بدھل سڑک حادثے پر مقامی لوگ سیخ پا
کوٹرنکہ// کوٹرنکہ وبدھل کے لوگوںنے گزشتہ روز پیش آئے سڑک حادثے میں تین افراد کی ہلاکت پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے حکام کے خلاف برہمی ظاہر کی ہے ۔ یوتھ لیڈر وجاید چوہدری نے پولیس کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ راجوری سے لے کر بدھل تک ٹریفک کا کوئی نظم و ضبط ہی نہیں ہے اور آئے روز ایسے حادثات رونما ہورہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ڈرائیوروں کی من مانی چلتی ہے اور گاڑیوںمیں ائورلوڈنگ کی جاتی ہے لیکن پوچھنے والاکوئی نہیں ۔انہوںنے کہاکہ ان حادثات کیلئے گریف حکام بھی برابر کے ذمہ دار ہیں جنہوںنے سڑکوں کا حشر خراب بنادیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ کام اس قدر سست روی سے چل رہاہے کہ دس سال ہونے کو ہیں اور بدھل روڈکا ابھی تک نصف حصہ بھی تعمیر نہیںہوا۔انہوںنے کہاکہ کام کی رفتار کو دیکھتے ہوئے اس کی تعمیر ہوتے دکھائی نہیں دیتی ۔انجینئر سجاد ، شوکت علی ، شفقت چوہان ، امتیاز احمد ، حق نواز وغیرہ نے کہاکہ سڑک کی تعمیر میں انتہائی درجہ کی سست روی برتی جارہی ہے اور گریف حکام کو لوگوں کی مشکلات کی پرواہ تک نہیں ۔انہوںنے ڈپٹی کمشنر راجوری سے اپیل کی اس سڑک کی تعمیر جلد سے جلد مکمل کروائی جائے ۔
مستحق افرادکی بی پی ایل فہرست میں عدم شمولیت
تانترے نے ایوان میں متعلقہ وزیر سے یقین دہانی لی
جموں//پی ڈی پی کے رکن اسمبلی حویلی پونچھ شاہ محمد تانتر ے نے سنیچر کے روز قانون ساز اسمبلی میں ایک اہم مدعااٹھاتے ہوئے متعلقہ وزیر سے یقین دہانی لی ۔ تانترے نے ایوان کو بتایاکہ پونچھ میں 87فیصد مزدور طبقہ آباد ہے جہاںبی پی ایل فہرستوں میں کئی مستحقین کونظرانداز کردیاگیاہے ۔ انہوںنے بتایاکہ اس سلسلے میں انہوںنے متعلقہ وزیر سے بھی گزارش کی اور بتایاکہ کئی لوگ فہرستوںسے باہر ہیں لیکن ہنوز ان کو فہرستوں میں شامل نہیں کیاگیاجس کی وجہ سے لوگوں میں غم و غصہ پایاجارہاہے اور وہ احتجاج کرنے کیلئے پروگرام بنارہے ہیں ۔ انہوںنے محکمہ خوراک ، شہری رسدات و امورصارفین کے وزیر چوہدری ذوالفقار علی سے مخاطب ہوکر کہا’’یہ آپ کے گھر کی بات ہے ،اگر ایک بھی کوئی غریب رہ جاتاہے تو یہ بہت بدقسمتی ہوگی ،جو بھی مستحق ہیں ، ان کو ممکنہ طور پر فہرست میں شامل کیاجائے ‘‘۔تانترے نے کہاکہ وہ اس معاملے پر وزیر سے یقین دہانی چاہتے ہیں ۔ممبراسمبلی حویلی پونچھ کی طرف سے اٹھائے گئے معاملے پر فوری طور پر متعلقہ وزیر نے جواب دیتے ہوئے کہاکہ پونچھ میں مزید پانچ ہزار افراد کو شامل کیاجارہاہے اور فہرستوں کی جانچ مکمل ہونے کے بعد یہ معاملہ حل کرلیاجائے گا۔انہوںنے ممبرموصوف کو یقین دلایاکہ مستحق افراد کو فہرستوں سے باہر نہیں رکھاجائے گا۔
یونیورسٹی کیمپس معاملے پر این سی یوتھ کا احتجاج
حسین محتشم
