سینٹرو کار سے ڈرامائی انداز میں منشیات برآمد
رکنے کے اشارے کو نظر انداز کرکے کار ٹرک سے ٹکرائی، زخمی ڈرائیور گرفتار، کار ضبط
محمد تسکین
بانہال// بانہال پولیس نے بانہال میں منشیات کی سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ڈرامائی انداز میں ایک شخص کو گرفتار کیا ہے اور اس کے قبضے سے کئی طرح کے منشیات برآمد کئے گئے ۔رام بن پولیس نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ بانہال پولیس کی طرف سے قصبہ بانہال کے بازار میں گاڑیوں کی معمول ناکہ چیکنگ کے دوران پولیس پارٹی نے ایک سینٹرو کار نمبر JK02-AH-9178 کو رکنے کا اشارہ کیا ، یہ گاڑی قاضی گنڈ سے جموں کی طرف جاری تھی اور پولیس دیکھ کر وہ رکنے کا اشارہ نظر انداز کر گیا اور موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا پولیس ناکہ سے تیز رفتاری اور لاپرواہی کے ساتھ آگے بھاگنے کی کوشش میں یہ کار مخالف سمت سے آنے والے ایک ٹرک نمبر JKE-8072 سے ٹکرائی۔ انہوں نے کہا کہ اسکے نتیجے میں سینٹرو کار کے ڈرائیور کو معمولی چوٹیں آئیں۔ سینٹرو کار کے ڈرائیور نے اپنی شناخت محمد رفیق ولد محمد الدین ساکنہ لور منڈاہ قاضی گنڈ کے طور کی۔ پولیس کی طرف سے مذکورہ سنٹرو کار کی تلاشی کے دوران کار کے بونٹ کے نیچے سے 900 گرام چرس اور 08 کلو پوست ہائے خشخاش کے بھوسے جیسی چیز برآمد ہوئی اور ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا اور مذکورہ گاڑی کے ساتھ ساتھ منشیات بھی ضبط کر لی گئی۔ اس سلسلے میں پولیس سٹیشن بانہال میں ایک کیس ایف آئی آر نمبر 16/2022 زیر 279/337 انڈین پینل کوڈ اور 8/15/20 NDPS ایکٹ درج کیا گیا یے اور تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
صوبائی کمشنر جموںاور اے ڈی جی پی کشتواڑ میں
انشن میں عوامی میٹنگیں منعقد ،عوامی مسائل کا برسر موقعہ جائزہ لیاگیا
عاصف بٹ
کشتواڑ// ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں زون جموں مکیش سنگھ و ڈویڑنل کمشنر جموں راگھو لینگر نے کشتواڑ و انشن کا دورہ کیا اور عوامی میٹنگیں منعقد کی۔ ضلع کشتواڑ کے اپنے دو روزہ دورے کے دوران اے ڈی جی جموں و ڈویڑنل کمشنر نے جہاں پہلے روز کشتواڑ میں میٹنگ منعقد کی اور تعمیراتی کاموں کاجائزہ لیا وہیں دوسرے روز انھوں نے ضلع کے دور افتادہ گاؤں انشن کا دورہ کیا اور عوامی میٹنگیں کیں اور وہاں عوام کی شکایات سنیں۔انہوں نے کشتواڑ میں مختلف پروجیکٹ کے کاموں کے حوالے سے وفود سے بھی ملاقات کی اور ان کی شکایات سنیں۔ پرو جیکٹ حکام اور ٹھیکیداروں کو عوام کی شکایات کا بروقت ازالہ کرنے کو کہا گیا۔انشن میں عوامی دربار کا انعقاد کیا گیا جس میں سڑکوں کے کام، بجلی کے کنکشن، صحت کے شعبے اور پولیس میں بھرتیوں سے متعلق مختلف مسائل کو عوام نے پیش کیا۔جلسہ عام میں علاقے کے 250 کے قریب افراد نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ اے ڈی جی پی مکیش سنگھ نے چھاترو پولس سٹیشن کا دورہ کیا اور معمول کا معائنہ کیا۔ انہوں نے پولیس سٹیشن میں سی سی ٹی این ایس پروجیکٹ کے نفاذ کا بھی معائنہ کیا۔علاقے کے معززین نے بھی اے ڈی جی سے ملاقات کی اور چھاترو میں پولیس کے کام کاج پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے ایس ایچ او چھاترو پرویز احمد کی کاوشوں کو بھی سراہا۔اے ڈی جی نے پولیس اسٹیشن کی طرف سے کئے گئے اچھے کام کے لئے فوری انعامات کی منظوری بھی دی۔
برف میں لپٹی وڑون وادی میں بھی لوگوں کے مسائل سنے
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے دو روزہ دورے کے دوسرے دن ڈویژنل کمشنر جموں ڈاکٹر راگھو لنگر اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس مکیش سنگھ نے برفباری سے متاثرہ وادی وڑون کا دورہ کیا اور بنیادی ڈھانچے کا خود جائزہ لیا۔ دورے پر آئے افسران نے مقامی لوگوں کی شکایات بھی سنیں اور ان کا ازالہ کیا۔ڈویڑنل کمشنر نے عوام کے لیے دستیاب بنیادی سہولیات کے علاوہ علاقے میں راشن، ادویات، ایل پی جی اور روزمرہ کی دیگر ضروری اشیاء کے اسٹاک اور سپلائی کی پوزیشن کا جائزہ لیا۔