مزید خبریں

ڈی سی سانبہ کا سرحدی دیہات کادورہ 

جموں//ڈپٹی کمشنرسانبہ ایس راجندرسنگھ تارا نے سرحدی گولہ باری سے متاثرہ علاقوں کادورہ کرکے نقل مکانی کرکے دوسری جگہ منتقل ہوئے لوگوں کے حالات اورنقصانات کاجائزہ لیا۔اس دوران ایس ایس پی ،سی ایم او،ایس ڈی ایم گگھوال ، تحصیلدار راج پورا،بی ایم اوگگھوال ،انیمل اینڈشیپ ہسبنڈری ڈیپارٹمنٹ کے ڈاکٹروں کی ٹیم بھی ضلع ترقیاتی کمشنرکے ہمراہ تھی۔ ڈی سی نے راج پورہ اوررام گڑھ سیکٹروں میں گولہ باری سے جان واملاک کوہوئے نقصانات کامعائینہ کیا۔ بعدازاں مقامی آفیسران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقدکرکے لوگوں جوعارضی طورپرکیمپوں میں منتقل ہوئے ہیںکیلئے درکارانتظامات کابھی جائزہ لیا۔اس کے علاوہ سرحدی علاقوں کے لوگوں نے مختلف مسائل اورمطالبات بھی ڈی ڈی سی کے سامنے رکھے جن کوسننے کے بعدڈی سی موصوف نے ضروری اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔اس دوران ڈی سی نے لوگوں سے امن قائم رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے سیکورٹی ایجنسیوں اورسول انتظامیہ کوبھرپورتعاون دینے پربھی زوردیا۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ پراعتمادظاہرکرتے ہوئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
 
 

بین الاقوامی سرحداورحدمتارکہ پر گولہ باری میں جانی ومالی نقصان 

وکلاء نے عدالتوں میں کام کاج ٹھپ رکھ کرپاکستان کیخلاف احتجاج درج کرایا

جموں//پاکستان کی طرف سے صوبہ جموں کے سرحدی علاقوں میں بین الاقوامی سرحداورحدمتارکہ پربلااشتعال فائرنگ کے سبب بھاری جانی ومالی نقصان کے خلاف احتجاج کے طورپرجموں ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن جموں نے جموں ہائی کورٹ کی عدالتوں میں معمول کاکام کاج ٹھپ رکھا۔۔قابل ذکرہے کہ پچھلے ایک ہفتے کے دوران  سرحدی گولہ باری کے نتیجے میں ایک شیرخواربچے سمیت سات افراد ہلاک ہوئے ۔جموں ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن نے متفقہ طورپرفیصلہ لیاکہ پاکستانی بلااشتعال گولہ باری کے نتیجے میں ہورہے بھاری جانی ومالی نقصان کے خلاف عدالتوں میں کام کاج بندرکھ کراحتجاج درج کرایا اورکہاکہ سرحدی گولہ باری کے نتیجہ میں لوگوں کوزبردستی اپنے گھربارکوچھوڑکردوسری جگہوں پرجاناپڑرہاہے۔ذرائع نے بتایاکہ منگل کے روز ہائی کوڑت اورماتحت عدالتوں،ٹرائبونلوں اورکمیشنوں میں بارایسوسی ایشن کے کام کاج ٹھپ رکھنے کے سبب معمول کی سرگرمیاں ٹھپ رہیں ۔اس سلسلے میں بارایسوسی ایشن نے ہائی کورٹ کمپلیکس میں ایک میٹنگ منعقدکرکے سرحدی گولہ باری پرتشویش کااظہارکرتے ہوئے جان بحق ہوئے افرادکے لواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی کااظہارکیا۔ایسوسی ایشن کے نائب صدرسچن گپتانے میٹنگ کی صدارت کی۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف مقدس مہینے میں ہماری حکومت نے رمضان سیزفائرکافیصلہ لیاہے اوردوسری طرف پاکستان سرحدوں پربلااشتعال فائرنگ کررہاہے جوکہ باعث افسوس بات ہے۔
 
 

