مزید خبریں

محکمہ ٹرانسپورٹ نے صفائی مہم چلائی 

حسین محتشم 
 
پونچھ//محکمہ ٹرانسپورٹ پونچھ کی جانب سے اے آر ٹی او عبدالرحیم کی قیادت میں بس اڈہ پونچھ پر صفائی مہم چلاکر بس اڈہ کی صفائی کی گئی۔ اے آر ٹی او کی قیادت میں صدر بس اڈہ کی صفائی کی گئی جس کے بعد وہاں کوڑے کیلئے کوڑے دان نصب کرکے لوگوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ کوڑا کرکٹ اس کوڑ ے دان میں ہی جمع کریں ۔ بعد ازآں اے آر ٹی او موصوف نے ایک شکایتی بکس بھی نصب کروایا جس میں لوگ ٹرانسپورٹ سے متعلق شکایات جمع کرسکیںگے ۔ان کے ہمراہ سی ای او میونسپلٹی ارشاد صوفی، منیجر بس اڈہ پونچھ جگجیت سنگھ، سینٹری انسپکٹر محمد رحمن، خلاف ورزی انسپکٹر منویر سنگھ بھی تھے۔
 
 

انتظامیہ کا بالاکوٹ میں عوامی اجلاس 

جاوید اقبال 
 
مینڈھر//ایس ڈی ایم مینڈھر راہل کمار یادو نے بالاکوٹ میں عوام کا ایک اجلاس منعقد کیا جس میں ایس ڈی پی او مینڈھر ریاض تانترے اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔اس موقعہ پر کئی مسائل پر تبادلہ خیال کیاگیا اور ایس ڈی ایم نے سرحدی کشیدگی سے متاثرہ لوگوں کے مسائل حل کرنے کا یقین دلایا۔ انہوںنے کہاکہ اگر علاقے میں کوئی زندہ شل پڑاہواملے تواس کی اطلاع فور طو ر فوج تک پہنچائی جائے ۔انہوںنے کہاکہ حالیہ فائرنگ اور گولہ باری سے جن سکولوں کو نقصان پہنچاہے ، کی بہت جلد مرمت کروائی جائے گی ۔انہوںنے لوگوںسے اپیل کی کہ وہ حالات ٹھیک ہونے تک اپنی جان کا خیال رکھیں اور کشیدگی کے وقت گھروں میں رہیں ۔
 

متعدد گاڑیوں کے چالان کاٹے گئے 

عشرت بٹ
 
منڈی//منڈی پولیس کی جانب سے تحصیل منڈی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جگہ جگہ ناکے لگائے جارہے ہیں ۔اس سلسلہ میں ایس ایچ او منڈی معراج دین کی سربراہی میں منڈی کے چکراڑا علاقہ میں ناکہ لگا کر متعدد گاڑیوں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کی گئی جس دوران موقعہ پر چھ گاڑیوں کے چالان کاٹے گئے جن کے کاغذات مکمل نہیں تھے یا پھر ان میں ضرورت سے زیادہ سواریاں بھری ہوئی تھیں۔ ایس ایچ او نے ڈرائیوروںکو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ انسانی جانوں کا تحفظ کرتے ہوئے اپنی گاڑیوں میں اتنے ہی لوگوں کو سوار کریں جتنے محکمہ ٹریفک کی طرف سے پاس کئے گئے ہیں۔ انہوں نے عام لوگوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ایسی گاڑیوں میں سوار نہ ہوں جن میں ضرورت سے زیادہ لوگ سورا ہوں ۔ ایس ایچ او منڈی نے کہا کہ گاڑیوں کی چیکنگ کا یہ سلسلہ جاری رہے گا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔
 