بعد ازاں ڈویژنل کمشنرنے اے ڈی جی پی کے ساتھ، پی آر آئی کے اراکین اور مقامی لوگوں سے بات چیت کی اور ان کی شکایات اور مطالبات سنے۔مقامی لوگوں نے متی گاورن سے و ڑون تک مواصلاتی سہولیات، فی خاندان راشن کوٹہ میں اضافہ، منریگا کی اجرت کی بروقت ادائیگی، وادی کو سال بھر کے لیے ہیلی کاپٹر کی سہولت، صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے اور مریضوں کی دیکھ بھال، تعلیمی انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن اور توسیع کا مطالبہ کیا ۔عوام کوسننے کے بعدصوبائی کمشنرنے یقین دلایا کہ ان کے حقیقی مطالبات کو مقررہ وقت میں تسلیم کیا جائے گا کیونکہ ڈویژنل سطح کی انتظامیہ ان کے دکھوں کو کم کرنے کے لیے ان کی دہلیز پر پہنچ چکی ہے۔دورہ کرنے والے افسران نے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو فوری ضرورت کے مسائل کے فوری ازالے کے لیے ہدایات جاری کیں۔مقامی لوگوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے لنگر نے وادی میں تعینات افسران پر زور دیا کہ وہ لوگوں کی ضروریات کے مطابق خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے اضافی کوششیں کریں۔اس کے علاوہ انہوں نے پنچایتی راج نمائندگان سے کہا کہ وہ اس دور افتادہ علاقے میں ترقیاتی کاموں کو آسانی سے انجام دینے کے لیے انتظامیہ کو مکمل تعاون اور تعاون فراہم کریں۔ صوبائی کمشنرنے عوام کو یقین دلایا کہ لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ یوٹی کے دور دراز علاقوں میں عوامی شکایات کے ازالے کے لیے پوری طرح پرعزم اور حساس ہے۔
وائس چیئرپرسن کے وی آئی بی کا ماسٹرجی مگس بانی کلسٹر سائٹ کا دورہ
شہد کی مکھیوںکے پالنے کے طریقوں کو جدید بنانے کی ضرورت پر زور
سانبہ// چیئر پرسن کھادی اینڈ وِلیج اِنڈسٹریز بورڈ ( کے وِی آئی بی ) ڈاکٹر حنا شفیع بٹ نے ماسٹر جی مگس بانی کلسٹر کے کامن فیسلٹی سینٹر کا دورہ کیا۔اِس موقعہ پر سیکرٹری جموںوکشمیر کھادی اینڈ وِلیج اِنڈسٹریز بورڈ فرخ قاضی ، ڈپٹی چیف ایگزیکٹیو آفیسر مظفر علاقبند ، صوبائی آفیسر جموں تِلک راج ، ڈاکٹرسندیپ کوتوال کے علاوہ کلسٹر ائیریا سے تعلق رکھنے والے مگس بانی اور شراکت دار موجود تھے۔وائس چیئرپرسن نے مگ بانی والوں کے لئے پانچ روزہ تربیت کا اِفتتاح کیا۔ اُنہوں نے بہتر نتائج کے لئے شہد کی مکھیوںکے پالنے کے طریقوں کو جدید بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کے وِی آئی بی اور آئی ٹی سی او کے اَفسران سے کہا کہ وہ تربیت حاصل کرنے والوں کو ہر ممکن مدد فراہم کریں۔ اِس سے قبل ڈاکٹر حنا شفیع بٹ نے مذکورہ کلسٹر کے کامن فیسلٹی سینٹر کا دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں جاری کاموں کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے متعلقہ شراکت داروں سے کہا کہ وہ ہم آہنگی پیدا کرکے کلسٹر کے ہدف پر مبنی نفاذ کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے کلسٹر کے بنیادی مقصد کا ذِکرتے ہوئے کہا کہ اِس کلسٹر کے قیام سے ضلع کے مگس بانی والوں کی کمائی میں اِضافہ ہوگا ۔ اِس کے علاوہ ضلع میں شہد کی پیداوار اور منافع میں بھی اِضافہ ہوگا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ کلسٹر 133.65 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہو اہے اور کامن فیسلٹی سینٹر میں ہنی پروسسنگ پلانٹ ، کومب فائوئڈیشن مِل، دیگر متعلقہ مشینیں اور سازو سامان موجود ہوں گے۔ علاقے کے شہد کی مگس بانی والوں کو شہد نکالنے ، پروسسنگ ، پیکنگ ، لیبلنگ اور مارکیٹنگ سہولیات فراہم کی جائیں گے ۔وائس چیئرپرسن نے سانبہ کے مختلف علاقوں میں پی ایم اِی جی پی اور جے کے آر اِی جی پی کے تحت قائم مختلف مائیکرو اِنڈسٹری یونٹوں کا دورہ کیا۔وائس چیئرپرسن ڈاکٹر حناشفیع بٹ نے ضلع میں روزگار پیدا کرنے کی سکیموں کی عمل آوری پر اِطمینان کا اِظہار کیا۔ اُنہوں نے مقامی بیداری کی آرگنائزیشن کے ذریعے دُور دراز علاقوں میں رَسائی کی ضرور ت پر زور دیا۔
کٹھوعہ میں دیہی ترقی سکیموں کی عمل آوری پر پیش رفت کا جائزہ لیا
دیہی ورثے کے تحفظ کیلئے 2 کاموں کی نشاندہی کرکے انہیں روبہ عمل لانے کی ہدایت
