگ کے دوران ایک ویگن آر زیر نمبرJK16-5580 کو روک لیا اور تلاشی شروع کی جس میں2افراد سوار تھے ۔ تلاشی کے دوران ا ن کے قبضے سے200نشیلی ٹکیاں اور 24کوڈین بوتلیں بر آمد ہوئے ۔مذکورہ افراد کی شنا خت  شوکت احمد گنائی ساکن بورسو اور عمران شاہ ساکن یو پی بجنور حال پنزی نارہ سرینگر کے بطور ہوئی۔ اس سلسلے میں گاندربل تھانہ میں ایف آئی آر نمبر 10/2022کے تحت کیس درج کیا گیا ۔اس دوران ٹاکنواری گنڈروشن سڑک پرپولیس نے ایک گاڑی i10زیر نمبرDL7C-9184کو روکا جس میں دو افراد سوار تھے۔ دوران تلاشی ان کے قبضے سے 312 ممنوعہ کیپسول اور کوڈین فاسفیٹ کی 17 بوتلیں برآمد کر لی گئیں۔گاڑی میں سوار افراد کی شناخت سید حسین شاہ عرف الفی ساکن ڈب واکورہ اور جاوید احمد ملک ساکن پنزی نارہ سرینگر کے طور پر ہوئی ہے۔انہیں گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ جرم میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی ۔اسی طرح چاڈورہ تھانے کے افسران نے گشت کے دوران کرالپورہ پٹرول پمپ کے قریب ایک شہری کو 14 کلو گرام بھنگ پاؤڈر کے ساتھ گرفتار کیا۔ اس کی شناخت ساحل امین گنائی ساکن ٹنگہارکرالپورہ کے طور پر ہوئی ہے۔متعلقہ تھانے میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کیا گیا۔جے کے این ایس
 
 
 
 

 اعلیٰ کثافتی پودوں کی شجرکاری کا نفاذ  | ڈی جی باغبانی کشمیر کی صدارت میں میٹنگ کا انعقاد 

 
سرینگر //ڈائریکٹر جنرل ہاٹی کلچر کشمیر اعجاز احمد بٹ کی صدارت میںا یک میٹنگ سرینگر میں منعقد ہوئی جس میں موڈیفائیڈ ہائی ڈینسیٹی پلانٹیشن اسکیم کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا ۔ میٹنگ میں باغبانی محکمہ کے چیف آفیسرزاور مذکورہ اسکیم کی فہرست میں شامل ایجنسیوں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ ڈی جی ہارٹی کلچر کو تمام ضلعی سربراہان نے مذکورہ اسکیم کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ اس دوران سکیم کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی جی نے تمام چیف ہارٹی کلچر افسروںپر زور دیا کہ وہ اسکیم کے تحت مختص اہداف کی بروقت تکمیل کریں۔ انہوں نے افسر پر زور دیا کہ وہ مناسب اور مکمل خرچ کریں اور کام نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ ڈی جی نے مذکورہ اسکیم کی فہرست میں شامل ایجنسیوں کے نمائندوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کی طرف سے غیر سنجیدگی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور محکمہ ان لوگوں کو بلیک لسٹ کرنے کا حق رکھتا ہے جو اسکیم کو نافذ کرنے میں تعاون نہیں کریں گے۔ آخر میں ڈی جی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ اسکیم کو کامیاب بنانے میں اپنا صد فیصد تعاون دیں۔
 
 
 

LCMA کی حبک اور نگین میں انہدامی کارروائی

 
 
 
 
 
 
سرینگر//لیکس کنزرویشن اینڈ منیجمنٹ اتھارٹی نے اپنے انفورسمنٹ ونگ کے ذریعے ایک خصوصی مسماری مہم شروع کی ہے جس کے تحت شہدادباغ حبک اور این آئی ٹی نگین کے علاقوں میں ڈیوٹی مجسٹریٹ فیاض احمد (متعلقہ نائب تحصیلدار) کی موجودگی اور ایس ایچ او تھانہ نگین اور پی سی آر سرینگر کی پولیس کی تعیناتی کے ساتھ چلائی گئی۔ مسماری مہم کے دوران 3 نمبر دوسری منزلہ مکانات، 3 ایک منزلہ مکانات، 3 پلنتھ اور ایک کمپاؤنڈ والنگ جو کہ غیر قانونی طور پر کھڑی کی گئی تھیں مسمار کر دی گئیں۔ایل سی ایم اے کے دائرہ اختیار میں اور جھیل میں رہنے والے تمام لوگوں کو ایک بار پھر ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی غیر قانونی تعمیرات یاتجاوزات نہ کریں۔ نیز جن خلاف ورزی کرنے والوں کی غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا ہے ان سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ مسمار شدہ تعمیرات کی تعمیر نو سے باز آجائیں بصورت دیگر دائمی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دوبارہ خلاف ورزی کرنے پر قانون کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔
 