سرکاری ڈپوسے عام لوگوں کولکڑی نہیں ملتی :لال چندمسافرؔ

ادہم پور//نیشنل کانفرنس لیڈر اورصوبائی سیکریٹری لال چندمسافرؔ نے ضلع انتظامیہ اورایس ۔ایف۔سی حکام کی توجہ دلاتے ہوئے کہاکہ ادھم پور میں پوتردیوی ندی کے کنارے شمشان گھاٹ پرلکڑی کے سرکاری ڈپوپرعام لوگوں کولکڑی دستیاب نہیں ہورہی ہے ۔اس تیرتھ استھان شہرادہم پورکے علاوہ دوردرازدیہات سے ہندولوگ مردوں کوجلانے کیلئے یہاں لاتے ہیں اوربیک وقت چھ چھ لاشیں بھی اکٹھی ہوجاتی ہیں اورسینکڑوں لوگ چھوٹی لکڑی کے پھاڑوں کے طلبگار ہوتے ہیں مگرسرکارڈپو میں لکڑی ضرورت کے مطابق دستیاب نہیں ہوتی ہے ۔مسافرنے کہاکہ صرف ایک مزدورسخت لکڑی کے پھاڑے کرنے پرماموررہے جوضرورت پوری نہیں کرسکتابلکہ لکڑی کے بڑے ٹھیلے پھاڑے ہوہی نہیں سکتے ۔اس سرکاری ڈپوپرکوئی نرخ نامہ نہیں ،کوئی کنڈانہیں اورایک کلولکڑی دس روپے میں فروخت کی جاتی ہے یاکچھ لوگوں کوپرائیویٹ ڈپوسے لکڑی خریدنے پرمجبورکیاجاتاہے۔لال چندمسافرنے ضلع انتظامیہ ادہم پورسے پرزورمانگ کی ہے کہ وہ مناسب مقدارمیں روزانہ پھاڑاکی ہوئی لکڑی صارفین کونرخ نامہ اورکنڈاپر تول کردستیاب کروائے۔
 
 

بنیادی کیمپ کٹرہ کوصاف ستھرابنانے کاعمل شدت سے جاری: ست شرما

کٹرہ / شری ماتا ویشنو دیوی جی شرائین کے بیس کیمپ کٹر ہ میں صحت و صفائی کی جو مہم مقامی سوک باڈی نے شروع کی ہے اس میں سرعت لائی جارہی ہے اور کوڑا کرکٹ جمع کرنے اور قصبے کو دیدہ ٔ ذیب بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ پچھلے دو ماہ کے دوران قصبے کو پالتھین کی وفا سے پاک کرنے کے اقدامات بڑی تیزی سے کئے جارہے ہیں۔ان باتوں کا اظہار مکانات و شہری ترقی کے وزیر ست شرما میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کا انعقاد میونسپل کمیٹی کٹرہ نے کیا تھا۔وزیر موصوف نے اس موقعہ پر کٹرہ شہر کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ خوراک ، شہری رسدات ، امور صارفین کے وزیر مملکت اجے نندہ ، فائنانشل کمشنر مکانات و شہری ترقی کے بی اگروال، ڈائریکٹر اربن لوکل باڈیز جموں سشما چوہان، ڈپٹی کمشنر ریاسی پرسنا راما سوامی جی ، سی ای او کٹرہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی او رمیونسپل کمیٹی کے علاوہ سول سوسائٹی کے ممبران اس موقعہ پر موجود تھے۔اس موقعہ پر ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ست شرما نے میونسپل کمیٹی کٹرہ کے ان اقدامات کی سراہنا کی جن کے تحت پالتھین کی وبا کو روکنے اور گھر گھر کوڑا جمع کرنے جیسی سرگرمیاں عمل میں لائی گئی تھیں۔ شرما نے میونسپل کمیٹی کے افسران سے کہا کہ وہ انفرادی بیت الخلاء کا نشانہ جون 2018ء تک مکمل کریں۔انہوں نے کہا کہ ایم سی کٹرہ کو ڈرنیج نیٹ ورک صاف رکھنے کے لئے نئی مشینری فراہم کی جا رہی ہے۔بعد میں وزیر نے میونسپل کمیٹی کٹرہ اور کٹرہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی کا جائزہ ایک افسروں کی میٹنگ میں لیا۔
 