کٹھوعہ///کمشنر سیکرٹری دیہی ترقی و پنچایتی راج مندیپ کور نے ڈی سی آفس کمپلیکس کے کانفرنس ہال میں منعقدہ میٹنگ کے دوران دیہی ترقی اور پنچایتی راج محکمہ کی جاری سکیموںکی عمل آوری کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں چیئرمین ضلع ترقیاتی کونسل کٹھوعہ مہان سنگھ، ضلع ترقیاتی کمشنر کٹھوعہ راہل یادو ، مشن ڈائریکٹر جے کے آر ایل ایم ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر ، ڈائریکٹر دیہی ترقی محکمہ جموں محمد ممتاز علی ، ڈی ڈی سی اراکین ، چیئرمین بی ڈی سی ، بی ڈی اواور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ اِنسانی وسائل کی صورتحال ، یوٹی کیپکس بجٹ ، پی ایم اے وائی ( جی ) ، منریگا ، سوچھ بھارت مشن ( جی) ، آر جی ایس اے ، چودھویں مالی کمیشن، آئی ڈبلیو ایم پی ، اُمید ، حمایت اور دیگر محکمانہ سکیموں سے متعلق اَمور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔کمشنر سیکرٹری نے ضلع میں دستیاب اِنسانی وسائل کا جائزہ لیتے ہوئے یقین دِلایا کہ بی ڈی او اور جے اِیز کی خالی اَسامیوں کو جلد پُر کیا جائے گا۔اُنہوں نے بلاک وائز فنڈس کی دستیابی کے بارے میں بھی تفصیل سے تبادلہ خیال کیا ۔ اُنہوں نے بی ڈی اوز کو ہدایت دی کہ وہ کاموں کی الاٹمنٹ کے مناسب طریقے پر عمل کریں تاکہ ترقیاتی کاموں میں کوئی رُکاوٹ نہ آئے۔ اُنہوں نے تمام بی ڈی سیز ، ڈی ڈی سیز اور پی آر آئیز سے ان کے متعلقہ علاقوں میں کاموں کی نشاندہی کے لئے صلاح و مشورہ کرنے کو کہا۔کمشنر سیکرٹری نے ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی کے دفاتر کی فراہمی ، بار بار آنے والے اخراجات اور فرنیچر کے بارے میں ضروری منظور یوں کے لئے ڈی پی آر بنانے کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر کو ہدایات جاری کیں۔اُنہوں نے جاری کاموںکی سست رفتار ی کا نوٹس لیتے ہوئے معیار کو یقینی بناتے ہوئے مقررہ وقت کے اَندر کاموں کو جلد مکمل کرنے پر زور دیا۔اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ متعلقہ اَفراد کی معلومات کے لئے محکمانہ پورٹل پر مکمل شدہ کاموں کی تفصیلات اَپ لوڈ کریں۔اُنہوں نے دیہی ورثے کے احیائے اقدام پر بات چیت کرتے ہوئے اَفسران پر زور دیا کہ وہ اَپنے اَپنے علاقوںمیں دو ورثے کاموں کی نشاندہی کریں تاکہ روایتی اور ثقافتی شناخت کو پیش کیا جاسکے جس کے نتیجے میں ان کے تحفظ میں مدد ملے گی۔اُنہوں نے رُکے ہوئے منصوبوں کے معاملے پر متعلقہ اَفسران کو پی آر آئیز کی مداخلت سے تنازعات والے معاملات کو جلد حل کریں۔کمشنر سیکرٹری نے کٹھوعہ ضلع میں دیہی ترقی اور دیگر ریاستوں کے بہترین طریقوں کی نقل کے سلسلے میں کاموں ، سکیموں ، پروگراموں ، پالیسیوں وغیرہ کی بہتر تفہیم کے لئے نمائشی دوروں کی منصوبہ بندی ، کپسٹی بلڈنگ اور پی آر آئیز کی تربیت پر بھی زور دیا۔کمشنر سیکرٹری نے بہتر ربط اور تامل میل ، معلومات ی ترسیل اور اس کی تازہ کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آنے والے وقتوں میں تمام پنچایت گھروں کو بھارت نیٹ سے اِنٹرنیٹ کنکٹیوٹی فراہم کی جائے گی۔اُنہوں نے مہاتماگاندھی نریگا کا جائزہ لیتے ہوئے بی ڈی اوز کو ہدایت دی کہ وہ ایک ہفتہ کے اَندر ایم آئی ایس پورٹل پر مکمل شدہ کاموں سے متعلق ڈیٹا کو اَپ ڈیٹ کریں۔اُنہوں نے اے سی ڈی اور بی ڈی اوز کو سوچھ بھارت ابھیان کے تحت کام کرنے کی تلقین کی ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پی آر آئیز کی مدد سے ایس بی ایم ( جی ) ، آئی ایچ ایچ ایل کے تحت فائدہ اُٹھانے والوں کی شناخت کی جائے ۔اُنہوں نے تمام شراکت داروں کی فعال شرکت سے بیک ٹو وِلیج ، آئی ڈبلیو ایم پی ، اُمید ، بی اے ڈی پی کے تحت کاموں میں سرعت لانے پر زور دیا۔اِس سے قبل بذریعہ پاور پوائنٹ پرزنٹیشن جاری سکیموں پر تازہ ترین پیش رفت کیا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا ۔ اِس کے علاوہ مالیاتی اور طبعی حصولیابیوں ، فنڈس کی دستیابی ، نان کنورجنسی ورکس ، کنورجنسی ورکس وغیرہ پر غور و خوض ہوا۔دورانِ میٹنگ کمشنر سیکرٹری نے ڈی ڈی سیز ، بی ڈی سیز اور پی آر آئیز کی طرف سے پیش کئے گئے مطالبات کو بھی بغور سنا اور انہیں اس کے فوری حل کا یقین دِلایا ۔
