مزید خبریں

 بائیو میڈیکل ویسٹ مینجمنٹ

راجوری میں سیمینار کا اہتمام کیا گیا 

راجوری //گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں’ بائیو میڈیکل ویسٹ مینجمنٹ ‘پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں صحت شعبہ کے ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔کالج کے پرنسپل ڈاکٹر غلام علی شاہ نے سیمینار کا باقاعدہ افتتاح کیا اور بائیو میڈیکل ویسٹ مینجمنٹ کی ضرورت پر زور دیا۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹرمحمود حسین بجاڑ نے اس حوالے سے ایک مکمل پاور پوائنٹ پریزنٹیشن دی۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ اس قسم کے ورکشاپ اور سیمینارز کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جائے گا تاکہ صحت کی دیکھ بھال کرنے والے ملازمین کی مہارت کو فروغ دیا جائے۔انہوں نے کہاکہ اس عمل سے مریضوں کو معیاری خدمات میسر ہو نگی ۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے مزید کہا کہ کچرے کو ٹھکانے لگانے کا غلط انتظام صحت کے کارکنوں، مریضوں اور معاشرے کیلئے خطرہ بن سکتا ہے۔ سیمینار میں شریک دیگر ان میں ڈاکٹر شلیندر کمار شرما ایچ او ڈی آرتھوپیڈکس، ڈاکٹر عبدالحکیم ایچ او ڈی ریڈی ایشن آنکولوجی / ریڈیو تھراپی، وپن شرما لاء آفیسرودیگران بھی موجود تھے ۔
 
 
 
 

ترگائیں۔سموٹ 10کلو میٹر سڑک 5برسوں سے نامکمل 

محمد بشارت  
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کے ترگائیں علاقہ سے سموٹ جارہی 10کلو میٹر سڑک کو متعلقہ تعمیر اتی ایجنسی کی جانب سے گزشتہ 5برسوں سے مکمل ہی نہیں کیا گیا ۔سڑک کی تعمیر کا عمل 2016-17میں شروع کیا گیا تھا لیکن ابھی تک اس کی کٹائی کا عمل ہی مکمل نہیں ہے ۔مکینوں نے تعمیر اتی ایجنسیوں کیساتھ ساتھ مقامی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑکوں کو مکمل کرنے کیلئے زمینی سطح پر کوئی کام نہیںکیا جارہا ہے جبکہ کاغذی بنیادوں پر کئی دعوئے کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ پانچ برسوں سے لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کے بجائے مصیبت میں ڈال دیا گیا ہے جبکہ سڑک کی ہوئی کٹائی کی وجہ سے ملحقہ علاقوں میں عام لوگوں کا نقصان ہو رہا ہے ۔غور طلب ہے کہ ایک وسیع دیہات کو آپس میں جوڑنے کیلئے لگ بھگ 10کروڑ روپے کی لاگت سے پروجیکٹ شروع کیا گیا تھاتاہم سڑک کیساتھ ساتھ نہ تو نالیوں کا کوئی بندوبست کیا گیا ہے اور نہ ہی نکاسی آب کے سلسلہ میں کوئی عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے رابطہ سڑک کو جلدازجلد مکمل کیا جائے ۔
 

پنچایت کونسل کا مینڈھر میں اجلاس 

جاوید اقبال
مینڈھر //پنچایت ڈیو لپمنٹ کونسل کی جانب سے مینڈھر میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا ۔شیراز اظہری کی قیادت میںمنعقدہ اجلاس میں کئی سرپنچوں و پنچوں نے شرکت کی اور تعمیر اتی و ترقیاتی عمل میں آرہی مشکلات پر تفصیلی بات چیت کی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے شیراز ازہری نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے پنچائتوں کو پوری طرح نظر انداز کردیا گیاہے۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف مرکزی اور یوٹی حکومت پنچایتوں کو با اختیار بنانے کے دعوئے کررہے ہیں وہائیں دوسری جانب دیہات کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کاغذی سطح پر جھوٹ درج کئے جارہے ہیں جبکہ زمینی سطح پر صورتحال یکسر مختلف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلی سرکاروں میں پنچائتوں کو جو اختیارات تھے وہ اختیارات اس وقت ان کے پاس نہیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تعمیر اتی عمل کیلئے متعلقہ محکمہ سے زبردستی کام لینے پر مجبور ہو گئے ہیں جبکہ مختلف فلاحی سکیمیں بھی زمینی سطح پر لاگو نہیں کروائی جاسکی ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پنچایتوں کو اختیار ات دینے کیساتھ ساتھ فلاحی سکیموں کی عمل آوری بھی پنچایتوں کے ذریعہ کروائی جائے ۔
 
