بجلی فیس کی معافی
۔ 31مارچ تک توسیع کا منصوبہ
جموں//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کل ایوان زریں میں چودھری سکھ نندن کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ گھریلو صارفین کے لئے بجلی فیس معافی سکیم 2015ء کو 31؍ مارچ 2018ء تک توسیع دینے سے متعلق ایک منصوبہ محکمہ نے تیار کیا ہے جس کے ذریعے زرعی سیکٹر کو بھی اس سکیم کے دائرے میں بھی لایا جائے گا۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ڈی ڈی یو جی جے وائی کے تحت ریاست کے 21 اضلاع کے ڈی پی آر تیار کئے گئے ہیں جس کے لئے مرکزی حکومت نے 616.59کروڑ روپے منظور کئے ہیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے ایوان کو جانکاری دی کہ ان 21اضلاع میں سے 8اضلاع کا کام پی جی سی آئی ایل کو عمل آوری کے لئے سونپا گیا ہے اور ای۔نیٹ بھی جاری کئے گئے ہیں۔
۔167واٹر سپلائی سکیمیں تکمیل کے مراحل میں : شیام چودھری
جموں//صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈکنٹرو ل کے وزیر شیام لال چودھری نے کل قانون ساز اسمبلی میں ڈاکٹر گگن بھگت کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ اس وقت ریاست میں 51.73لاکھ لوگوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کررہا ہے ۔انہوںنے مزید کہا کہ 15958دیہی بستیوں میں سے 8930 کو 40 ایل پی سی ڈی کے دائرے میں لایا گیا ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ نے پچھلے دو برسوں کے دوران 369.57 کروڑ روپے کی لاگت سے 167واٹر سپلائی سکیمیں ہاتھ میں لیں جو تکمیل کے مختلف مراحل سے گزر رہی ہیں۔دریں اثنا ایڈوکیٹ محمد یوسف بٹ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت نے شاہ کول کو ضلع آبپاشی پلان شوپیاں کے تحت بڑھاوادینے کا منصوبہ مرتب کیا ہے جس پر 13.68کروڑ روپے لاگت آنے کا تخمینہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سدھو کول اور چوٹی پور ہ کول کے تازہ ڈی پی آر تیار کئے گئے ہیں ۔
موجودہ حکومت آر ایس ایس کے اسرائیلی طرز کے ایجنڈا پر عمل پیرا: کمال
جموں//نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے شیر کشمیر بھون جموں میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی اور بی جے پی اتحاد والی حکومت آر ایس ایس کے اسرائیلی طرز کے ایجنڈاپر کام کر رہا ہے اور اس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ پی ڈی پی بھاجپا کی ہی ایک شاخ ہے ، جس کا خلاصہ وقت وقت پر ہوتا آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا ایجنڈا ریاست جموں وکشمیر میں سٹیٹ سبجیکٹ قانون، دفعہ370، دفعہ35اے کو ختم کرنا اور یہاں کے آبادیاتی تناسب کو تہس نہس کرنا ہے ، جس کیلئے انہوں نے پی ڈی پی کا وجود عمل میں لایا اور آج یہ دونوں جماعتیں اپنے ناپاک عزائم کو عملی جامہ پہنانے کیلئے پر تول رہے ہیں۔ ڈاکٹر کمال نے کہا کہ پی ڈی پی نے انتخابات میں بی جے پی کو حکومت سے دور رکھنے کیلئے عوام سے ووٹ مانگے اور آج قلم دوات جماعت اسی بھاجپا کے ساتھ حکومت سازی اور ریاست دشمن کاموں کے خاکوں میں رنگ بھرنے میں مصروف ہے۔ڈاکٹر کمال نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ریاست جموں وکشمیر کے تینوں خطوں کے اتحاد کی علامت رہی ہے اور شیر کشمیر کی یہی جماعت ان تینوں خطوں کی وحدت کی واحد ضمانت ہے۔نیشنل کانفرنس ہی وہ واحد سیاسی اور عوامی نمائندہ جماعت رہی ہے جس نے ہر نازک موڑ پر یہاں کے لوگوں کی صحیح رہنمائی کی اور اسی جماعت کی عظیم قربانیوں کی بدولت ریاست میں جمہوری اداروں کا قیام اور عوام راج کو وجود عمل میں آیا۔