مندروں کا شہرجموں سیاحوں کیلئے ایک بہترین مقام
جموں// جموں صوبہ کوقدرتی حسن سے نوازا گیا ہے ۔ یہ خطہ شمال میں درمیانی ہمالیہ کے پیر پنچال سلسلے اور جنوب میں کنڈی پٹی کے درمیان آتا ہے ۔ جموں میں ان تمام خوبیوں کی نمائش ہوتی ہے جو اسے سیاحتی مقام بناتی ہے ۔ جموں جسے مندروں کا شہر کہا جاتا ہے اپنے قدیم مندروں ۔ مزاروں ، باغات اور قلعوں کیلئے جانا جاتا ہے ۔ کچھ مشہور مذہبی مقامات جیسے رگھو ناتھ مندر ، رنبیر یشور مندر ، مہامایا مندر ، باہو مندر ، پیر بابا اور پیر کھو دیکھنے کیلئے نمایاں مذہبی مقامات ہیں ۔ باہو مندر شاندار باہع قلعہ کے اندر واقع ہے جو دیوی کالی کیلئے وقف ہے جسے باوے والی ماتا کہا جاتا ہے مندر کے علاوہ سفر کے شوقین باہو قلعے کے ساتھ ساتھ مبارک منڈی کمپلیکس کی تعمیراتی عظمت سے بھی لطف اندوز ہو سکتے ہیں ۔ باغ باہو کا ایکویریم جو کہ ملک کا سب سے بڑا زیر زمین ایکوریم ہے ، سیاحوں کو بھی ایک محسور کن تجربہ فراہم کرتا ہے ۔ جموں ڈویژن کے دیگر مقامات بھی سیاحوں کو دلکش تجربہ دیتے ہیں ۔ راجوری ضلع جو جموں سے 158 کلو میٹر دور ہے بہت سے دلکش مقامات سے نوازا گیا ہے ۔ ڈیرہ کی گلی ، تھنہ منڈی اور کوٹرانکا ضلع میں سیر و تفریح کے لئے موزوں جگہیں ہیں ۔ شاندار راجوری قلعہ ، بلیدان بھون ، دھنیدارقلعہ اور رام مندر یہاں کے دیگر سب سے دلکش سیاحتی مقامات ہیں ۔ اودھمپور اپنے شاندار سیاحتی مقامات جیسے بسنت گڑھ ، پنچاری ، سدھ مہادیو ، لاٹی وغیرہ کیلئے جانا جاتا ہے ۔ قدیم دور کا کرمچی مندر بھی ضلع کے اہم سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے ۔ ریاسی کٹرہ شہر اورشری ماتا ویشنو دیوی کے مندر کیلئے پوری دنیا میں مشہور ہے ۔ ایک او بڑی منزل ، ریاسی میں دریائے چناب پر دنیا کا سب سے اونچا پُل آنے والے مہینوں میں ضلع میں دیکھنے کیلئے ایک اور دلچسپ جگہ بننے کیلئے تیار ہے ۔ اسی طرح کٹھوعہ ماتا سکرالا کے مزار اور بلاور کے قدیم شو مندر کیلئے جانا جاتا ہے ۔ بلاور سے 30 کلو میٹر دور ایک پہاڑی گاؤں مچھیڈی اپنی خوبصورتی کیلئے جانا جاتا ہے ۔ بسوہلی میں اٹل سیتو ، رنجیت ساگر ڈیم اور ضلع کٹھوعہ میں دیگر دلکش سیاحتی مقامات ہیں ۔ مختصراً یہ کہہ سکتے ہیں کہ جموں کو قدرتی طور پر ایک ایسا منظر پیش کیا گیا ہے جس نے اسے پوری دنیا میں سیاحتی مقام کا ایک مقبول مقام بنا دیا ہے ۔ حالیہ مہینوں میں سیاحت کے نقشے پر کئی غیر دریافت شدہ اور غیر استعمال شدہ مقامات کو یہاں لایا گیا ہے اس طرح سیاحوں کو سیر و تفریح کی مزید گنجائش ملی ہے ۔
ڈاکٹر کرن سنگھ نے ڈاکٹر وشوا مورتی شاستری کو اعزاز سے نوازا
اجات شترو نے سنسکرت زبان میں پروفیسر وشوا مورتی کی خدمات کو سراہا
جموں//چیئرمین ٹرسٹی دھرمارتھ ٹرسٹ اور سابق ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر کرن سنگھ نے پروفیسر وشوا مورتی شاستری کو ادب اور تعلیم کے شعبوں میں ان کی نمایاں خدمات کے لیے پدم شری ایوارڈ سے نواز نے پر ان کی عزت افزائی کی ہے۔رگھوناتھ جی مندر میں منعقدہ ایک متاثر کن تقریب میں اجات شترو سنگھ، ٹرسٹی دھرمارتھ ٹرسٹ نے ڈاکٹر کرن سنگھ کی جانب سے ڈاکٹر شاستری کو مبارکباد دینے کا اعزاز حاصل کیا۔ایس ایچ رنوجے سنگھ، ٹرسٹی دھرمارتھ ٹرسٹ نے ایک یادگار پیش کر کے پروفیسر وشو مورتی کو اعزاز دیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر انشول گرگ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جموں ستیش شرما بھی موجود تھے۔پنڈت شیو رینا، چیئرمین دھرمارتھ ٹرسٹ ایڈوائزری کمیٹی نے پروفیسر وشو مورتی کی زندگی کی تاریخ پر روشنی ڈالی۔اپنے پیغام میں، چیئرمین ٹرسٹی نے ڈاکٹر شاستری کو اس غیر معمولی کارنامے کو حاصل کرنے کے لیے تہہ دل سے مبارکباد پیش کی ہے اور زور دیا ہے کہ مرکزی انتظامیہ کی طرف سے دی جانے والی پذیرائی اس کے لائق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر شاستری نے جموں و کشمیر اور دیگر علاقوں میں سنسکرت کو فروغ دینے میں جو اہم کردار ادا کیا ہے وہ بے مثال اور لاجواب ہے۔