پونچھ//جموں یونیورسٹی کے پونچھ کیمپس کی تعمیر کے معاملے پر نیشنل کانفرنس یوتھ کی طرف سے پونچھ بس اڈہ پر احتجاج کیاگیاجس کی قیادت یوتھ لیڈر نیشو شرماکررہے تھے ۔مظاہرین نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے دور حکومت میں یونیورسٹی کیمپس کی عمارت ڈینگلہ کے مقام پر بنانے کا تعمیراتی کام شروع کروایاگیاتھاتاہم اس کو بعد میں بند کردیاگیا اور یہ عمارت ٹھنڈے بستے میں پڑی ہوئی ہے ۔نیشو شرما نے کہا کہ اب سننے میں آرہا ہے کہ یونیورسٹی کیمپس کسی اور جگہ تعمیر کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کروڑوں روپیہ خرچ کر کے اب اس عمارت کو بلاجواز کسی دوسری جگہ منتقل کرنا موجودہ مخلوط کی نا اہلی ہے اور پونچھ کے لوگ ایسا کبھی نہیں ہونے دیںگے ۔انہوں نے کہا کہ اگر اس عمارت کا کام دوبارہ شروع نہ کروایاگیا اور حکومت نے یہ تعمیرات کسی دوسری جگہ منتقل کرنے کی کوشش کی تواس پر احتجاج کاراستہ اختیار کیاجائے گا اورنتائج کی ذمہ دار مخلوط حکومت ہوگی۔
این سی کے سینئر کارکنان کی کانگریس میں شمولیت کا دعویٰ
پونچھ//پونچھ میں نیشنل کانفرنس کے سینئر کارکنان کی کانگریس میں شمولیت کادعویٰ کیاگیاہے ۔ یہاں جاری بیان کے مطابق چند روز قبل کانگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میر کی پونچھ آمد پر منعقد ہوئی تقریب کے دوران نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈران کے علاوہ پی ڈی پی اور بھاجپا کے چند عہدیداروں نے بھی کانگریس میں شمولیت کی ۔بیان کے مطابق جی اے میر کی موجودگی میں پارٹی میں شامل ہونے والوں میں سابق سرپنچ غلام حسین چیچی،سابق سرپنچ بشیر بجران اورسابق سرپنچ شمس دین قابل ذکر ہیں۔غلام حسین چیچی نے کہا کہ انہوں نے کانگریس لیڈر چوہدری عبدالغنی کی قاعدانہ صلاحیت سے متاثر ہوکر پارٹی میں شمولیت کی ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ کانگریس ہی ایک ایسی جماعت ہے جو تمام طبقوں کوساتھ لیکر چلنے میں یقین رکھتی ہے ۔بشیر بجران نے کہا کہ پونچھ میںکانگریس ایک نئے باب کی شروعات کرنے جا رہی ہے اور آنے والے وقت میں بہت سے لیڈران چوہدری عبدالغنی کی قیادت میں پارٹی میں شامل ہوںگے ۔شمس دین نے کہا کہ عبدالغنی ایک محنتی اور غریب پرور لیڈر ہیں جن کے کاموں سے متاثر ہو کر انہوں نے اس جماعت میں شمولیت کی۔وہیںچوہدری عبدالغنی نے ان تمام لیڈران کی کانگریس میں شمولیت کو ایک کامیابی قرار دیتے ہوئے کہاکہ ملک بھر میں پرآشوب دور ختم ہونے کو ہے اور بہت جلد کانگریس پارٹی مرکز وریاست میں برسر اقتدار آئے گی ۔بیان کے مطابق پارٹی میں شمولیت کرنے والے دیگر کارکنان میںنذیر بجران،ماسٹر عبدالقیوم،حاجی فخر دین ،لیاقت حسین خان،بشارت خان،میڈم نور جہاں،میڈم پروین،اعجاز قریشی ،منیر حسین اعوان قابل ذکر ہیں۔
خواتین کی بیداری کا یک روزہ پروگرام
راجوری //وومن ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی طرف سے راجوری کے کوٹرنکہ مدھار موہڑہ علاقے میں ایک روزہ جانکاری کیمپ منعقد کیاگیا ۔ اس موقعہ پر سخی محمد ، منظور حسین ، محمد شفیع و دیگران بھی موجود تھے ۔کیمپ کا اہتمام طالب حسین کی طرف سے کیاگیا۔اس دوران کارپوریشن کی طرف سے مقررین نے خواتین کو جانکاری فراہم کرتے ہوئے ان پر زور دیاکہ و ہ حکومت کی طرف سے چلائی جارہی سکیموں کا فائدہ اٹھائیں ۔انہوںنے کہاکہ کارپوریشن کی ضلع منیجر نسرین گل کی قیادت میں راجوری میں بہت اچھا کام چل رہاہے اور جگہ جگہ کیمپ منعقد کرکے جانکاری پھیلائی جارہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ خواتین کو چاہئے کہ وہ ان سکیموں کا فائدہ اٹھائیں جو کارپوریشن کی طرف سے انہی کیلئے شروع کی گئی ہیں جن سے وہ خود کفیل بن سکتی ہیں ۔