اسمبلی میں پیلٹ متاثرین کی گونج
۔ 13نو جوانوں کو نوکری اور 22متاثرین کو مالی امداد دی گئی:ویری
جموں//اسمبلی میں اس وقت پیلٹ متاثرین کی گونج سنائی دی جبکہ پارلیمانی امور اور وزیر ِ مال عبدالرحمان ویرے نے ایک سوال کے جواب میں اس بات کا دعویٰ کیا کہ حکومت نے اب تک13پیلٹ متاثرین کو مختلف سر کاری محکموں میں نو کریاں فراہم کی ہیں۔انہوں نے علی محمد ڈار اور شوکت حسین گنائی کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ انتہائی شفقت والی بنیادوں پر ان افراد کو مختلف محکموں میں سر کاری نو کریاں فراہم کی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ اسکے علاوہ مزید22پیلٹ متاثرین کو مالی معاونت فراہم کی گئی ۔انہوں نے مزید معلومات فراہم کر تے ہو ئے بتایا کہ حکو مت کی جانب سے صو بائی کمشنر کشمیر کی سر براہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو 8جو لائی 2016سے لے کر 2نومبر 2016کے در میان پیلٹ سے متاثرہ افراد میںجو جزوی یا مستقل طور پر معذور ہو ئے ہیں ان کی فہرست تیار کر ے گی اور انکی سفارشات پر ہی ایسے افراد کو مالی معاونت یا ملازمت فراہم کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ پہلے مر حلے میں تشکیل کر دہ کمیٹی نے54کیسوں کو رلیف فراہم کی سفارش کی جنہیں حکومت کی جانب سے ایکسگریشا ریلیف فراہم کیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ اسی طرح سے دوسرے مر حلے کے تحت 10کیسوں کی سفارش کمیٹی کی جانب سے حکومت کو بھیجی گئی اور ان پر عمل آوری سر کار کے زیر غور ہے۔
یومیہ اجرتوں پر کام کرنے والے ورکروں کی باقاعدگی
ایک لاکھ کیجول لیبروں کو رجسٹر کیا گیا:درابو
جموں//وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب اے درابو نے قانون ساز اسمبلی میں راجیو شرما کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پہلے ہی مختلف زمروں کے ورکروں کی نوکریوں کو باقاعدہ بنانے کے لئے ایک نقش راہ اعلان کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اب تک ریاست کے تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والے لگ بھگ ایک لاکھ کیجول اور دیگر ورکروں کو محکمہ خزانہ کے ساتھ آن لائن درج کیا گیا ہے ۔ڈاکٹر درابو نے مزید کہا کہ کسی بھی شخص کو محکمہ خزانہ میں قوانین کی عمل آوری کے بغیر کنٹریکچول یا عارضی بنیادوں پر تعینات نہیں کیا گیا ہے ۔انہوں نے مزید وضاحت کی کہ آج کی تاریخ میں بے روزگار انجینئرنگ یا ڈپلوما ہولڈروں کو آر ای ٹی اور آر ای زیڈ کی طرز پر انگیج کرنے سے متعلق کوئی بھی پالیسی نہیں ہے ۔اس موقعہ پر علی محمد ساگر نے ضمنی سوال پوچھ کر نوکریوں باقاعدہ بنانے کے عمل پر ہو رہی پیش رفت کی تفصیلات طلب کیں۔