اجات شترو سنگھ نے پروفیسر وی ایم شاستری کو صحیح دعویٰ حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر شاستری نے جموں و کشمیر میں دوسروں کے لیے روشنی کی کرن کے طور پر کام کیا ہے اور ڈاکٹر صاحب کی زندگی کی جدوجہد کی تقلید کرتے ہوئے ان کی پیروی کرتے ہوئے اور محنت کے ذریعے نام اور شہرت حاصل کر کے ایک اثاثہ کے طور پر کام کیا۔ انہوں نے پروفیسر وشوا مورتی کو پدم شری ایوارڈ سے نوازنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کی بھی ستائش کی۔ پروفیسر وشوا مورتی نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ وہ جموں اور کشمیر کے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں سنسکرت زبان کے فروغ کے لیے شری رگھوناتھ سنسکرت مہاودیالیہ بیرپور کو آدرش مہاودھیالیہ کے طور پر اپ گریڈ کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
کارکنوں کو رکنیت سازی مہم بھرپور انداز میں چلانے کی ہدایت
کانگریس قائدین نے امتیازی بنیادوں پر سیکورٹی واپس لینے پر تشویش کا اظہار کیا
جموں//جموں وکشمیر پردیش کانگریس صدر غلام احمد میر نے کانگریس کارکنوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں رکنیت سازی مہم کو بھرپور طریقے سے منعقد کریں کیونکہ رکنیت کسی بھی سیاسی جماعت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، جس کے بعد پارٹی میں ہر سطح پر انتخابات ہوں گے۔جموں ریجن کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے سینئر فنکشنریز پی سی سی، ضلعی صدور، فرنٹل آرگنائزیشنز کے سربراہوں، کارپوریٹروں اور پارٹی کے دیگر اہم لیڈروں کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے میر نے کہا کہ ممبر سازی مہم پہلے سے جاری ہے اور اس کے بعد تنظیمی انتخابات ہوں گے ۔پی سی سی چیف نے تمام سطحوں کے پارٹی لیڈروں سے کہا کہ وہ ہر بوتھ پر زیادہ سے زیادہ ممبران کا اندراج کریں، کیونکہ بوتھ سب سے اہم یونٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ رکنیت ڈیجیٹل موڈ پر بھی دستیاب ہوگی۔کسی بھی پارٹی کا نام لیے بغیر میر نے کہا کہ کانگریس پارٹی مس کال ممبرشپ پر یقین نہیں رکھتی ہے اور وہ ہر اس شخص سے ذاتی رابطہ کرکے ممبران کا اندراج کرتی ہے جو کانگریس پارٹی کی پالیسیوں اور پروگراموں پر یقین رکھتا ہے اور پارٹی کا رکن بننا چاہتا ہے۔ انہوں نے سینئر عہدیداروں بشمول سابق اراکین اسمبلی، ضلع اور بلاک صدور، پارٹی کے فرنٹل ونگز سے کہا کہ وہ بھرپور طریقے سے رکنیت سازی مہم کے ذریعے پارٹی کو مضبوط کریں۔ انہوں نے ان سے پارٹی آئین کے مطابق زیادہ سے زیادہ خواتین، نوجوانوں، ایس سی، ایس ٹی، او بی سی اور اقلیتوں کا اندراج کرنے کو بھی کہا۔
بجٹ عام آدمی، بے روزگار اور تنخواہ دار طبقے کیلئے مایوس کن:کانگریس
جموں// کانگریس نے بجٹ کو غریب اور متوسط طبقے کے لیے مایوس کن قرار دیا ہے۔بجٹ تجاویز پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جے کے پی سی سی کے ترجمان اعلیٰ رویندر شرما نے کہا کہ بجٹ نے عام آدمی، بے روزگار نوجوانوں، خواتین عوام اور تنخواہ داروں اور پنشنرز کو بھی مایوس کیا ہے، کیونکہ بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور تمام ضروری اشیاء کی بے مثال قیمتوں سے نمٹنے کے لیے اقدامات نہیںکیے گئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ترقی کی شرح کے خیالی اہداف سست ہوتی ہوئی معیشت کو متحرک کرنے اور عام آدمی کی خرچ کرنے کی صلاحیتوں کی کمی کی وجہ سے سست اقتصادی سرگرمیوں کو مہلت دینے کا امکان نہیں ہے، جس کے نتیجے میں، بی جے پی کے دور حکومت میں معیشت کی ناک گھٹ کر مائنس 23 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔ پارٹی نے کہا کہ تقریباً 5.3 کروڑ نوجوان بے روزگار ہیں اور تقریباً 23 کروڑ غربت سے نیچے ہیں۔
بی جے پی آر ایس پورہ نے شکتی کیندر پرمکھ سمیلن کا انعقاد کیا
مرکزی بجٹ غریبوں اور پسماندہ لوگوں کا بجٹ ہے :وبود گپتا