 
 
 
 

غلط پارکنگ کے خلاف ٹریفک پولیس کی کارروائی

حسین محتشم
پونچھ// ضلع پونچھ کے صدر مقام پر سڑک کنارے، بریڈ پارک اور دیگر مقامات پر غیر قانونی طور پارک کی گئی گاڑیوں کے خلاف ٹریفک پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کئی گاڑیاں ضبط کیں۔پونچھ قصبہ میں ہمیشہ ٹریفک جام کا مسئلہ بنارہتا ہے ۔ قصبہ کی مصروف ترین سڑکوں، بازاروں، پریڈ پارک سمیت دیگر مقامات پر ذاتی کام کاج کے سلسلے میں آئے لوگ سڑک کے کنارے اپنی گاڑیاں غلط طریقے سے پارک کرتے ہیں جس کے سبب ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے، نتیجتاً نہ صرف راہگیروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ مریضوں کو ہسپتال لے جانے میں بھی کافی رکاوٹیں حائل ہو جاتی ہیں۔اس دوران بدھ کے روز غلط پارکنگ کے خلاف ٹریفک پولیس نے صورتحال سے نمٹنے کے لئے ایک مہم شروع کی جس کے تحت غیر قانونی طور پارک کی گئی گاڑیوں کو ضبط کرکے انہیں لفٹر کے ذریعہ سڑک سے ہٹایا گیا اور کار مالکان کے خلاف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ اس دوران ایس او ٹریفک پولیس محمد عارف کی قیادت میں   ٹریفک پولیس اہلکاروں کی ٹیم نے ضلع ہسپتال کو جانے والی سڑک، پریڈ پارک، ناخواں والی سڑک اور عید گاہ  چوک، بس اڈہ اور قلعہ مارکٹ میں سڑک کے کنارے پر کی گئی غلط پارک گاڑیوں کو ضبط کر کے کرین کے ذریعہ پولیس تھانہ پونچھ پہنچایا ۔ انھوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بالکل گاڑیوں کو غلط پارک نہ کریں۔انھوں نے کہا کہ جو بھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرے گا پولیس اس کے خلاف سخت کاروائی کرے گی ۔عام لوگوں خاص کر دکانداروں و تجارت پیشہ افراد نے ٹریفک پولیس کے اس اقدم کی سراہنا کی ہے۔
 
 
 
 
 
 
 

انجمن جعفریہ نے کوئز مقابلے کا اہتمام کیا 

حسین محتشم
پونچھ//فاطمہ زھرا سلام اللہ علیہا کے میلاد کے موقع پر ا انجمن جعفریہ پونچھ کی جانب سے خاتم النبیاء لائبریری پونچھ میں کوئزکا انعقاد کیا گیا جس میں درجنوں بچوں اور بچیوں نے شرکت کی۔بچوں کی دینی تعلیم سے جوڑے رکھنے کے مقصد سے منعقدہ اس امتحان میںطلباء اور نوجوانوںکیلئے سیرت فاطمہ زھرا سلام اللہ علیہا کے متعلق سے سبھی سوالات کئے گئے۔امام جمعہ وجماعت مرکزی علی ؑ جامع مسجد پونچھ مولانا ظہور علی نقوی نے بتایا کہ انجمن جعفریہ کی جانب سے کوئز میں طلباء اور نوجوانوں میں فاطمہ زھرا سلام اللہ علیہا کی سیرت اور تاریخ کو عام کرنے کے لیے اس کوئز کا اہتمام کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی کوئز مقابلے کا کامیاب انعقاد کے بعد پہلی دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کو انعامات سے نوازا جائے گا جبکہ تمام شرکاء کو اسناد دی جائیں گی۔انھوں نے کہا کہ یہ اسکول اور کالجز میں پڑھنے والے نوجوانوں میں اور مدارس میں پڑھنے والے طلباء میں دین کی تبلیغ اور ان کے کردار سازی کی تحریک کی ایک کوشش ہے۔
 
 
 