موبائل پر بات کرنی مہنگی پڑی
اسمبلی میں آفیسر کو گیلری سے باہر کردیا گیا
اشفاق سعید
جموں //قانون ساز اسمبلی میں ایک آفیسر کو اُس وقت فون پر بات کرنی مہنگی پڑی جب اُسے پورے ایوان کے سامنے ڈپٹی اسپیکر نے گیلری سے باہر کر دیا ۔قانون ساز اسمبلی میں محکمہ بازآبادکاری کے مطالبات زر پر ممبر اسمبلی شمیمہ فردوس نے بحث میں حصہ لیا تھا تو اسی دوران اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نذیر احمد گریزی کی نظر افسر گیلری پرپڑی جہاں ایک آفیسر موبائیل فون پر بات کر رہا تھا۔ڈپٹی اسپیکر نے سخت جذباتی انداز میں افسر کو باہر کر دیا اور اسمبلی عملہ کو ہدایت دی کہ اس افسر کو گیلری سے باہر کیا جائے ۔انہوں نے کہا ’ ایسے فون کرتے ہیں جیسے گھر میں بیٹھے ہیں‘ ۔انہوں نے اس دوران ایوان میں موجود ممبران اور وزیر کے علاوہ افسران سے کہا کہ ہم سب کو ہاوس کے تقدس کا خیال دل سے رکھنا چاہئے ۔
اسمبلی کے باہرحز ب اقتدار کے ممبران کادھرنا
سادھناکرناہ میں جنگی بنیادوں پر ٹنل تعمیر کرنے کا مطالبہ
اشفاق سعید
جموں//کرناہ کپواڑہ شاہراہ پر ٹنل کی تعمیر کے معاملہ کو لیکر ایک مرتبہ پھر حز ب اقتدار کے ممبران نے اسمبلی کے باہر دھرنا دیا اور مطالبہ کیاکہ انسانی جانوں کے زیاں کو مد نظر رکھتے ہوے فی الفور ٹنل کا کام ہاتھ میں لیاجائے۔ بدھ کو ممبر اسمبلی کرناہ ایڈووکیٹ راجہ منظور اور رکن کونسل جاوید احمدمرچال نے ہاتھوں میں بینرز اٹھاکر سادھنا پر ٹنل کی تعمیر کا معاملہ دوہرایا اور اسمبلی کے باہر دھرنا دیا ۔ ممبراسمبلی کرناہ نے کہاکہ اگر 1947کی تقسیم نہ ہوئی ہوتی تو آر پار راستے بند نہ ہوتے ،ہم لوگ کٹتے نہ مرتے لیکن اس تقسیم سے ہماری مالی واقتصادی صورتحال کمزور ہوتی گئی ۔انہوں نے کہا کہ اگر یہاں سے راستے بند ہوتے توسرحد پار جاکر ہمارے لوگ مزدوری کرتے دیگر کام کاج کرتے اگر چہ آج ہم کپواڑہ کے ساتھ ہیں لیکن ایک سو کلومیٹر لمبی کرناہ کپواڑہ شاہراہ ہمارے لئے خونین ثابت ہورہی ہے۔ راجہ منظور نے کہا کہ حادثات کے بعد پورے کرناہ میں یہ مانگ زور پکڑتی جارہی ہے کہ کرناہ کپواڑہ شاہراہ پر ٹنل کو تعمیر کیاجائے ۔ انہوں نے کہاکہ اس حوالہ سے انہوں نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقات کی اور معاملہ اُن کی نوٹس میں لایا جبکہ تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے یہ معاملہ دوبارہ مرکزی وزیرنتن گڈکری کے ساتھ اٹھایا ہے ہمیں اُمید ہے کہ سرکار اس حوالہ سے سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے لیکن ہمار ا یہ مطالبہ ہے کہ اس پر ترجیحی اور جنگی بنیادوں پر کام شروع کیاجائے ۔قانون ساز کونسل کے رکن جاوید احمد مرچال نے بھی احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ اس شاہراہ پر ٹنل تعمیر کا معاملہ مرکزی سرکار کے ساتھ زوروشور کے ساتھ اٹھایا جائے ۔جاوید مرچال نے کہا کہ ہمیں ایک طرف بندوق کے سائے میں پل پل جینا اور مرنا پڑتاہے وہیں سادھنا گلی پر موت کا رقص ہر روز ہوتاہے۔
حکومت قبائلی طبقہ کی ترقی کیلئے کوشاں:ذوالفقار
کے بی سکول کا اپ گریڈیڈ بوائز ہوسٹل کاسنگ بنیادرکھاگیا