 
 
 

 انجمن علماء وائمہ مساجد کا اظہار تعزیت

سرینگر// انجمن علماء وائمہ مساجدجموں وکشمیر نے صدرضلع اسلام آباد مولانا محمد شفیع ترالی مہتمم دارالعلوم نورالقران سنگم کی صدارت میں صدر تحصیل پہلگام قاری محمد شفیع بلالی مہتمم جامعہ عبداللہ ابن مسعود لڑی پہلگام،مولانا محمد اقبال خطیب جامع مسجد کاٹھسو بلاک صدر سلر،صدرتحصیل بجبہاڑہ حافظ محمد یونس امام وخطیب جامع مسجد اقبال محلہ بجبہاڑہ نے مولانا محمد احمدکولی کے گھر لہن دجن جاکر مولاناموصوف کے ساتھ تنظیم کی طرف سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔وفد نے مرحومہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ مولانا احمد کی صحبت میں رہ کر دین کی خدمت میں گزارا۔ادھر انجمن نے ایک بیان میں محمد مقبول خان بانی دارالعلوم اصحاب صفہ چندہارہ کے چچا اور معراج الدین خان مہتمم دارالعلوم اصحاب صفہ کے دادا کے انتقال پر غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کے لیے دعاکی۔ 
 
 
 

ٹنگمرگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کا اظہار تعزیت

 ٹنگمرگ//مشتاق الحسن//ٹنگمرگ ورکنگ جرنلسٹ اسیوسی ایشن کا ایک تعزیتی اجلاس زیر صدارت صدر اشفاق احمد ڈار منعقد ہوا جس میں ایس ڈی پی او گلمرگ ہلال خالق کی ہمشیرہ کے اچانک انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہو ئے سوگوار خاندان سے تعزیت کی گئی اور مرحومہ کے بلند درجات کیلئے مغفرت کی دعا کی گئی ۔
 
 
 
 

بٹہ واراہ کیمپ سے دکانداروں کی بے دخلی افسوسناک: نیشنل کانفرنس

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے نائب صوبائی صدر کشمیر احسان پردیسی (انچارج کانسچونسی سونہ وار)نے سب ایریا سٹیشن ہیڈکوارٹر کے ٹرانزٹ کیمپ بٹہ واراہ سے دکانداروں کو بے دخل کرنے پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دکاندار سالہاسال سے مذکورہ جگہ پر اپنی دکانیں چلا رہے تھے لیکن گذشتہ سال انہیں بے دخل کرنے کا عمل شروع کیا گیا اور ان کی روزی روٹی پر شب خون مارا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل سے نہ صرف ان دکانداروں کا روزگار چھینا گیا بلکہ ان دکانوں پر کام کرنے والے ملازم بھی اپنے روزگار سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ پردیسی نے کہا کہ ان دکانداروں کی بے دخلی ایک انسانی مسئلہ ہے ۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر اور فوج کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ ان دکانداروں کی فوری بازآبادکاری عمل میںلائی جائے۔
 

قاضی گنڈمیںعرس ِ نورشاہ ولیؒ پر انتظامات کی اپیل

سرینگر// نیشنل کانفرنس نے ضلع انتظامیہ کولگام سے عرس مبارک حضرت نورشاہ ولیؒؒ کنڈ قاضی گنڈ کے سلسلے میں خصوصی انتظامات کرنے کی اپیل کی ۔ پارٹی کی سینئر لیڈر سکینہ ایتو، ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی، پیرزادہ احمد شاہ ،ترجمان عمران نبی ڈار اور ایڈوکیٹ عبدالرحمن تانترے نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ عرس مبارک کے سلسلے میں تقریبات کا انعقاد ہورہا ہے اور اس دوران درگاہ میں بڑی تعداد میں لوگ حاضری دیتے ہیں۔ اس لئے انتظامیہ زائرین کیلئے تمام انتظامات میسر رکھے۔ 
 
 

 آیت اللہ العظمیٰ شیخ لطف اللہ صافی فوت | انجمن شرعی شیعیان کا اظہاررنج و غم

سرینگر// انجمن شرعی شیعیان کے صدرآغا سید حسن نے مرجع تقلید آیت اللہ العظمیٰ شیخ لطف اللہ صافی گلپایگانی کے سانحہ ارتحال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے امام خامنہ ای اورمرحوم کے لواحقین و پسماندگان کی خدمت میں ہدیہ تعزیت پیش کیاہے۔آغا حسن نے مرحوم کی دینی و علمی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم فقہائے تشعیان قم میں سب سے سن رسیدہ اور متقی تھے اورقم میں موجود تاریخی مسجد امام حسن عسکری کے منتظم اعلیٰ بھی تھے۔بیان کے مطابق موصوف نے اسلامی تصانیف کی شکل میں تشیعیان عالم کے لئے ایک گرانقدر سرمایہ اپنے پیچھے چھوڑا ہے جو رہتی دنیا تک مرحوم کی علمی عظمت کا منہ بولتا اثاثہ ہے۔
 
