مزید خبریں

حاجن میں 4روز بعد معمولات بحال

نیوز ڈیسک
 
 سرینگر//دوجنگجوئوں کی ہلاکت کے خلاف چارروز تک ہڑتا ل رہنے کے بعد حاجن قصبہ میں ہفتہ کو تجارتی اورکاروباری سرگرمیاں بحا ل ہو ئیں۔ سی این ایس کے مطابق حاجن میں گزشتہ پانچ دنوں کے اندر دو جنگجو ئوں کی ہلاکت کے خلاف4 روز تک ہڑتا ل رہی جس کے دوران کاروباری اور تجا رتی ادارے بند رہے جبکہ سڑ کوں پر ٹرانسپورٹ معطل رہا۔ نمائندئے کے مطابق   ہفتہ کوپانچویں روز قصبہ میں تمام دکانیں اور دیگر کاروباری ادارے کھل گئے جس کے دوران تجارتی اور کا روباری سر گر میاں بحا ل ہو ئیں۔
 
 
 

اسلام سے دوری موجودہ زبوں حالی کی وجہ:مسلم لیگ

سرینگر//مسلم لیگ نے مسلمانوں کی موجودہ زبوں حالی کو’’ اسلام سے دوری‘‘ کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عالم اسلام اس وقت مظلومی و محکومی کا شکار ہے جس کی وجہ سے مسلمانوں کا لہو ارزاں کیا جارہا ہے،جس کا واحد علاج ’’رجوع الی القرآن‘‘ ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمان جتنی دیر تک قرآن کی تعلیمات سے دور رہیں گے بے بسی اور بے کسی کے بادل ان پر منڈلاتے رہیں گے۔
 

اننت ناگ میں 1کوینٹل فکی ضبط ،ٹرک ڈرائیورگرفتار

سرینگر/ / اننت ناگ پولیس نے منشیات مخالف مہم کے دوران ڈورو سے لگ بھگ ایک کوئنٹل فکی ضبط کرکے ڈرگ اسمگلرکو گرفتار کر لیا۔اننت ناگ پولیس نے ایس ایس پی اننت ناگ الطاف احمد خان کی نگرانی اور ایس ایچ او ڈورومدثرنظر کی قیادت میں ناکہ کے دوران ایک ٹرک زیر نمبر JK02V/8927 سے تلاشی کے دوران لگ بھگ ایک کوئنٹل فکی برآمد کرکے ٹرک کو ضبط کرلیا۔پولیس نے ٹرک ڈرائیور محمد جاوید کھٹانہ   ساکن ریاسی کو گرفتار کر لیا۔ڈورو پولیس نے ایک کیس زیر نمبر13/2018 درج کرلیا ہے ۔
 
 

لبریشن فرنٹ کا پارٹی اراکین سے اظہار یکجہتی

 سرینگر// لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے فرنٹ رکن نذیر احمد خان ساکن گدر کولگام ،سینئررکن محمد عظیم زرگر کے برادر اکبرغلام احمد زرگرساکنہ بہرام پورہ رفیع آباد اور رفیق اختر حسین راہ نایک باغ نوگام کی والدہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ فرنٹ قائدین ایڈوکیٹ بشیر احمد بٹ، غلام رسول ڈار ایدھی، نور محمد کلوال،شیخ عبدالرشید، اشرف بن سلام ،محمد صدیق شاہ، ظہور احمد بٹ، فاروق احمد ڈار ، عبدالستار ، اسد اللہ شیخ اور عبدالرشید مغلو نے مرحومین کے ہاں جاکر لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔اس موقع پر قائدین نے مرحومین کی جنت نشینی کےلئے دعا کی۔اس دوران پیپلزپولٹیکل فرنٹ چیئرمین محمد مصدق عادل نے لبریشن فرنٹ کے ایک رُکن محمد عظیم زرگر کے برادرِ اکبر غلام حمد زرگر بہرامپورہ رفیع آباد کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین خصوصی طور محمد عظیم کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ دریں اثناءفرنٹ کے چیف آرگنائزر میر غلام حسن نے بہرامپورہ جاکر سوگوار خانداں کے ساتھ تعزت پُرسی کی۔
 
 

 وی ایچ پی کا بیان افسوسناک: پیروان ولایت 

سرینگر// پیروان ولایت نے ویشو ہند پریشد کے بیان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روہنگیائی مسلمانوں کو جموں بدر کی باتیں کرنے والے پہلے ہندو پناہ گزینوں کو ریاست سے باہر نکالیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر شدت پسند ہندو تنظیموں کی غنڈہ گردی پر روک نہ لگائی گئی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہونگے۔ 
 
 

شام کی صورتحال تشویشناک:انجمن علماءجنوبی کشمیر

عالمی برادری سے عملی اقدامات کرنے کی اپیل 

سرینگر//انجمن علماءوائمہ مساجد جنوبی کشمیر کے امیرومہتمم دارالعلوم سیدالمرسلین چوگام قاضی گنڈ کولگام حافظ عبدالرحمن اشرفی نے عالم اسلام کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی مسلمانوں کے تئیں خاموشی کی وجہ سے فلسطین ،کشمیر ،شام ،یمن اور افغانستان سمیت پوری دنیا میں مسلمانوں کا خون پانی کی طرح بہایاجارہاہے ۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ پوری دنیا بالخصوص شام میں قتل و غارت پر مذمتی قراردادوں کے بجائے قابو پانے کیلئے عملی اقدامات کریں ۔
 
 

اسیروں کی جموں منتقلی قابل مذمت:ظفراکبر

سرینگر //سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے محبوس مزاحمتی قائدین و کارکنان کو جموں منتقل کرنے اورتنظیم کے سینئر لیڈر ہلال بیگ پر دوسرا سیفٹی ایکٹ عائد کرنے کی مذمت کی۔ایک بیان میں انہوںنے حکام کے اس طرز عمل کو فسطائیت سے تعبیر کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے ان کے اہل خانہ میں بے چینی اورفکر و تشویش لاحق ہے۔
 

فریڈم پارٹی کا انجینئر فاروق خان سے اظہارتعزیت

سرینگر// ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے پارٹی لیڈر انجینئر فاروق خان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انجینئر فاروق کے دو قریبی رشتہ دار،محمد اکرم بٹ اور محمد افضل ستھو ساکنان اننت ناگ حال ہی میں رحلت کرگئے۔فریڈم پارٹی نے نٹی پورہ سرینگر کے اعجاز احمد راہ کے ساتھ بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی نے مرحومین کیلئے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر کی دعا کی۔
 

انعام الحق صدیقی کی والدہ فوت 

سرینگر//محکمہ سیاحت نے وزیر سیاحت کے او ایس ڈی انعام الحق صدیقی کی والدہ ماجدہ کے انتقال پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے جوجمعہ کو اس دار فانی کو لبیک کہہ گئیں۔ مرحومہ کی اجتماعی فاتحہ خوانی رڈ پورہ نزدیک گرڈ سٹیشن نوہٹہ میں6 مارچ سوموار صُبح10 بجکر30 منٹ پر انجام دی جائے گی۔محکمہ سیاحت کے ملازمین نے ایک تعزیتی میٹنگ میں اللہ سے دُعا کی کہ وہ مرحومہ کو جنت الفردوس عطا کرے۔ لواحقین میں پروفیسر غلام نبی صدیقی، ڈاکٹر شکیل احمد صدیقی اور وزیر سیاحت کے او ایس ڈی انعام الحق صدیقی شامل ہیں۔