جموں//بی جے پی شکتی کیندر پرمکھوں کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ تمام سرکاری سکیموں کے فائدے غریبوں اور ضرورت مندوں تک بروقت پہنچیں۔ یہ ریمارکس بی جے پی جموں و کشمیر کے جنرل سکریٹری اور سابق ایم ایل سی وبود گپتا نے آر ایس پورہ اسمبلی حلقہ کے بی جے پی شکتی کیندر پرمکھوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہے۔ اپنے خطاب میں وبود نے میٹنگ میں موجود سبھی کو مشورہ دیا کہ وہ مرکزی حکومت کی مختلف پالیسیوں اور پروگراموں پر باقاعدگی سے عمل کریں۔شکتی کیندر پرمکھوں کو پارٹی کے سرشار سپاہی قرار دیتے ہوئے، وبود نے کہا کہ یہ لوگ جموں و کشمیر کی مجموعی ترقی اور ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے مختلف شکتی مراکز میں ان پارٹی رضاکاروں کی طرف سے فراہم کی جانے والی بے لوث خدمات کی تعریف کی۔ ان شکتی کیندر پرمکھوں کے مستقبل کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے، وبود نے کہا کہ ان لوگوں کو اپنے اپنے علاقوں میں مائیکرو لیول پلاننگ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے انہیں اپنے علاقوں کی ترقی کا صحیح روڈ میپ تیار کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف ان لوگوں کے متعلقہ علاقوں بلکہ پوری قوم کے لیے ایک بڑی خدمت ہوگی۔مرکزی وزیر خزانہ نرملا کے ذریعہ پیش کردہ مرکزی بجٹ 2022 کے مختلف اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے وبود نے کہا کہ یہ بجٹ غریبوں، پسماندہ اور ملک کے کسانوں کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بجٹ کا مقصد کووڈ وبائی امراض سے مسلسل رکاوٹ کے درمیان ترقی کو فروغ دینا ہے۔ وبود نے کہا کہ یہ بجٹ جموں و کشمیر کی مجموعی ترقی اور بالخصوص نوجوانوں کے لیے بھی اچھی خبر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ایل جی انتظامیہ کو بھی تقویت ملے گی جو جموں و کشمیر کے پڑھے لکھے بے روزگار نوجوانوں کے لیے روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے کی تمام کوششیں کر رہی ہے۔
شیوسینا کا یومیہ اجرت کو 225 سے بڑھا کر 600 روپے کرنیکا مطالبہ
جموں//شیوسینا جموں و کشمیر یونٹ نے عارضی ملازمین کی کم از کم اجرت میں اضافہ اور جموں میونسپل کارپوریشن کے صفائی ملازمین کے مطالبات کے حق میں زبردست احتجاج کیا۔ پارٹی کے ریاستی صدر منیش ساہنی کی قیادت میں شیوسینکوں نے ریاستی دفتر پر ہاتھوں میں پلے کارڈ لے کر مذکورہ مطالبات کی حمایت میں نعرے لگائے۔ ساہنی نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ جموں و کشمیر کو نہ تو مرکز کے زیر انتظام علاقے کے مطابق سہولیات مل رہی ہیں اور نہ ہی مکمل ریاست کی حیثیت۔ساہنی نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر کے عارضی ملازمین کی کم از کم اجرت کو 225 سے بڑھا کر 600 کریں، جس میں جموں میونسپل کارپوریشن میں عارضی ملازمین کی تعداد میں اضافہ، این جی او سسٹم کو ختم کرنا اور مستقل ملازمین کو مستقل کرنا شامل ہے۔ ساہنی نے کہا کہ جموں میونسپل کارپوریشن میں وارڈوں کی تعداد 23 سے بڑھ کر 75 ہوگئی ہے۔ جموں میونسپل کارپوریشن کے تحت علاقے کی توسیع اور آبادی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ لیکن سینٹری ورکرز کی تعداد بڑھانے کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ کئی برسوں سے 600صفائی ملازمین کی تقرری کی فائل خاک چاٹ رہی ہے۔ مرکز کے زیر انتظام علاقہ بننے کے باوجود عارضی ملازمین کو مرکز کے مطابق مناسب اعزازیہ نہیں مل رہا ہے۔ مہنگائی کے اس دور میں این جی او سسٹم کے نفاذ کی وجہ سے ملازمین کو تنخواہیں بھی بروقت نہیں مل رہیں۔ ساہنی نے کہا کہ حکومت جس نے 'سوچھ بھارت ابھیان' کی کامیابی کا دعویٰ اس مہم کو کامیاب بنانے میں مصروف صفائی ملازمین کے مطالبات کو نظر انداز کر رہا ہے۔ ساہنی نے انتباہ دیا کہ اگر مذکورہ مطالبات کو جلد پورا نہیں کیا گیا تو شیوسینا ان ملازمین کے ساتھ سڑکوں پر اترنے پر مجبور ہوگی۔
ٹھنڈی کھوئی میں مجوزہ ٹول پلازہ کے خلاف | اپنی پارٹی کاNHAIدفترکے باہر احتجاج کیا
