مزید خبریں

تھنہ منڈی میں مارکیٹ چیکنگ 

طارق شال
 
تھنہ منڈی// تحصیلدار تھنہ منڈی قدیر الرحمن قاضی نے پیر کے روز تھنہ منڈی مارکیٹ کی چیکنگ کر کے دوکانداروں کو نرخ اعتدال پر رکھنے کی ہدایت دی۔ تحصیلدار تھنہ منڈی نے نائب تحصیلدار تھنہ منڈی فاروق احمد راتھر ، میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کے اسسٹنٹ خلاف ورزی انسپکٹر شوکت حیات شال اور دیگر عملہ کے ہمراہ مین مارکیٹ،غزالی مارکیٹ اور با با لطیف شال مارکیٹ کی چیکنگ کی۔ انہوں نے مرغا فروشوں، سبزی فروشوں،نانوائیوں اور حلوائیوں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ماہ صیام کے دوران نرخوں کو اعتدال پر رکھا جائے۔انہوںنے کریانہ دکانداروںسے کہا کہ وہ اپنی دکانوں کے باہر ریٹ لسٹ چسپاں رکھیں تاکہ گراہکوں کو اشیائے خوردونوش کی خریداری کے دوران کوئی دقت پیش نہ آئے۔ انہوںنے کہا کہ قصوروار دکانداروں سے جرمانہ وصول کرتے ہوئے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ تھنہ منڈی کی مارکیٹ میں مرغوں اور اشیائے ضروری کے نرخ نامے آسمان کو چھو رہے ہیں جس پر دکانداروں کو معاف نہیں کیاجائے گا۔
 

راہ ملن بس سروس

۔ 20 مسافرحد متارکہ کے آر پار ہوئے 

حسین محتشم 
پونچھ//پونچھ راولاکوٹ راہ ملن بس ہر ہفتہ کہ طرح اس بار بھی حد متارکہ کے آر پارہوئی۔ اس دوران پونچھ سپورٹس سٹیڈیم سے راولاکوٹ کو روانہ ہوئی بس سے کل 20 مسافر روانہ ہوئے جو سبھی اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کے بعد اپنے وطن پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے راولاکوٹ کو روانہ ہوئے۔ اس دوران پونچھ سے کوئی بھی نیا مسافر پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے لئے نہیں گیااور نہ ہی راولاکوٹ سے کوئی مسافر یہاں آیا۔
 

سوکھا کھٹاکے مقام پر سڑک خستہ حالی کاشکار

حسین محتشم
پونچھ//محکمہ گریف کے زیر نگراں پونچھ منڈی شاہراہ سوکھا کھٹا کے مقام پر خستہ حالی کا شکار ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو تو پریشانیوں کا سامنا کرنا ہی پڑتا ہے لیکن وہاں کے رہائشی عوام کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سڑک پر بنے کھڈوں میں پانی اور کچرا جمع ہوجاتا ہے جو گاڑیوں کی آمدورفت کی وجہ سے گھروں اور دکانوں کے اندر چلا جاتا ہے۔واضح رہے2014میں آئے سیلاب کے دوران سوکھا کھٹا میں آئی طغیانی کی وجہ سے اس سڑک کو شدید نقصان پہنچا تھا جس کے بعد سے اب تک سڑک کی مرمت نہ ہونے کی وجہ سے نالے کے ساتھ ساتھ سڑک بھی خستہ حالی کا شکار ہے۔مقامی لوگوں نے محکمہ گریف کے اعلیٰ افسران سے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ اپنا کام ذمہ داری سے نہیں نبھا رہا ۔انہوںنے کہا کہ وہ لوگ گریف کے تمام افسران سے ملاقات کر کے ان کو اپنی پریشانیان بتا چکے ہیں لیکن افسر موقعہ پر تو یقین دہانی تودیتے ہیں لیکن بعد میں کچھ نہیں کرتے ۔انہوں نے کہا کہ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے آئے روز حادثات ہوتے رہتے ہیں اور کسی بڑے حادثہ کا اندیشہ ہے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلہ میں ذاتی مداخلت کر کے گریف افسران سے ملاقات کر کے انہیں سڑک کی مرمت کی ہدایت دیں ۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر سڑک کی مرمت نہ کی گئی تو وہ احتجاج کریںگے ۔
 

فوارہ گارڈن میں بیت الخلاء کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھاگیا

حسین محتشم 
پونچھ//ایم ایل سی پردیپ شرما نے پونچھ کے فوارہ گارڈن جسے کرشن چندر پاک کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ،میں بیت الخلاء کے کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا۔ یہ بیت الخلاء14.50 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہوگا۔ پردیپ شرما نے کہا کہ سوئوچھ بھارت مشن کے تحت ملک کوصاف ستھرا بنانے کیلئے جاری مہم کو زمینی سطح پر کامیاب بنانے کیلئے ایسے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جس کیلئے وزیر اعظم نرندر مودی بذات خود دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس بی ایم کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے سب کو وزیر اعظم کی اس مہم میں شرکت کرنا ہوگی۔
 

آتشزدگی میں شیپ فارم تباہ 

جاوید اقبال
 
مینڈھر//سرحدی تحصیل منکوٹ میں واقع شیپ فارم بلنوئی میں اچانک آگ لگنے سے لاکھوں روپے کا نقصان ہو گیاہے۔آگ کی وجہ بجلی شارٹ سرکٹ بتایا جارہا ہے۔ یہ فارم سرحد ی علاقہ بلنوئی میں واقع ہے ۔آگ اسسٹنٹ ڈائریکٹر شیپ فارم بلنوئی کے دفتر میں دو بجے کے قریب نمودار ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے ساری عمارت میں پھیل گئی ۔اس دوران عمارت میں موجود دو گیس سلنڈر بھی پھٹ گئے جس کی وجہ سے عمارت مکمل طور تباہ ہو گئی ۔بتایا جاتا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے اچانک لگی ۔اگرچہ فائر سروسز کی گاڑی مینڈھر سے کئی کلو میٹر سفر طے کرکے جائے واردات پہنچی لیکن اس سے قبل عمارت تباہ ہوچکی تھی البتہ فائر سروس ٹیم نے کچھ سامان کو بچالیا ۔اس واقعہ پر حکام نے تحقیقات کا حکم جاری کیاہے جبکہ مینڈھر پولیس نے مقدمہ در ج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔
 