ڈی ایس پی ذاکرشاہین کے والد کا انتقال 

تھنہ منڈی // ڈی وائی ایس پی مرزا ذاکر شاہین کو والد کا انتقال ہوگیاہے ۔ان کے والد غلام نبی مرزا کی عمر 90 سال تھی اور تھنہ منڈی کے علاقہ شاہ پور بہروٹ میں منگل کے روز حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال کرگئے ۔ مرحوم ایک خوش اخلاق اور با کردار شخص تھے جنہوں نے اپنی تمام زندگی عام لوگوں کی خدمت میں گزاردی۔ مرحوم کو ا پنے آبائی علاقہ میں پرنم آنکھوں سے سپردخاک کیا گیا جنکے جنازہ میں کثیر تعداد میں لوگوںنے شرکت کی ۔آخری رسومات میں ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری، ڈی آئی جی راجوری پونچھ رینج، ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس، ایس ایس پی خالد امین، ایڈیشنل ایس پی محمد یوسف چوہدری، ایس ڈی پی او تھنہ منڈی افتخار احمد چوہدری، سب ڈیویژنل مجسٹریٹ تھنہ منڈی محمد افضل مرزا، سابق ممبر اسمبلی راجوری محمداسلم خان ودیگر لوگوںنے بھی شرکت کی ۔ مقامی سیاسی و سماجی تنظیموں نے مرحوم کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
 

سرحدی کشیدگی پر تشویش کا اظہار 

پرویز خان 
 
منجاکوٹ //سرحدی علاقوں میں کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صوبائی یوتھ نائب صدر ایڈووکیٹ عبدالقادر خان نے کہا کہ موجودہ حکومت سرحدی متاثرین کی مدد کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ سرحدی علاقہ کے لوگ گولہ باری اور مسلسل فائرنگ کی وجہ سے پریشان ہیں مگر حکومت کو ٹس سے مس نہیں۔انہوں نے کہا کہ دیکھا جائے تو ایک طرف گولہ باری سے سرحدی علاقہ کے لوگوں کا جینا مشکل ہو گیا ہے اور دوسری طرف حکومت کی خاموشی بھی انہیں ستائے جارہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کو قیمتی جانوں کے اتلاف پر کوئی غم نہیں اوریہی وجہ ہے کہ وہ ان سرحدی لوگوں کیلئے کوئی کام نہیں کررہی ۔ انہوںنے کہاکہ بنکر نہیں بنے اور نہ ہی بچوں کی تعلیم کا کوئی انتظام ہوسکا۔
 

ممتاز طلباء کے اعزاز میں تقریب 

سرنکوٹ //ہائی اسکول سنئی میں دسویں جماعت کے طلباء کے لئے ہیڈ مسٹرس پروین اختر کی صدارت میں ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔اس پروگرام کا مقصد ان طلباء کی حوصلہ افزائی کرناتھا جنہوںنے امتحانات میں اچھے نمبرات حاصل کئے ہیں ۔پروگرام میںسابق سرپنچ وحید حسین شاہ، چودھری محمد اعظم، حاجی نور حسین،چوکیدار ظفر احمد،طالب حسین،برکت حسین،محمد اعظم ،محمد شبیر وغیرہ بھی موجو دتھے ۔اس دوران طلباء میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں اوران کو آئندہ بھی محنت سے پڑھائی کرنے کی تلقین کی گئی ۔سکول میںپہلی پوزیشن سید واجد علی کاظمی نے جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن بالترتیب مسکان کاظمی اور مہرالنساء نے حاصل کی ہے جنہیں مبارکباد پیش کی گئی ۔ وحید حسین شاہ نے کہا کہ یہ کامیابی اساتذہ کی محنت کانتیجہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ جہاں کچھ اسکولوں میں بہتر نتائج سامنے آئے ہیں وہیں کچھ اسکولوں کے نتائج کافی خراب بھی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ محکمہ تعلیم کو مزید بہتر کارکردگی پیش کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ نئی نسل کے مستقبل کا سوال ہے ۔اس موقعہ پر نظامت کے فرائض ماسٹر نصیر احمد چوہان نے انجام دیئے ۔
 