جموں//وزیر برائے خوراک، شہری رسدات اور امور صارفین و قبائلی امور چوہدری ذوالفقار علی نے ایم اے ایم بوائز ہوسٹل خدا بخش میموریل پبلک سکول گوجر کالونی کے اپ گریڈیڈ بلاک کا سنگ بنیاد رکھا۔انہوں نے گوجر کالونی بائی پاس روڈ پر اپ گریڈیڈ بلاک لائبریری اور ریسرچ سینٹر کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ذوالفقار نے ٹرسٹ کی اُن کاوشوں کو سراہا جو اس نے گوجر وبکروال طلاب کو بہترتعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لئے انجام دی ہیں۔وزیر موصوف نے کہا کہ موجودہ حکومت سماج کے تمام طبقوں کی ترقی کی خواہاں ہے اور قبائلی طبقہ کی جانب خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔بعد میں وزیر نے ٹرسٹ کے ممبران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی جس میں انہوں نے گوجر طبقہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے مسائل بغور سُنے۔وزیر نے ٹرسٹیز کو یقین دلایا کہ حکومت اُن کے مسائل کو حل کرنے کو ترجیح دے گی۔اس موقعہ پر ڈائریکٹر ٹرائبل افئیرس محمد رفیق، سیکرٹری سٹیٹ ایڈوائزری بورڈ گوجر و بکروال مختار احمد، گرجر دیش چیئریٹبل ٹرسٹ کے سربراہ چوہدری عبدالحمید،گرجر دیش چیئریٹبل ٹرسٹ کے چیئرمین محمد یوسف کھیپر اور دیگر ٹرسٹیز بھی موجود تھے۔
دلاورمیرکے برادرنسبتی کاانتقال
پی ڈی پی قیادت کالواحقین سے اظہارتعزیت
جموں//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی نے پارٹی کے جنرل سیکریٹری محمددلاورمیرکے برادرنسبتی غلام احمدلون ساکن کی وفات پرتعزیت کااظہارکیاہے۔یہاں جاری تعزیتی بیان میں پی ڈی پی صدرمحبوبہ مفتی اورنائب صدرسرتاج مدنی نے کہاکہ غلام احمدلون ایک نیک شخص تھے ۔انہوں نے مرحوم کی تسکین روح کیلئے دعافرمائی۔پی ڈی پی کے دیگرلیڈران بشمول ممبرپارلیمنٹ مظفرحسین بیگ، جنرل سیکریٹریزپیرزادہ منصورحسین، نظام الدین بٹ، ویدمنہاجن، محبوب اقبال، ترجمان اعلیٰ محمدرفیع میر، قاضی محمدافضل ،ڈاکٹرمحبوب بیگ، عبدالحمیدخوشین،وزراء اورممبران اسمبلی وسینئرلیڈران وضلع ،بلاک وزون صدورشامل نے غمزدہ خاندان کے ساتھ گہری ہمدردی کااظہارکیاہے۔
سرتھلی میں عوام۔پولیس اجلاس منعقد
حافظ قریشی
بنی//عوام اورپولیس کے درمیان روابط کومزیدخوشگواربنانے کے مقصد سے ایس ڈی پی اوبسوہلی سنیل سنگھ نے سرتھلی میں عوامی میٹنگ کااہتمام کیا۔اس دوران پولیس نے لوگوں سے سماجی برائیوں اورجرائم کے خاتمے کیلئے تعاون طلب کیااورلوگوں کے مسائل کی جانکاری حاصل کرنے کے بعدانہیں متعلقہ حکام کے ذریعے حل کروانے کی یقین دہانی کرائی۔اس موقعہ پر لوگوں نے بجلی اورپانی کی سپلائی یقینی بنانے ،پی ایم جی ایس وائی کی سڑکوں کی خستہ حالی دورکرنے ،جرائم میں کمی لانے، غیرقانونی شراب کی فروخت پرپابندی لگانے وغیرہ مسائل کواُجاگرکیا۔اس موقعہ پربولتے ہوئے سنیل سنگھ نے لوگوں کومسائل متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھاکر ان کے ازالہ کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہاکہ پولیس اورلوگوں کے درمیان اچھے تعلقات کاہوناضروری ہے ۔ اس دوران لوگوں سے اپیل کی کہ وہ 26جنوری کے پیش نظرچوکس رہیں اورمشکوک نقل وحمل ہونے پرپولیس کومطلع کیا۔اس دوران میٹنگ میں ایس ایچ او بنی شمشیر سنگھ، موسم علی، بشیر احمد و دیگر پولیس اہلکار بھی موجود تھے
