وزیر اعلیٰ کیخلاف نازیبا کلمات کی مذمت
تھنہ منڈی//چیئرمین مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ ہائر سکنڈری اسکول تھنہ منڈی اور راجوری پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے صدر خورشید بسمل نے کٹھوعہ کے ہیرا نگر میں’ڈوگرہ سوابھیمان‘ ریلی میں سابق وزیر اور بھاجپا لیڈر چوہدری لال سنگھ کے بھائی کی ریاست کی خاتون وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کیلئے نازیبا،ناشائستہ اور گالی گلوچ والی زبان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے لوگ سماج کے آپسی بھائی چارہ کیلئے بہت بڑا خطرہ ہیں۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ حکمراں جماعت بی جے پی کے’ناری سمان‘ اور ’بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو‘ جیسے دعوے اور نعرے کھوکھلے ثابت ہو رہے ہیںکیونکہ اس کی ایما پر غنڈہ عناصر کھلے عام اپنی ناپاک سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ خاتون سیاستدان کے لئے اس طرح کے بکواس کی پر زور الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ تہذیب و شائستگی کی تمام تر حدیں پار کرنے والے ایسے افراد کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جانی چاہیے۔
شہری غرقآب
راجوری //راجوری کے خواس علاقے میں ایک شخص دریا میں ڈوب کر لقمہ اجل بن گیا ۔ا س کی شناخت محمد نذیر ولد محمد عالم ساکن گدیوگ کے طور پر ہوئی ہے ۔مذکورہ شخص خواس دریا میں ڈوب گیا جس کے بعد اس کی نعش کو مقامی لوگوںنے وہاںسے نکالا۔اس سلسلے میں پولیس تحقیقات کررہی ہے ۔
سخی میدان۔ کالابن سڑک کی خستہ حالی پر تشویش کااظہار
جاوید اقبال
مینڈھر// جموں کشمیر پیپلز ویلفیئر فائونڈیشن کے صدر نے سخی میدان۔کالابن کی خستہ حالی پر تشویش کا اظہار کیاہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ یہ مینڈھر میں چوتھی بڑی سڑک ہے جس پر روزانہ بے شمار گاڑیاں چلتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مینڈھر ،بی جی،مینڈھر جڑانوالی گلی، مینڈھر کرشنا گھاٹی سڑکوں کے بعد سخی میدان۔کالابن سڑک کا نمبر آتا ہے لیکن اس کی حالت انتہائی خراب ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ کئی سال سے سخی میدان۔کالابن سڑک کا کام چل رہا ہے لیکن مکمل ہونے کا نام نہیں لے رہا ۔انہوں نے حکومت اور متعلقہ وزیر سے اپیل کی ہے کہ ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو سڑک کا معائنہ کر کے رپورٹ دے کہ سڑک کی اصلی حالت کیا ہے اورکیا یہ سڑک گاڑیوں کے چلنے کے قابل ہے یا نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کئی سال گزر چکے ہیں مگرسڑک کی تعمیر مکمل نہیںہورہی ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ سڑک کے کام کو جلد گاڑیوں کی آمدروفت کے قابل بنایا جا ئے تاکہ اس سڑک سے سفر کرنے والے لوگوں کو مشکلات کاسامنا نہ کرناپڑے ۔ ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ محکمہ کے خلاف کمیٹی تشکیل دے کر رپورٹ طلب کی جائے اور یہ معلوم کیاجائے کہ اس سڑک پر کتنی رقم خرچ کی جاچکی ہے ۔
سنگیوٹ سب سے زیادہ مستحق
ہائراسکینڈری سکول قائم کرنے کامطالبہ
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر کے سنگیوٹ علاقہ کے لوگوں نے بھی حکومت سے اپیل کی ہے کہ ہائی سکول سنگیوٹ کو ہائر سکنڈری کا درجہ دیا جائے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ سنگیوٹ دور دراز اورپہاڑی پر واقع علاقہ ہے جہاں سے بچوں کو ہائر سکنڈری سکول بھاٹہ دھوڑیاں یا ہائر سکنڈری سکول منجاکوٹ جانے کیلئے کئی کلو میٹر سفر طے کرناپڑتاہے ۔انہوںنے کہاکہ طویل مسافت کی وجہ سے طالبات تعلیم چھوڑ دیتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مینڈھر تحصیل میںسنگیوٹ ایک ایسی جگہ ہے جہاں سے اگر کوئی آدمی اپنے کام کے لئے مینڈھر جاتا ہے تو اس کو رات ہوٹل پر گزارنی پڑتی ہے لہٰذا ہائی سکول سنگیوٹ کو فوری طور ہائر سکنڈری کا درجہ دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا علاقہ بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہے ۔انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ علاقہ میں بنیادی سہولیات بھی فراہم کی جائیں لیکن خاص طور پر تعلیمی ضروریات کا خیال رکھاجائے ۔ان کاکہناتھاکہ سنگیوٹ علاقہ دور دراز تک پھیلا ہو اہے اور اس کی ایک سرحد راجوری سے جا کر ملتی ہے۔مقامی شہریوں محمد جمیل،محمد ارشاداور فضل محمود نے کہا کہ سکول کے درجہ کو بڑھانے کے مطالبے پر ان کا ایک وفد بہت جلد وزیر تعلیم ووزیر اعلیٰ سے ملاقات کرے گی اوراگر پھر بھی مطالبہ پورا نہ ہواتو وہ احتجاج کی راہ اختیار کریںگے ۔
سٹریٹ لائٹوں کی مرمت کا مطالبہ
بختیار حسین
سرنکوٹ// سرنکوٹ کے لوگوںنے سٹریٹ لائٹوں کی مرمت کی مانگ کی ہے ۔ مقامی لوگوں او ردکانداروں کے مطابق قصبہ میں نصب کی گئی زیادہ تر سٹریٹ لائٹیں ناکارہ پڑی ہیں جن کو ٹھیک نہیں کروایاجارہاجس کے باعث شام ہوتے ہی بازار میں تاریکی چھاجاتی ہے ۔دکانداروں کاکہناہے کہ کچھ ماہ قبل سرنکوٹ میں چوری کی واردات ہوئی تھی اورتب میونسپل کمیٹی کو اس بات کی ہدایت دی گئی تھی کہ بازار میں نصب کی گئی میونسپلٹی کی لائٹوںکو ٹھیک کیا جائے تاکہ پورے بازار میںروشنی ہوسکے لیکن اب تک ایسا نہیں کیاگیا اور یہ لائٹیں ناکارہ پڑی ہیں۔ان کاکہناہے کہ لوگوں کو نماز کی ادائیگی کیلئے مساجد جاتے ہوئے بھی مشکلات کاسامناکرناپڑتاہے اور اندھیرا چھاجانے سے رات کو گرنے کا احتمال رہتاہے ۔ انہوںنے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ فوری طور پر ان لائٹوںکی مرمت کروائی جائے تاکہ ماہ صیام کے دوران مشکلات کاسامنانہ کرناپڑے اور لوگ نماز تراویح و صبح کی نماز کیلئے آسانی سے مساجد آجاسکیں۔
گرلزہائی سکول ہرنی کا درجہ بڑھانے کی مانگ
جاوید اقبال
مینڈھر// مینڈھر کے ہرنی علاقہ کے گرد و نواح علاقوں کے لوگوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ گرلز ہائی سکول ہرنی کو ہائر سکینڈری سکول کا درجہ دیا جائے۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ گرلز ہائی سکول ہرنی بہت پرانا سکول ہے جس میں بڑی تعداد میں طالبات زیر تعلیم ہیں جن کو دسویں کے بعد اپنی تعلیم جاری رکھنے میں کئی قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان بچیاں بوائز ہائر سکنڈری سکول میں اپنی تعلیم جاری نہیں رکھ سکتی ۔انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ فوری طورپر گرلز ہائی سکول ہرنی کو ہائرسکینڈری کا درجہ دیا جائے کیونکہ بہت بڑے علاقے میں کوئی ایسا گرلز سکول نہیں جس کو ہائرسکینڈری سکول کا درجہ دیاگیاہو۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ اس وقت صرف مینڈھر میں ہی گرلز ہائراسکینڈری سکول ہے جہاں تمام بچیاں اپنی تعلیم جاری نہیں رکھ سکتی اس لئے ہرنی میں ہائرسکینڈری سکول قائم کیاجاناچاہئے ۔انہوں نے وزیر تعلیم اور وزیر اعلیٰ سے اپیل کی کہ ہرنی کے گرلز ہائی سکول کا درجہ بڑھایاجائے۔
پٹوارایسوسی ایشن کی کام چھوڑ ہڑتال مسلسل جاری
منیر خان
راجوری //پٹوارایسوسی ایشن کی طرف سے کام چھوڑہڑتال مسلسل جاری ہے ۔راجوری میں پٹواریوںنے ڈی سی دفتر کمپلیکس کے باہر احتجاجی دھرنا دیا۔اس موقعہ پر انہوںنے کہا کہ ریاستی سرکارکو چاہئے کہ وہ ایسوسی ایشن کے پہلے سے ہی تسلیم شدہ مطالبات پورے کرے اور انہیں راحت پہنچائی جائے ۔تنظیم کے ضلع صدر افتخار مرزا نے کہا کہ ریاستی سرکار پٹواریوں کا گریڈبڑھانے کے ساتھ پٹوارخانوں کا کرایہ مختص کرے اورنائب تحصیلداروں کی براہ راست بھرتی پر پابندی عائد کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جن پٹواریوں کی ترقی کا وقت ہوچکا ہے، انہیں ترقی دی جائے ۔پٹواریوں کی کام چھوڑ ہڑتال کی وجہ سے محکمہ مال کا نظام درہم برہم ہوچکا ہے اور لوگوں کے کام نہیں ہورہے ۔مقامی لوگوں کا کہناہے کہ حکومت پٹواریوںسے بات کرکے یہ ہڑتال ختم کروائے اور انہیں اس کاشکار نہ بنایاجائے ۔