بھاٹہ دھوڑیاںجنگل سے زندہ شیل برآمد 

جاوید اقبال 
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے بھاٹہ دھوڑیاں جنگلات سے ایک زندہ شیل برآمد ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے اس کو اپنی تحویل میںلے کر تباہ کر دیا ۔ناڑ اور بھاٹہ دھوڑیاں جنگلات میں گزشتہ برس اکتوبر ماہ میں ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین ایک معرکہ آرائی شروع ہوئی تھی ۔کئی دنوں تک چلے انکائونٹر کے دوران سیکورٹی فورسز نے جنگلاتی علاقہ میں رو پوش ہوئے ملی ٹینٹوں کیخلاف بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا تھا جبکہ اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ مذکورہ شیل سیکورٹی فورسز کی جانب سے کی گئی فائرنگ کے دوران زندہ بچ گیا تھا ۔ذرائع نے بتایا کہ بدھ کی صبح کچھ مکینوں نے مذکورہ شیل کو دیکھ کر فورس کو اطلاع دی جس کے بعد اس کا ناکارہ کرنے کیلئے عملی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گئے ۔انہوں نے بتایا کہ فوجی ماہرین نے ایک کنٹرول دھماکے کے ذریعے شیل کو تباہ کر دیا ۔
 
 
 

سلنڈر دھماکے سے لاکھوں کا نقصان 

جاوید اقبال 
مینڈھر //مینڈھر قصبہ میں سلنڈر پھٹنے کی وجہ سے 3دکانیں مکمل تباہ ہو گئی جبکہ مذکورہ دکانوں پر رکھا گیا ساز و سامان مکمل طورپر تباہ ہو گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ایک دکان پر پہلے ایک سلنڈر دھماکہ ہوا جس کے کچھ ہی عرصہ کے بعد دیگر دو سلنڈر بھی پھٹ گئے جس کی وجہ سے 3دکانوں پر رکھا گیا ساز و سامان مکمل طورپر تباہ ہو گیا ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایک ’ٹی سٹال ‘پر رکھا گیا سلنڈر آگ لگنے کی وجہ سے پھٹ گیا ۔انہوں نے بتایا کہ ممتاز احمد نامی ٹی سٹال کے مالک نے بتایا کہ مشکوک حالت میں سلنڈر پھٹنے کی وجہ سے اس کی دکان میں رکھا گیا ساز و سامان مکمل تباہ ہو گیا ہے ۔ڈاک بنگلہ مینڈھر کے قریب پیش آئے حادثے میں شوکت احمد سکنہ اتر پردیش نامی ایک دکاندار کی دکان میں رکھے گئے کپڑے ودیگر ساز و سامان جل کر راکھ ہو گیا ۔اس حادثے میں کل تین دکانوں پر ساز و سامان مکمل تباہ ہوا ہے ۔حادثے کی خبر ملتے ہی جموں وکشمیر پولیس ،مقامی لوگ اور فائر اینڈ ایمر جنسی سروس موقعہ پر پہنچی اور آگ پر قابو پانے کا عمل شروع کیا جو گھنٹوں جاری رہے ۔مقامی لوگوں و تاجروں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ نقصان کا تخمینہ لگا کر متاثرین کو اس سلسلہ میں معاوضہ دیا جائے ۔
 
 
 
 
 

ڈی سی پونچھ کا چھترال میں عوامی دربار 

جاوید اقبال 
مینڈھر // ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے ایس ایس پی پونچھ ودیگر اعلیٰ آفیسران کے ہمراہ مینڈھر سب ڈویژن کے چھترال علاقہ کا دورہ کرتے ہوئے ایک عوامی دربار لگایا ۔اس عوامی دربار میں ضلع اور تحصیل آفیسران کیساتھ ساتھ ضلع ترقیاتی کونسل کے وائس چیئر مین انجینئر اشفاق چوہدری علاقہ معززین اور پنچایتی اراکین بھی موجود تھے ۔اس موقعہ پر معززین و مقررین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ چھترال علاقہ میں قائم کر دہ پرائمری ہیلتھ سنٹر میں ایک ایمبو لینس اور ایک ڈاکٹر کی تعیناتی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ چھترال و ملحقہ علاقہ میں ابھی تک لڑکیوں کیلئے کوئی علیحدہ سے ہائر سکینڈری سکول تعمیر نہیں کیا گیا ہے اور علاقہ میں پینے کے صاف پانی کی سپلائی کیلئے بنائی گئی سکیمیں بھی فعال نہیں ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ چھترال میں لڑکیوں کیلئے علیحدہ سے ہائر سکینڈری سکول ،چھترال سے لوہر کالابن سڑک کی کشادگی ،2014میں تباہ ہوئے رابطہ پل کی مرمت کیساتھ ساتھ دیگر بنیادی سہولیات بھی فراہم کی جائیں ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے عوام کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ عوام کو ترجیح بنیادوں پر سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔انہوں نے متعلقہ آفیسران کو اس سلسلہ میں ہدایت بھی جاری کیں ۔اپنے خطاب میں ایس ایس پی پونچھ نے نوجوانوں کو تلقین کرتے ہوئے کہاکہ وہ منشیات و دیگر غیر قانونی کاموں کو ترک کرتے ہوئے پڑھائی و دیگر فلاحی کاموں کی جانب راغب ہوں ۔انہوں نے والدین سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ پولیس کیساتھ اشتراک سے کام کیا جائے تاکہ سماجی برائیوں کو دور کیا جاسکے ۔
 