جموں//اپنی پارٹی نے جموںپٹھانکوٹ قومی شاہراہ پر ٹھنڈی کھوئی میں مجوزہ ٹول پلازہ کے خلاف احتجاج کیا۔ ضلع نائب صدر جموں اربن وائی بہو مٹو اور صوبائی یوتھ ونگ صدر وپل بالی کی قیادت میں یوتھ ونگ لیڈران نے اپنی پارٹی نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیادفتر چھنی ہمت کے باہر احتجاج کیا۔ انہوںنے ںNHAIکے خلاف نعرے بازی کی اور مطالبہ کیاکہ مقامی لوگوں کے خدشات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہوئے فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔ صوبائی صدر جموں وپل بالی نے کہاکہ لوگوں کی اقتصادی حالت کمزور ہونے کے باوجود ہرسال جموں وکشمیر میں نئے ٹول پلازہ نصب کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا نے مطالبات پر توجہ نہ دی تو اپنی پارٹی لگاتار احتجاج کرے گی اور قومی شاہراہ بلاک کر کے دھرنا دیاجائے گا۔
جموں وکشمیر میں مرکزی او بی سی ریزرویشن کوٹہ لاگو کیاجائے :غلام حسن میر
جموں//اپنی پارٹی سنیئر نائب صدر غلام حسن میر نے مطالبہ کیا ہے کہ جموں وکشمیر میں مرکزی او بی سی ریزرویشن کوٹہ لاگو کیاجائے تاکہ یہاں پر اِس زمرہ میں آنے والے لوگوں کی بہتری ہوسکے۔ پارٹی دفتر گاندھی نگر میں او بی سی ریاستی کارڈی نیٹر مدن لال چلوترہ کے زیر اہتمام منعقدہ ا وبی سی ونگ لیڈران وکارکنان کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے میر نے کہاکہ جموں وکشمیر میں رہائش پذیر او بی سی طبقہ جات کے لوگوں کو پانچ اگست2019سے قبل سینٹرل او بی سی ریزرویشن کوٹہ ، اس عذر پر نہیں دیاجاتاتھاکہ مرکزی قوانین کا یہاں اطلاق نہیں ہوتا لیکن خصوصی درجہ کی تنسیخ کے تین برس گذر جانے کے بعد بھی او بی سی طبقہ کو یہ فائیدہ نہ ملا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے او بی سی طبقہ پر ایک کمیشن تشکیل دی تھی، جس نے ابھی رپورٹ پیش نہیں کی اور اسی تاخیر کی وجہ سے ریزرویشن کوٹہ جموں وکشمیر میں لاگو نہ ہوسکا۔ لہٰذا کمیشن کو چاہئے کہ بلاتاخیر اپنی رپورٹ پیش کریں تاکہ لوگوں کا دیرینہ 27فیصد ریزرویشن کا مطالبہ حل ہو۔ انہوں نے کہاکہ دیگر پسماندہ طبقہ جات کے ساتھ امتیاز بردداشت نہیں کیاجائے جنہیں روایتی سیاسی جماعتوں نے سیاسی، سماجی اور اقتصادی طور دہائیوں تک اُنہیں نظر انداز کیا۔ غلام حسن میر نے کہاکہ پارٹی سماج کے کمزور طبقہ جات کے حقوق کے حق میں لڑائی جاری رکھے گی۔ ریاستی جنرل سیکریٹری وکرم ملہوترہ نے بھی جموں وکشمیر میں او بی سی طبقہ کے لوگوں کے ساتھ کئے جارہے امتیازی سلوک پر تشویش کا اظہار کیا۔ صوبائی صدر جموں منجیت سنگھ نے کہاکہ او بی سی ریزرویشن کوٹہ ملک کی دیگر ریاستوں کی طرز پر بڑھایاجاناچاہئے، جس سے اُن کی معاشی بہتری ہوگی اور اُن کے بچے پروفیشنل تعلیمی اداروں اور نوکریوں میں ریزرویشن حاصل کرنے کے قابل بن سکیں گے
۔ انہوں نے مزید کہاکہ اپنی پارٹی سماج کے کمزور طبقہ جات کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے۔ او بی سی ریاستی کارڈی نیٹر مدن لال چلوترہ نے بھی طبقہ کو درپیش متعدد مسائل کو اُجاگر کیا۔
محکمہ اطلاعات کا سینئر صحافی معراج الدین وانی کے انتقال پر اظہار تعزیت
جموں//ناظم اِطلاعات و رابطہ عامہ راہل پانڈے نے سینئر صحافی اور سری نگر نیوز کے چیف ایڈیٹر معراج الدین وانی کے اِنتقال پر گہرے دُکھ کا اِظہار کیا ہے۔اِس سلسلے میں ایک تعزیتی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے ناظم اطلاعات راہل پانڈے نے اَپنے صحافتی کام سے مقامی عوامی مسائل کو اُجاگر کرنے میں مرحوم صحافی کے کردار پر روشنی ڈالی اور اُن کے اِنتقال کو صحافی برادری اور سماج کے لئے ایک بہت بڑا نقصان قرار دیا۔ناظم ڈی آئی پی آر اور ملازمین نے مرحوم کی روح کے اَبدی سکون کے لئے دعا کی اور اللہ سبحانہ وتعالیٰ سے دعا کی ہے کہ سوگوار کنبے کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کی ہمت دے۔ادھرمحکمہ اطلاعات کشمیر ڈویژن کے اَفسران اور ملازمین نے تجربہ کار اور سینئر صحافی معراج الدین وانی ( چیف ایڈیٹر روزنامہ سری نگر نیوز) کے اِنتقال پر گہرے دُکھ کا اِظہار کیا ہے جن کا آج سہ پہر اِنتقال ہوا ۔اِس سلسلے میں جوائنٹ ڈائریکٹر اِنفارمیشن کشمیر اَنعام الحق صدیقی کی صدارت میں ایک تعزیتی میٹنگ منعقدہوئی ۔اُنہوں نے سوگوار کنبے بالخصوص محمد اِقبال وانی سے تعزیت کا اِظہار کیا ہے اور مرحوم کی روح کے اَبدی سکون کے لئے دعا کی۔دریں اثنا ء اَفسران اور ملازمین کے ایک گروپ نے محمد اقبال وانی کی رہائش گاہ گئے اور معراج الدین وانی کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