 

الطاف بخاری کا پارٹی کارکن سے اظہار یکجہتی 

سرینگر//اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے حلقہ انچارج گاندربل پیر محمد یوسف شاہ کے بہنوئی پیر قوام الدین کے انتقال پر گہرے صدمے اور غم کا اظہار کیا ہے جن کا اپنی رہائش گاہ بٹونہ گاندربل میں انتقال ہوگیا۔ ایک تعزیتی پیغام میں بخاری نے سوگوار لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی روح کو ایک عاجز اور متقی شخص قرار دیا جس کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔
 
 
 
 
 
 
 
 

 سیمی رِنگ روڈ یوٹیلٹی شفٹنگ پر تبادلہ خیال 

سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے نے منگل کو سرینگر سیمی رِنگ روڈ ( ایس آر آر) پر پاور ٹرانسمیشن کی یوٹیلیٹی شفٹنگ سے متعلق ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ، پی ڈی سی ایل ، کے پی ٹی سی ایل ، پی ڈبلیو ڈی ، آر اینڈ بی ، پی ایچ اِی ، آئی اینڈ ایف سی کے چیف اِنجینئران ،جنرل منیجر پی جی سی آئی ایل کشمیر ، پروجیکٹ ڈائریکٹر این ایچ اے آئی ، سری نگر چیف پروجیکٹ منیجر این کے سی پروجیکٹس پرائیویٹ لمٹیڈ اور سٹریلائٹ پاور سرینگر کے نمائندوں نے شرکت کی۔میٹنگ میں سیمی رِنگ روڈ پر یوٹیلٹی شفٹنگ کی ذمہ داری پر غور کیا گیا ۔ بتایا گیا کہ یوٹیلٹی شفٹنگ کی ذمہ داری ٹینڈر کے دائرہ کار میں شامل ہے اور اسے متعلقہ ٹھیکیدار نے اَنجام دینا ہے ۔میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ بڈگام میں ایس آر آر کے تحت آنے والے 23پاور ٹرانسمیشن ٹاروں کو دوسری جگہ منتقل کیا جانا ہے جبکہ سرینگر میں 2ٹاور ، پلوامہ میں 3ٹاوروں کو بھی منتقل کیا جانا ہے۔مزید برآں، آبپاشی اور فلڈ کنٹرول ، پی ایچ ای اور پی ڈبلیو ڈی کی اَفادیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جنہیں ایس آر آر کی وجہ سے منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔اِس موقعہ پر صوبائی کمشنر کشمیر نے متعلقہ اَفسران کو یوٹیلیٹیز کی کے ایم زیڈ فائل کو عمل آوری ایجنسی کے ساتھ شیئر کرنے کی ہدایت دی تاکہ ٹھیکیدار کے لئے یوٹیلیٹیز کو منتقل کرنے کے لئے جگہوں کی شناخت آسان ہوجائے۔اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام کو بھی ہدایت دی کہ وہ پاور ٹاوروں کو منتقل کرنے کیلئے جگہوں کی نشاندہی کے بعد اراضی کی حصول کا عمل جلد شروع کریں۔اُنہوں نے پروجیکٹ منیجر این ایچ اے آئی کو بھی ہدایت دی کہ نہروں کے راستے ، فلڈ چینلوں اور نکاسی آب نظام کے نیٹ ورک کو برقرار رکھنے کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ مستقبل میں گرمیوں کے دوران سیلاب کی صورتحال پیدا نہ ہو۔اُنہوں نے انہیں قاضی گنڈ سے پلوامہ تک تعمیر کی جانے والی سڑکوں پر مختلف مقامات پر پُل تعمیر کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ بارش کے پانی میں سیلاب سے بچاجاسکے۔صوبائی کمشنر کشمیر نے انہیں ہدایت دی کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ ماضی کی غلطیون کو نہ دُہرایا جائے جس کی وجہ سے 2014ء میں سیلاب آیا اور متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر اِس منصوبے کو احتیاط سے چلایا جائے۔
 
 
 
 
 