 
 
 
 

متعدد کارکنوں کی پنچایت کانفرنس میں شمولیت 

حسین محتشم
پونچھ// نائب صدر جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس(جے کے پی سی) یوتھ ونگ، انجینئرریدھم پریت سنگھ کی قیادت میںکئی کارکنوں و پنچایتی اراکین نے جموں وکشمیر پیپلز کانفرنس میں شمولیت اختیار کر لی ۔پنچایت کسلیان میں امنعقدہ ایک اجلاس کے دوران نوجوان لیڈر کی قیادت میں درجنوں نامور شخصیات نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ پارٹی میں شامل ہونے والے نئے کارکنوں میں قدیر حسین (پنچ)، حاجی نذیر حسین ،محمد رفیق ،منیر حسین ،محمد سخی، جاوید اقبال، محمد جہانگیر، محمد رفیق، آزاد، محمد صادق، محمد رشید، محمد اقبال، شمس دین، محمد یوسف، محمد صادق، حاجی نور حسین، زمان چوہان، محمد بشیر، فضل دین، جمال دین، اخلاق حسین اور کئی دیگران نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی ۔نئے کارکنوں کا پارٹی میں استقبال کرتے ہوئے انجینئر ریدم پریت سنگھ نے کہا کہ ان کی پارٹی میں شمولت سے پونچھ میں پارٹی مزید مستحکم ہوگی ۔
 
 
 
 

شیو سینا کے ریاستی صدر کا شکریہ ادا 

عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی// سب ڈویژن تھنہ منڈی کے تمام عارضی ملازمین نے شیو سینا پارٹی کے ریاستی صدر منیش ساہنی کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے جموں و کشمیر میں گزشتہ کئی سالوں سے معمولی اجرتوں پر کام کر رہے کارکنوں کے مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ پارٹی کے ریاستی صدر منیش ساہنی کی قیادت میں بدھ کے روز شیوسینا کے اراکین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ لے کر مذکورہ مطالبات کی حمایت میں نعرے لگائے۔ اس موقعہ پر بولتے ہوئے ساہنی نے کہا کہ بدقسمتی سے جموں و کشمیر کو نہ تو مرکز کے زیر انتظام علاقے کے مطابق سہولیات مل رہی ہیں اور نہ ہی اسے مکمل ریاست کی حیثیت حاصل ہے۔ ساہنی نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر کے عارضی ملازمین کی کم از کم اجرت کو 225 سے بڑھا کر 600 کریں۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے ان عارضی ملازمین کی مستقلی کی فائلیں خاک چاٹ رہی ہیں مگر کوئی ان کا پرسانِ حال نہیں۔ ساہنی نے انتباہ دیا کہ اگر مذکورہ مطالبات کو جلد از جلد پورا نہیں کیا گیا تو شیوسینا ان تمام عارضی ملازمین کے ساتھ سڑکوں پر اترنے پر مجبور ہوگی۔اس موقع پر سب ڈویژن تھنہ منڈی کے تمام عارضی ملازمین نے شیو سینا کے ریاستی صدر منیش ساہنی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ ترجیحی بنیادوں پر مرکز کے زیر انتظام علاقے جموں و کشمیر میں برسوں سے معمولی اجرتوں پر کام کر رہے عارضی ملازمین کی مستقلی کے احکامات جاری کیے جائیں تاکہ کمر توڑ مہنگائی کے اس دور میں ان کے بچے بھی دو وقت کی روٹی کھا سکیں۔
 
 
 