سابق رکن اسمبلی بھدرواہ کو صدمہ، والدہ نسبتی چل بسیں
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //سابق ممبر اسمبلی بھدرواہ دلیپ سنگھ پریہار کی والدہ نسبتی جیونتی دیوی طویل علالت کے بعد منگل کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ میں وفات پا گئیں. وہ 70 برس کی تھی. ان کی موت پر متعدد سیاسی و سماجی شخصیات نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی ہے. اپنے الگ الگ پیغامات میں سابق وزیر غلام محمد سروڑی، شکتی پریہار، ڈی ڈی سی کونسل چیئرمین دھنتر سنگھ کوشل ،سابق ایم ایل سی محمد اقبال بٹ، سابق ایم ایل سی نریش کمار گپتا ،چیرمین ایجوکیشنل، اینوائر منٹل سوشل سپورٹس و کلچرل سوسائٹی محمد ایوب زرگر، بی جے پی نائب صدر ضلع جاوید اقبال زرگر ،بلاک صدر منیر احمد شیخ، ضلع جنرل سیکرٹری مہندر سنگھ سرمال نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا.
صحافی اظہر بٹ کو صدمہ ، برادرانتقال کرگئے
کشتواڑ//عاصف بٹ//ضلع کشتواڑ سے تعلق رکھنے والے مقامی صحافی اظہر بٹ کے برادر اصغر بٹ کاطویل علالت کے بعد انتقال سوموار دیر رات انکے گھر واقعہ کجائی پاڈر میں ہوا۔ وہ گزشتہ کئی مہینوں سے علیل تھے اور کل شام ہی انھیں ڈاکٹروں نے گھر واپس بھیجا تھا جسکے بعد سوموار کی دیررات انکا انتقال ہواجبکہ انکا نماز جنازہ منگل کو انجام دیا گیا۔ انکی موت پر سیاسی وسماجی تنظیموںنے گہرے دکھ کااظہار کیاہے۔پنتھرس پارٹی اور پی ڈی پی نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے جبکہ سماجی کارکن نصیر باغوان نے بھی گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ادھر صحافتی برادری نے بھی اظہر کے برارد کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں تمام صحافی انکے اس دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
چوہدری غلام حسین کے انتقال پر اظہار تعزیت
جموں//جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر نے کانگریس لیڈر چودھری غلام حسین سابق سرپنچ شاہ پور (پونچھ) کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔میر نے مرحوم کو پارٹی اور اپنے علاقے کے لوگوں کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے پارٹی کا ایک مخلص اور وفادار آدمی قرار دیا۔اپنے تعزیتی پیغام میں میر نے چودھری غلام حسین کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔مرحوم نے پارٹی اور عوام میر کے لیے اپنی بہترین خدمات انجام دیں اور اپنے علاقے کی ترقی میں ان کی خدمات اور تعاون کو سراہا۔میر نے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی روح کے لیے ابدی سکون کی دعا کی۔
این سی یوتھ لیڈر سمیت کئی لوگ بھاجپا میں شامل
جموں//نیشنل کانفرنس (این سی) کے ایک نوجوان کارکن اور دیگر جماعتوں کے قائدین نے منگل کو یہاں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔بیان کے مطابق این سی لیڈر اور سماجی کارکن شیدا مقصود نے اپنے حامیوں کے ساتھ یہاں بی جے پی اور پارٹی کے ہیڈکوارٹر میں شمولیت اختیار کی۔ اسی طرح منجاکوٹ راجوری کے دیگر سرکردہ لیڈروں نے بھگوا پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔جے کے بی جے پی کے صدر رویندر رینہ ، جنرل سکریٹری وبود گپتا اور بی جے پی ہیڈکوارٹر انچارج پریا سیٹھی نے ان کا پارٹی میں خیرمقدم کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رائنا نے کہا کہ لوگ بی جے پی کی ترقی پر مبنی پالیسیوں کی وجہ سے اس میں شامل ہو رہے ہیں۔سیٹھی نے کہا کہ بی جے پی ملک اور سماج کی خدمت کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