کشمیری کاروبار کو معاشی پیکیج دیا جائے

سری نگر// کشمیر ٹریڈ الائنس نے کہا کہ وہ وادی کے تجارتی برادری کیلئے خصوصی اعلانات کی توقع کر رہی ہے تاکہ کووڈ سے متاثرہ کاروبار کی بحال ہو اس کو فروغ ملے۔کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر اعجاز شاہدار نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کئی اقدامات کا اعلان مزید کریں گی تاکہ وادی کے کاروباری شعبے کو راحت کی سانس ملے۔ شاہدار نے اس پرزور مطالبہ کا اعادہ کیا کہ پرانے جی ایس ٹی ایکٹ 1963 اور' ویٹ' ایکٹ 2005 کے بقایا جات کیلئے ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کیا جائے اور' جی ایس ٹی 'کونسل کو جی ایس ٹی آر 3 بی ریٹرن کی تاخیر کو کم از کم کرنا چاہے۔ انہوں نے کہا کہ کوویڈ 19 لاک ڈان کی وجہ سے ڈیلروں نے کوئی کاروبار نہیں کیا، اور اس کو مد نظر رکھتے ہوئے بینک قرضوں پر طویل مدتی معافی کا اعلان کیا جائے۔
 
 
 
 
 

ڈائریکٹر جنرل امپارڈ نے لرننگ مینجمنٹ سسٹمز کی ترقی سے متعلق میٹنگ کی صدارت کی

سرینگر//ڈائریکٹر جنرل اِنسٹی چیوٹ آف مینجمنٹ پبلک ایڈمنسٹریشن اینڈ رورل ڈیولپمنٹ ( آئی ایم پی اے ) سوربھ بھگت نے قومی اشتراک سے جے اینڈ کے امپارڈ کو نالج مینجمنٹ کے ہب کے طور پر بڑھانے کے لئے لرننگ مینجمنٹ سسٹمز (LMS)نیشنل ای گورنننس ڈیپارٹمنٹ ( این اِی جی ڈی ) اور آئی آئی ٹی  جموں کی ترقی سے متعلق ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں آئی آئی ٹی جموں کے شعبہ ہیو مین ٹیز کے ڈاکٹر ابتیش جوکہ ایل ایم ایس کے شعبے کی ریکھ ریکھ بھی کرتے ہیں اور دیگر اَفسران نے بذریعہ آن لائن شرکت کی۔ایل ایم ایس کے پاس آن لائن مواد جیسے ویڈیو ز، اِی ۔ کلاسز، پی ڈی ایف، پی پی ٹی ایس اور ٹیکسٹ سائنمنٹ کا بہت بڑا وسیلہ ہونے کی اُمید ہے جو دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے کارکنوں کے لئے میگا ٹریننگ پروگرام شرو ع کرنے میں مدد کرے گی۔ اس میں آئی اے ایس، کے اے ایس افسران اور سیکرٹریٹ کے ملازمین کے لیے آن لائن لائبریری کی سہولیات کا بھی انتظام ہوگا۔آن لائن میٹنگ میں امپارڈ فیکلٹی ممبران، ڈائریکٹرس ٹریننگ اور امپارڈ جموں اور سرینگر دونوں کے دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔
 
 

پولو ویو سرینگر میں ہڑتال ،کاروباری ادارے بند | دکانداروں اور خریداروں کیلئے پارکنگ کا مطالبہ

سرینگر// شہر سرینگر کے مصروف بازارپولو ویو میں دکانداروں نے کار پارکنگ کی عدم دستیابی کے خلاف منگل کے روز مکمل ہڑتال کی ۔پولو ویو ٹریڈرس ایسوسی ایشن کے ممبران نے اس سلسلے میںبتایا کہ بازار کے پیچھے دکانداروں کیلئے پارکنگ کی جگہ مختص تھی لیکن اسے انتظامیہ نے سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت بند کر دیا ہے۔انہوں نے کہا’’ ہم کہاں جائیں گے اور گاڑیوں کو کہاں کھڑا کریں گے۔ اس سے خریداروں کی تعداد میں زبردست کمی آئے گی‘‘۔ انہوں نے مزید کہا’’ہم سرینگر شہر کی خوبصورتی کے خلاف نہیں ہیں لیکن کم از کم ہمارے بارے میںاور ہمارے کاروبار کے بارے میں بھی سوچیں۔ ہمیں ایک مستقل پارکنگ کی جگہ کی ضرورت ہے‘‘۔ احتجاج کرنے والے دکانداروں نے کہاکہ پارکنگ کی جگہ بند ہونے سے کاروبار متاثر ہوا ہے۔ ایک دکاندار نے کہا ’’کوئی بھی خریدار ہمارے پاس نہیں آرہا ہے کیونکہ ان کے پاس گاڑیوں کو کھڑا کرنے کی جگہ نہیں ہے‘‘۔ایک سرکاری اہلکار نے بتایا کہ پولو ویو مارکیٹ کو ’پاتھ وے‘ میں تبدیل کرنے کی تجویز ہے اور مارکیٹ کے پیچھے سے گاڑیوں کیلئے سڑک بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر شہر میں پارکنگ کی بہت سی جگہیں ہیں لیکن ان دکانداروں کیلئے پارکنگ کی جگہ ضرور بنائی جائے گی۔ کے این ایس