ورلڈ سکلز انڈیا ورلڈ سکلز انٹر نیشنل کمپٹیشن۔روس۔2019
جموں کشمیرکے ہنرمندوں کی ٹیم بھی شرکت کرے گی
جموں/ جموں و کشمیر ہُنر مند اُمید واروں کی ایک ٹیم کو ورلڈ سکل انڈیا کے تحت ریجنل سکل کمپٹیشن میں حصہ لینے کے لئے بھیج رہا ہے جو این ایس ڈی سی کا مرکزی وزارت برائے سکل ڈیولپمنٹ اینڈ انٹرپرینور شپ کے پروگرام کا ایک حصہ ہے ۔ورلڈ سکلز انڈیا ورلڈ سکلز انٹر نیشنل کمپٹیشن کی رہنمائی 2011 سے کر رہا ہے اور یہ انتخاب ، ڈیولپمنٹ انتظامیہ اور شراکت کرانے کی ذمہ داری نبھا رہا ہے ۔اس کا سیکرٹریٹ نادر لینڈس میں واقع ورلڈ سکلز ووکیشنل سکلز کے پروگرام دُنیا کے مختلف حصوں میں ہر دو سال کے بعد منعقد کئے جاتے ہیں۔جے کے ایس ایس ڈی ایم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انفارمیشن ٹیکنالوجی ، تکنیکی تعلیم ، امو رنوجوان و کھیل کود کے وزیر مولوی عمران رضا انصاری نے کہا کہ نوجوانوں کو ان پروگراموں میں حصہ لینے کے بدولت انہیں اپنا ہنر مختلف سطحوں پر دکھانے کا موقعہ ملے گا۔مقامی، قومی اور بین الاقوامی سطحوں پر اپنے ہنرمندی کا مظاہرہ کرنے کے بدولت ہمارے نوجوان کسی بھی پلیٹ فارم پر اپنی قابلیت اور صلاحیت کا ثبوت پیش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں میڈل جیتنے کی صلاحیت موجود ہیں صرف انہیں مناسب رہنمائی کی اشد ضرورت ہے ۔اس مقصد کے لئے جے کے ایس ایس ڈی ایم انہیں تربیت اور رہبری فراہم کرے گا۔یہ یہ بات قابل ذکر ہے کہ کوئی مند شخص جو 21سال یا اس سے کم عمر کا ہو ان مقابلوں میں حصہ لینے کا اہل ہوگا اور ا س سلسلے میں آن لائن رجسٹریشن www.jk.ssdm.org ویب سائٹ پر عمل میںلائی جاسکتی ہے ۔اس کے علاوہ مزید معلومات بھی اس ویب سائٹ کے ذریعے حاصل کی جاسکتی ہے۔اس موقعہ پر ڈائریکٹر جے کے ایس ایس ڈی ایم ڈاکٹر پیر جی این سہیل نے بھی خطاب کیا۔
جموں یونیورسٹی کے سابق ملازم کادسواں آج
جموں//جموں یونیورسٹی نان گزیٹیڈ ایمپلائزیونین کی ایک اطلاع کے مطابق مکیش کمار المعروف راجو ولد جنک راج ساکن دتہ تالاب بیرپورجموںکی وفات 16جنوری 2018 کوہوئی ہے۔یونین کے صدروجے کمارنے بتایاکہ مرحوم جموں یونیورسٹی کاملازم تھااوراس کادسواں 25 جنوری 2018کوبیرپورمیں منعقدکیاجارہاہے ۔جموں یونیورسٹی نان گزیٹیڈ ایمپلائزیونین نے لواحقین بشمول گھارودیوی ،فرزندروہت ٹنڈوترہ ،بھائی ہری کرشن ،اشوک ،وجے ،ماجد ،پیارے سنگھ، سورج ،سریندرودیگران کے ساتھ گہری ہمدردی کااظہارکیاہے۔
غلام احمدمیرکی آصفہ کے والدین کے ساتھ اظہارتعزیت
جموں/جموں//جموں کشمیرپردیش کانگریس کمیٹی کے صدرغلام احمد میر پارٹی کے سینئر لیڈروں کے ہمراہ ہیرا نگر میں حالیہ دلدوز واقعہ میں قتل کی گئی معصوم بچی کے والدین سے ملاقات کی ۔اس دوران میرودیگرکانگریس کارکنان نے اس سانحہ پر اپنے رنج و غم کا اظہار کیا اور اسے ایک انسانیت سوز واقعہ قرار دیا۔ اس دوران کانگریس لیڈران نے مقتول بچی آصفہ کے والدین کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے انہیں اس صدمے کوبرداشت کرنے کیلئے اللہ تعالیٰ سے دعاکی۔