 ذوالفقار نے محکمہ سکولی تعلیم کی کارکردگی کاجائزہ لیا

۔15 دِنوں کے اندر خالی پڑی اسامیوں کو اکیڈیمک بنیادوں پر کرنے کی ہدایت

جموں / سکولی تعلیم ، حج و اوقاف اور قبائلی امور کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے محکمہ سکولی تعلیم کے حکام کو ہدایت دی کہ وہ 15دنوں کے اندر تمام خالی پڑی اَسامیوں کو اکیڈیمک بنیادوں پر پُر کریں تاکہ بچوں کو دی جارہی تعلیم کسی بھی طرح سے متاثرہ نہ ہوں۔ان باتوں کا اظہار وزیر موصوف نے ڈوڈہ ، کشتواڑ، رام بن ، ادھمپور، ریاسی ، پونچھ اور راجوری اضلاع کے تعلیمی سیکٹر کے حصولیابیوں کا جائزہ لینے کے لئے منعقد کی گئی ایک افسروں کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔تعلیم ، سیاحت ، قبائلی امور کے وزیر مملکت شکتی راج پریہار ، خوراک ، شہری رسدات کے وزیر مملکت اجے نندا، ارکان قانون سازیہ بھی اس میٹنگ میں موجود تھے۔ناظم سکولی تعلیم جموں راکیش سرنگل نے وزراء اور ارکان قانون سازیہ کو ان کے حلقہ انتخاب میں سرکاری سکولوں کی کارکردگی کاایک مفصل رِپورٹ اپنی پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے پیش کیا۔ 
 
 

شفافیت اور جوابدہی کو فروغ دینے کیلئے انتظامی انسپیکشن لازمی: ہانجورہ

جموں / مال کے وزیر غلام نبی لون ہانجورہ نے کہا ہے کہ محکمہ مال میں شفافیت اور جوابدہی لانے کے لئے انتظامی انسپیکشن کو ایک کلیدی اہمیت حاصل ہے۔اس بات کا اظہار وزیر موصوف نے جموں میں مال محکمہ کی ایک جائیزہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں وزیر مملکت شکتی راج پریہار نے بھی شرکت کی۔فائنانشل کمشنر اصغر سامون، کمشنر سیکرٹری مال شاہد عنائت اللہ، ڈویثرنل کمشنر جموں ہمنت کمار، کئی اضلاع کے ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ محکمہ کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔وزیر موصوف نے محکمہ مال کے ریکارڈ کی سکیننگ اور ڈیجیٹائزیشن کے عمل میں تیزی لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اس کام کے لئے سبکدوش ریونیو افسروں کی خدمات بھی حاصل کرسکتا ہے۔ہانجورہ نے ریونیو افسروں کی متواتر ماہانہ میٹنگوں کے انعقاد کی بھی ہدایت دی تا کہ لوگوں کو بہتر سہولیات دستیاب ہوسکیں۔ انہوں نے مال محکمہ سے متعلق معاملات کو معیاد بند مدت کے اندر نمٹانے کے لئے ہفتہ میں دو مرتبہ ریونیو کورٹ منعقد کرنے کی ہدایت دی تا کہ لوگوں کو جلد از جلد انصاف مل سکے۔وزیر نے افسروں سے کہا کہ وہ اراضی کو ناجائیز قبضہ سے چھڑانے کے لئے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ پٹواریوں کی ڈی پی سی کا عمل ایک ماہ کے اندر اندرمکمل کیا جانا چاہئے۔
 
 
 

نگروٹہ میں ڈگری کالج قائم کرنے کامطالبہ 

جموں//جموں وکشمیرصاف ستھرامومنٹ کے ریاستی صدر شوکت چودھری نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ نگروٹہ میں ڈگری کالج قائم کرنے کی دیرینہ مانگ پوری کرکے عوامی توقعات کااحترام کرے۔یہاں جاری پریس ریلیزکے مطابق جموں وکشمیرصاف ستھرامومنٹ کے ریاستی صدرشوکت چودھری نے نگروٹہ اسمبلی حلقہ کے مختلف علاقوں کادورہ کرکے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد،دانشوروں اورمعززسماجی نمائندوں سے ملاقات کی۔شوکت چودھری نے کہاکہ مختلف میٹنگوں کے دوران لوگوں نے نگروٹہ میں ڈگری کالج کے قیام کی مانگ کواُجاگرکیااوراس کی اہمیت پرتبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہاکہ نگروٹہ میں ڈگری کالج نہ ہونے کی وجہ سے طلباء کوبہت پریشانیوں کاسامناکرناپڑتاہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے حال ہی میں ریاست کے مختلف علاقوں میں نئے ڈگری کالج قائم کرنے کامنصوبہ بنایاتھا لیکن افسوس کی بات ہے کہ عرصہ درازسے نگروٹہ میں ڈگری کالج کی مانگ کررہے لوگوں کونظرانداز کیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پرزوردیاکہ وہ فوری طورپرنگروٹہ میں ڈگری کالج قائم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔
 
 
 