منجاکوٹ میں بیٹی بچائو ۔بیٹی پڑھائو پروگرام منعقد
منجاکوٹ // منجاکوٹ کے نجی تعلیمی ادارے انٹرنیشنل اسکول میں بیٹی بچائو ۔بیٹی پڑھائو پروگرام کا اہتمام کیاگیا۔یہ پروگرام محکمہ سماجی بہبود کی طرف سے بیداری فراہم کرنے کیلئے شروع کی گئی مہم کے تحت منعقد ہوا۔اس موقعہ پر سکول کے اساتذہ و طلباء نے بڑی تعداد میں حصہ لیا ۔ انٹرنیشنل اسکول منجاکوٹ کے پرنسپل نے کہا کہ بیٹی سماج کی رونق ہوتی ہے اوراس کے بغیر سماج ادھورا ہے ۔ان کاکہناتھاکہ وہ محکمہ کی طرف سے ضلع افسر ڈاکٹر عبدالخبیر کی سرپرستی میں چلائی جارہی اس مہم کو پورا پورا تعاون دیںگے اور ادارے میںبچیوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے گی ۔
بنوت کے وارڈ نمبر 2میں پانی کی قلت
پائپ لائن کا منصوبہ منظور ، کام جاری :ایگزیکٹو انجینئر
حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے حدِ متارکہ کے قریبی گائوں بنوت کے محلہ سرداراں وارڈ نمبر2میں پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے ۔اس سلسلہ میں گائوں کے لوگوں نے کئی باراحتجاج بھی کئے لیکن ابھی تک پانی کی قلت کا مسئلہ حل نہیں کیاگیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ محلہ میں پانی کی سپلائی کے لئے محکمہ کی جانب سے ایک ٹینک تعمیر کیاگیا ہے تاہم اس میں پانی کی بوند بھی نہیں پڑتی ۔انہوںنے کہاکہ بارہا انہیں متعلقہ حکام نے یہ یقین دلایاکہ گائوں کے لئے پائپ لائین بچھا کر ان کو ہر روز پانی سپلائی کیاجائے گامگر عرصہ دراز گزر جانے کے بعد بھی پانی دستیاب نہ ہوا۔ مقامی شخص سردار منجیت سنگھ نے کہا کہ اگر محکمہ کی طرف سے ہفتہ میں ایک بار بھی تعمیر شدہ پانی کے ٹینک میںپانی چھوڑا جائے تو لوگ کچھ نہ کچھ گزارا کرسکتے ہیں لیکن پانی کا ٹینکر مہینہ مہینہ تک نہیں آتا جس کی وجہ سے محلہ کی خواتین کو کئی کئی کلو میٹر دور جاکر کپڑے دھونے پڑتے ہیں اور گھر کے استعمال کا پانی اپنے سروں پرلاناپڑتاہے جو اس جدید دور میں ایک نئی بات ہے ۔انہوںنے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ محلہ سرداراں کا دورہ کر کے از خود جائزہ لیںاور پانی کی سپلائی کو یقینی بنایاجائے ۔رابطہ کرنے پر ایگزیکٹو انجینئر محکمہ پی ایچ ای نے بتایا کہ علاقہ میں پائپ لائین بچھانے کا منصوبہ منظور ہونے کے بعد محکمہ کی طرف سے اس پرکام شروع ہوچکاہے ۔انہوں نے بتایا کہ ان کے پاس جیسے جیسے رقومات آرہی ہیں، وہ کام کروا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فی الحال وہ وہاں ہر روز پانی کے دو ٹینکر روانہ کر رہے ہیں تاکہ لوگوں کو پانی فراہم ہو سکے اورمحلہ سرداراںمیں پانی کی سپلائی کیلئے وہ ہدایت دیںگے ۔