ارکان قانون سازیہ کے وفودکی وزیراعلیٰ سے ملاقات
جموں/ ارکان قانون سازیہ کے مختلف وفودنے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقی ہوئے جنہوں نے وزیر اعلیٰ کو اپنے اپنے علاقوں کی ترقیاتی ضروریات اور مسائل سے آگاہ کیا۔ ان ارکان میں شکتی راج پریہار، ایڈوکیٹ محمد یوسف ، چودھری اکرم ، یشپال شرما، سیف الدین بٹ اور ڈاکٹر شہناز گنائی شامل ہیں۔وزیر اعلیٰ نے ان ارکان کو یقین دلایا کہ ان کی طرف سے پیش کئے گئے مطالبات پر حکومت ہمدردانہ غور کرے گی۔ترال سے تعلق رکھنے والے ایک وفد نے آج ایم ایل اے مشتاق احمد شاہ کی قیادت میں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی اوراپنے درپیش مشکلات ان کی کی نوٹس میں لائے ۔وفد نے خانقاہ ِفیض پناہ کے کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کیاکیونکہ اس پر ایک لمبے عرصے سے کام جاری ہے ۔اُنہوں نے علاقے کو سیاحتی نقشے پر لانے کے ساتھ ساتھ پہلگام ۔ لیہن دَجن ٹریک کو ترقی دینے کا معاملہ بھی اُجاگر کیا۔ وفد نے مقامی ہسپتال کو مستحکم کرنے ، قصبے میں ایک کمیونٹی ہال تعمیر کرنے اور علاقے میں صنعتی ایسٹیٹ کو فروغ دینے جیسے مطالبات بھی وزیر اعلیٰ کے سامنے رکھے۔وزیر اعلیٰ نے یہ مطالبات غور سے سنے اور وفد کو یقین دِلایا کہ انہیں جلد از جلد پورا کیا جائے گا۔دریں اثناایم ایل اے سوپور حاجی عبدالرشید نے یہاں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی اور قصبے کے کئی معاملات ان کی نوٹس میں لا کر انہیں حل کرنے میں وزیراعلیٰ کی مداخلت طلب کی۔حاجی رشید نے موسم سرما کے چلتے ٹرانسفارمروں کی مانگ پورا کرنے کے لئے مناسب تعداد میں ٹرانسفارمروں کی دستیابی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے تاریخی زینہ گیر کنال سے فوری طور ملبہ نکالنے کا معاملہ بھی اُجاگر کیا۔ اس کے علاوہ ایم ایل اے سوپور نے علاقے میں ٹریفک کے بڑھتے رَش پر قابو پانے کے لئے پارکنگ سلاٹس قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ اُنہوں نے قصبے میں کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے لئے ایک مناسب جگہ کی نشاندہی کرنے پر بھی زور دیا۔وزیر اعلیٰ نے حاجی رشید کو یقین دلایا کہ ان کی طرف سے اُبھارے گئے معاملات پر مناسب کارروائی کی جائے گی۔
حکومت عوامی مسائل سے بے خبر:عبدالغنی وکیل
جموں//جموں وکشمیربچائوتحریک کے صدروسابق وزیرعبدالغنی وکیل نے کہاہے کہ حکومت بیشتروقت اورتوجہ سیاسی مدعوں کی طرف مبذول کررہی ہے اورعوام کے مسائل کے تئیں کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔یہاں جاری پریس بیان میں عبدالغنی وکیل نے سرکارکوبجلی کے ناقص انتظام کے حوالے سے آڑے لیتے ہوئے کہاکہ اگرسرکارموسم سرماشروع ہونے سے پہلے بجلی کانظام بہتربنانے کی طرف توجہ دیتی تو شایدآج وادی میں بجلی کی صورتحال بہترہوتی ۔انہوں نے کہاکہ بجلی کاڈھانچہ ناقص ہے اوربیشترمقامات پرکھمبوں پربجلی کی تاریں لٹک رہی ہیں جس سے انسانی زندگیوں کوخطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے کہاکہ بجلی فیس وصول میں متعلقہ محکمہ متحرک ہے جبکہ بجلی کی سہولت دینے سے قاصر ہے۔ عبدالغنی وکیل نے وزیراعلیٰ پرزوردیاکہ وہ عوام کوبجلی باقاعدہ فراہم کرنے کے ہدایات دیں اوراتنی دیر عوام سے بجلی وصول نہ کرے جتنی دیرعوام بجلی سے محروم رہے ۔انہوں نے حیرانگی کااظہارکیاکہ ریاست کواپنی بجلی ہونے کے باوجود لوگ بجلی سے محروم ہیں کیونکہ سرکارنے ابھی تک مرکزسے اپنے ان پاورپروجیکٹوں کوواپس نہیں لیاہے جوسرکارنے حکومت سنبھالنے کے ساتھ ہی عوام کوواپس دلانے کاوعدہ کیاتھا۔
نئے پن بجلی پروجیکٹوں کی تعمیر
نائب وزیر اعلیٰ نے سرعت لانے پر زور دیا
جموں //نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے افسروں پر زور دیا ہے کہ ریاست میں مختلف پن بجلی پروجیکٹوں پر جاری تعمیراتی کام میں سرعت لانے کو یقینی بنایا جائے تا کہ ان کی تکمیل سے بجلی کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہو ضرورت کے مطابق لوگوں کو بجلی کی دستیابی یقینی بنائی جاسکے۔نائب وزیر اعلیٰ جموں اینڈ کشمیر سٹیٹ پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی منیجمنٹ اینڈ فائنانس سب کمیٹی کی چھٹی میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔وزیر مملکت برائے بجلی، مکانات و شہری ترقی، صحت و طبی تعلیم اور صنعت و حرفت کی وزیر مملکت آسیہ نقاش بھی اس موقعہ پر موجود تھیں۔پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین چوہدری، کمشنر سیکرٹری پی ڈی ڈی ہردیش کمار، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایس پی ڈی سی شاہ فیصل اور دیگر اعلیٰ حکام اس موقعہ پر موجود تھے۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست بجلی کی پیداوار کے حوالے سے قدرتی وسائل سے مالامال ہے اور ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ان وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے تا کہ جموں وکشمیر ملک کی دیگر ریاستوں کے مقابلہ میں بجلی کی پیداوار میں سرفہرست بن سکے تا کہ اضافی بجلی کو ملک کی دیگر ریاستوں کو فراہم کیا جاسکے جس کی بدولت ریاستی اقتصادیات کو فروغ حاصل ہوگا۔ڈاکٹر سنگھ نے وزیر اعظم پیکج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نئے بجلی پروجیکٹوں کے لئے پیکج میں ایک خصوصی کمپونینٹ رکھا گیا ہے اور اب ان رقومات کا بہتر استعمال کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اس کاوش میں اُن علاقوں میں روز گار کے مواقعے پیدا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
صوبائی کمشنر اور آئی جی پی جموں کی گورنر سے ملاقات
جموں// ڈویثرنل کمشنر جموں ہمنت کمار شرما اور آئی جی پی جموں ڈاکٹر ایس ڈی سنگھ نے یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہرا سے ملاقات کی اور انہیں یوم جمہوریہ کی تقریبات کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کے بارے میں جانکاری دی۔ ڈویثرنل کمشنر اور آئی جی پی نے گورنر کو جموں صوبے میں امن وقانون کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔انہوں نے گورنر کو کراس بارڈر فائیرنگ سے متاثرہ کنبوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے بارے میں تفصیلات پیش کیں۔