کوہلی کی نیویارک میں منعقدہ تقریب میں شرکت

جموں//پشو و بھیڑ پالن اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے کہا ہے کہ بھگوان مہا ویر وکلانگ ساہتیہ سمیتی جسے عام طور سے جے پور فٹ کے نام سے جانا جاتا ہے ۔ انسانی ہمدردی کے کاموں میں ایک اہم رول ادا کر رہی ہے اور اس کی بدولت جسمانی طور ناخیز افراد کے معیارِ حیات میں کافی بہتری آئی ہے ۔وزیر کو سمیتی کی طرف سے نیو یارک امریکہ میں منعقدہ تقریب کے لئے مہمان ذِی وقار کی حیثیت سے شامل ہونے کی دعوت دی گئی تھی۔ کوہلی نے 15؍مئی سے 18؍مئی تک منعقد ہونے والی اس تقریب میں شرکت کی۔امریکہ میں بھارت کے مستقل نمائندے سید اکبر الدین ، نیویارک میں قونصل جنرل آف انڈیا سندیپ چکروتی کے علاوہ کئی دیگر اہم شخصیات اور 12ممالک سے تعلق رکھنے والے سفیروں اور مدوبین نے اس تقریب میں شرکت کی ۔ یواین میں منعقدہ پینل ڈسکشن میں شرکت کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ انہیں جے پور فٹ کا حصہ بننے میں فخر محسوس ہو رہا ہے۔وزیر نے کہا کہ یہ ادارہ جسمانی طور ناخیز افراد کو مفت آلات بہم کرا کے ان کے معیارِ زندگی میں بہتر ی لارہا ہے۔کوہلی نے امریکہ میں جے پور فٹ کے چیئرمین پریم بھنڈاری سے کہا کہ وہ جموں وکشمیر کے جسمانی طور ناخیز افراد تک پہنچ کر اُنہیں ہر ممکن مددفراہم کریں۔
 
 

نشیلی ادویات ضبط،نوجوان گرفتار

جموں//پولیس نے 1200نشیلے کیپسول(پوران سپاس)کے ساتھ سانبہ سے ایک شخص کوگرفتارکرلیاہے۔پولیس ذرائع کے مطابق منشیات سمگلرکی شناخت محمدیوسف کے طورپرہوئی ہے جسے گگھوال پولیس نے ایک خفیہ اطلاع ملنے پرکارروائی عمل میں لاکرگرفتارکرلیا۔پولیس نے متعلقہ دفعات کے تحت محمدیوسف کے خلاف معاملہ درج کرلیاہے۔
 

۔28 مویشی بازیاب ،سمگلنگ کی کوشش ناکام

جموں//پولیس نے ادہم پورمیں مویشی سمگلنگ کی ایک کوشش ناکام بنانے کادعویٰ کیاہے۔پولیس ذرائع کے مطابق مجالتہ علاقہ میںپولیس نے ایک ٹرک کوروکااوردوران تلاش اس میں سے 13 مویشی بازیاب کئے گئے۔پولیس نے ٹرک کوضبط کرکے دوسمگلروں مختاراحمداورمحمدشفیع کوگرفتارکرلیاہے۔ایک دیگرواقعہ میں پولیس نے کٹھوعہ میں ٹرک کوروک کر15مویشی بازیاب کئے اورڈرائیورعاشق علی کوگرفتارکرکے اس کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت معاملہ درج کرلیاہے۔
 
 

اردو یونیورسٹی ، جرنلزم طلبہ کا ای ٹی وی بھارت کے لیے انتخاب 

جموں// شعبۂ ترسیل عامہ و صحافت ، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے تین طلبہ کا کیمپس پلیسمنٹ مہم کے دوران ای ٹی وی بھارت نیوز پورٹل میں انتخاب عمل میں آیا۔اس مہم کا اہتمام 4؍ مئی کو کیا گیا تھا۔ پروفیسر احتشام احمد خان، ڈین و صدر شعبہ ترسیل عامہ و صحافت کے بموجب یہ انتخاب تحریری امتحان و شخصی انٹرویو پر مبنی تھا۔ سال آخر کے چھ طلبہ کے علاوہ دو فارغ التحصیل طلبہ کا تحریری امتحان لیا گیا جس میں سے 5 طلبہ شخصی انٹرویو کے لیے اہل قرار دیے گئے۔ انٹرویو کی بنیاد پر ملک کے ممتاز میڈیا گروپ ای ٹی وی نیٹ ورک نے اپنے مجوزہ نیوز پورٹل ای ٹی وی بھارت اور موجو کنٹنٹ کے لیے تین طلبا کو منتخب کیا جن میں ارشاد احمد، محمد شرفِ عالم، محمد سلمان شامل ہیں۔ ان طلبا کا ابتدائی ماہانہ مشاہرہ 18,000/- روپئے ہوگا۔راموجی راؤ گروپ ، اس نیوز پورٹل اور موجو کنٹنٹ کی شروعات اگست 2018 سے 12 زبانوں میں کررہا ہے۔