پیر پنچال میں موسم نے پھر کروٹ لی 

عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی //لگ بھگ ایک ہفتہ کے وقفے کے بعد خطہ پیر پنچال کے اکثر علاقوں میں ایک مرتبہ پھر سے برف و باراں کا سلسلہ جاری ہو گیا ہے جس کی وجہ سے بالائی علاقوں کے ساتھ ساتھ میدانی علاقوں میں بھی سردی کی شدت میں کافی حد تک اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔سب ڈویژن تھنہ منڈی کے بالائی علاقوں میں بدھ کے روز شام چار بجے کے بعد پہاڑوں پر برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی ہلکی بارش شروع ہوگئی۔ دریں اثناء محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے مطابق اگلے دو روز تک میدانی علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے جبکہ آئندہ سنیچر سے موسم ایک مرتبہ پھر خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ 
 
 
 
 
 
 

تھنہ منڈی ہسپتال میں الٹراساؤنڈ کی سہولیت دستیاب 

مقامی لوگوں نے محکمہ صحت و انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا 

عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی // عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے مقصد سے تھنہ منڈی ہسپتال میں الٹرا سائونڈ کی سہولیات کو یقینی بنایا گیا ہے۔تھنہ منڈی کے مکینوں نے انتظامیہ بالخصوص محکمہ صحت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی برسوں سے تھنہ منڈی کی غریب عوام الٹراساؤنڈ کی سہولیات سے محروم تھی چنانچہ اس نیک کام کیلئے بلاک میڈیکل آفیسر ڈاکٹر نگینہ کو ہفتے میں ایک مرتبہ تھنہ منڈی اسپتال میں الٹراساؤنڈ کرنے کیلئے تعینات کیا گیا ہے جو انتہائی خوش آئند بات ہے۔ انھوں نے کہا کہ عوام کو بہترطبی خدمات مہیا کرنے میں کامیابی حاصل کرنا انتظامیہ کی بہتر کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ اس موقعہ پر انجینئر ارشد اعجاز خان نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات کرنے سے تھنہ منڈی کے غریب عوام کو بہت بڑی سہولیات دستیاب ہوں گی جس کیلئے وہ انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوںنے مزید کہا کہ پی ایچ سی تھنہ منڈی کی اپ گریڈیشن گزشتہ چند سالوں سے عوام کا مطالبہ ہے لیکن حکومت کو کوئی پرواہ نہیں ہے۔مقامی لوگوں نے ڈی سی راجوری وکاس کنڈل، چیف میڈیکل آفیسر راجوری  شمیم بھٹی، بلاک میڈیکل آفیسر درہال ڈاکٹر نگینہ اور زونل میڈیکل آفیسر تھنہ منڈی ڈاکٹر شباب مرزا کا شکریہ ادا کیا۔
 
 
 

محمد اشرف کی وفات پر اظہار افسوس 

پرویز خان 
منجا کوٹ //منجا کوٹ تحصیل کے ککوڑہ کٹار مل علاقہ کے رہائشی محمد اشرف کی وفات پر کئی سیاسی ،سماجی و مذہبی لیڈران نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعائے مغفرت کی ہے ۔ان کی وفات پر ضلع ترقیاتی کونسل راجوری کے وائس چیئر مین شبیر احمد خان ،سیول سوسائٹی منجا کوٹ اور منجا کو ٹ قصبہ کے کئی تاجروں نے مرحوم کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔غور طلب ہے کہ چوہدری محمد اشرف ولد چوہدری محمد فاضل سکنہ کٹار مل گزشتہ کئی عرصہ سے کینسر جیسی مہلوک بیماری میں مبتلاتھے اور گزشتہ دنوں ان کا انتقال ہو گیا تھا ۔معززین نے اہل خانہ کیساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی ہے ۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