بی ڈی او بفلیاز نے چارج سنبھالا

بختیار حسین 
 
سرنکوٹ//سابق بلاک ڈیولپمنٹ افسر سرنکوٹ مصطفی منہاس نے بی ڈی او بفلیاز کا چارج سنبھالاہے جنہیں حال ہی میں اس عہدے پر تعینات کیاگیاتھا۔وہ قدیر چاڑک کی جگہ بفلیاز تعینات ہوئے ہیں جبکہ قدیر چاڑک ان کی جگہ سرنکوٹ تبدیل ہوئے ہیں ۔بی ڈی او قدیر چاڑک کی موجودگی میں نئے تعینات ہوئے بی ڈی او بفلیاز غلام مصطفی منہاس نے عہدے کاچارج سنبھالا۔اس موقعہ پر دفتر کے عملہ کے علاوہ دیگر کئی لوگ بھی موجود تھے جنہوںنے منہاس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیںپھولوں کے ہار پہنائے ۔لوگوں نے کہاکہ قدیر چاڑک بہت ہی ہمدرد اور عوام دوست آفیسر تھے اورنئے تعینات ہونے والے بی ڈی او بفلیاز غلام مصطفی منہاس بھی بہت ہی قابل اور ایماندار آفیسر ہیں اور ان سے بھی انہیں بہت زیادہ امیدیں وابستہ ہیں۔انہوںنے کہا کہ پنچایت الیکشن کے پیش نظر کچھ لوگ الیکشن سے قبل ہی ممبر اور سر پنچ بننے کے خواب دیکھتے ہوئے ووٹوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کئے جانے کے لئے محکمہ کے سکریٹریز پر حکام بالا سے دبائو ڈال رہے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ منہاس کسی دبائو میں آئے بغیر اپنا کام ایمانداری سے کریںگے ۔
 

نوشہرہ میں شری گورو روی داس جی کی شوبھا یاترا نکالی گئی 

رمیش کیسر
 
نوشہرہ //شری گورو روی داس جی مہاراج کے 641ویں یوم پیدائش کے سلسلے میں نوشہرہ کے بریری مندر سے ایک شوبھا یاترا نکالی گئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ شوبھا یاترا بریری سے شروع ہوئی جس میں ایک خصوصی گاڑی کو سجاکر اس پر سوامی گرددیپ گری جی مہاراج پٹھانکوٹ پنجاب والے کو بٹھایاگیاتھا ۔ یہ شوبھا یاترا نوشہرہ پہنچی جس کا بیوپار منڈل نوشہرہ ، گردوارہ پربندھک کمیٹی نوشہرہ سمیت دیگر مذہبی تنظیموں نے استقبال کیا ۔ بس اڈہ پر پنڈال میں بیٹھے ہوئے لوگوں نے بھی اس کا استقبال کیا ۔اس موقعہ پر مقررین نے گوردیپ گری جی مہاراج نے کہاکہ گروروی داس جی نے دنیا میں اس وقت جنم لیا جب بھارت میں اونچ نیچ کا بول بالا تھا ۔ انہوںنے کہاکہ پیدائش سے کوئی بھی انسان جھوٹابڑا نہیںہوابلکہ اس کے کام کی وجہ سے وہ اونچا نیچا بنتاہے ۔
 

۔22 لڑکیوں کو سلائی کی تربیت دی گئی 

حسین محتشم 
 
پونچھ//شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچر سائنس اینڈ ٹیکناولوجی کے زیر اہتمام کرشی وگیان کیندر پونچھ کی جانب سے سرحدی ضلع پونچھ کی 22 بے روزگار نوجوان لڑکیوں کو کپڑوں کی سلائی کے متعلق تربیت دی گئی۔ یہ پروگرام ایسوسیٹ ڈائریکٹر ایکسٹینشن و انچارج کرشی وگیان کیندر سکارٹس جموں ڈاکٹر راج کمار اروڑہ کی ہدایت پر منعقد کیا گیا۔ ڈاکٹر اجے گپتا سینئر سائنس خان اور کے وی کے پونچھ کے ہیڈ نے اس پروگرام کے متعلق مکمل جانکاری دی ۔انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کا مقصد خواتین کو خود مختیار بنانا ہے تاکہ وہ اپنی روزی روٹی کا بندوبست کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام ایک ہفتہ کیلئے منعقد کیا گیا ۔ ڈاکٹر مظفر میر نے شرکاء کو ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ اس پروگرام سے فائدہ حاصل کیاجائے ۔اس موقعہ پرسلیمہ اختر نے کہا کہ تربیت دینے کا مقصد خواتین کو باوقار بنانا ہے ۔پروگرام میں تربیت حاصل کرنے والی  لڑکیوں کے علاوہ کئی دیگران نے بھی شرکت کی پروگرام کے آخر میں ڈاکٹر منیشور شرما نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