پٹواریوں کا دھرنا جاری 

پرویز خان 
 
منجاکوٹ//تحصیل منجاکوٹ میں چھٹے روز بھی پٹواریوں نے کام کاج چھوڑ کا دھرنادیا۔پٹوار ایسوسی ایشن جموں و کشمیر کے بینر تلے تمام پٹواریوں نے ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہے۔پٹواریوں کاکہناہے کہ وہ مطالبات پورے ہونے تک اپنا احتجاج جاری رکھیںگے ۔انہوںنے مانگ کی کہ ان کے گریڈ میں اضافہ کیاجائے،نائب تحصیلداروں کی براہ راست بھرتی پر پابندی عائد کی جائے ،ترقی دی جائے اور پٹوارخانوں کا کرایہ ادا کیاجائے ۔پٹواریوں کے دھرنے سے عام لوگوںکو سخت مشکلات کاسامناہے۔
 

گدیوگ مسجدمیں توڑ پھوڑ کا معاملہ 

ضرورت پڑی تو عدالتی تحقیقات ہوگی:ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر 

منیر خان 
راجوری//راجوری کے خواس گدیوک علاقے میں 18مئی کو دوران شب مسجد کی توڑ پھوڑ کرنے کے واقعہ پر انتظامیہ کی طرف سے تحقیقات کی جارہی ہے اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرکوٹرنکہ کاکہناہے کہ اگر ضرورت پڑی تو اس سلسلے میں عدالتی تحقیقات کروائی جائے گی ۔اس واقعہ پر راجوری کے عوام میں غم وغصہ پایاجارہاہے اور ان کی مانگ ہے کہ قصورواروں کو بے نقاب کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ابھی تک یہ معلو م نہیں ہوسکاہے کہ مسجد کی کھدائی کس نے کی تاہم کچھ مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ اس واقعہ میں فوج کا مقامی یونٹ بھی ملوث ہوسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ فوج کے اہلکار مسجد کے بارے میں پوچھ تاچھ بھی کررہے تھے جس کے بعد ہی یہ واقعہ سامنے آیاہے۔ جب اس معاملے پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ سے بات ہوئی تو ان کاکہناتھا کہ معاملے کی تحقیقات چل رہی ہے تاہم اب تک کسی کے ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے ۔ انہوں نے کہا کہ آرمی سے بھی معاملے کے تئیں بات چل رہی ہے اوراگر ضرورت پڑی تو مجسٹریل انکوائری بھی کی جاسکتی ہے ۔ 
 

منڈی میں کانگریس کارکنان کااجلاس منعقد

عشرت حسین بٹ
 
منڈی//کانگریس پارٹی کی طرف سے منڈی ڈاک بنگلہ منڈی میں کارکنان کا ایک اجلاس منعقد ہواجس کی صدارت نو نامزد بلاک صدر امیر دین ہمدانی نے کی۔اس موقعہ پر مقررین نے حال ہی میں ضلع پونچھ کیلئے نامزد بلاک صدور کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پارٹی ہائی کمان کاشکریہ ادا کیا ۔انہوںنے کہاکہ اس سے پارٹی بنیادی سطح پر مضبوط ہوگی۔ مقررین نے مزید کہا کہ ضلع انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ رمضان کے اس بابرکت مہینے میں عوام کے لئے راشن، بجلی اور رسوئی گیس فراہم کرے ۔ امیر دین ہمدانی نے کہا کہ وہ پارٹی اعلیٰ قیادت بالخصوص سونیا گاندھی ،راہل گاندھی اورغلام احمد میر و پارٹی ضلع قیادت کے مشکور ہیں جنہوں نے ان کو منڈی بلاک کا صدر نامز کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی کی ترقی اور غریب عوام کی بھلائی کیلئے کوشاں رہیں گے۔اس موقعہ پر کانگریس کوآرڈی نیشن کمیٹی کے چیئر مین طارق منظور ،پارٹی کے آرگنائزر شفیق خان ،چوہدری نذیر ، فاروق مدنی وغیرہ بھی موجو دتھے۔
 

رینہ کا نوشہرہ پہنچنے پر والہانہ استقبال 

رمیش کیسر
 
نوشہرہ //بھارتی جنتاپارٹی کے نو منتخب ریاستی صدر رویندر رینہ کا نوشہرہ پہنچنے پر والہانہ استقبال کیاگیا ۔بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان جمع ہوئے اور انہوںنے رینہ کا اپنے آبائی علاقے پہنچنے پر والہانہ استقبال کیا ۔انہیں حال ہی میں ریاستی صدر کاعہدہ دیاگیاہے ۔رینہ کو قافلے کی شکل میں نوشہرہ لایاگیا اور اس دوران کارکنان ان کے حق میں نعرے بلند کرتے رہے ۔اپنے خطاب میں رویندر رینہ نے کہاکہ بھاجپا کے دور حکومت میں ملک بھر میں تعمیروترقی کا ایک نیا دور شر وع ہواہے اور وزیر اعظم نریندر مودی سب کا ساتھ سب کا وکاس پر یقین رکھتے ہیں ۔