سرنکوٹ میں کئی سکولی ڈھانچے تباہی کے دہانے پر 

چھت رسنا شروع ،طلباء کا مستقبل تاریک ،والدین پریشان 

بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سرنکوٹ اور بفلیاز بلاک میں کئی سرکاری سکولوں کی عمارتیں انتہائی خستہ ہوتی جارہی ہیں جبکہ چھت بھی رسنا شروع ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے طلباء کی پڑھائی بُری طرح سے متاثر ہو رہی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ کووڈ کی وجہ سے سرکاری سکول بند پڑے ہوئے ہیں لیکن انتظامیہ کی لاپرواہی کی وجہ سے ڈھانچے تباہ ہو گئے ہیں ۔انہوں نے خدشہ طاہر کرتے ہوئے کہاکہ تعلیمی عمل بحال ہونے پر سکولوں میں بچوں کے بیٹھنے کیلئے جگہ بھی دستیاب نہیں ہو گئی ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ حکام و تعمیر اتی ایجنسیوں کی لاپرواہی کی وجہ سے عمارتیں کچھ ہی عرصہ میں نا قابل استعمال ہوجاتی ہیں جس کی وجہ سے بچو ں کو اکثر کھلے عام بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنا پڑتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بلاک بفلیاز اور بلاک سرنکوٹ کی سکولی عمارتیں غیر تسلی بخش مواد سے تعمیرہونے کی وجہ سے لمحہ فکریہ بن گئی ہیں۔مقامی لوگوں نے محکمہ تعلیم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ محکمہ لگاتار لاپرواہیکا مظاہرہ کر رہا ہے اور محکمہ کے آفیسران کو جانکاری فراہم کرنے کے باوجود بھی کو ئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔غور طلب ہے کہ درہ سانگلہ اپر، سانگلہ لوہر، سانگلہ ،گونتھل، دندی دھڑا، فضل آباد، سنگلانی مڑاہ، تراڑانوالی، دہڑاہ موڑاہ سیلاں بھونی کھیت ماہڑاہ ڈوگراں پوشانہ سنئی، پوٹھہ دھندک شیندرہ مرہوٹ جیسے علاقوں میں عمارتیں خستہ حال ہیں۔اگر چہ کچھ علاقہ میں عمارتیں معیاری ہیں لیکن ان اداروں میں ٹائلٹ کمپلیکس اور رسوئی گھر ودیگر سہولیات معیاری میسرنہیں ہیں ۔لوگوں نے بتایا کہ سب ڈویژن میں 70فیصد عمارتیں غیر محفوظ مقامات پر تعمیر کی گئی ہیں جس کی وجہ سے والدین بچوں کو سکول بھیجنے سے بھی ڈرتے ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے سرکاری سکولوں کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لے کر ان کی مرمت اور تعمیر نو کا عمل شروع کیا جائے ۔
 
 
 
 

بیری پتن میںویٹرنری سنٹر قائم کرنے کی مانگ 

رمیش کیسر 
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے بیری پتن علاقہ کے مکینوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی علاقہ میں مویشیوں کی بنیادی سہولیت کیلئے ایک پشو پالن سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائے ۔انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں مویشیوں کی بیماریوں کی جانچ اور اس سلسلہ میں ادویات فراہم کرنے کیلئے ابھی تک کوئی سنٹر قائم نہیں کیا گیا ہے ۔ غور طلب ہے کہ گائوں میں اس وقت 6سو کے قریب کنبے آباد ہیں جن میں سے اکثر زراعت پیشہ سے وابستہ ہیں ۔پنچایتی اراکین نے بتایا کہ اس سے قبل پاکستانی افواج کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ میں عام لوگوں کیساتھ ساتھ مویشیوں کی ایک بڑی تعداد ہلاک اور زخمی ہو جاتی رہی ہے تاہم علاقہ میں زخمی مویشیوں کے علاج معالجہ کا کو ئی بندوبست ہی نہیں تھا جس کی وجہ سے صورتحال مزید ابتر ہو گئی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بیری پتن میں ویٹرنری سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائے ۔
 
 
 

کلسیاں میں 12روز سے پانی بند 

رمیش کیسر 
نوشہرہ //نوشہرہ کے سرحدی گائوں کلسیاں میں گزشتہ 12 روز سے پینے کے پانی کی سپلائی بند پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے عام لوگ قدرتی چشموں پر دربدر ہوئے ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ محکمہ جل شکتی کے مستقل اور عارضی ملازمین اپنی ڈیوٹی صحیح طریقے سے ادا نہیں کر رہے جس کی وجہ سے مذکورہ علاقہ میں رہائشی پذیر 400سے زائد کنبے پانی کی سپلائی سے محروم ہو گئے ہیں ۔غور طلب ہے کہ سب ڈویژن کے کئی دیہات میں واٹر سپلائی سکیمیں پاپئیں بوسیدہ ہونے کی وجہ سے بند پڑی ہوئی ہیں لیکن متعلقہ محکمہ کی انتہائی لاپرواہی کی وجہ سے لوگ دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ۔کلسیاں کی عوام نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سپلائی کو بحال کروانے کیلئے محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں ۔